کلام امام الزمان علیہ الصلاۃ والسلام

ارشادات عالیہ سیدنا حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام

اے اسلام کے علماء اور مخلوق میں سے بہترین وجود (محمدمصطفی صلی اللہ علیہ وسلم) کی ملّت کے فقہاء ! مجھے ایک ایسے شخص کے بارہ میں فتویٰ دو

جس نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ وہ خدائے کریم کی طرف سے ہے اور وہ اللہ کی کتاب اور اُس کے شفیق اور مہربان رسول پر ایمان لاتا ہے۔

اور اللہ نے اس کے لئے خارق عادت امور دکھائے اور روشن کرنے والے نشانات اور نصرت کے عجائب ظاہر کئے۔ یہ مدّعی اس زمانے میں

ظاہر ہوا جس میں فتنوں اور بدعات کی کثرت تھی اور اسلام پر ضعف طاری تھا۔ اور اس کے عمل میں بھی کوئی ایسی چیز نہیں پائی گئی جو خیر الانبیاء

 صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت کے مخالف ہو۔ بلکہ وہ ان تمام احکام اور پیش گوئیوں پر ایمان رکھتا ہے جو رسول کریم ؐ لے کر آئے تھے۔

’’بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اللہ کے نام کے ساتھ جو بے انتہا رحم کرنے والا ، بِن مانگے دینے والا (اور) بار بار رحم کرنے والا ہے۔

ہم بزرگ و برتر اللہ کی ستائش کرتے اور اس کے رسول پر درود بھیجتے ہیں۔

 اے ہمارے ربّ ! ہم تیرے حضور مظلوم بن کر آئے ہیں سو تو ہمارے اور ظالم قوم کے درمیان فرق فرما۔ آمین

 بعد ازیں، اللہ تم پر رحم فرمائے، جان لو کہ میں نے اس رسالے کو دو حصوں اور دو بابوں میں تقسیم کیا ہے۔ اور اس سے غرض معاندین پر اتمام حجت کرناہے۔ اور مَیں نے اسے آنسوؤں کے پانی اور دل کی حرارت سے تحریر کیا ہے اور بندوں کے ربّ پر توکّل کرتے ہوئے اُسے ایک خاتمہ پر ختم کیا ہے۔ (٭ ہم نے اس رسالہ کو اپنی کتاب حقیقۃ الوحی کے ساتھ شامل کیا ہے اور اسے اس کتاب کا ضمیمہ بنایا ہے اور ہم نے اس کے کچھ نسخے الگ بھی شائع کئے ہیں۔)

استفتاء کا پہلا باب

اے اسلام کے علماء اور مخلوق میں سے بہترین وجود (محمدمصطفی صلی اللہ علیہ وسلم) کی ملّت کے فقہاء ! مجھے ایک ایسے شخص کے بارہ میں فتویٰ دو جس نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ وہ خدائے کریم کی طرف سے ہے اور وہ اللہ کی کتاب اور اُس کے شفیق اور مہربان رسول پر ایمان لاتا ہے۔اور اللہ نے اس کے لئے خارق عادت امور دکھائے اور روشن کرنے والے نشانات اور نصرت کے عجائب ظاہر کئے۔اور وہ ایسے زمانے میں ظاہر ہؤا جو دین کے لحاظ سے ایک عُریاں کی طرح ہے۔ اور اسلام کے سینے پر ایک برچھی کی طرح(پیوست) ہے۔ اور علماء ِ وقت ایک ایسے شخص کی مانند ہیں جس کی دونوں ٹانگیں اس کا ساتھ نہیں دے رہیں۔ اور جس میں پادری لوگ ایک ایسے بہادر مرد کی طرح باہر نکل آئے ہیں جس کے پاس دو تیر ہیں۔ ایک تیر وہ جسے وہ اپنی فریب کاریوں اور مختلف النوع بہتانوں کے ساتھ ملت اسلام کو مجروح کرنے کیلئے تیز کرتے ہیں۔اور دوسرا تیر وہ ہے جسے وہ لوگوں کو عیسائیت میں داخل کرنے کیلئے اپنی کمان پر چڑھاتے ہیں۔تم ان (پادریوں) کو ایک تہس نہس کرنے والے تباہی پھیلانے والے بھیڑیئے کی طرح یا اثاثہ لوٹنے والے چور کی طرح پائو گے۔ اور ان کے پاس صرف روایات ہیں اور وہ کچھ ہے جسے عقل قبول نہیں کرتی۔ اُن کے دین کا ستون صرف کفّارہ کی لکڑی ہے، اور اس سے نفسِ ا مّارہ کیلئے ہر دروازہ کھول دیا گیا ہے۔ پھر کیا اس سے بڑھ کر کوئی وحشت ناک، فحش اور سعید طبائع کیلئے انتہائی ناقابلِ قبول عقیدہ ہو سکتا ہے؟

