’’ترقی یافتہ ‘‘ممالک میں والدین کے ہاتھوںبچوںکی تلخیِٔ ایّام
حال ہی میںآسٹریلیا میںہونے والے ایک دردناک واقعہ کے بعد تشویشناک اعداد و شمار منظرعام پر آئے ہیں جن کے مطابق ہر سال آسٹریلیا میں پچیس (25) بچے اپنے والدین کے ہاتھوں قتل ہو جاتے ہیں۔ جبکہ امریکہ میںہر سال اٹھارہ سال سے کم عمر کے 450 بچے اپنے والدین کے ہاتھوں موت کے گھاٹ اتار دیئے جاتے ہیں۔ (USA Today. 16 April 2016)
ا سی طرح آسٹریلین انسٹی ٹیوٹ آف فیملی سٹڈیز اور ہیلتھ اینڈ ویلفیئر ادارہ کی رپورٹوں کے مطابق صرف سال 2013-14 ء میں 198,966بچوں کے متعلق شکایات موصول ہوئیں کہ ان کے والدین ان کی حقوق تلفی کر رہے ہیں اوران سے غیر انسانی سلوک روا رکھتے ہیں۔
گزشتہ چند سالوں سے جون 2014ء تک حکومتی اداروں کو مداخلت کرکے 43,009 بچوں کو ان کے والدین سے ’’بازیاب‘‘کروایا گیا اور انہیں محفوظ تحویل میں رہائش دلوائی گئی۔ایسے بچے گو وقتی طور پر محفوظ ماحول اور سرکاری سرپرستی میںپرورش پاتے ہیں مگر بہرحال ان کے ذہنوں پر والدین کی بدسلوکی اور پھر والدین سے جدائی بھی انتہائی برا اثر ڈالتی ہے اور عموماًان کی شخصیت ہمیشہ کے لئے زخم خوردہ اورادھوری رہ جاتی ہے۔محرومی کا یہ احساس آگے چل کر ذہنی امراض اور باغیانہ پن کو بھی جنم دے سکتا ہے جس کا خمیازہ بسا اوقات پورے معاشرے کو بھگتنا پڑتا ہے۔
ان ممالک میں والدین کے اس تشویشناک رجحان میں اضافہ کی وجوہات نفسیاتی و دماغی امراض، ناکام ازدواجی زندگی،کثرتِ شراب نوشی و دیگر منشیات کا استعمال بتا یا جاتا ہے۔ لیکن مذہبی تعلیمات سے بیگانگی نیز بے نکاحی (De-Facto) ازدواجی زندگی بھی اہم وجوہات میں شامل ہیں۔
بچے خدا تعالیٰ کی طرف سے ایک ہدیہ اور تحفہ ہوتے ہیں جن کے ذریعہ والدین کی آزمائش بھی مقصود ہوتی ہے اسی لئے قرآن مجید میں اولاد کو ایک قسم کا ’’فِتنہ‘‘ کہا گیا ہے۔ ان کے حقوق کی ادائیگی کی تاکید کرتے ہوئے نبی کریم حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و علیٰ آلہٖ وسلم نے فرمایا:
اَکْرِمُوْا اَوْلَادَ کُم وَ اَحْسِنُوا اَدَبَھُمْ، فَاِنَّ اَولَادَکُم ْ ھَد ْیَۃًُ اِلَیْکُم (سنن ابن ماجہ)یعنی اپنی اولاد کا اکرام کرو اور بطریق احسن ان کے آدابِ (پرورش) بجا لاؤ ، بیشک تمہاری اولاد تمہارے لئے ایک تحفہ ہے۔
٭…٭…٭




