افریقہ (رپورٹس)

مسرور انٹرنیشنل ٹیکنیکل کالج الارو، نائیجیریا کی پہلی تقریب تقسیم اسناد

اللہ تعالیٰ کے خاص فضل سے مسرور انٹرنیشنل ٹیکنیکل کالج (MITC)، الارو، ریاست اوگن، نائیجیریا کی پہلی تقریب تقسیم اسناد مورخہ ۲۶؍اکتوبر ۲۰۲۶ء کو کالج کے احاطہ میں منعقد ہوئی جس میں ۵۲؍طلبہ کو فارغ التحصیل ہونے پر اسناد سے نوازا گیا۔

تقریب کی صدارت مکرم امیر جماعت احمدیہ نائیجیریا مکرم الحاج (بیرسٹر) عزیز فولورونشو عبدالعزیز صاحب نے کی۔ اس موقع پر مکرم عدنان طاہر صاحب مبلغ انچارج نائیجیریا، شعبۂ تعلیم سے وابستہ نمائندگان، مدعو مہمانان، طلبہ کے والدین اور مقامی کمیونٹی کے افراد بھی موجود تھے۔

پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کے بعد قومی و ریاستی ترانے پیش کیے گئے۔ بعد ازاں کالج کے رجسٹرار مکرم باڈے شیرے آدم صاحب نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔

اپنی صدارتی تقریر میں مکرم امیر صاحب نے فنی اور پیشہ ورانہ تعلیم کو ملکی ترقی، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور معاشی استحکام کے لیے نہایت اہم قرار دیا۔ آپ نے فارغ التحصیل طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ دیانت داری، محنت، اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار اور خدمت انسانیت کے جذبہ کو ہمیشہ پیش نظر رکھیں اور اپنی فنی صلاحیتوں کو معاشرے کی بہتری کے لیے استعمال کریں۔ آپ نے کالج کے قیام و ترقی میں تعاون کرنے والے افراد، عطیہ دہندگان اور اداروں کا شکریہ ادا کیا اور اس کی مزید ترقی کے لیے مسلسل تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔

بعد ازاں مکرم داودا ایڈے بایوے صاحب نے ’’قومی ترقی کا محور: کلاس روم سے صنعت تک: نوجوانوں کی ترقی اور قومی اقتصادی خوشحالی کے لیے فنی مہارتوں سے استفادہ‘‘ کے عنوان پر لیکچر پیش کیا۔ اس کے بعد فارغ التحصیل طلبہ میں اسناد اور انعامات تقسیم کیے گئے۔

تقریب کے اختتام پر معزز مہمانوں نے اپنے تاثرات پیش کیے۔ ان میں اولو آف الارو (بادشاہ)، ڈپٹی گورنر ریاست اوگن اور مکرم انجینئر عمر صاحب (یوکے) شامل تھے۔

اس موقع پر اس امر کو اجاگر کیا گیا کہ تعلیم کا مقصد محض اسناد کا حصول نہیں، بلکہ طلبہ میں مسائل کی نشاندہی، ان کے حل تلاش کرنے، خودمختاری سے کام کرنے اور معاشرتی و صنعتی ضروریات میں تبدیلیوں کے مطابق خود کو ڈھالنے کی صلاحیت پیدا کرنا بھی ہے۔

کالج کی یہ پہلی تقریب تقسیم اسناد ایک ہنرمندنسل کی تیاری کے لیے ادارے کی کاوشوں میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ آخر پر مکرم امیر صاحب نے دعا کروائی اور یوں یہ تقریب کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔

(رپورٹ:سید اطہر محمود۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: مدرسۃ الحفظ گھانا کے ایک اور طالب علم کا اعزاز۔ تکمیلِ حفظ قرآن

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button