نمازجنازہ حاضر وغائب
مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری اطلاع دیتے ہیں کہ 12 مارچ 2016ء بروزہفتہ قبل از نماز ظہر حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد فضل لندن کے باہر تشریف لا کر مکرمہ عصمت بیگم صاحبہ(اہلیہ مکرم نصرت اللہ ناصر چوہدری صاحب مرحوم۔ ہنسلوسائوتھ۔یوکے)کی نماز جنازہ حاضر اور کچھ مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔
مکرمہ عصمت بیگم صاحبہ(اہلیہ مکرم نصرت اللہ ناصر چوہدری صاحب مرحوم۔ ہنسلوسائوتھ۔یوکے)10؍مارچ 2016ء کو64سال کی عمر وفات پاگئیں۔اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ شیخ میران بخش صاحب آف کڑیاں والا کی پوتی اور حضرت مولوی قدرت اللہ سنوری صاحب ؓ کی بہو تھیں۔1975ء میں شادی کے بعد انگلستان آئیں ۔بہت نیک ، صالحہ اور باوفاخاتون تھیں۔پسماندگان میں چاربیٹیاں یادگار چھوڑی ہیں۔آپ مکرم شجر احمد صاحب فاروقی سیکرٹری AMJکی ممانی تھیں۔
نماز جنازہ غائب:
(1)مکرم حکیم محمد رفیع ناصرصاحب۔(آف ناصردواخانہ ربوہ)
آپ26 فروری2016ء کو 88سال کی عمرمیںربوہ میں وفات پاگئے ۔اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ ربوہ کے ابتدائی رہائشیوں میں سے تھے ۔ہجرت کے بعد ربوہ میں ناصردواخانہ کے نام سے اپنا کاروبارکرتے رہے اور اچھی شہرت پائی ۔مرحوم کو خلافت اور نظام ِ سلسلہ سے اطاعت اور پیارکا تعلق تھا۔حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ کے دورِ خلافت میںلمباعرصہ لندن آتے رہے اور دفترپرائیویٹ سیکرٹری میں رضاکارانہ خدمت کی توفیق پائی ۔آپ نے فرقان فورس میں بھی حصہ لیا۔نمازباجماعت کی خاص پابندی کرتے۔ مالی قربانیوں میںنمایاں خدمت کی توفیق پاتے رہے ۔ آپ غریبوںاور مستحق افراد کی مالی معاونت کرنے والے نیک مخلص انسان تھے ۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ تین بیٹے اورایک بیٹی یادگارچھوڑے ہیں ۔آپ کے بیٹے مکرم عبدالسمیع حامی صاحب کو ربوہ میں بطورصدرمحلہ خدمت کی توفیق مل رہی ہے ۔
(2)مکرمہ امۃ الرشید نرگس صاحبہ(اہلیہ مکرم ایوب ساجد صاحب واقف زندگی۔ قادیان)
آپ 24 فروری2016 ء کو62سال کی عمرمیں قادیان میں وفات پاگئیں ۔اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ مکرم یونس احمد اسلم صاحب مرحوم درویش قادیان کی بیٹی اورمکرم شفیع احمد اسلم صاحب مجاہد ملکانہ کی پوتی تھیں ۔مرحومہ صوم وصلوٰ ۃ کی پابند، تہجدگزار، مالی قربانیوںمیں پیش پیش اورخدمتِ دین کے جذبے سے سرشار تھیں۔آپ کم گو، مہمان نوازاور غریبوں کی ہمدردنیک خاتون تھیں۔اپنے واقف ِ زندگی خاوند کے کاموں میں پوری وفاکے ساتھ شریکِ کاررہیںاور بچوں کی نیک تربیت کی ۔ مرحومہ موصیہ تھیں ۔بہشتی مقبرہ قادیان میں تدفین ہوئی ۔پسماندگان میں خاوند کے علاوہ چاربیٹیاں اور ایک بیٹا یادگارچھوڑے ہیں۔آپ کے ایک داماد مکرم اعجازالرحمان صاحب عملہ حفاظت خاص لندن میں خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔
(3)مکرم میاں محمد عالم بھٹی صاحب(سابق باڈی گارڈ ۔ابن مکرم میاں غلام حسین صاحب۔ ربوہ)
آپ 11ستمبر2015 کوربوہ میں وفات پاگئے ۔اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ تہجدگزار، پنجوقتہ نمازوں کے پابنداور بروقت چندہ جات کی ادائیگی کرنے والے نیک باوفا آدمی تھے۔ آپ حضرت میاں غوث محمد صاحب صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے پوتے تھے ۔آپ کوحضرت مصلح موعودؓ، حضرت خلیفۃ المسیح الثالث ؒ اور حضرت خلیفۃ المسیح الرابع ؒ کے ساتھ بطورباڈی گارڈ خدمت کی توفیق ملی ۔حضرت اماں جانؓ کی بھی خدمت کا موقع نصیب ہوا۔دفاترتحریک جدید میں بھی بطورکارکن خدمت کی توفیق پاتے رہے ۔آپ خداکے فضل سے موصی تھے۔
