مَصَالِحُ الْعَرَب(قسط نمبر406)
(عربوں میں تبلیغ احمدیت کے لئے حضرت اقدس مسیح موعود؈ او رخلفائے مسیح موعودؑ کی بشارات،گرانقدرمساعی اور ان کے شیریں ثمرات کا ایمان افروزتذکرہ)
مکرم فہد محمد سلیم غزوصاحب
مکرم فہد محمد غزو صاحب کا تعلق بلاد شام کے ایک عرب ملک سے ہے جہاں ان کی پیدائش 1989ء میں ہوئی ۔ پھر انہیں 2011 ء میں بیعت کرنے کی توفیق ملی۔وہ احمدیت کی طرف اپنے سفرکا مختصراحوال یوں بیان کرتے ہیں :
سابقہ دینی عقائد ا ورخیالات
احمدیت قبول کرنے سے پہلے میرا تعلق اہل سنّت والجماعت کے اس طبقے سے تھا جو شاید اپنے عقائد کی خرابی کا علم ہونے کے باوجود اس بارہ میں سوچنا نہیں چاہتا یا پھروہ اس حد تک لاعلم اور جاہل ہے کہ اس کا عقیدہ محض اپنے آبا ؤاجداد کی اندھی تقلید کے سوا کچھ نہیں۔
مَیں نے امام مہدی اور عیسیٰ ابن مریم ؑ کے ظہور کے بارہ میں احادیث بھی سن رکھی تھیں،لیکن دونوں شخصیات کے بارہ میں مروّجہ تصور ایک طرف تو افسانوی رنگ لئے ہوئے تھاجبکہ دوسری طرف اسلام کی ترقی کی بے شمار خبریںان سے وابستہ ہونے کی وجہ سے بہت اہمیت کا حامل تھا۔ مختلف مولویوں سے پوچھنے کے بعد مَیں یہی سمجھا تھا کہ امام مہدی اور عیسیٰ ابن مریم کا ظہور مستقبل بعید میں ہوگا ۔
جماعت سے تعارف،رابطہ اور بیعت
مَیں نے کبھی جماعت احمدیہ کا نام تک نہ سنا تھا۔ لیکن ایک روز میں اپنے ریسیور میں نئے چینلز کو انسٹال کررہاتھا کہ کئی نئے چینلز کے ساتھ ایم ٹی اے العربیہ بھی انسٹال ہو گیا۔میں نے اس پر ایک تصویر دیکھی جس کے نیچے حضرت مرزا غلام احمد قادیانی امام مہدی ومسیح موعود کے الفاظ تحریر تھے۔مجھے یہ پڑھ کر حیرانی ہوئی۔ چنانچہ حقیقت جاننے کی خاطر مَیں نے کہا کہ دیکھتے ہیں کہ یہ بات کس حد تک درست ہے۔ چنانچہ جب میں نے اس چینل کے پروگرام دیکھنے شروع کئے تو ہر پروگرام اور اس میں پیش کئے گئے خیالات مجھے بہت پسند آئے اور کسی بات کے انکار کی گنجائش نہ رہی۔کچھ عرصہ کے بعد مَیںنے پروگرام الحوار المباشر میں بات کرنے کے لئے فون کیا تو مجھ سے پوچھا گیا کہ کیا تم احمدی ہو؟ مَیں نے کہا ایسے ہی لگتا ہے کہ دل سے تو میں احمدی ہو چکا ہوںلیکن ابھی بیعت نہیں کی۔ کچھ عرصہ کے بعد مجھے میرے ملک سے ہی ایک شخص کا فون آیا اس نے اپنا تعارف کروایاتو مجھے پتہ چلا کہ میرا فون نمبر لندن سے یہاں رابطہ کے لئے ارسال کیا گیا تھا۔میں نے اس سے پوچھا کہ آپ جمعہ کہاں پڑھتے ہیں؟ نیز اگر کوئی احمدی میرے شہر میں بھی ہو تو مجھے آگاہ کردیں۔چنانچہ مجھے ایک شخص کا فون دے دیا گیا۔ پھر جب میںاس سے رابطہ کر کے ملا تووہ مجھے نماز سنٹر میں لے گیا جہاںمیری دیگر احمدیوں سے بھی ملاقات ہوگئی۔ میں دل سے تو پہلے ہی مطمئن ہو چکاتھااس لئے یہاں معمولی سوال وجواب کے بعد میں نے 2010ء میں بیعت کر لی۔
شدید مخالفت اورظلم وستم کا سامنا
