ہومیو پیتھی یعنی علاج بالمثل(عمومی علامات کے متعلق نمبر ۳۷)(قسط ۱۶۱)
(ڈاکٹر لئیق احمد)
(حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ تعالیٰ کی کتاب ’’ہومیو پیتھی یعنی علاج بالمثل ‘‘کی ریپرٹری یعنی ادویہ کی ترتیب بلحاظ علامات تیار کردہ THHRI)
نیٹرم میوریٹیکم
Natrum muriaticum
(Sodium Chloride)
نیٹرم میور کے مریض میں سخت تھکاوٹ اور نقاہت کے آثار پائے جاتے ہیں۔ یہ نقاہت خواہ جسمانی ہو یا اعصابی نیٹرم میور کے مریضوں میں ضرور دکھائی دے گی۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ مریض میں ہائیڈروکلورک ایسڈ کا توازن بھی بگڑ جاتا ہے جس سے مریض کواچانک کمزوری کے دورے پڑنے لگتے ہیں۔ (صفحہ۶۱۸)
نیٹرم میور کی ایک علامت یہ ہے کہ پڑھنے سے تھکاوٹ ہونے لگتی ہے۔ رونے کی طرف رجحان ہو جاتا ہے اور مریض پلسٹیلا کے مزمن مریض کی مانند ہو جاتا ہے۔ پلسٹیلا کا مریض بھی بار بار رونے پر مائل ہو تا ہے مگر ذہنی لحاظ سے بالکل ٹھیک ہو تا ہے۔ نیٹرم میور کے مریض کے ہاتھ پاؤں ٹھنڈے ہوتے ہیں اور کمزور ہوتا ہے۔ رونے کی کوئی بات ہو یا نہ ہو ویسے ہی رونے کی طرف میلان ہو تا ہے۔ اگر نیٹرم میور سے غم کے بداثرات ٹھیک نہ ہوں اور مرض زیادہ گہرا معلوم ہو تو پھر سلیشیا نیٹرم میور کی مزمن دوا بنتی ہے۔ سلیشیا پلسٹیلا کی بھی مزمن دوا ہے۔ نیٹرم میور کو بلاوجہ بار بار استعمال نہیں کرنا چاہيے کیونکہ اس کا زیادہ استعمال جسم میں خون کے توازن کو بگاڑ دیتا ہے۔ کبھی کبھی دینے میں کوئی حرج نہیں۔ ایک ہی دن میں بار بار دہرانے کی ضرورت نہیں۔ نیٹرم میور کے مریض کو بہت پیاس لگتی ہے۔ اس کے سردرد میں سر پر جگہ جگہ ہتھوڑے سے پڑتے ہوئے محسوس ہوتے ہیں۔ آنکھوں پر روشنی کا برا اثر پڑتا ہے۔ حرکت سے تکلیف بڑھتی ہے۔ اس لحاظ سے اس کی برائیونیا سے مشابہت ہے۔ نیٹرم میور کی قبض برائیو نیا سے بھی سخت ہوتی ہے۔ نیٹرم میور ایپس (Apis) کا مزمن اور تریاق بھی ہے۔ (صفحہ۶۲۰)
نیٹرم میور کے مریض کے اعصاب تنے ہوئے ہوتے ہیں اور اسے ذرا سا بھی شور برداشت نہیں ہوتا۔ اچانک کوئی آواز آ جائے تو سر درد ہونے لگتا ہے۔ کاغذ کی سرسراہٹ بھی بری لگتی ہے۔ نیٹرم میور کا مریض بالکل ٹھنڈا ہوتا ہےلیکن گرم کمرے میں تکلیفیں بڑھتی ہیں۔ کھلی ہوا پسند کرتا ہے۔ اس پہلو سے اس کا نصف مزاج پلسٹیلا سے ملتا ہے۔ ٹھنڈا ہونے کے باوجود باہرنکلنا پسند کرتا ہے۔ کھلی ہوا میں جسمانی تکلیفیں کم ہوجاتی ہیں لیکن ذہنی تکلیفیں بڑھ جاتی ہیں۔ دوا کے مزاج کی اس قسم کی باریکیوں کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔ نیٹرم میور کے مریض کا مزاج جلد جلد بدلتا ہے۔ جب اسے پسینہ آتا ہےتو فوراً نزلہ شروع ہوجاتا ہے لیکن اس نزلہ کو کھلی ہوا میں افاقہ ہوتا ہے۔ (صفحہ۶۲۱)
