حضور انور کے ساتھ ملاقات

امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ رکنِ پارلیمنٹ بوسنیا اور ان کی اہلیہ کی ملاقات

آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک بنیادی بات بتائی ہے کہ جو تم اپنے لیے پسند کرتے ہو دوسرے کے لیے بھی پسند کرو۔ اگر یہ سوچ لوگوں میں پیدا کر دیں تو لوگوں کا احترام بھی شروع ہو جائے گا، خیال بھی شروع ہوجائے گا، ایمانداری بھی شروع ہو جائے گی، انصاف بھی شروع ہو جائے گا اور پھر صحیح نہج پر مسلمان اپنا مسلمان ہونے کا حق ادا کرنے والے ہوں گے

مورخہ ٢؍ نومبر ۲۰۲۶ء، بروزپیر، امام جماعت احمدیہ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ رکنِ پارلیمنٹ بوسنیا مکرم پروفیسر ڈاکٹر قادرییا ہوجچ (Kadrija Hodžić) صاحب اور ان کی اہلیہ کو بالمشافہ شرفِ ملاقات حاصل ہوا۔ یہ بابرکت ملاقات اسلام آباد (ٹِلفورڈ) میں واقع حضورِ انور کے دفتر میں منعقد ہوئی۔ انہوں نے خصوصی طور پر اس ملاقات میں شرکت کی غرض سے بوسنیا سے اسلام آباد (ٹِلفورڈ) کا سفر اختیار کیا۔

ملاقات کے آغاز میں مہمانانِ گرامی کو حضورِانور کی خدمتِ اقدس میں اپنا تعارف پیش کرنے کا موقع ملا۔

دورانِ ملاقات مکرم ڈاکٹر ہوجچ صاحب نے جماعت احمدیہ کی خدمات اور اس کے مثبت معاشرتی کردار کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے عرض کیا کہ جماعت احمدیہ نے جس طرزِ عمل کو اختیار کر رکھا ہے، بالخصوص سب کو ساتھ لے کر چلنے اور ایک کثیرالثقافتی معاشرے میں باہمی رواداری، ہم آہنگی اور احترامِ باہمی کے ساتھ رہنے کا جو عملی نمونہ پیش کیا ہے وہ نہایت قابلِ قدر ہے۔ بالخصوص یورپ میں جماعت احمدیہ جس خوبی اور اَحسن انداز میں یہ خدمات سرانجام دے رہی ہے، وہ دیگر تمام مسلمانوں کے لیے ایک قابلِ تقلید نمونہ ہے اور انہیں جماعت احمدیہ کے اس طرزِ عمل سے سیکھنا چاہیے۔

اس پر حضورِ انور نے بوسنیا کے اس معزز رکنِ پارلیمنٹ کی پارلیمان اور معاشرے میں مؤثر آواز کا ذکر کرتے ہوئے اس کے ذریعے مسلمانوں میں باہمی اتحاد کو فروغ دینے اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے زرّیں اصول کو اپنانے کی تلقین کرتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ یہ بھی مسلمان ہیں، اپنے ملک میں نمونہ اختیار کروائیں، ممبرآف پارلیمنٹ ہیں۔ ان کی پارلیمنٹ میں بھی اور معاشرے میں بھی ایک آواز ہے، تو اس آواز کو اُٹھائیں اور ان کو بتائیں کہ کس طرح جماعتِ احمدیہ چلتی ہے اور اس طرح ہمیں بھی ایک ہو کے چلنا چاہیے۔ اس کے لیے کہ ہم مسلمان ہیں۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک بنیادی بات بتائی ہے کہ جو تم اپنے لیے پسند کرتے ہو دوسرے کے لیے بھی پسند کرو۔ اگر یہ سوچ لوگوں میں پیدا کر دیں تو لوگوں کا احترام بھی شروع ہو جائے گا، خیال بھی شروع ہوجائے گا، ایمانداری بھی شروع ہو جائے گی، انصاف بھی شروع ہو جائے گا اور پھر صحیح نہج پر مسلمان اپنا مسلمان ہونے کا حق ادا کرنے والے ہوں گے۔

