اطلاعات واعلانات
نوٹ: اعلانات صدر؍ امیر صاحب حلقہ؍جماعت کی تصدیق کے ساتھ آنا ضروری ہیں
سانحہ ارتحال
کرن ذیشان صاحبہ اہلیہ ذیشان محمود صاحب مبلغ سلسلہ سیرالیون تحریر کرتی ہیں کہ خاکسار کی والدہ محترمہ سلیمہ تبسم صاحبہ اہلیہ مکرم مرزا عبدالحمید صاحب مرحوم آف میرپورخاص سندھ مورخہ ۸؍اکتوبر ۲۰۲۶ء کو بعمر ۷۳؍سال بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ انا للہ و انا الیہ راجعون
اگلے روز حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ سننے کے بعد مکرم نعیم اظہر صاحب مبلغ سلسلہ سیرالیون نے نماز جنازہ پڑھائی۔ مقبرہ موصیان مشاکا میں تدفین کے بعد مکرم موسیٰ میوا صاحب امیر جماعت احمدیہ سیرالیون نے دعا کروائی نیز خطبہ جمعہ میں مرکزی مبلغین اور ان کی قربانیوں کے ذکر کے ساتھ مرحومہ کا ذکرخیر بھی کیا۔
وفات سے قریباً دو ہفتے قبل وہ اچانک بیمار ہوگئیں۔ مختلف طبی معائنوں کے بعد Biopsyتجویز کی گئی لیکن عمر رسیدہ ہونے اور شدید کمزوری کے باعث یہ ممکن نہ ہوسکی۔ تاہم کینسر کی علامات بڑھتی گئیں اور بیماری نے دیگر اعضاء کو بھی متاثر کیا۔ اور پھر اللہ تعالیٰ کی تقدیر غالب آگئی۔
مرحومہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے موصیہ تھیں۔ آپ مقبرہ موصیان سیرالیون میں دفن ہونے والی پہلی پاکستانی خاتون ہیں۔ آپ ڈاکٹر عبدالمنان صدیقی صاحب کے ہسپتال میں بطور سٹاف خدمت کرتی رہیں نیز گورنمنٹ پرائمری سکول میں بطور ٹیچر بھی خدمات انجام دیتی رہیں۔ سیکرٹری دعوت الی اللہ میرپور خاص شہر تھیں اور ایک بیعت بھی کروائی۔
آپ ناصرآباد سٹیٹ کی رہائشی تھیں۔ بچپن میں حضرت خلیفةالمسیح الثالثؒ کی خواہش پر انہیں آپؒ کے گھر میں رہنے اور آپؒ کے زیر تربیت رہنے کا موقع ملا۔ بی بی حکمی صاحبہ نے آپ کی خصوصی تربیت کی۔ مرحومہ اس دور کو ہمیشہ یاد کرتی تھیں اوربتاتی تھیں کہ نمازوں، رمضان میں تراویح پڑھنے اور قرآن کریم کی تلاوت میں مشغول رہنے کی عادت انہیں وہیں سے ملی۔ اکثر بتاتی تھیں کہ حضرت خلیفة المسیح الثالثؒ نے ایک مرتبہ انہیں انگلیاں چٹخانے سے منع فرمایا تھا۔ اس کے بعد کبھی کسی نے ان کو انگلیاں چٹخاتے نہیں دیکھا۔
نمازیں بروقت ادا کرتیں، بعد میں گھر میں باجماعت نماز ہوتی تو دوبارہ بھی شامل ہو جاتیں۔ رمضان المبارک میں قرآن کریم کے دو، بلکہ بعض اوقات تین دور مکمل کیا کرتی تھیں۔ وفات کے وقت موبائل پر قرآن کریم کا آخری صفحہ کھلا تھا یعنی دور مکمل کر لیا تھا۔ آخری وقت تک ہماری نمازوں کا بھی خیال رکھتی تھیں۔ آپ کی زندگی نماز، تہجد، دعاؤں، بیماروں کی عیادت اور دوسروں کی خدمت سے عبارت تھی۔ کسی کو معمولی تکلیف بھی ہوتی تو اسے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں خط لکھنے کی تاکید کرتیں۔ اپنی آخری بیماری اور تکلیف کے لمحات آپ نے بےحد صبر سے گزارے۔
وفات سے چند لمحے قبل خاکسار نے انہیں کلمۂ طیبہ اور کلمۂ شہادت پڑھایا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے انہوں نے بآواز بلند ان کلمات کو دہرایا اور اس کے بعد پُرسکون ہوگئیں۔
وفات کے بعدرشتہ داروں، احمدی اور غیر احمدی جاننے والوں نے فون کر کے آپ کی بہت سی خوبیوں اور عادات کا ذکر کیا۔ آپ کو اکثر سچے خواب آتے۔ رسول اللہﷺ، حضرت مسیح موعودؑ اور خلفائے احمدیت کو اکثر خواب میں دیکھتیں۔ آپ کی ڈائری میں کئی خوابیں درج ہیں۔
پنشن وصول ہوتے ہی سب سے پہلے حصہ آمد ادا کرتی تھیں۔ سیرالیون آکر سب سے بڑی فکر چندے کی تھی۔
افریقہ آنے کے بعد پڑوس کی خواتین اور عمارت کے نیچے چھوٹی چھوٹی دکانیں لگانے والی خواتین کو روزانہ باقاعدگی سے سلام کیا کرتی تھیں۔ رفتہ رفتہ ان سے ان کی دوستی ہوگئی اور وہ انہیں محبت سے Granny from Ahmadiyyaکہنے لگیں۔ ان خواتین کو بھی کچھ نہ کچھ بھجوانے اور ان کی خبرگیری کرنے کی تلقین کرتی رہتی تھیں۔ ان کی وفات کا سن کر مقامی خواتین نے حسب روایت افسوس بھی کیا۔ سیرالیون آنے کے بعد جمعہ، جلسے، اجتماعات اور جماعتی پروگرامز میں خوشی سے شامل ہوتیں اور پاکستان کے احمدیوں کے لیے دعا کرتیں۔
دو جوان بیٹے بقضائے الٰہی وفات پا گئے لیکن صبر سے یہ صدمے برداشت کیے۔ کوئی شکوے کا کلمہ منہ پر نہ آیا۔ راضی برضائے الٰہی رہیں۔ اپنی مرحوم بہن اور اپنے مرحوم بھائی کی یتیم بیٹیوں کی اپنے گھر میں رکھ کر پرورش کی۔ تعلیم و تربیت کا خرچ اٹھایا اور ان کی اچھے طور پر شادیاں بھی کیں۔ پسماندگان میں دو بیٹیاں، دو بیٹے اور متعدد نواسے نواسیاں، پوتے پوتیاں ہیں۔ ایک بیٹے مکرم مرزا عطاءالرؤوف صاحب مربی سلسلہ، سپین میں خدمت بجالارہے ہیں۔
احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ والدہ مرحومہ کے درجات بلند فرمائے، ان سے رحم اور مغفرت کا سلوک فرمائے اور ان کی دعاؤں، قربانیوں اور نیک تربیت کے فیوض کو ہمارے لیے ہمیشہ جاری رکھے۔ آمین