نیٹرم میور میں سر کا درد رات سونے کے بعد تیسرے پہرشروع ہو تا ہے یا پھر صبح نو بجے۔ اگر صبح کے وقت شدید سردرد ہو تو وہ جلسیمیم کی علامت ہے۔ نیٹرم میور میں عام طور پر گرمی لگنے کی وجہ سے اور ملیریا بخار کے دوران ہونے والی تکلیفیں نو بجے سے لے کر رات تک جاری رہتی ہیں۔ سردرد عموماً گدی میں ہو تا ہے اور ریڑھ کی ہڈی تک پھیل جاتا ہے۔ نیٹرم میور کا ریڑھ کی ہڈیوں کی بہت سی بیماریوں سے تعلق ہے خصوصاً ’’چک‘‘ پڑ جائے تو نیٹرم میور شروع میں بہت اچھا اثر دکھاتی ہے۔ نیٹرم میور کے مریض کی اکثر علامتیں نرم بستر میں بڑھ جاتی ہیں۔ ریڑھ کی ہڈی نسبتاً بہت حساس ہو جاتی ہے۔ اعصاب میں بے چینی محسوس ہوتی ہے اور درد ہوتا ہے۔ سخت جگہ پر لیٹنے سے آرام آتاہے۔ (صفحہ۶۲۱۔۶۲۲)
اگر نیٹرم میور کے مریضوں کی بیماریاں بہت الجھ گئی ہوں اور غلط علاج کے نتیجہ میں بہت لمبی ہو گئی ہوں تو ایسے مریضوں کی علامات صاف کرنے کے ليے سلفر ۲۰۰ بہت اچھا کام کرتی ہے اور چونکہ یہ گہرا اثر رکھنے والی دوا ہے اس ليے ان میں سے بعض بیماریوں کو شفا بھی دیتی ہے۔ (صفحہ۶۲۳)
نیٹرم میور میں بھی پھلپھلی سی ورمیں پائی جاتی ہیں جیسی شہد کی مکھی کے کاٹنے سے پیدا ہوتی ہیں۔ اس ليے شہد کی مکھی کاٹ لے تو نیٹرم میور بطور علاج بہت مؤثر دواہے۔ اگر آرسینک اور لیڈم کے ساتھ ملا کر استعمال کی جائے تو حیرت انگیز سرعت کے ساتھ فائدہ دیتی ہے۔ علاوہ از یں شہد کی مکھی کے زہر کا اثر فوری طور پر دور کرنے کے ليے کار بالک ایسڈ بہت شہرت رکھتی ہے۔ نیٹرم میور ایپس (Apis) کا مزمن ہے۔ مزمن سے مراد ہے کہ کسی ایسی دوا کے اثرات جو نسبتاً عارضی فائدہ پہنچائیں اور ختم ہو جائیں۔ اگر کوئی اور دوا انہیں آگے بڑھانے میں مدد دے تو اسے پہلی دوا کا مزمن کہا جاتا ہے۔ اس کی ورم کو ایپس سے پوری طرح فائدہ نہ ہو تو وہ نیٹرم میور دینے سے ختم ہو جاتی ہے۔ اسی طرح بعض اور بیماریوں میں بھی ایپس کے بعد نیٹرم میور کار آمد ہوتی ہے اس ليے اسے ایپس کا مزمن کہا جاتا ہے۔ (صفحہ۶۲۳۔۶۲۴)
بچہ کی پیدائش کے بعد باقی رہ جانے والی کمزوریوں کو دور کرنے کے ليے بھی نیٹرم میور مفید ہے۔ اگر بچے کی پیدائش کے بعد عورت کی عمومی صحت خراب ہو جائے تو کالی کا رب کے علاوہ نیٹرم میور بھی مؤثر دوا ہے جو صحت کو بحال کرتی ہے۔ اگر بچے کی پیدائش کے بعد کمردرد کالی کا رب سے ٹھیک نہ ہو تو نیٹرم میور بہت مؤثر ثابت ہوگی۔ اگر ماں کے دودھ میں کوئی ایسی کمی پائی جائے کہ بچہ صحیح رنگ میں پرورش نہ پائے یا دودھ جلد سوکھ جائے تو نیٹرم میور استعمال کرنی چاہيے۔ نیٹرم میور اس اندرونی زہر کو دور کرتا ہے جو بچے کی پرورش کی راہ میں حائل ہو اور بچے کی ضرورت کے مطابق دودھ بھی بڑھا تا ہے۔ نیٹرم میور بچوں کے سوکھا پن کی بھی بہترین دوا ہے۔ یہ سوکھا پن جسم کے اوپر سے نیچے کی طرف اترتا ہے۔ یہ بیماری بعض دفعہ ماؤں کی کسی بیماری کا نتیجہ ہوتی ہے لہذا ماں کا علاج بھی ضروری ہے۔ عورتوں میں حیض کے ایام بے قاعدہ ہوں۔ خون مقدار میں زیادہ جاری ہو۔ سوزش پیدا کرنے والا لیکوریا ہو جس سے خارش بھی ہوتی ہو حیض سے قبل طبیعت میں افسردگی اور غمگینی پیدا ہو، نیچے کی طرف بوجھ اور درد محسوس ہوتا ہو جو صبح کے وقت زیادہ ہو۔ یہ سب اجتماعی علامات نیٹرم میور کے مریضوں میں ملتی ہیں۔ (صفحہ۶۲۴)