پھر حضورِ انور نے بوسنیا سمیت دیگر مسلم ممالک میں قیامِ امن کے لیے حکومتوں کی ذمہ داریوں اور مذہبی راہنماؤں کے مثبت کردار کو یقینی بنانے کے لیے قانون سازی کی بابت توجہ دلاتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ جب ان کے لیڈر جو ہیں، ان کا لوگوں سے رابطہ نہیں ہوگا، جس طرح یہ پولیٹیشن ہیںکہ جن دنوں میں الیکشن ہونا ہوتا ہے یہ لوگوں کے پاس جاتے ہیں،تقریریں کرتے ہیں، ووٹ لیتے ہیں۔ جب ووٹ لے لیتے ہیںتو پھر اس کے بعد اپنی اپنی constituency میں ایک کام کر رہے ہوتے ہیں، اگر لوگوں کو پسند آئے تو اگلے سال یہ پھر ممبر بن سکتے ہیں۔ نہیں کام کریں گے تو نہیں بنیں گے۔ اسی طرح علماء کے سسٹم میں بھی گورنمنٹ کو چاہیے کہ ایسا قانون بنائے کہ علماء کے سسٹم میں بھی ایک ایسا نظام پیدا ہو کہ جو مذہبی لحاظ سے بھی لوگوں کو صحیح راہنمائی کرنے والے ہوں۔ جو clerics ہیں یا مذہبی لیڈر ہیں یا جو بھی ہیں۔ تھوڑا سا تو قدم اُٹھانا پڑے گا کہ اگر اسلام کی صحیح تعلیم دنیا میں رائج کرنی ہے اور دنیا کو بتانا ہے کہ اسلام صحیح ہے۔ جو اسلام کے terrorist ہونے کا اور شدّت پسند ہونے کا اور ظالم ہونے کا غلط concept پیدا ہو گیا ہے ، اس کو اگر ختم کرنا ہے، تو اپنے مسلمان ملکوں میں جہاں مسلمانوں کی majority ہے، ان کو ایسے قدم اُٹھانے پڑیں گے کہ اسلام کی جو صحیح تعلیم ہے اس پر لے کے آئیں۔ گورنمنٹ ایک کورس مقرر کرے کہ یہ تمہارا ایک کورس ہے، ہر سال اس کے اُوپر جو عالم پاس ہوگا، اس کو ہم اگلے ایک سال سیٹ دینے کے لیے کوالیفائی کریں گے اور جس طرح ممبر آف پارلیمنٹ دو سال یا چار سال کے لیے بنتے ہیں، اسی طرح ان کے لیے قانون بنائیں، تبھی آپ کنٹرول کر سکتے ہیں۔ یہ کرنا حکومت کا کام ہے۔

بعدازاں حضورِ انور نے مسلم ممالک میں مُلّاں کے بےجا اثر و رسوخ اور ان کے خوف سے نکلنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے سیاست دانوں کو جرأت مندانہ کردار ادا کرنے اور مذہب کو ذاتی مفادات کی بجائے اس کی حقیقی روح کے مطابق اپنانے کی طرف توجہ دلاتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ بات یہ ہے کہ اگر انہوں نے اپنے ملک کو بچانا ہے، تو اس خوف کو گورنمنٹ کو دُور کرنا پڑے گا، مولوی کا ایک حوّا دل میں بٹھایا ہوا ہے کہ وہ پتا نہیں کیا کر دے گا۔ مولوی کو اگر الیکشن میں کھڑا کریں تو اس کو کوئی ووٹ نہیں ملے گا۔ ووٹ پولیٹیشن کو ہی ملے گا۔ اس لیے پولیٹیشنز کو جرأت سے ایک قدم اُٹھانا چاہیے۔ سارے مسلمان ملکوں کا یہی المیہ ہے کہ جہاں مولویوں سے یہ ڈرتے ہیں۔ اور ہر کام کے لیے ایک وقت ہوتا ہے اور وقت لگتا ہے، اس لیے یہ پولیٹیشن ایک لابی بنائیں، پولیٹیشنز عوام میں جا کے کہیں کہ اپنے ملک کو بچانا ہے تو تم مولویوں کے پیچھے زیادہ نہ چلو۔ مذہب بالکل ضروری ہے، اختیار کرنا چاہیے، لیکن مذہب کو کسی عالِم کے لیے، مولوی کے فائدے کے لیے نہیں استعمال ہونا چاہیے۔ مذہب کو اپنی مذہبی رسومات کے لیے ادا کرو اور ملک کی ترقی کے لیے جو ہمیں کوشش کرنی چاہیے، وہ ہمیں اکٹھے مل کے کرنی چاہیے اور اس کے لیے ہمیں کسی مولوی کے پیچھے چلنے کی ضرورت نہیں۔ تو بہرحال ایک وقت لگے گا۔

