بچوں کی بروقت شادی
ان کی تربیت اور حفاظت کے لئے ایک مفید طریق حضرت مرزا بشیر احمد صاحبؓ کی بیش قیمت نصیحت
غالبًا 1958ء کا واقعہ ہے کہ خاکسار مسجد مبارک میں مغرب کی نماز کے بعد مسجد سے باہر نکلا تو خاکسار نے دیکھا کہ حضرت مرزا بشیر احمد صاحبؓ مجھ سے آگے جا رہے ہیں۔ خاکسار تیز قدم سے چل کر قریب پہنچا اور سلام عرض کیا اور آپ سے شرفِ مصافحہ حاصل ہوا۔ خاکسار اُن دنوں ڈھاکہ میں بطور مربی متعین تھا۔ آپ نے چند باتیں وہاں کی جماعت کے بارہ میں دریافت کیں اور اس کے بعد مجھ سے دریافت فرمایا ’’ کیا آپ کی شادی ہو گئی ہے؟‘‘غالبًا آپ نے یہ سوال اس لئے کیا کیونکہ میرے والد صاحب مرحومؓ نے آپ سے میری شادی کے سلسلہ میں مشورہ کیا تھا۔ خاکسار نے جوابًا عرض کیا:’’ابھی تک تو شادی نہیں ہوئی۔ تاہم میرے والدین کسی مناسب رشتہ کی تلاش میں ہیں۔‘‘
اس پر حضرت میاں صاحب نے اس خیال سے کہ ابھی تک میری شادی ہو جانی چاہئے تھی۔ مجھے نصیحت کرتے ہوئے فرمایا:
’’اس زمانہ میں سیّدنا حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ و السلام نے بچوں کی شادی کے متعلق جماعت کے لئے ایک مثال قائم کی ہے۔ حضور ؑ نے اپنے سب بچوں کے، لڑکے اور لڑکیوں کے رشتے بہت چھوٹی عمر میں کر دیئے۔ جوں ہی بچے بلوغت تک پہنچے تو آپ کو ان کی شادی کی فکر ہوئی اور جلد ان کی شادی کر دی۔ گویا امامِ زمانہ نے اپنے عمل سے جماعت کو یہ پیغام دیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کی شادیاں چھوٹی عمر میں ہی کر دیں۔ اس زمانہ میں بچوں کی تربیت اور حفاظت کے لئے یہ بہت مفید طریق ہے۔ہمیں حضورؑ کے اس اسوۂ حسنہ پر عمل پیرا ہونے کی کوشش کرنی چاہئے۔‘‘
خاکسار نے حضرت میاں صاحبؓ سے اس معاملہ کے لئے دعا کی درخواست کی اور بفضلہ تعالیٰ خاکسار کی جلد شادی ہو گئی۔
اگر غور کیا جائے کہ حضرت میاں صاحبؓ نے اگرچہ خاکسار کو اس بارہ میں نصیحت فرمائی تاہم یہ پیغام تمام جماعت کے لئے ہے۔ جماعت میں بچوں کی شادی کا مسئلہ کافی گھمبیر ہو رہا ہے اور اس کی بڑی وجہ بچوں کی بروقت شادی کا نہ کرنا ہے۔ عام طور پر تعلیم کی بنا پر بچوں کی شادی مؤخر کی جاتی ہے۔ حالانکہ تعلیم شادی کے بعد بھی جاری رکھی جا سکتی ہے۔ چھوٹی عمر میں شادی کا ایک فائدہ یہ ہے کہ بچے شادی کے متعلق اپنے والدین کے انتظام پر زیادہ اعتراض نہیں کرتے۔ لیکن جب وہ بڑے ہو جاتے ہیں تو پھر وہ اپنی رائے منوانا چاہتے ہیں۔ نیز معاشی حالت بہتر بنانے کی غرض سے اسے معرضِ التوا میں ڈالتے چلے جاتے ہیں۔ اس کے نتیجہ میں وہ جلد شادی کا فیصلہ نہیں کر سکتے اور والدین اس سلسلہ میں پریشانی میں مبتلا رہتے ہیں۔ اس کا بہترین علاج یہی ہے کہ حضرت میاں صاحبؓ نے امامِ زمانہ کے جس عملی نمونہ کی طرف توجہ دلائی ہے اس پر عمل کرنے کی کوشش کرنی چاہئے۔ واضح ہے کہ اس کا حقیقی فائدہ تبھی ممکن ہے جبکہ والدین اپنے بیٹوں اور بیٹیوں دونوں کے متعلق ان کے بالغ ہونے کے بعد ان کی جلد شادی کا فکر کریں۔ صرف بیٹیوں کے متعلق ایسا فیصلہ کرنا کارآمد نہیں ہو سکتا۔
(ماخوذ از ’’النور‘‘ امریکہ۔ شمارہ مئی ۔جون2016ء )