سیڑھیاں چڑھنے سے اور بائیں کروٹ لیٹنے سے دل کی دھڑکن تیز ہوجاتی ہے۔ دل پر ٹھنڈک کا احساس ہوتا ہے۔ سینے میں جکڑن اور گھٹن محسوس ہوتی ہے۔ کالی کھانسی کے ساتھ آنکھوں سے پانی بہے، سر میں شدید درد ہو، حرکت سے، گہرا سانس لینے سے اور بستر میں گرم ہونے سے کھانسی بڑھ جائے تو یہ نیٹرم میو ر کی علامات ہیں۔ ساحلی علاقوں میں اس کی تکلیفیں بڑھ جاتی ہیں۔ (صفحہ۶۲۵)
نیٹرم فاسفوریکم
Natrum phosphoricum
(Phosphate of Sodium)
نیٹرم فاس ایک ایسا مرکب ہے جو خون، عضلات، اعصاب دماغ کے ریشوں نیز انسانی جسم میں موجود رطوبتوں میں پایا جاتا ہے۔ یہ شوگر کے توازن کو معتدل رکھتا ہے اور خون میں شکر کی زیادتی کے ليے بہت مفید ہے لیکن اس کی عمومی علامتوں میں اعصابی تناؤ اور اس کے بداثرات، ذہنی پراگندگی، خوف اور غصہ ملتے ہیں۔ (صفحہ۶۲۷)
نیٹرم فاس کا خون کے سرخ ذرات سے گہرا تعلق ہے حالانکہ خون میں سرخ ذرات کی کمی میں فیرم میٹ یا فیرم فاس اصل دوائیں ہیں لیکن بعض دفعہ یہ اکیلی کافی نہیں ہوتیں، نیٹرم فاس کو ساتھ ملالیں تو یہ خون کی کمی کا بہت اچھا نسخہ ہے۔ خون کی کمی کے ليے آغاز میں کالی فاس، فیرم فاس اور کلکیریا فاس دینی چاہيے۔ یہ حاملہ خواتین کی خون کی ضروریات کو پورا کرنے والی بہترین دوائیں ہیں لیکن انہیں مسلسل استعمال نہیں کرنا چاہيے۔ کچھ عرصہ استعمال کر کے وقفہ دیں پھر دوبارہ شروع کروا دیں۔ اگر یہ فارمولا کام نہ کرے اور حاملہ یا غیر حاملہ مریضاؤں یا مریضوں کے خون کی اصلاح کرنی ہو تو ساتھ نیٹرم فاس بھی ملا لیں۔ یہ خون کی کمی اور ذیا بیطس دونوں کے ليے بہت مفید ثابت ہو گی۔ (صفحہ۶۲۷)
نیٹرم فاس کی ایک علامت یہ ہے کہ مریض کھلی ہواکو پسند نہیں کرتا۔ اس کے مزاج میں سلفر کے مریض کی طرح نہانے سے نفرت پائی جاتی ہے اور مستقل نزلے کا رجحان ملتا ہے۔ بھوک ناقابل برداشت ہوتی ہے جسے زیادہ کھانےسے آرام آتا ہے۔ مریض چکنا ئی، مرغن غذائیں، سرکہ، پھل اور دودھ وغیرہ پسند نہیں کرتا۔ چکنائی سے نفرت کی علامت پلسٹیلا سے مشابہ ہے۔ (صفحہ۶۲۸)
جب لمبے عرصہ کی بیماریوں کے نتیجہ میں جسم کے لعاب خشک ہو گئے ہوں اور رطوبتوں میں کمی آگئی ہو تو انہیں بحال کرنے میں نیٹرم فاس بھی اچھا کام دکھاتی ہے مگر چائنا بہر حال نمایاں فوقیت رکھتی ہے۔ (صفحہ۶۲۸)