معزز مہمان نے جماعتِ احمدیہ سے اپنے ابتدائی تعارف کا ذکر کرتے ہوئے بیان کیا کہ ان کی جماعتِ احمدیہ کے نمائندگان سے پہلی ملاقات اس وقت ہوئی کہ جب وہ اپنے زیرِ انتظام علاقے کے پرائم منسٹر تھے۔ اس زمانے میں عموماً لوگ ان کے پاس کسی نہ کسی مطالبے کی غرض سے حاضر ہوتے تھے تاہم جماعت احمدیہ کے نمائندگان نے ان سے ملاقات کے دوران ان کے علاقے میں خدمتِ خلق کے منصوبوں میں تعاون کی پیشکش کی۔ مہمان کے مطابق جماعت کا یہ طرزِ عمل ان کے لیے غیر معمولی تھا اور اس نے ان کے دل پر گہرا اثر چھوڑا۔ انہوں نے اس بات کو خاص طور پر قابلِ ذکر قرار دیا کہ جہاں دیگر لوگ ان سے کچھ حاصل کرنے کی غرض سے آتے تھے، وہاں جماعت احمدیہ کے نمائندگان کا مقصد محض خدمتِ انسانیت تھا اور ان کی نیّت میں خلوص نمایاں تھا۔

اس پر حضورِ انور نے مسلمانوں کے موجودہ تصوّر کا تقابل قرونِ اُولیٰ کے مسلمانوں کے درخشاں علمی و تاریخی کردار سے کرتے ہوئے اسلامی تاریخ میں مسلمانوں کی علمی، تجارتی اور صنعتی ترقی کا ذکر فرمایا کہ یہ جو مسلمانوں کا غلط تصوّر پیدا کر دیا ہے، یہ علماء کی پیدا کردہ باتیں ہیں کہ مانگتے رہو۔ مسلمانوں کا یہ تصوّر ہو گیا ہے کہ مانگیں گے، حالانکہ جو قرونِ اُولیٰ کے مسلمان تھے اور اس کے بعد کے مسلمان جوآخری سات آٹھ سو سال تک ترقی کرتے رہے، وہ لوگوں کو دیتے رہے اور ترقی کرتے رہے۔ علم بھی انہوں نے دیا اور تجارت میں بھی بڑھے، انڈسٹری میں بھی بڑھے، علم میں بھی بڑھے اور اُن میں پروفیسر بھی تھے، ان میں سائنسدان بھی تھے۔ تو یہ لوگوں کو دینے والے لوگ تھے اور ان کے وقت میں، بادشاہوں کے زمانے میں بھی چاہے وہ بادشاہت بھی تھی، ہارون الرّشید وغیرہ کے زمانے میں ترقیاں ہوئی ہیں، سپین میں ترقی ہوئی ہے۔

[قارئین کی معلومات کے لیے عرض ہے کہ ہارون الرّشید (۷۶۳ء یا ۷۶۶ء تا ۸۰۹ء) عبّاسی دَورِ حکومت کے پانچویں سربراہ تھے، جنہوں نے ۷۸۶ء سے ۸۰۹ء تک حکومت کی۔ ان کے دورِ حکومت میں بغداد علم و ادب، تجارت اور تہذیب و ثقافت کا ایک اہم مرکز بن گیا تھا۔ ان کے دربار میں علماء، شعراء اور اہلِ فن کی سرپرستی کی جاتی تھی۔ ہارون الرّشید کا نام بالخصوص عبّاسی دَور کے عروج اور بغداد کی علمی و تہذیبی ترقی کے حوالے سے تاریخ میں نمایاں مقام رکھتا ہے۔ وہ ۸۰۹ء میں خراسان کے شہر طوس میں وفات پا گئے۔]

اسی پسِ منظر میں حضورِ انور نے جماعتِ احمدیہ کے قیام کے مقصد اور مسلمانوں کے کھوئے ہوئے مقام کی بحالی کے لیے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی بعثت کے حوالے سے ارشاد فرمایا کہ اب تو مسلمانوں کا صرف یہ تصوّر پیدا ہو گیا کہ صرف مانگتے ہیں، اور اس مانگتے تصوّر کی وجہ سے دنیا میں مسلمانوں کی کوئی حیثیت نہیں رہی اور ان کو ایک بُری نظر سے دیکھا جاتا ہے۔ اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی پیشگوئی کے مطابق مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام اسی مقام کو قائم کرنے کے لیے مسلمانوں میں آئے تھے، یہی ہماری جماعت کا مقصد ہے اور اسی کی ہم تبلیغ کرتے ہیں اور اسی کا ہم اظہار کرتے ہیں۔ کوئی نئی چیز نہیں ہے جو ہم کر رہے ہیں، بلکہ ہم اصل اسلامی تعلیم کے مطابق چل رہے ہیں، اس لیے اس نے نیک اثر ان پر بھی قائم کیا۔

