تازہ ترین: جلسہ سالانہ جرمنی کا تیسرا و آخری روز

(جلسہ گاہ مینڈِک، جرمنی ۶؍ستمبر ۲۰۲۶ء، نمائندہ الفضل انٹرنیشل) آج صبح نمازِ تہجد مکرم حافظ اویس قمرصاحب کی اقتدا میں ادا کی گئی۔ اذانِ فجر مکرم محمد ولید عابد صاحب نے دی جبکہ امامت کے فرائض مکرم مبلغ انچارج صاحب جرمنی نے سرانجام دیے۔ نماز کے بعد حسب معمول درس ہوا جو مکرم اعجاز احمد جنجوعہ صاحب مربی سلسلہ نے دیا۔ آج کے درس کا موضوع تھا ’’معاشرے میں پھیلی برائیوں کا حل نماز میں ہے‘‘۔
آج صبح کا اجلاس مکرم مرزا نصیراحمد صاحب مربی سلسلہ و استاد جامعہ احمدیہ یوکے کی صدارت میں ساڑھےدس بجے شروع ہوا۔ حافظ عطاءالرزاق بھٹی صاحب نے قرآنِ پاک کی تلاوت کی جس کا جرمن اور اردو ترجمہ بالترتیب صالح احمد اور مظفر احمد نے پیش کیا۔ نظم پڑھنے کی سعادت مکرم محمد رفیق شاکر صاحب کے حصہ میں آئی۔ آج کے پہلے مقرر مکرم عبدالرفیق صاحب صدرقضا بورڈ جرمنی تھے۔ آپ کی تقریرکا موضوع تھا: ’’طلاق و خلع اسلامی تعلیمات کی روشنی میں‘‘۔ آپ نے جرمن زبان میں تقریر کی۔ جس کے بعد فاتح احمد عزیز، جری اللہ راجپوت اورثمر بٹ صاحبان نے مل کرعربی قصیدہ پیش کیا۔

بعد ازاں مکرم سید حسن بخاری صاحب مربی سلسلہ و انچارج رشین ڈیسک جرمنی نے اردو زبان میں تقریر کی۔ آپ نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی تحریرات کی روشنی میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی بلند شان اور صداقت پر دلائل دیے۔ بعد ازاں ایک جرمن ترانہ فلپ لوکا شاہد صاحب اور سقورسٹن خلیل صاحب نے مل کر پیش کیا۔ آج کے آخری مقرر مکرم عبداللہ واگس ہاؤزر صاحب امیرجماعت احمدیہ جرمنی تھے جن کی تقریرکا عنوان تھا ’’نظام نو‘‘۔ آپ نے موجودہ عالمی نظام کی خرابیاں بیان کرنے کے بعد اس کے خاتمہ اور اس کی جگہ انصاف پرمبنی نئے نظام کی ضرورت پر زور دیا۔ مکرم امیر صاحب کی تقریر جرمن زبان میں تھی. بعض صوبائی اور مرکزی سطح کے سیاسی لیڈروں کے ویڈیو پیغامات بھی اس اجلاس کے دوران دکھائے گئے۔ مکرم امیر صاحب کی تقریر کے ساتھ تیسرے روز کے پہلے اور جلسہ سالانہ کا چوتھا اجلاس اختتام پذیر ہوا۔ اس کے بعد کھانے کا وقفہ تھا۔ اور پھر شام ساڑھے چار بجے جلسہ سالانہ کا اختتامی خطاب اسلام آباد ٹلفورڈ سے نشرکیا گیا۔

خاکسار جلسہ سالانہ کی رپورٹنگ میں تعاون کرنے والے مکرم ایّاز ملک صاحب مربی سلسلہ، اویس ملک صاحب مربی سلسلہ اور مکرم فہیم احمد بھٹی صاحب مربی سلسلہ کا شکریہ ادا کرتا ہے۔ جن کا تعاون کام میں آسانی پیدا کرنے کا موجب بنا اور خبر بروقت آن لائن جاری کرنے میں کامیاب رہے۔ الحمد للہ
