ہفت روزہ اخبار ’’بدر‘‘ قادیان کی اردو کے علاوہ ہندی اور دیگر علاقائی زبانوں میں اشاعت
سیدنا حضرت مرزا مسرور احمدخلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللّٰہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکی منظوری سے قادیان سے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کے زمانہ کا جاری فرمودہ اخبار ’’بدر‘‘ اب ہندوستان کی قومی زبان ہندی اور پانچ صوبائی زبانوں (اڑیہ، بنگلہ، تامل، تیلگو، ملیالم) میں شائع ہونا شروع ہوچکا ہے۔ یہ اخبار قبل ازیں مارچ 2014ء سے بصورت سرکلر جاری تھا۔ اب بفضلہ تعالیٰ اخبار بدر کے نام سے مذکورہ بالا زبانوں میں رجسٹریشن کی منظوری مل چکی ہے۔ اس منظوری کے بعد اس کا پہلا شمارہ باقاعدہ 3؍مارچ 2016ء سے شائع ہونا شروع ہوگیا ہے۔
اللّٰہ تعالیٰ کے فضل سے خلافت حقّہ اسلامیہ احمدیہ کے ذریعہ تمکنت و اشاعت دین اسلام کا یہ ایک اور نہایت ہی اہم اور دُور رس نتائج کا حامل اقدام ہے۔ اب ان زبانوں کے جاننے والے براہ راست اپنی زبان میں قرآن و حدیث کے حقائق و معارف اور حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کے ارشادات اور آپؑ کے خلفاء کے خطبات و خطابات اور جماعت احمدیہ عالمگیر کی تبلیغی و تربیتی مساعی اور دینی مہمات کی ایمان افروز رپورٹس پڑھ سکیں گے۔
اس سلسلہ میں منعقدہ ایک تقریب کی رپورٹ بھی اخبار بدر کے 31 مارچ 2016ء کے شمارہ میں شائع ہوئی ہے جس کی صدارت محترم مولانا محمد انعام غوری صاحب ناظر اعلیٰ و امیر جماعت قادیان نے کی۔ مہمان خصوصی محترم مولانا جلال الدین صاحب نیّر صدر صدرانجمن احمدیہ تھے۔ نیز محترم حافظ مخدوم شریف صاحب صدر النور اشاعت بورڈ قادیان اور ناظران و وکلاء صاحبان بھی شامل ہوئے۔ مکرم قاری نواب احمد صاحب مینیجر بدر نے تعارفی تقریر میں اس کامیابی کی تفصیل بتائی۔ آخر پر مکرم ناظر صاحب اعلیٰ قادیان نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور دعا کروائی۔