مزید برآں وہ (پادری) اللہ کے دین اور خیرالانام (حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم) کو گالیاں دیتے ہیں، اور یہ اسلام پر ایک نہایت شدید مصیبت ہے۔ اور ایسا دین جو محض ایک لکڑی پر قائم ہو اُس کی تحقیق کی کوئی ضرورت نہیں، اور نہ عقل اس کی تصدیق کی طرف رہنمائی کرتی ہے۔ بلکہ پاک فطرت اس سے نفرت کرتی اور ایسی باتوں سے بھاگتی ہے اور تثلیث کے مذہب کو تین طلاقیں دیتی ہے اور رہا (حضرت) عیسیٰ ؑکے صعود اور نزول کا مسئلہ تو اسے عقل اور اللہ کی کتاب قرآن جھٹلاتی ہے۔ اور وہ محض ایک لوری کی طرح ہے جس سے بچوں کو سلایا جاتا ہے یا گڑیاں ہیں جن سے لڑکیاں اور لڑکے کھیلتے ہیں۔ جس پر نہ تو کوئی دلیل قائم ہوئی ہے اور نہ کسی برہان نے اس کی گواہی دی۔ پس خلاصۂ کلام یہ کہ یہ مدّعی اس زمانے میں ظاہر ہوا جس میں فتنوں اور بدعات کی کثرت تھی اور اسلام پر ضعف طاری تھا۔

نیز اس دعویٰ سے پہلے اس کے احوال میں جھوٹ اور افترا کی کسی عادت کا شائبہ تک نہیں پایا گیا۔ نہ بڑھاپے کے زمانے میں اور نہ جوانی کے عالم میں۔ اور اس کے عمل میں بھی کوئی ایسی چیز نہیں پائی گئی جو خیر الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت کے مخالف ہو۔ بلکہ وہ ان تمام احکام اور پیش گوئیوں پر ایمان رکھتا ہے جو رسول کریم ؐ لے کر آئے تھے۔ اور ہراس بات پر ایمان رکھتا ہے جو تمام متقیوں کے سردار ہمارے نبی (ﷺ)سے ثابت ہے۔ اور وہ ایمان رکھتا ہے کہ آپؐ نفسانی خواہشات کے معالج ہیں۔ آپؐ نے تمام گناہوں کے زخموں کا علاج اور مداوا کیا اور آپؐ اس لئے تشریف لائے تاکہ آپؐ تمام جہان کی اصلاح فرماویں۔ اور آخری امّت کا رشتہ پہلی امتوں سے جوڑیں۔ اور اگر تو اس کے اعمال کے نمونہ کا متلاشی ہے تو ضرور اُس میں مصطفی ؐ کا اُسوہ پائے گا۔ ہدایت کی تمام راہوں میں وہ آپؐ کی پیروی کرتا ہے۔ دشمنوں نے پوری کوشش کی اور بلا کی طرح اس پر ٹوٹ پڑے۔ اوراس کے معاملہ کی پوری چھان بین کی تاکہ اس کے کسی ایسے قول پراطلاع پاویں جس میں ملّت بیضاء کی مخالفت ہو۔ اور بمقتضائے بغض و عناد وہ اس کے سوانح کے مطالعہ میں جُت گئے لیکن اپنی شدت عداوت کے باوجود وہ جرح و قدح اور نکتہ چینی اور تحقیر کے لئے کوئی راہ نہ پا سکے۔ اور نہ ہی انہوں نے کوئی ایسا طریقِ کار پایا جسے خود غرضی اور خواہشات پر محمول کیا جا سکے۔‘‘(الاستفتاء مع اردو ترجمہ صفحہ 1تا4۔ شائع کردہ نظارت اشاعت صدر انجمن احمدیہ پاکستان۔ ربوہ)

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button