بعض اوقات جسم کا کوئی حصہ سن ہو جا تا ہے۔ ہاتھ انگلی یا کان کا ایک حصہ سو جائے تو اس میں نیٹرم فاس اچھی دوا ہے۔ اسی طرح جسم کے کسی خاص حصہ کی طرف خون کا دباؤ بڑھ جائے تو اس میں بھی نیٹرم فاس مفید ہے۔ رات کو جاگتے ہوئے اچانک جھٹکے لگنے لگیں اور خون کی شریانوں میں تیز چلتے ہوئے درد کا احساس ہو تو یہ بھی نیٹرم فاس کی علامات میں سے ایک ہے۔ مگر ان سب تکلیفوں میں نیٹرم فاس اسی وقت کام کرے گی جب یہ مزاجی دوا ہو۔ ورنہ یہ بیماریاں تو بہت سی دواؤں میں ملتی ہیں مگر ہر دوا بالمثل ثابت نہیں ہوتی۔ بعض دفعہ لیٹے لیٹے جسم پر اچانک زلزلہ سا آ جا تا ہے۔ اس کے جھٹکے زلزلہ کی طرح اچانک اور سخت ہوتے ہیں۔ (صفحہ۶۲۸)
بعض دفعہ بری خبر سننے سے مریض گم سم سا ہو جا تا ہے۔ اس میں دو سری معروف دواؤں کے علاوہ نیٹرم فاس سے فوراً فائدہ ہو تا ہے اور آئندہ خطرات سے نجات مل جاتی ہے ورنہ ایسا مریض پاگل بھی ہو سکتا ہے یا پھر اسے ہسٹیریا کے دورے پڑنے لگتے ہیں۔ (صفحہ۶۲۸۔ ۶۲۹)
نیٹرم فاس اس کھوکھلی کھانسی میں بھی مفید ہے جو سینہ اور حنجرہ میں سرسراہٹ کے ساتھ پیدا ہو۔ نیٹرم فاس کی ایک خاص علامت یہ ہے کہ دل سے ایک بلبلہ سا اٹھتا ہے جو خون کی شریانوں میں جاتا ہوا محسوس ہوتا ہے۔ سینہ میں تنگی اور جکڑن کا احساس ہو تا ہے۔ بے چینی ہوتی ہے اور سینہ کے اوپر والے حصہ میں بھراؤ کا احساس ہو تا ہے۔ بعض اوقات درد بھی ہو تا ہے۔ کھانے کے بعد اور گہرا سانس لینے سے نالیاں سکڑتی ہیں اور دل کی علامات ظاہر ہونے لگتی ہیں۔ دل کی دھڑکن تیز ہو جاتی ہے، گھبراہٹ ہوتی ہے۔ شور و غل سے تکلیف بڑھ جاتی ہے۔ بائیں کروٹ لیٹنے سے بھی ان سب تکلیفوں میں اضافہ ہو جاتا ہے جو دل کی بیماری کا پیش خیمہ ہوتی ہیں۔ سیڑھیاں چڑھنے سے دل کی دھڑکن بڑھ جاتی ہے۔ (صفحہ۶۳۰۔ ۶۳۱)
حیض کے دوران پیٹھ اور کمر میں درد ہو تو نیٹرم فاس اچھی دوا سمجھی جاتی ہے لیکن میرا تجربہ ہے کہ اس کے ساتھ کالی فاس اور میگ فاس ملا کر دی جائے تو زیادہ اچھا اثرہوتا ہے۔ پیٹھ میں کھچاؤ، درد اور پسینہ کی علامت نمایاں ہو تو نیٹرم فاس اچھی دوا ہے۔ دل کی بیماری میں اگر گردن کے دونوں طرف درد ہو تو اس میں نیٹرم فاس بھی دوا ہو سکتی ہے۔ حیض کے ایام میں خصوصاً دن کے وقت ہاتھ پاؤں ٹھنڈے ہوتے ہیں۔ لکھتے ہوئے ہاتھوں میں اینٹھن ہوتی ہے۔ ہاتھ پاؤں میں چیونٹیاں رینگنے کا احساس بھی نمایاں ہو تا ہے۔ اعضاء کا بھاری پن اور سن ہو جانا بھی نیٹرم فاس کی علامت ہے۔ (صفحہ۶۳۱)
جوڑوں میں درد عضلات میں خصوصاً پنڈلیوں میں تشنج اور کمزوری کا احساس۔ جوڑوں میں کڑکڑانے کی آوازیں۔ جوڑوں کا درد بالعموم دائیں کندھے سے شروع ہوتا ہے اور بعض اوقات یہاں تک ہی محدود رہتا ہے۔ سارے جسم میں رگڑ لگنے سے پیدا ہونے والے درد کا سا احساس۔ چلتے چلتے اچانک کوئی ٹانگ جواب دے دیتی ہے لیکن یہ کیفیت وقتی ہوتی ہے۔ (صفحہ۶۳۱)
(نوٹ ان مضامین میں ہو میو پیتھی کے حوالے سے عمومی معلومات دی جاتی ہیں۔قارئین اپنے مخصوص حالات کے پیش نظر کوئی دوائی لینے سے قبل اپنے معالج سے ضرورمشورہ کرلیں۔)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: ہومیو پیتھی یعنی علاج بالمثل(عمومی علامات کے متعلق نمبر ۳۶)(قسط ۱۶۰)