اس پر معززمہمان نے عرض کیا کہ حضورِ انور کی اجازت سے مَیں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ جماعتِ احمدیہ کا کام اور تعلیم محض ایک مذہبی کام نہیں ہے بلکہ اس میں انسانی پہلو بھی نمایاں ہے۔ انسانی زندگی سے تعلق رکھنے والے مختلف شعبہ جات میں جماعتِ احمدیہ کا نمونہ ان تمام پہلوؤں کا احاطہ کرتا ہے۔ اس لیے ان شاء اللہ مَیں کوشش کروں گا کہ اس پہلو سے بھی جماعت کا یہ پیغام وہاں پہنچاؤں اور مختلف سیمینارز اور مکالموں کے انعقاد کے ذریعے اپنا تجربہ وہاں کے لوگوں تک پہنچاؤں۔ مجھے اُمید ہے کہ جماعت کی طرف سے اس حوالے سے مجھے تعاون حاصل ہوتا رہے گا۔

معزز مہمان کے اس عزم کے اظہار پر حضورِ انور نے اسلام کی حقیقی تعلیمات اور حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی بعثت کے بنیادی مقصد کی وضاحت کرتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ ٹھیک ہے، اصل میں تو اللہ تعالیٰ نے حکم دیا ہے کہ جہاں تم اللہ کی عبادت کا حق ادا کرو، وہاں اللہ کی مخلوق کا بھی حق ادا کرو۔ تو اس لحاظ سے اللہ کی مخلوق کا حق ادا کرنا ان کی خدمت کرنا اور ہر شعبے میں ان کی راہنمائی کرنا، یہ بات بھی ایک مذہبی فریضہ بن جاتی ہے ، جس پر ہم عمل درآمد کر رہے ہیں۔ اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے فرمایا کہ میرے آنے کا یہی مقصد تھا کہ بندے کو خدا کے قریب کروں اور لوگوں کو ایک دوسرے کا حقّ ادا کرنے کی طرف توجہ دلاؤں، اس کے طریقے بتاؤں کہ کیا ہیں اور اس کی طرف زور دوں۔

بعدازاں ملاقات کے اختتام پر معزز مہمان اور ان کی اہلیہ کو حضورِانور کی خدمتِ اقدس میں ایک تحفہ پیش کرنے اور آپ کے ساتھ تصویر بنوانے کی سعادت بھی حاصل ہوئی۔

ملاقات کے بعد معزز رکنِ پارلیمنٹ نے حضورِ انور کی بصیرت افروز راہنمائی، بوسنیا و ہرزیگووینا کے حالات سے گہری آگاہی اور یورپی معاشرے میں مسلمانوں کی مذہبی و ثقافتی شناخت برقرار رکھتے ہوئے مثبت کردار ادا کرنے کے حوالے سے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے بیان کیا کہ حضرت خلیفۃالمسیح کے ساتھ ہماری ملاقات نہایت بصیرت افروز تھی، جس میں مختلف اُمور پر گفتگو ہوئی اور دنیا بھر کی مسلمان جماعتوں کے مستقبل اور ان کے استحکام کے حوالے سے تبادلۂ خیالات ہوا۔ مَیں نے محسوس کیا کہ حضورِ انور کو اس بات کا گہرا اِدراک ہے کہ بوسنیا و ہرزیگووینا میں کیا کچھ ہوا ہے اور آج بھی ہمارے معاشرے کو کن چیلنجز کا سامنا ہے۔ حضورِ انور نے ہمارے معاشرے کی کثیرالثقافتی شناخت برقرار رکھنے کی حمایت کا اظہار فرمایا اور اس بات پر بھی گفتگو فرمائی کہ اسلامی جماعتیں اس کی ترقی میں کس طرح اپنا کردار ادا کر سکتی ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ یورپی طرزِ زندگی سے ہم آہنگ ہوتے ہوئے مسلمانوں کی ثقافتی اور مذہبی شناخت کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔ ہماری ملاقات کا بنیادی پیغام یہی تھا۔ حضورِ انور نے اس حوالے سے بھی اپنے خیالات کا اظہار فرمایا کہ یہ مقصد کس طرح حاصل کیا جا سکتا ہے۔ ایک پروفیسر اور بوسنین ہونے کی حیثیت سے حضورِ انور کے یہ خیالات مجھے خاص طور پر بہت متاثر کُن لگے۔

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھUWT Swiss Systemsکے بانی و چیف ایگزیکٹو آفیسراور جنیوا میں اقوامِ متحدہ کے دفتر برائے انسانی حقوق کے اقتصادی، سماجی اور ثقافتی حقوق کے شعبے کے سربراہ کی ملاقات

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button