مَیں اس وقت پولیس میں سپاہی کے طور پر ملازمت کرتا تھا اور بیعت کے بعدنماز جمعہ کے لئے خصوصی طور پر چھٹی لے کر احمدیہ نماز سنٹر پہنچتا۔جب میرے والد صاحب نے یہ دیکھا کہ میں نے علاقے کی جامع مسجد کی بجائے کسی ا ور جگہ نماز ادا کرنی شروع کردی ہے تو انہوں نے میری مخالفت شروع کردی۔ پھر جب انہیں یہ پتہ چلا کہ میں ان کی مسجدکو چھوڑ کر احمدیوں کے پاس جاتا ہوں تواس بارہ میں استفسار کے لئے وہ مولوی حضرات کے پاس جاپہنچے، چنانچہ جب مولوی حضرات نے حسبِ معمول کہا کہ یہ جماعت کافر اور دائرۂ اسلام سے خارج ہے تو والدنے مجھ پر مزید سختی کرتے ہوئے مجھے اور جماعت کو گالی گلوچ کا نشانہ بنانا شروع کردیا۔ جب انہوں نے دیکھا کہ اس بات کا بھی مجھ پر کوئی اثر نہیں ہوا تو انہوں نے میرے قصبے سے چلنے والی گاڑیوں کے ڈرائیوروں کومیری نسبت سختی سے کہا کہ اسے اپنی گاڑی میں سوار نہیں ہونے دینا۔پھر جب ان کا یہ حربہ بھی کارگر ثابت نہ ہوا تو انہوں نے میرے چچاؤں کے ساتھ مل کر میرا تعاقب کرنے کا پلان تیار کیا اورپھر ایک دن میرے پیچھے پیچھے نماز سنٹر آن پہنچے۔ جب میں نماز پڑھ کر نکلا تو دیکھ کر حیران رہ گیا کہ میرے تایا، والد صاحب اور دو چچا میرے سامنے کھڑے تھے۔ انہوں نے زبردستی مجھے اپنی گاڑی میں بٹھانے کی کوشش کی۔ میرے انکار پر میرے ایک چچا نے میرے منہ پرزور دار طمانچہ رسید کردیاجبکہ دوسرا چچا بھی اس’’ کار خیر ‘‘میں اپنا حصہ ڈالنے کے لئے آگے بڑھا تاہم لوگوں نے چھڑا لیا۔ اس کے بعد میں اپنے گھر تو نہ جاسکا تاہم میرے ایک ہمسائے نے کچھ عرصہ کے لئے مجھے پناہ دی جس کے بعد ایک احمدی نے ایک حکومتی آفیسر سے بات کی جس کی وساطت سے میرے معاملات کسی حد تک درست ہوگئے اور میں بلا روک ٹوک احمدیوں سے ملنے اور ان کے ساتھ نمازیں ادا کرنے لگا۔
نوکری سے فراغت اور گھر بدری
کچھ عرصہ ہی گزرا تھا کہ میرے ایک چچا نے سی آئی ڈی والوں کو فون کر کے میرے بارہ میں کہا کہ یہ پولیس کی نوکری کیسے کرسکتاہے جبکہ اس کا تعلق ایک ایسی مذہبی جماعت سے ہے جسے علماء کافر قرار دے چکے ہیں۔چنانچہ اس شکایت پر میری جواب طلبی ہوگئی۔مجھ سے جماعت اور حضرت بانیٔ جماعت احمدیہ کے بارہ میں معلومات اور سوال وجواب کے بعد سیکیورٹی فورسز کے ایک مفتی کے حوالے کردیا گیا۔ میں نے اس سے بات کی اور اسے جماعت احمدیہ کے دیگر مسلم جماعتوں سے فرق کے بارہ میں بتایا لیکن اس کی تسلی نہ ہوئی۔چنانچہ اس نے فوج کے دارالافتاء میں ایک کیپٹن کی ڈیوٹی لگا دی کہ وہ ہفتہ وار میرے ساتھ بیٹھے اور مجھے احمدیت سے تائب کرانے کی کوشش کرے۔
ہم دونوں ہفتہ وار بیٹھتے تو ہم میں سے ہر ایک دوسرے کو اپناہم موقف بنانے کی کوشش کرتالیکن ہم میں سے کوئی بھی اپنی کوشش میں کامیاب نہ ہوسکا، تاہم ہماری بحثوں کا یہ نتیجہ ضرور نکلا کہ کچھ عرصہ کے بعد مجھے نوکری سے فارغ کردیا گیا۔
نوکری سے فارغ ہونے سے قبل میرے والد صاحب کی سخت کلامی اور گالی گلوچ عروج پر پہنچ چکا تھا۔ وہ اکثر میری چیزیں اٹھا اٹھا کر باہر پھینکنا شروع کردیتے اور مجھے کہتے کہ میرے گھر سے نکل جاؤ۔ چنانچہ چاروناچار مجھے گھر سے نکلنا پڑا۔ میں نے اسی علاقے میں ایک گھر کرائے پر لے کر رہنا شروع کردیا۔ ان دنوں میری والدہ کینسر کے مرض میں مبتلا تھیں اور شدید علیل تھیں۔اس حالت میں بھی وہ حضرت امام مہدی علیہ السلام اور آپ کی جماعت کو برا بھلا کہنے سے پرہیز نہ کرتی تھیں۔ بہر حال کچھ عرصہ کے بعد ہی ان کی وفات ہوگئی تو مَیں دوبارہ گھر لوٹ آیاکہ شاید اب حالات کچھ بدل گئے ہوں۔یہ وہی دن تھے جب مجھے نوکری سے بھی فارغ کردیا گیا تھا ۔ جب میرے والد صاحب کو میری نوکری سے فراغت کا علم ہوا تووہ سیخ پا ہوگئے اور مجھے زبردستی گھر سے نکال دیا۔تب میں نے مجبور ہوکر اس علاقے کو ہی چھوڑنے کا فیصلہ کیا اور دارالحکومت کی طرف عازم سفر ہوا۔
دعوت الی اللہ کا شوق اور ثمرات
دارالحکومت پہنچ کر مجھے اپنے اور اپنے مستقبل کے بارہ میں کچھ سوچنے کا موقع ملا تو بالآخر مَیں اسی نتیجہ پر پہنچا کہ دنیا کی زندگی تو چار روزہ ہے اور خدا کے راستے کی طرف بلانے سے بہتر اور کوئی کام نہیں ۔چنانچہ میں نے حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ کی خدمت میں جامعہ احمدیہ میں تعلیم حاصل کرنے کی خواہش پر مشتمل خط لکھ دیا۔حضور انور نے ازراہ شفقت جامعہ احمدیہ غانا میں پڑھنے کا ارشاد فرمایا اور میں اب بفضلہ تعالیٰ یہیں پر تعلیم حاصل کررہا ہوں۔
اگست 2015 ء میں مَیں بعض دوستوں کے ہمراہ قریبی شہر cape coast میںسیر کے لئے گیا۔ وہاںساحل پر ایک ہوٹل میں ہماری ملاقات ایک یورپین سے ہوئی جو ملحد تھا اور اس وقت شراب پی رہا تھا۔ ہم نے اسے اسلام کا پیغام پہنچایا۔اس نے کسی دلچسپی کا اظہار نہ کیا، تاہم اتنا ضرور کہا کہ ایسا پہلی مرتبہ ہوا کہ شرابی ہونے کے باوجود مجھے کسی مسلمان نے اپنے پاس بیٹھنے کے لئے بلایا ہے۔
ہم وہاں سے لَوٹ ہی رہے تھے کہ اس وقت ایک عربی شخص ہوٹل میں داخل ہوا۔ ہمارے سلام کرنے پر اس نے بتایا کہ وہ ڈاکٹر ہے اور اس شہر میں ہی مقیم ہے۔وقت کی کمی کے باعث میں نے اسے محض اتنا ہی کہا کہ میرا تعلق جماعت احمدیہ سے ہے جس کا ایمان ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی پیشگوئیوں کے مطابق امت محمدیہ میں امام مہدی ظاہر ہوچکے ہیں۔اس نے کہا کہ میں نے ٹی وی پر آپ کا جلسہ سالانہ دیکھا تھا۔ میں نے اسے بتایا کہ ہماری جماعت کا بڑا ہدف دنیا میں امن وسلامتی اور محبت کو عام کرنا ہے۔ اس نے کہا کہ ایسے پیغام کودنیا میں پھیلانے کے لئے مجھے بھی اپنے ساتھ ہی شمار کر لیں۔
مَیں نے اس کا فون نمبر لے لیا اور رابطہ کا وعدہ کر کے ہم رخصت ہوگئے۔وہ جماعت کے بارہ میں جاننے کے لئے کافی پُرجوش نظر آتے تھے۔
مَیں نے واپس آکر جامعہ احمدیہ کے پرنسپل صاحب کو اس مصری ڈاکٹر صاحب کے بارہ میں بتایا تو انہوںنے کہا کہ جامعہ میں ہونے والی نعتیہ مجلس میں اسے بلائیں۔ میں نے اسے بلایا تووہ چلا آیا۔ اس مجلس میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور آپ کے خلفاء کے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی رفیع شان کے بارہ میں اقوال بھی پیش کئے گئے۔ مصری ڈاکٹر صاحب کو یہ پروگرام بہت پسند آیا۔ آخر پر اسے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی دو کتابیں اور ایک سی ڈی بھی دی گئی۔پھر اکتوبر2015ء کے آخر پر میں نے جب اسے فون کیا تو اس نے بتایا کہ وہ ملنے کے لئے بے چین ہے کیونکہ وہ بیعت کرنا چاہتا ہے۔ والحمد للہ علی ذالک۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ دعوت الی اللہ کا فریضہ کما حقّہ ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین۔
٭ ٭ ٭ ٭ ٭
مکرمہ ایمان عزت جلال صاحبہ
مکرمہ ایمان عزت صاحبہ کا تعلق مصر سے ہے۔ان کے بھائی مکرم خالد عزت صاحب 90کی دہائی میں پروگرام لقاء مع العرب کے ذریعہ احمدیت کی صداقت کے قائل ہوگئے تھے اور خود کو احمدی سمجھتے تھے۔ پھر جب پروگرام الحوار المباشر کی ابتدا ہوئی اور ایم ٹی اے العربیہ شروع ہوا تو ان کا جماعت سے رابطہ ہوگیا اور انہوں نے باضابطہ طور پر بیعت کرنے کی بھی سعادت حاصل کی۔ان کی تبلیغ سے ان کے والدین ،ان کی اپنی فیملی اور اس بہن نے بھی بیعت کرلی جو اپنی بیعت کا مختصر احوال کچھ یوں بیان کرتی ہیں:
اس زمانہ میں حضرت امام الزمان علیہ السلام کی بیعت میں آنا اور انہیں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا سلام پہنچانا اور خلیفہ وقت کو اسی طرح مخاطب کرنا جیسے اس سے پہلے خلفاء راشدین سے صحابہ اور تابعین مخاطب ہوتے تھے، اتنی بڑی سعادت اور اعزاز ہے کہ جس کے بیان کے لئے الفاظ میسر نہیں ہیں ۔
میری بیعت میں خدا کے فضل کے بعد میرے بھائی خالد عزت صاحب کا بہت دخل ہے۔ ان کی مسلسل تبلیغ کے باوجودشروع شروع میں مجھے جماعت میںکوئی دلچسپی نہ تھی کیونکہ یہی وہ موضوع تھا جس کی وجہ سے بھائی اور بھابھی میں اختلاف شدت اختیار کر گیا تھا ۔ میں اپنی بھابی عبیر صاحبہ کا دفاع کرتی تھی،اوراپنے بھائی کو قصوروار سمجھتی تھی لیکن کچھ عرصہ کے بعد ہی وہ قائل ہوگئیں اور یوں دونوں میاں بیوی ایک ہی کشتی میں سوار ہو گئے ۔
اس کے بعد میری بھابھی نے مجھے جماعت احمدیہ کے تعارف پر مبنی ایک کتاب دی اور تبلیغ کرنی شروع کی۔ جماعتی عقائد وخیالات سمجھنے اور قبول کرنے میں میرا زیادہ وقت نہیں لگا خصوصاً وفات مسیح اور ناسخ ومنسوخ وغیرہ ۔
قلبی وذہنی طور پرحضرت مسیح موعود علیہ السلام کی صداقت کی قائل ہونے کے بعد میرے سامنے بیعت کے سوا کوئی چارہ نہ رہا۔ خدا تعالیٰ کا شکر ہے کہ بیعت میں مجھے کسی پریشر کا سامنا نہیں کرنا پڑا چنانچہ میرے میاں نے اگرچہ بیعت نہیں کی لیکن میری بیعت میں بھی کوئی روک نہیںبنے۔
بیعت کے بعد میںنے جماعتی کتب کی کاپیاں کر کے اپنے پاس رکھ لی ہیںاور ان کے مطالعہ سے علم وحکمت کے قیمتی موتی اکٹھے کرتی رہتی ہوں۔ ان کتب کے مطالعہ کا فائدہ یہ ہوا کہ ایک دفعہ فیس بک پر ایک شخص نے جماعت اور امام الزمان پر حملہ کیا تو میں نے حضور علیہ السلام کے علوم سے اس کابھر پور جواب دیا۔ اگرچہ میں اسے قائل تو نہیں کر سکی لیکن یہ تسلی ہو گئی کہ میں صحیح اور مضبوط موقف پر قائم ہوں ۔ مجھے محسوس ہوتا ہے کہ ابھی تک بہت سے لوگوں کی آنکھوں کے آگے پردہ پڑا ہوا ہے ۔ انہیں دیکھ کر خدا تعالیٰ کی اس نعمت پر مزید شکر کے جذبات پیدا ہوتے ہیں کہ اس نے محض اپنے فضل سے امام الزمان کی بیعت کی توفیق دی۔ فالحمد للہ علی ذلک۔
……………
(باقی آئندہ)