(4)مکرمہ آمنہ بیگم صاحبہ (اہلیہ مکرم عبدالرؤوف صاحب سابق کارکن دفترپرائیویٹ سیکرٹری ربوہ)
آپ 16جنوری2016 کو78سال کی عمرمیں ربوہ میں وفات پاگئیں ۔اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی حضرت میاں فتح محمد صاحب آف ڈیرہ غازی خان کی نسل سے تھیں۔مرحومہ صوم و صلوٰ ۃ کی پابنداور چندہ جات میں باقاعدہ تھیں اور خداکے فضل سے موصیہ تھیں ۔آپ مکرم عطاء الرحمان مبشرصاحب آڈیٹر تحریک جدید کی والدہ تھیں۔
(5)مکرم چوہدری ظہورالدین احمد صاحب۔آف جرمنی(ابن مکرم چوہدری برکت علی صاحب ننگلی مرحوم)
آپ 28فروری 2016 کوجرمنی میں وفات پاگئے ۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابہ حضرت مہر نظام الدین صاحب کے پوتے اور حضرت منشی عبدالحئی سنوری صاحب ؓ کے نواسے تھے ۔ آپ کوخلافت سے گہری محبت تھی اورجماعتی خدمت کا خاص جذبہ رکھتے تھے۔9 سال تک بطور صدرحلقہ اوردیگرجماعتی خدمات کی توفیق پائی ۔مرحوم موصی تھے۔نہایت ملنسار اورخدمت خلق کے جذبے سے سرشاربے لوث انسان تھے ۔آپ نے پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دوبیٹے اور ایک بیٹی یادگارچھوڑے ہیں ۔آپ کی بیوہ کو بطورجنرل سیکرٹری لجنہ جرمنی خدمت کی توفیق مل رہی ہے ۔آپ مکرم احسان احمد خان صاحب مربی سلسلہ ریسرچ سیل ربوہ کے ماموں تھے۔
(6)مکرم شیخ لطیف اکمل صاحب (ابن مکرم شیخ سردارعلی صاحب آف ربوہ)
آپ 30نومبر 2015 کو79سال کی عمرمیں ربوہ میں وفات پاگئے ۔اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ کو خاندان حضرت مسیح موعود علیہ السلام سے گہری وابستگی تھی ۔چندہ جات نہایت خوش دلی سے اداکرتے تھے۔مہمان نواز اور غریب پرور انسان تھے۔ جس کمپنی میں ملازم تھے اس میں کئی احمدی نوجوانوں کو نوکریاں دلوائیں۔
(7)مکرمہ منیہ العطاوی صاحبہ (آف تیونس)
آپ گزشتہ دنوں بعارضہ کینسر 57سال کی عمرمیں وفات پاگئیں۔اِنَّالِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ نے دوسال قبل بیعت کی سعادت حاصل کی تھی ۔ اہل خانہ ان کی بیعت سے خوش نہ تھے لیکن آپ ایمان پر آخر دم تک ثابت قدم رہیں ۔ مرحومہ خلافت اور جماعت سے گہری محبت رکھنے والی نیک خاتون تھیں۔
(8)مکر م محمدموسیٰ صاحب (ابن مکرم محمد علی صاحب ۔گوٹھ جمال پور ضلع خیر پورسندھ)
آپ8جنوری کو80سال کی عمر میں وفات پاگئے۔اِنَّالِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ نماز باجماعت کے پابند، دعا گواور خاموش طبع نیک انسان تھے۔ جماعتی خدمات میں ہمیشہ پیش پیش رہتے ۔چندہ جات میں باقاعدہ اور دیگر مالی تحریکات میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے ۔
(9)مکر مہ حمیدہ بیگم صاحبہ(اہلیہ مکرم چوہدری محمد علی صاحب۔ آف لاہور)
آپ23دسمبر2015ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ بہت نیک ،مخلص او ر باوفا خاتون تھیں۔مرحومہ موصیہ تھیں۔پسماندگان میںچار بیٹیاں اور دو بیٹے یادگار چھوڑے ہیں۔آپ کے ایک بیٹے مکرم نصیر احمد صاحب کو نصرت جہاںسکیم کے تحت چار سال تک بطور ٹیچر وقف کرنے کی سعادت حاصل ہوئی۔
اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنی رضا کی جنتوں میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین




