امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ مجلس انصار الله امریکہ کے ساؤتھ ایسٹ ریجن کے ایک وفد کی ملاقات
بچوں کو سمجھاؤ کہ تمہارا جو سکرین ٹائم ہے وہ سکول سے آنے کے بعد ایک گھنٹے سے زیادہ نہیں ہے اور اسی وقت اثر ہوگا کہ جب ماں باپ خود بھی اس پرعمل کریں گے۔ آپ میاں بیوی بیٹھے سامنے فلمیں اور ڈرامے اور پروگرام دیکھ رہے ہوں گے یا آئی فون رکھ کے ٹِک ٹِک کر رہے ہوں گے یا چیٹنگ کر رہے ہوں گے۔ یہ تو اس کو نہیں پتا۔ بچے کو بتاؤ ،کہ یہ دیکھو کہ مَیں یہ جماعتی کام کر رہا ہوں ، مَیں اس لیےاستعمال کر رہا ہوں یا مَیں یہ علمی کام کر رہا ہوں یا مَیں پڑھنے کے لیےاستعمال کر رہا ہوں ، مَیں فضولیات میں استعمال نہیں کر رہا۔ باقی جو فضولیات ہیں ان سے تم بچو
مورخہ یکم نومبر ۲۰۲۶ء، بروزاتوار امام جماعت احمدیہ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ مجلس انصارالله امریکہ کے ساؤتھ ایسٹ ریجن کے اکیس (۲۱) رکنی وفد کو بالمشافہ شرفِ ملاقات حاصل ہوا۔ یہ بابرکت ملاقات اسلام آباد (ٹِلفورڈ) میں منعقد ہوئی۔ مذکورہ وفد نے خصوصی طور پر اس ملاقات میں شرکت کی غرض سے امریکہ سے اسلام آباد (ٹِلفورڈ) کا سفر اختیار کیا۔
ملاقات کے آغاز میں تمام شاملینِ مجلس کو حضورِ انور کی خدمتِ اقدس میں فرداً فرداً اپنا تعارف پیش کرنے کا موقع ملا۔
دورانِ ملاقات شاملینِ مجلس کو حضور انور کی خدمت میں متفرق سوالات پیش کرنے نیز ان کے جوابات کی روشنی میں حضورِانور کی زبانِ مبارک سے نہایت پُرمعارف، بصیرت افروز اور قیمتی نصائح پر مشتمل راہنمائی حاصل کرنے کی سعادت بھی نصیب ہوئی۔
ایک شریکِ مجلس نے نہایت عقیدت، وارفتگی اور جذباتِ محبّت سے لبریز ہو کر حضورِ انور کی خدمتِ اقدس میں عرض کیا کہ ایک دیرینہ خواہش اور تمنّا عرصۂ دراز سے دل میں لیے پِھر رہا ہوں کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے ارشاد کے مطابق، جس میں آپؐ نے ہمیں یہ حکم فرمایا تھا کہ آپ جاکر امام مہدی اور مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کو میرا سلام پہنچانا، تو اس وقت آپ ہی امام مہدی کے جانشین ہیں۔ چنانچہ السّلام علیکم!
اس پر حضورِ انور نے ازراہِ شفقت فرمایا کہ وعلیکم السّلام! الله آپ کا سلام پہنچائے اور مسیح موعودعلیہ السلام کو بھی پہنچائے۔
پھر حضورِ انور نے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کو حقیقی سلام پہنچانے کے تقاضے کو واضح کرتے ہوئے آپؑ کی تعلیمات پر عمل کرنے اور اپنا صحیح اسلامی نمونہ دکھانے کی طرف توجہ دلائی کہ مسیح موعود علیہ السلام کو سلام پہنچانے کا اس زمانے میں یہ مقصد ہے کہ جو آپؑ کی تعلیم ہے، جو اسلام کی تعلیم ہے، جس کو آپؑ نے نئے سرے سےrevive کیا، لوگوں کو بتایا ، اس پر عمل کریں اور اپنا صحیح اسلامی نمونہ دکھائیں۔ تبھی وہ حقیقی سلام آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا آپ مسیح موعود علیہ السلام کو پہنچا سکتے ہیں۔

اسی طرح حضورِ انور نے احمدیت میں شامل ہونے کے بعد آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کو حقیقی اسلام قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ یہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی جو تعلیم ہے، احمدیت میں شامل ہونے کے بعد اس پرعمل کریں ، یہی حقیقی اسلام ہے۔
ایک ناصر نے عرض کیا کہ حضرت امیرالمومنین نے ارشاد فرمایا تھا کہ جماعت کے تمام کارکن اپنے کاموں کے لیے روزانہ دو نفل ادا کریں۔ان نوافل میں کس طور پر دعا کی جائے؟
اس پر حضورِ انور نے وضاحت فرمائی کہ اپنے کام کے لیے دعا کرنے کو مَیں نے کہا تھا ۔ اپنے کاموں کے لیے دو نفل۔ توguidanceتو اس سےalreadyمل گئی۔
پھر حضورِ انور نے استفسار فرمایا کہ آپ کے پاس کیا شعبہ ہے؟سائل کی جانب سے سیکرٹری اُمورِ عامہ کی ذمہ داری کی بابت عرض کیے جانے پر حضورِ انور نے فرمایا کہ تو اللہ تعالیٰ سے دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ مجھے توفیق دے کہ مَیں انصاف سے جو اُمورِ عامہ کے دفتر کے کام ہیں ان کو انجام دوں۔
اسی طرح حضورِ انور نے اُمورِ عامہ کے فرائض اور وسیع تر دائرۂ کار پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا کہ اُمورِ عامہ کاکام صرف یہ نہیں ہے کہ لوگوں کے جھگڑے ہو گئے تو ان کو نپٹا دینا۔اُمورِ عامہ کاکام بہت سارا ہے، جو rules and regulations کی کتاب ہے اس میں پڑھیں۔ اس میں لکھا ہوا ہے کہ غریبوں کا خیال رکھنا ،ان کے employment کے لیے کام دینا، ان کی اَور ضروریات کو پُورا کرنے کے لیے کام کرنا ۔یہ تو ایک کام ہے، جو جھگڑوں کے نپٹانے میں ہے یا کوئی غلط کام کرتا ہے تو اس کی شکایت کرنے کےلیے، تو اُمورِ عامہ اس سے بدنام ہو گئی ہے۔ لیکن اُمورِ عامہ کےبہت سارے اچھے کام بھی ہیں۔
بعدازاں حضورِ انور نے اُمورِ عامہ کے ہمہ گیر فلاحی کاموں کے تناظر میں تمام ذمہ داریوں کو ادا کرنے کی توفیق کے لیے دعا کی تلقین فرمائی کہ ایک تو آپ یہ دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ مجھے توفیق دے کہ جو اُمورِ عامہ کے ذمہ تمام کام ہیں وہ مَیں انجام دے سکوں۔
مزید برآں حضورِ انور نے کسی کو تکلیف پہنچانے سے بچنے اور ہر معاملے میں عدل و انصاف کے تقاضے پورے کرنے کی توفیق کے لیے بھی دعا کرنے کی تلقین فرمائی کہ میرے ہاتھ سے کس شخص کو ایسی تکلیف نہ پہنچے جو اس کےلیے دکھ کا باعث ہو اور مَیں انصاف نہ کر سکنے والا ہوں۔ اگر کہیں ایسا موقع آئے کہ جہاں مجھے انصاف کرنا چاہیے تو وہاں مجھے وہ توفیق دے کہ مَیں انصاف کر سکوں۔ یہ دعا کیا کریں ۔
جواب کے آخر میں حضورِ انور نے اس اَمر کی بابت تاکید فرمائی کہ یہی اپنے کاموں کی دعا ہے۔اَور کیا ہے۔
ایک ناصر نے اپنی پریشانی کا اظہار کرتے ہوئے عرض کیا کہ میرا سوال اسرائیلی صدر عائزک ہرزوگ(Isaac Herzog) کو جماعت احمدیہ اسرائیل کی سالانہ تقریب میں مدعو کرنے اور اس ملاقات کو سوشل میڈیا پر نمایاں کرنے کے بارے میں ہے۔کیا اس قدم سے پاکستان، بنگلہ دیش اور افغانستان میں احمدیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جو پہلے ہی مذہبی منافرت، اشتعال انگیزی اور تشدّد کے خطرات کا سامنا کر رہے ہیں اور مخالفین اسے جماعت کے خلاف پروپیگنڈے سے احمدیوں کو مزید خطرے میں ڈالنے کےلیے استعمال کرسکتے ہیں؟
اس پر حضورِ انور نے فرمایا کہ وہاں صرف احمدی نہیں، بلکہ لاکھوں کی تعداد میں عرب مسلمان بھی بستے ہیں۔اور جب وہاں الیکشن ہوا تو امیر جماعت کی بار بار توجہ دلانے اور خط لکھنے کے نتیجے میں عرب مسلمانوں میں یہ جرأت پیدا ہوئی کہ انہوں نے پارلیمنٹ کے الیکشن میں حصّہ لیا اور پہلی دفعہ اُنیس(۱۹) نشستیں حاصل کیں جس پر وہاں کے وزیراعظم نیتن یاہو نے بھی سوشل میڈیا پر پیغام دے کر اپنے حامیوں کو ووٹ دینے کی ترغیب دی۔
اس ضمن میں حضورِ انور نے مملکت سے وفاداری کے تقاضوں اور مخالفین کی جانب سے جماعت پر لگائے جانے والے انگریز کا خود کاشتہ پودا جیسے پُرانے بے بنیاد الزامات کا ذکر کرتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ دوسری بات یہ ہے آپ کہتے ہیں کہ ہم جس ملک میں رہتے ہیں اس کے شہری ہونے کی حیثیت سے وہاں کی بہتری کے لیے کام کریں۔ وفاداری یہی ہے ۔ یہ تو نہیں کہیں لکھا ہوا کہ جو اسرائیل میں رہنے والے ہیں وہ وفادار نہ ہوں۔ الزام لگانے والے تو پاکستان میں یا بعض اَور ملکوں میں یہ بھی کہتے ہیں کہ جماعت احمدیہ جو ہے، انگریزوں کا خود کاشتہ پودا ہے اور یہ کہ انگریزوں کے ہاں جاکر انہوں نے پناہ لے لی۔تو ہم یہاں بیٹھے ہوئے ہیں، ہم یہاں MP‘s کو بلاتے ہیں یا پرائم منسٹر کو بلاتے ہیں یا اس کا پیغام ہمارے جلسے پر پڑھا جاتا ہے تو کیا اس سے ان کو یہ میسج نہیں جاتا کہ دیکھو خود کاشتہ پودا تھا ، تبھی یہ لوگ ان کی اتنیfavour کر رہے ہیں ۔
اسرائیل کے خلاف ہمارے جذبات ہیں، اس لیے کہ انہوں نے فلسطینیوں پر ظلم کیا اور اس ظلم کی وجہ سے مَیں نے کئی خُطبات میں بیان بھی کیا اور دعا کی تحریک بھی کی اور مسلمانوں کی طرف سے سوشل میڈیا پر بہت سارے جو انصاف پسند تھے انہوں نے اظہار بھی کیا کہ جو ظلم ہوا ہے، جماعت احمدیہ کی طرف سے اس کو ردّ کیا گیا ۔کسی اَور مسلمان عالِم نے کھل کر نہیں کیا۔
پھراسرائیل میں مقیم مسلمانوں اور وہاں کے علمی و تعلیمی حلقوں میں احمدیوں کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے حضورِ انور نے فرمایا کہ اسرائیل میں بھی علماء رہتے ہیں اور پڑھے لکھے لوگ رہتے ہیں۔آپ جیسے کئی سائنٹسٹ بھی رہتے ہیں۔کئی مسلمان پروفیسر وہاں یونیورسٹی میں پڑھاتے ہیں۔ مجھے ایک اس دفعہ جلسے پر ملنے بھی آیا ہوا تھا ۔ اَور بھی لوگ آ کے ملتے ہیں۔مسلمان ہیں۔ ان سے جب مَیں پوچھتا ہوں تو وہ تو ہمیشہ ہاں ہاں کر رہے ہوتے ہیں، بڑی مداہنت سے ڈر کے بات کر رہے ہوتے ہیں، لیکن احمدی کم از کم کُھل کے بات تو کرتے ہیں۔
جلسوں میں سیاسی و حکومتی شخصیات کی شرکت کی عمومی روایت اور صدرِ اسرائیل کی آمد کے پسِ منظر کو واضح کرتے ہوئے حضورِ انور نے بیان فرمایا کہ جہاں تک یہ سوال ہے کہ جلسے میں بلایا گیا تو ہر سال جس طرح آپ کارواج ہے، آپ امریکہ میں بھی اپنے MP‘sکو اور بعض سیاست دانوں کو دعوت نامے دیتے ہیں ۔ کچھ آپ کے مان لیتے ہیں، کچھ صرف پیغام بھیج دیتے ہیں، کچھ خود بھی آ جاتے ہیں۔ اس دفعہ بھی ایک پولیٹیشن جلسے پر آیا ہوا تھا اور اس نےتقریر کی ۔ اسی طرح افریقہ میں ہو یا کوئی اَور ملک میں ہو، ہر جگہ جو ملک کے پڑھے لکھے لوگ ہیں یا سیاست دان ہیں یا سربراہ ہیں ، ان کو بلایا جاتا ہے۔ یہاں بھی بادشاہ کی طرف سے یا پہلے کوئین کی طرف سے میسج آیا کرتا تھا یاپرائم منسٹر کی طرف سے میسج آتا ہے اور جلسہ پر پڑھا جاتا ہے۔ تو وہ ہر سال دعوت نامہ بھیجتے ہیں۔ پہلے ان کا صرف میسج آ جایا کرتا تھا۔ اس سال پریزیڈنٹ کا پیغام آیا ہے کہ مَیں خود آؤں گا۔ کوئی پتا نہیں کہ یہ ان کی چال ہی ہو۔اب یہ ہو سکتا ہے، اس بات سے سوچا جا سکتا ہے کہ یہ لوگ مسلمان کہلاتے ہیں اور ان کا مسلمان ہونے کی حیثیت سے دنیا میں اثر و رسوخ ہے، اس لیےمَیں وہاں جاؤں اور دنیا کو ثابت کروں کہ ہم مسلمانوں کے خلاف نہیں ہیں یا ہماری حکومت مسلمانوں کے خلاف نہیں ہے۔ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ اس کو ویسے ہی خیال آیا ہو کہ جا کے مَیں دیکھوں کہ کیا ہے، اس کے مطابق پھر نئی پالیسی کو بناؤں کہ کیاstrategy بننی چاہیے۔ بہرحال وہ آیا ۔اور جہاں تک سٹیج پر آنے کا سوال ہے ، اب امیر صاحب کبابیر کو مَیں نے یہاں بلایا تھا۔ یہاں نوجوانوں میں بھی بہت سارے سوال اُٹھے تھے۔ خدام الاحمدیہ کا اجتماع ہو رہا تھا۔ مَیں نے کہا تھا کہ بیٹھ کے ان کے سوالوں کے جواب دیں۔ چھ ہزار خادم اکٹھا ہوا ہوا ہے۔ ان کو جواب دیں ۔ تو انہوں نے بتایا کہ ہاتھ تو اُس نے بڑھایا تھا۔اب ایک صدر مملکت ہے، وہ آتا ہے اور ہاتھ بڑھاتا ہے اور مَیں ہاتھ پیچھے کھینچ لیتا کہ جاؤ؟ اسلام کی تعلیم تو یہ ہے کہ اگر تمہارے دشمن کا بھی کوئی اچھا لیڈر آئے تو اس کی عزت کرو، احترام کرو۔ قرآنِ شریف میں حضرت موسیٰ علیہ السلام کو جب فرعون کی طرف بھیجا گیا ، تو ایک لفظ قولِ لیّن استعمال کیاگیا کہ اس سے نرمی سے بات کرنی ہے، باوجود اس کی مخالفت کے کہ اس پر بنی اسرائیل کے لڑکوں کو قتل کرنے کا الزام تھا ، ان پر ظلم کرنے کا الزام تھا، ان کو غلام بنانے کا الزام تھا اور مار پیٹ تھی، ان کو تھرڈ گریڈ شہری سے بھی زیادہ نیچے رکھا ہوا تھا۔ اس کے باوجود اللہ تعالیٰ کہتا ہے کہ جا کے نرمی سے بات کرنی ہے اور پیغام پہنچانا ہے۔
اسی اصول کی عملی مثال بیان کرتے ہوئے حضورِ انور نے تورات کی تعلیمات کے حوالے سے صدرِ اسرائیل کو ظلم سے باز رہنے کی تلقین کرنے اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی حدیث کی روشنی میں جابر حکمران کے سامنے کلمۂ حق کہنے کی اہمیت کو اُجاگر فرمایا کہ تو یہاں بھی ہم دیکھتے ہیں، اگر پُوری ویڈیو کو آپ دیکھیں اور سُنیں تو انہوں نے تورات کے حوالے سے اس کے سامنے یہ تقریر کی ہے کہ دیکھو !تورات یہ کہتی ہے کہ ظلم نہ کرو۔ تم مسلمانوں پر ظلم کر رہے ہو یا کسی بھی قسم کا ظلم کر رہے ہو تو اس سے تمہارا ہی نقصان ہو گا۔ تمہاری حکومت چھینی جائے گی۔ تمہاری زمین چھینی جائے گی۔ یہ انہوں نے تورات کے حوالے بھیquoteکیے ہیں، وہ بھی تو دیکھیں۔اب ایک جابر بادشاہ کے سامنے کلمۂ حق کہنا یہ بھی تو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی حدیث ہے۔تو یہ کام اگر انہوں نے انجام دیا ہےتو اچھا کیا۔
کبابیر کی تاریخی اہمیت اور وہاں کے احمدیوں کے قیام کے پس ِمنظر کو بیان کرتے ہوئے حضورِ انور نے حضرت خلیفۃالمسیح الثّانی رضی اللہ عنہ کی ارشادفرمودہ ہدایت اور جماعت کی تبلیغی مساعی کا ذکر کیا کہ اس کے اچھے پہلو بھی دیکھ لیں۔ negative پہلو، ہمارے جذبات علیحدہ ایک طرف ، لیکن اس وقت خدمت بھی ہم ہی کر رہے ہیں۔ وہی لوگ ہیں، کبابیر میں رہنے والے، اسرائیل کے شہری ہیں۔ یہ تو سارے عرب وہاں سے نکل آئے تھے۔ جب یہ علاقہ خالی کرا رہے تھے اس وقت حضرت خلیفۃ المسیح الثّانی رضی اللہ عنہ نے وہاں کے احمدیوں کو کہا تھا کہ چاہے تم مَر جاؤ، کچھ ہو جائے، تم نے جگہ نہیں چھوڑنی۔ اس لیے ابھی تک کبابیر اسرائیل میں آباد ہے اور احمدیوں کے نام سے آباد ہے۔ ہمارا سینٹر بھی ہے اور اردگرد تبلیغ بھی ہو رہی ہے۔ ان یہودیوں میں سے بعض احمدی ہوئے اور مسلمانوں میں سے بھی بعض احمدی ہوئے۔ تو تبلیغ کا میدان تو ہم نے ہر جگہ رکھنا ہے۔
مزیدبرآں اس واقعے کے مختلف پہلوؤں، اس کے پیچھے کارفرما نیّت اور اس کے ممکنہ طویل المدتی اثرات کی طرف توجہ دلاتے ہوئے حضورِ انور نے مزید ارشاد فرمایا کہ اگر آپ پوری ویڈیو سُنیں یا اس پرمضمون بھی لکھے ہوئے آ چکے ہیں، الحکم میں بھی آ گیا ، الفضل میں بھی آ گیا، اس کو آپ پڑھیں تو آپ کو سارا یہ جواب مل جائے گا کہ جتنا اس کو آپ خوفناک طریقے سے سمجھ رہے ہیں یا بیان کر رہے ہیں، وہ اتنا ہے نہیں۔ ایک مقصد تھا۔ نیّت نیک تھی۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اِنَّمَا الْأَعْمَالُ بِالنِّيَّاتِ، ان کی نیّت یہ نہیں تھی کہ مَیں اس کی چاپلوسی کروں یا صدر کی خوش آمد کروں، ان کی نیّت یہ تھی کہ مَیں پیغام پہنچاؤں۔ اور انہوں نے تورات کے حوالے سے پیغام پہنچایا اور اتنا کُھل کے پہنچایا کہ وہاں مسلمان علماء اور لیڈروں کے سوشل میڈیا پر بیان آ رہے ہیں کہ جو کام تم نے کیا ہے ، وہ ہم نہیں کر سکتے تھے ، اور تم نے کُھل کے پیغام پہنچایا ہے اور ہمارا نقطۂ نظر سامنے پیش کر دیا اور ہماری صحیح نمائندگی کی ہے۔ باوجود مخالفت کے مسلمان علماء نے یہ بیان دیے ہیں۔ احمدی کہتے ہیں کہ ہمارے جذبات کو ٹھیس پہنچی۔ اچھے پہلو نکال لینے چاہئیں ۔ ہر ایک بات کے اچھے اور بُرے پہلو ہوتے ہیں۔ یہ دیکھنا چاہیے کہ لمبے عرصہ میں،long termمیں اس کے اچھے نتائج کیا نکل سکتے ہیں، اوروہ ہم نے نکالنے کی کوشش کی ہے۔ باقی غلطیاں ہوتی ہیں، ہر ایک سے ہوتی ہیں، کس نے کہا کہ غلطیوں سے کوئی پاک ہے؟
جواب کے آخر میں حضورِ انور نے بنگلہ دیش اور دیگر ممالک میں احمدیوں کو درپیش مشکلات اور اس معاملے پر پیدا ہونے والے سوالات کے جواب میں جماعت کی جانب سے کیے گئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ باقی مشکلات بنگلہ دیش میں ہیں، تو وہ ان سے کوئی تعلق نہیں، وہاں تو سوال اُٹھایا ہی نہیں گیا۔ یہ سوال جو اُٹھا رہے ہیں، یہ یورپ اور امریکہ کے بعض نوجوان اُٹھا رہے ہیں، ان کےلیے مَیں نے مضمون بھی اس لیے لکھوا دیا تھا اور اس لیے شریف عودہ صاحب کی میٹنگز کروا دی تھیں کہ مختلف جگہوں پر جا کے کہ خود جواب دے دیں اور خدام الاحمدیہ امریکہ کو بھی مَیں نے کہا تھا کہ خدام الاحمدیہ کی جو ویڈیو ریکارڈنگ ہے، اس کو اپنے خدام کو بھی سُنا دیں، اس کے جواب مل جائیں گے، انصاراللہ کو بھی وہی چاہیے کہ سُنا دیں اور میرے خیال میں کہ کافی حدتک اس کے جواب مل گئے ہیں، باقی یہ کہنا کہ سو فیصد کسی کی تسلّی ہوجائے، وہ تو مشکل ہوتی ہے۔
ایک ناصر نے عرض کیا کہ کیا پیارے حضور راہنمائی فرما سکتے ہیں کہ اساتذہ کو کن فیلڈز کا استاد بننا چاہیے اور کن مضامین میں انہیں اپنی ماسٹرز اور پی ایچ ڈیز حاصل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے؟
اس پر حضورِ انور نے ہر علمی اور عملی شعبے میں ماہرین تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ جماعت کو ہر فیلڈ میں آگے بڑھنا چاہیے، ڈاکٹرز، ٹیچرز، انجینئرز، اکانومسٹس اور لائرز، ہر شعبے میں افراد درکار ہیں۔
اس ضرورت کی مزید وضاحت کرتے ہوئے حضورِ انور نے مختلف طبّی اور تکنیکی شعبوں کے ماہرین کی اہمیت کو بھی اُجاگر فرمایا کہ ڈاکٹروں میں مختلف فیلڈز کے سپیشلسٹ بھی چاہئیں، سرجنز بھی، کارڈیولوجسٹس بھی، گائناکالوجسٹس بھی، پیڈیاٹریشنز بھی اور اونکالوجسٹس بھی۔ اسی طرح انجینئرنگ میں مکینیکل انجینئرز، کیمیکل انجینئرز، کنسٹرکشن اور سول انجینئرز، سب کی ضرورت ہے اور آپ کی مارکیٹ دیکھ کر یہ فیصلہ ہوتا ہے۔
اسی وسیع میدان میں مؤثر کردار ادا کرنے کے لیے حضورِ انور نے طلبہ کو سول سروسز میں جانے کی ترغیب دینے کی ضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا کہ ہاں! ایک جنرل بات مَیں نے یہ بھی کی تھی کہ ہمارے سٹوڈنٹس کو مَیں نے کہا تھا کہ سِوِل سروس میں بھی جانا چاہیے۔اس میں بھی جائیں۔ وہاں سے بہت سارا جو سسٹم ہے، اس کو آپ سمجھ بھی سکتے ہیں اور پھر آپ کی ایک جو approachہے، اس سے آپ دنیا کو گائیڈ بھی کر سکتے ہیں ۔ تو یہ دیکھنے والی چیزیں ہیں، یہ سارا بڑا وسیع میدان ہے اس کو دیکھیں۔ اصل چیز ہے کہ ہم نے دنیا کی راہنمائی کرنی ہے اور ہر فیلڈ میں کرنی ہے۔
پھرسول سروسز میں شمولیت کی اہمیت کے ضمن میں حضورِ انور نے بیوروکریسی کے پالیسی سازی میں کردار اور سیاستدانوں کے طرزِ عمل کی وضاحت کرتے ہوئے مزید فرمایا کہ بیوروکریٹس جو ہیں ، بہت ساری پالیسیز وہی بناتے ہیں یا ان کے خیال ہوتے ہیں ، پولیٹیشنز اس کے اُوپر دستخط کر دیتے ہیں ، اپنی واہ واہ کرانے کے لیے وہ سامنے آ جاتے ہیں۔ مَیں نے تو اکثر پولیٹیشنزسے بات کر کے دیکھا ہے کہ کام کی بات تو ان کے پاس ہوتی کوئی نہیں۔ پچھلی پالیسی ہو رہی ہوتی ہے۔
اسی تناظر میں حضورِ انور نے تعلیمی نظام میں پائی جانے والی خامیوں اور ان کی اصلاح کے لیے پالیسی سازی کے میدان میں مؤثر کردار ادا کرنے کی ضرورت کو واضح کرتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ جب آپ کے ہاتھ میں ہوگا ، تو یہ جو نیا سسٹم ایجوکیشن میں آ گیا ہے کہ بچپن سے، پرائمری سے ہی بچوں کو غلط قسم کی باتیں بتانا شروع کر دو کہ سیکس کیا چیز ہے اور فلاں کیا چیز ہے، اس بارے میں بتانا شروع کر دیں گے، تو بچوں کے دماغpollute ہو جائیں گے ۔ اس لیےاب بعض ملکوں میں یہ فیصلہ ہو گیا کہ پرائمری تک بہت غلط ہے، sixth اور seventh گریڈ میں جا کے ایسا کرنا چاہیے یا بارہ تیرہ سال کی عمر میں جا کے بتانا چاہیے۔ کچھ کہتے ہیں کہ پندرہ سال کی عمر میں بتانا چاہیے۔ تو ان کو خود ہی پتا لگ رہاہے کہ ان کے سسٹم کے اندر کیاflawsہیں، کیا نقصان ہیں، کیا کمیاں ہیں۔ تو جب ہم سسٹم میں اندر آئیں گے، پالیسی میکرز بن جائیں گے، تب ہم ان کو گائیڈ بھی کر سکیں گے۔
جواب کےآخر میں حضورِ انور نے اعلیٰ ڈگریوں کے حصول کو محض ایک تعلیمی اعزاز سمجھنے کی بجائے اپنے اپنے شعبے میں حقیقی مہارت اور نمایاں کامیابی حاصل کرنے کی طرف توجہ دلاتے ہوئے فرمایا کہ اس لیے اس بارے میں بھی آپ کو سوچنا ہوگا۔ اس سے مرادیہ نہیں ہے کہ ہم نے ایک فیلڈ میں پی ایچ ڈی کر لی تو ہم نے تیر مار لیا ہے ۔ پی ایچ ڈی کر لی ہے تو پھر نوبیل پرائز بھی لے لیں۔ اصل ٹارگٹ وہ ہے۔ جو ریسرچ میں سائنٹسٹ ہیں وہ اس میں جائیں۔جو ریسرچ میں نہیں ہیں، وہ پی ایچ ڈی کر رہے ہیں، تو اپنی اپنی فیلڈ میں جو بھی فیلڈ ہے ، وہاں جہاں تک کر سکتے ہیںexcel کرنے کی کوشش کریں۔
ایک شریکِ مجلس نے اس حوالے سے راہنمائی کی درخواست پیش کی کہ جماعت کے بعض ممبران ایسے ہیں جو رابطہ کرنے پر کبھی بھی جواب نہیں دیتے۔ تو کیا ایسے افراد کو ایک علیحدہ فہرست میں ڈالا جا سکتا ہے تاکہ جماعت کی پیش رفت کا جائزہ زیادہ درست طریقے سے لیا جا سکے؟
اس پر حضورِ انور نے جماعتی کارکردگی کو محض اعداد و شمار یا نتائج سے جانچنے کی بجائے ہر احمدی کو جماعتی نظام سے وابستہ رکھنے کی اہمیت واضح کرتے ہوئے فرمایا کہ آپ کا کام کوئی عَلمِ انعامی لینا نہیں ہے۔ یہ ایک سیکنڈری چیز ہے۔ یہ آپ کا ٹارگٹ نہیں ہے۔ اس لیے جو اپنے آپ کو احمدی کہتا ہے وہ مجلس میں شامل ہوگا۔ چاہے وہ آپ کو respondکرتا ہے یا نہیں کرتا۔ چاہے وہ مسجد میں آتا ہے یا نہیں آتا۔کبھی کچھ جمعہ پڑھنے آ جاتے ہیں۔ کچھ جو ہیں وہ عید پڑھنے تو آ جاتے ہیں ۔
جب سائل نے عرض کیا کہ بعض افراد عید کے موقع پر بھی نہیں آتے تو حضورِ انور نے ایسے افراد تک خود پہنچنے اور ان سے رابطہ قائم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے فرمایا کہ جو عید کے لیے نہیں آتے توان کے پاس جائیں۔ سائل کی طرف سے ایسے افراد کے فون نمبرز تبدیل ہونے کا عُذر پیش کرنے پر حضورِ انور نے مزید فرمایا کہ پتا لگ جاتا ہے کہ کہاں رہتے ہیں، ہمسایوں سے پتا لگ ہی جاتا ہے ، ان کے پاس جائیں۔ ان سے کہیں ہم صرف یہ پتا کرنے آئے ہیں کہ آپ اپنے آپ کو احمدی کہتے ہیں ، اگر احمدی ہیں تو احمدی کو پھر یہ یہ کرنا چاہیے۔ اور اگر آپ کہتے ہیں کہ مَیں احمدی نہیں ہوں تو ٹھیک ہے پھر ہم آپ کو لسٹ سے نکال دیں؟ ان سے پوچھ لیں۔
مزید برآں حضورِ انور نے ایسے افراد کو جماعتی فہرست سےنکالنے کی بجائے ان کے ساتھ حُسنِ سلوک کرنے، جماعت سے دُوری کے اسباب معلوم کرنے اور انہیں دوبارہ جماعت کے قریب لانے کی کوشش کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ کل کو وہ کہیں گے کہ دیکھو! مَیں احمدی تھا اور مجھے انہوں نے لسٹ سے نکال دیا۔ جب تک وہ یہ کہتا ہے کہ مَیں احمدی ہوں، اس کے ساتھ اچھا سلوک کر کے، اس کو قریب لانے کی کوشش کرو۔ اس کیgrievancesکیا ہیں، کیوں وہ پیچھے ہٹا، دنیا داری کی وجہ سے ہٹا یا آپ لوگوں کے، عہدیداروں کےattitudeکی وجہ سے ہٹا۔ اگر آپ کی وجہ سے ہٹا تو پھر اپنا رویّہ ٹھیک کرو۔
ایک ناصر نے فوڈ سیکیورٹی کے حوالے سے حضورِ انور کی خدمتِ اقدس میں عرض کیا کہ حضرت یوسف علیہ السلام نے قحط کے دَور میں جو حکیمانہ تدبیر اختیار فرمائی تھی، اس تناظر میں احمدی مسلمان سائنسدان قرآنی تعلیمات سے کس طرح راہنمائی حاصل کر سکتے ہیں تاکہ جدید سائنسی تحقیق اور ٹیکنالوجی کے ذریعے خوراک کے ضیاع کو کم کیا جا سکے۔ نیز ہم اپنی سائنسی تحقیق کو محض علمی ترقی تک محدود رکھنے کی بجائے اسلامی تعلیمات کی روشنی میں خدمتِ خلق اور بنی نوعِ انسان کی فلاح و بہبود کا ذریعہ کس طرح بنا سکتے ہیں؟
اس پر حضورِ انور نے حضرت یوسف علیہ السلام کے زمانے میں غلّے کو محفوظ رکھنے کے لیے اختیار کی جانے والی قرآنی تدبیر کے سائنسی پہلو کی طرف توجہ دلاتے ہوئے فرمایا کہ ایک تو یہ ہے کہ حضرت یوسف علیہ السلام نے ایک چیز جو بتائی، خواب میں ان کو دکھایا گیا کہ جو تم گندم پیدا کرو ، اس کو تم ہارویسٹ کرنے کے بعد اس کو تھریش نہ کرو۔ وہ دانے جو ہیں، وہ سٹّے [اناج کی بالی جس میں دانے لگے ہوتے ہیں]کے اندر رہیں، یہ اس کے اندر رہنے دیں۔ اور وہ خراب نہیں ہوں گے، نہ ان کو کیڑا لگے گا، نہ فنگس لگے گی۔
اس قرآنی تدبیر کے عملی پہلو کو واضح کرتے ہوئے کہ کس طرح دانوں کو بالی میں محفوظ رکھنے سے ان کے خراب ہونے اور کیڑے لگنے سے بچاؤ ممکن ہوا، حضورِ انور نے اپنے ذاتی زرعی تجربے کا ذکر فرمایا کہ جب مَیں زمیندارہ کیا کرتا تھا تو مَیں نے اسی بات پر ایک دفعہ دیکھنے کےلیے کہ اس کا فائدہ کیا ہے ، اس کا سٹّہ ہوتا ہے یا بالی کہتے ہیں یا انگلش میںearکہتے ہیں، اور وہ دانے کو کس طرح preserve کرتا ہے، تو مَیں اپنے فارم کے لیے جو seed رکھتا تھااس پرمَیں نے تھوڑا سا اس کا جو اُوپر کاhuskتھا، وہ ملانا شروع کر دیا ۔پہلےpreserveکرنے کے لیے insecticideڈال کے ہم بچاتے تھے کہ ایک سال تک خراب نہ ہو۔ مَیں نے دیکھا کہ اس میں کیڑا نہیں لگا۔
اپنے اس تجربے کی بنیاد پر حضورِ انور نے سائنسدانوں اور محقّقین کو اس قدرتی حفاظتی طریقے کے کیمیائی خواص اور سائنسی اسباب پر تحقیق کرنے کی طرف متوجہ کرتے ہوئے فرمایا کہ اس کاanalysisتو مَیں نے نہیں کیا کہ کیمیکل اس کا کیا ہے، اندر اس کے کیا reaction ہے، کیاformation ہے، مجھے نہیں پتا۔ لیکن یہ تجربہ میرا ہو گیا کہ اس دانے کا جو سٹّہ ہے، اس کے جو باہر کا حصّہ ہے، وہ insect لگنے سے بچاتا ہے۔ تو اس پر آپ لوگ ریسرچ کریں۔ یہ بھی دیکھنے والی بات ہے۔ یہی ایک چیز نظر آتی ہے۔ تو اس طرح انہوں نے اس کو ہارویسٹ کرنے کے بعد سٹور کیا تھا کہ اسی طرح رہنے دو اور اتنا تھریش کرو کہ جتنا تمہیں دانہ چاہیے اور وہ سات سال تک رکھا۔ تو اس پر آپ ریسرچ کریں۔ اس کا جوhuskہےیاstrawہے، اس کے اندر کیا خاصیت ہے کہ جو preserveکر دیتی ہے۔
مزید برآں حضورِ انور نے دریافت فرمایا کہ آپ نے پی ایچ ڈی کیا ہوا ہے؟ تو ان کے اثبات میں جواب عرض کرنے پر حضورِ انور نے اس موضوع پر مزید عملی تحقیق کر کے نتائج پیش کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے فرمایا کہ تو بس ٹھیک ہے پھر فوڈ ٹیکنالوجسٹ ہیں، پی ایچ ڈی ہیں۔ ریسرچ کریںبلکہ مجھے بھی بتائیں ۔
سائل کی جانب سے اس ہدایت پر عمل کرنے کے عزم کے اظہار میں ان شاءاللہ پر مبنی دعائیہ کلمات ادا کرنے پر جواب کے آخر میں حضورِ انور نے اپنے تجربے کی کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے مزید فرمایا کہ مَیں نے تو اپنا تجربہ بتایا ہے کہ مَیں نے اسی سُورت کو پڑھ کے ایک تجربہ عام فارمنگ کے ذریعہ کیا تھا اور وہ کامیاب ہوا تھا۔
ایک شریکِ مجلس نے راہنمائی کی درخواست پیش کرتے ہوئے سوال کیا کہ جب حضرت اقدس محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کا اسمِ مبارک لیا جاتا ہے تو ہم بلند آواز سے صلی اللہ علیہ وسلم پڑھتے ہیں۔ کیا دیگر انبیائے کرام علیہم السلام کے اسمائے مبارکہ کے بعد بھی بلند آواز سے علیہ السلام کہنا جائز ہے؟
اس پر حضورِ انور نے دیگر انبیائے کرام کے ناموں کے ساتھ علیہ السلام کہنے کے جواز کی بابت درودِ شریف کے حوالے سے قرآنِ کریم کی صریح ہدایت کی طرف توجہ دلاتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ اگر آپ کہنا چاہیں تو کہہ سکتے ہیں۔ بلکہ قرآنِ شریف میں تو اللہ تعالیٰ نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں فرمایا ہے کہ اِنَّ اللّٰہَ وَمَلٰٓئِکَتَہٗ یُصَلُّوۡنَ عَلَی النَّبِیِّ ؕ یٰۤاَیُّھَا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا صَلُّوۡا عَلَیۡہِ وَسَلِّمُوۡا تَسۡلِیۡمًا: اللہ تعالیٰ اور فرشتے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم پر درود بھیجتے ہیں۔ اے لوگو! جو ایمان لائے ہو تم بھی اس پردرود بھیجو۔ اس لیےہم درود بھیجتے ہیں۔ باقی! باقیوں کے لیے تو قرآنِ شریف میں لکھا نہیں ہوا، تو اس لیے اگر آپ نے ویسے کہنا ہے تو کہہ بھی سکتے ہیں کوئی ہرج نہیں ہے۔
حضورِ انور نے تمام انبیائے کرام کے احترام اور ان کے مراتب کے حوالے سے وضاحت کرتےہوئے ارشاد فرمایا کہ بہرحال گناہ تو نہیں ہے ۔ہر نبی کا عزت سے نام لینا چاہیے۔ ہم ہرنبی کی عزت کرتے ہیں۔ لَا نُفَرِّقُ بَیۡنَ اَحَدٍ مِّنۡ رُّسُلِہٖ، نبیوں میں فرق نہیں ہے کہ جہاں تک نبی ہونے کا سوال ہے، لیکن اس کے باوجود اللہ تعالیٰ کہتا ہے کہ ہر ایک کو اس نے status مختلف دیا ہوا ہے ۔ اور اللہ کی نظر میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا بہت اُونچا مقام ہے۔
ایک ناصر نے جدید طبّ کی ترقی کے تناظر میں یہ سوال پیش کیاکہ جب جدید طبّی علوم انسان کے مدافعتی نظام اور جینز میں تبدیلیاں کر کے سنگین بیماریوں کا علاج کرنے کے قابل ہو چکے ہیں تو ہم مختلف اسباب اختیار کرتے ہوئے تقدیرِ الٰہی اور توکّل میں کیسے مطابقت پیدا کر سکتے ہیں۔ نیز کیا علاج کے یہ جدید طریقے اللہ کی تخلیق میں تغیّر پیدا کرنے کے مترادف سمجھے جا سکتے ہیں؟
اس پر حضورِ انور نے جدید طبّی طریقوں کو اللہ تعالیٰ کے عطا کردہ علم کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ سوال یہ ہے کہ میڈیسن میں جو بھی نئی ڈیویلپمنٹ ہے، چاہے وہ جینز سے ہے یا stem cell سے ہے یا جس طرح بھی کرتے ہیں، ٹریٹمنٹ لیتے ہیں یا اَور کچھ طریقے ہیں۔ stem cell بھی تو ایک ذریعہ ہے ، وہ ڈالتے ہیں یا اور بہت سارے وہ بنا کے بلڈ سرکولیشن کر کے وہ انجیکٹ کر دیتے ہیں، وہ بھی ہے۔ تو یہ علم اللہ تعالیٰ نے سکھایا ہے۔یہ سارا نالج جو ہے وہ اللہ کی طرف سے دیا ہوا ہے۔ تو اللہ میاں نے کہا ہے کہ مَیں نے فرٹائل دماغ دیا ہے اس میں جو مَیں نے چیزیں دی ہیں یہ تمہارے سامنے آ گئیں۔ ان کو دیکھو کہ کس طرح تم انسان کےbenefit کےلیے ڈیویلپ کر سکتے ہو اور وہ کرو۔ استعمال کرو، اور جو علاج ہے ، وہ اپنی حد تک لے جانا چاہیے۔
بعدازاں حضورِ انور نےعلاج کے ممکنہ اسباب اختیار کرنے کے باوجود موت کے معیّن وقت کے الله تعالیٰ کے اختیار میں ہونے کی وضاحت کرتے ہوئے فرمایاکہ اب چاہے وہ جین کی ٹریٹمنٹ ہے یا stem cell کی ٹریٹمنٹ ہے یا کوئی اَور تھیراپی ہے، ہر ایک اللہ تعالیٰ نے انسان کے علم میں دی ہے اور علم اللہ تعالیٰ کی طرف سے آتا ہے۔ اس لیے یہ اسباب میں شامل ہوتا ہے۔اس کو استعمال کرنا چاہیے۔ اس کے بعد یہ کہنا کہ hundred پرسنٹsureہے۔درست نہیں۔اب stem cell بھی کچھ عرصے کے لیے کام کرتا ہے اوراس کے بعد ختم ہو جاتا ہے، نہیں ہوتا کام۔ وہ مثلاً ایک حدیث کلونجی کے بارے میں ہے کہ یہ ہر مرض کا علاج ہے سوائے موت کے۔ تو جب موت آنی ہےوہ اللہ تعالیٰ کی decreeہے، وہ تو آپ کسی کو یہ نہیں کہہ سکتے کہ اس کی لائف لائن پانچ سو سال تک prolongکر دیں گے ۔ یہ نہیں ہو سکتا ہے۔ ایک نیچرل لائف ہے۔ وہ span جتنا بھی ہے، لیکن آپ کی ٹریٹمنٹ سے اسdiseaseکا یا اس بیماری کا تو آپ نےstem cell علاج کر لیا لیکن ہوسکتا ہے کہ کسی اَور غلطی کی وجہ سے کوئی اَور بیماری آ جائے جو اس کی cause of death بنے۔
پھر حضورِ انور نے توکّل کے حقیقی مفہوم کی روشنی میں انسان کو اپنی طرف سے علاج کے تمام ممکنہ اسباب اختیار کرنے اور پھر نتیجہ اللہ تعالیٰ پر چھوڑ دینے کی بابت راہنمائی عطا فرمائی کہ تو توکّل یہ ہے کہ جو اسباب جہاں تک بھی ہو سکتے ہیں، چاہے وہ دوائی سے ہوں یا کسی ٹریٹمنٹ سے ہوں یاinvasiveٹریٹمنٹ سے ہوں، کسی سے بھی ہوں، آپریشن سے ہوں یاکچھ بھی ہو، اس کو آپ جہاں تک استعمال کر سکتے ہیں کریں۔ پھر اللہ تعالیٰ پر چھوڑ دیں۔ اس پرتوکّل کریں۔
مزیدبرآں اسی تناظر میں حضورِ انور نے اُسوۂ نبویؐ اور سیرت حضرت مسیح موعودؑ کی روشنی میں بیان فرمایا کہ یہی ہمیں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی تاریخ میں بھی ملتا ہے ۔ وہ اپنے مریضوں کا، صحابہؓ کا علاج کرتے تھے۔ وہ کہتے تھے کہ یہ مَیں نے علاج کر دیا، اب اللہ کی مرضی ہے۔ اس کے لیےدعا کرو۔ اللہ کی مرضی ہوگی تو بچ جاتا تھا ۔ آپؐ کے بڑے بڑے قریبی صحابہؓ بھی بیماری سے فوت ہو جاتے تھے۔ اسی طرح حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے زمانے میں مولوی عبدالکریم صاحب رضی الله عنہ بیمار ہوئے۔ آپؑ نے بہت علاج کیا، بہت دعائیں بھی کیں۔ ان کے اپنے، حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے بچوں کا علاج کیا ، دعائیں کی، لیکن جو علاج تھے، وہ پُورے کر دیے، پھر توکّل علی اللہ پر چھوڑ دیا ۔پھر اللہ نے زندگی دینی ہو گی تودے دے گا، نہیں تو نہ سہی۔
جواب کے آخر میں حضورِ انور نے اس اَمر کا اعادہ فرمایا کہ ہمارا کام یہ ہے کہ اسباب کو جتناavailableہیں، استعمال کریں ، جتنا ہمارا علم ہے، اس کو استعمال کرو۔ توکّل یہ ہے کہ اپنے جو پُورے وسائل ہیں، جو اسباب ہیں، استعمال کرو۔ پھر معاملہ اللہ تعالیٰ پرچھوڑ دو۔
ایک شریکِ مجلس نے راہنمائی کی درخواست پیش کی کہ موجودہ دَور میں جب سوشل میڈیا، ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت (AI) زندگی میں تیزی سے تبدیلیاں لا رہے ہیں، تو احمدی والدین کو اپنے بچوں کی تربیت کرتے ہوئے ان ٹیکنالوجیز کا استعمال کس رنگ میں اور کس حدّ تک کرنا چاہیے؟
اس پر حضورِ انور نے بچوں کے سکرین ٹائم کو محدود رکھنے کی ضرورت بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ پہلی بات تو یہ ہے کہ اب تو سائنٹسٹ بھی، ڈاکٹرز بھی، educationists بھی ، سارے یہی کہتے ہیں کہ بچوں کےلیے سکرین ٹائم جو ہے اس کو مقرر کرو۔ ایک بچہ سکول سے آتا ہے، سکول میں بھی اوّل تو آجکل لیپ ٹاپ دے دیتے ہیں یا آئی پیڈ دے دیتے ہیں کہ سکول کا کام کرنا ہے، اس پرکر لو۔ بعض لوگوں کویہاں تو اتنی عادت پڑ گئی ہے کہ mathematics میں بالکل ہیnill ہو گئے ہیں اور وہ اس لیےکہ کہتے ہیں کہ جو کیلکولیشن بھی کرنی ہو تو کیلکولیٹر سے کرو۔
پھرٹیکنالوجی کے مضر اثرات کے پیشِ نظر مختلف ممالک میں ہونے والی قانون سازی اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے خلاف کارروائیوں کا ذکر کرتے ہوئے حضورِ انور نے مزید فرمایا کہ اس لیے اس کے خلاف بھی اب لوگ بولنے لگ گئے ہیں اور اسی لیے آسٹریلیا میں بھی پہلے قانون پاس ہو گیا کہ اس عمر سے پہلے بچوں کو ہم نے آئی پیڈ یا آئی فون یا سوشل میڈیا یا کوئی بھی جو آئی ٹی related ذرائع ہیں، وہ نہیں دینے۔ تو اس کے بعد یہاں بھی اب قانون پاس ہو رہاہے ۔ تو یہ خود ہی ان کو realise کر رہے ہیں کہ یہ چیزیں غلط ہیں۔ اب تو یہ بھی آنے لگ گیا ہے کہ بچوں کے بعض پروگرام جو غلط ہو رہے ہیں اس پرمقدمے بھی ہو رہے ہیں۔ ابھی پیچھے ہی فیس بُک کو بھی اس بات پرجرمانہ ہوا ہےکہ بچوں کو غلط طور پر وہ ان کے پروگراموں میں گائیڈ کر رہے تھے۔ اسی طرح ایک اَور بھی تھا۔ تو یہ اب اس کےیہ نقصانات خود realise کر رہے ہیں ۔
حضورِ انور نےوالدین کو بچوں کے لیے سکرین ٹائم کی حدّ مقرر کرنے کے ساتھ خود بھی اس پر عمل کرنے کی تلقین کرتے ہوئے فرمایا کہ تو بچوں کو سمجھاؤ کہ تمہارا جو سکرین ٹائم ہے وہ سکول سے آنے کے بعد ایک گھنٹے سے زیادہ نہیں ہے اور اسی وقت اثر ہوگا کہ جب ماں باپ خود بھی اس پرعمل کریں گے۔ آپ میاں بیوی بیٹھے سامنے فلمیں اور ڈرامے اور پروگرام دیکھ رہے ہوں گے یا آئی فون رکھ کے ٹِک ٹِک کر رہے ہوں گے یا چیٹنگ کر رہے ہوں گے۔ یہ تو اس کو نہیں پتا۔ بچے کو بتاؤ ،کہ یہ دیکھو کہ مَیں یہ جماعتی کام کر رہا ہوں ، مَیں اس لیےاستعمال کر رہا ہوں یا مَیں یہ علمی کام کر رہا ہوں یا مَیں پڑھنے کے لیےاستعمال کر رہا ہوں ، مَیں فضولیات میں استعمال نہیں کر رہا۔ باقی جو فضولیات ہیں ان سے تم بچو۔
جواب کے آخر میں حضورِ انور نے والدین کے اپنے عمل کو بچوں کی تربیت کی بنیاد قرار دیتے ہوئے اس اَمر پر زور دیا کہ تو جب وہ بچہ دیکھے گا کہ میرے ماں باپ صحیح عمل کر رہے ہیں تو بچہ ان چیزوں سے بچے گا ۔ اگر ماں باپ عمل نہیں کر رہےتو بچہ کہے گا کہ ابّا جی پہلے اپنی اصلاح کرو، میری بعد میں کرنا۔
ایک ناصر نےراہنمائی کی درخواست کی کہ ذیلی تنظیموں میں جو عمر کا تعیّن کیا گیا ہے، مثلاً پندرہ سال اور چالیس سال، ان کے پیچھے کیا حکمت کارفرما ہو سکتی ہے؟
اس پر حضورِ انور نے پندرہ سال کی عمر کو بچپن سے جوانی میں داخلے کا مرحلہ قرار دیتے ہوئے بیان فرمایا کہ پندرہ سال تک کی عمر میں انسان بچہ ہوتا ہے ۔ یہاں بھی تو پندرہ سال سے بھی آگے اٹھارہ سال تک آپ اس کو جوان consider نہیں کرتے۔ بچہ اسی وقت آزاد ہوتا ہے جب وہ اٹھارہ سال کا ہوتا ہے ، تبھی وہ کہتا ہے کہ اب مَیں اٹھارہ سال کا ہو گیا ہوں اب مَیں جوان ہوں، independentہو گیا ہوں، اب مَیں جو مرضی کروں۔ اپنی مرضی سے کہیں رہوں، تمہارے پاس رہوں یا نہ رہوں، شادی کروں یا نہ کروں۔ تو حضرت مصلح موعود رضی الله عنہ نے اسلامی اصول کو مدِّ نظر رکھتے ہوئے کہاکہ پندرہ سال کی عمر ایسی ہے کہ جو بچپن سے گزر کے جوانی میں داخل ہوتی ہے، اس لیے یہ بچپن کی عمر ہے۔
پھر حضورِ انور نے اطفال میں عمر کے لحاظ سے مختلف گروپ مقرر کرنے کی حکمت بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ اس میں بھی دو گروپ بنا دیے۔ سات سے گیارہ بارہ سال تک پہلا گروپ معیارِ صغیر کا ہے۔ بارہ سے پندرہ سال تک اَور ہے۔ ذرا بڑی عمر کی سوچ ہو جاتی ہے۔ اس کے بعد سوچ mature ہونی شروع ہو جاتی ہے ۔ یونیورسٹی اور کالجز میں جو لڑکے جانا شروع ہو جاتے ہیں یا کام پر لگنا شروع ہو جاتے ہیں۔
پھر چالیس سال تک پہنچتے پہنچتے جواچھے ہیں وہ پُورےmature ہوتے ہیں اور اپنے کام کےclimaxپر پہنچے ہوتے ہیں ۔ اور چالیس سال کے بعد اَور بھی مزید بہتری ہو جاتی ہے۔ تو وہ نوجوانوں کی عمر رکھی ہے کہ اس عمر میں آدمی جوان ہوتا ہے، طاقت بھی ہوتی ہے، انرجی بھی ہوتی ہے۔ خدمتِ خلق کے کام بھی کر سکتا ہے، وقارِ عمل بھی کر سکتا ہے اور جو جسمانی مشقّت کے کام ہیں وہ بھی کر سکتا ہے ۔ اس لیے یہ عمر رکھ دی اور چالیس سال کے بعد پھر کیونکہ عمر نیچے جانا شروع ہوجاتی ہے، تو پھر وہ انصار کی عمر رکھی ہے۔
جواب کے آخر میں حضورِ انور نے لجنہ اماءاللہ اور ناصرات کی عمر کی حدّ کے حوالے سے حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کی حکمت کے ضمن میں ایک دلچسپ لطیفہ بھی بیان فرمایا کہ اور اس لیے لجنہ میں ناصرات کی پندرہ سال تورکھ دی ،آگے نہیں چھوڑی، کیونکہ عورت ماننے کو تیار نہیں تھی کہ مَیں چالیس سال کے بعد بُوڑھی ہو گئی۔ اس لیے انہوں نے کہا کہ چلو! تمہیں چھٹی ہے۔ ایک ہمارے خاتون ہوتی تھیں، لطیفہ ہے، ان سے پوچھا کہ آپ کی عمر کیا ہے؟ تو انہوں نے کہا ہے کہ میری عمر چالیس سال ہے یا پینتالیس سال۔تو اس پوچھنے والی نے کہا کہ آپا !آپ تو میرے سے اتنے سال بڑی ہیں، میری عمر بھی چالیس پینتالیس سال ہو گئی ہے۔ تو وہ کہنے لگی کہ تم بےشک ستّر سال کی ہو جاؤ ، مَیں پینتالیس سال کی ہی ہوں۔ تو ایسے بھی لوگ ہوتے ہیں۔ اس لیے حضرت مصلح موعود رضی الله عنہ نے کہا کہ عورتوں کو ابتلا میں نہ ڈالو۔ ان کو چھٹی دے دو۔
ملاقات کے اختتام پر تمام شاملینِ مجلس کو اپنے محبوب آقا کے ساتھ گروپ تصویر بنوانے سعادت بھی نصیب ہوئی۔
٭…٭…٭



