کلام امام الزمان علیہ الصلاۃ والسلام

ارشادات عالیہ سیدنا حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام

اور وہ (مدّعی) اپنے ابتدائی زمانہ میں گوشۂ گمنامی میں مستور تھا۔نہ وہ پہچانا جاتا تھا اور نہ اس کا ذکر ہی کیا جاتا تھا۔اور اس زمانہ میں اس کے رب نے اُسے بشارت دی کہ وہ اُس کے ساتھ ہے اور یہ کہ اُس نے اُسے چن لیا ہے اور اُسے (اپنے) پیاروں میں شامل کیا ہے۔اور یہ کہ وہ ضرور اُس کے ذکر کو بلند کرے گا اور اُس کی شان بہت بڑھائے گا اور اُس کو عظیم غلبہ دے گا۔ پس لوگوں میں اُسے شہرت دی جائے گی اور زمین کے مشرق و مغرب میں وہ ذکرِ جمیل اور ستائش کے ساتھ یاد کیا جائے گا۔

’’اور وہ (مدّعی) اپنے ابتدائی زمانہ میں گوشۂ گمنامی میں مستور تھا۔نہ وہ پہچانا جاتا تھا اور نہ اس کا ذکر ہی کیا جاتا تھا۔ اور نہ تو اس سے کوئی امید کی جاتی تھی اور نہ ہی اس سے خوف کھایا جاتا تھا۔ اور اس پر عیب لگایا جاتا اور تعظیم نہ کی جاتی۔ اور اسے ان اشیاء میں شمار نہ کیا جاتا تھا جن کا چرچا عوام اور خواص میں ہوتا ہے۔ بلکہ اس کے متعلق یہ خیال کیا جاتا تھا کہ اس کی کوئی حیثیت نہیں اور عقل مندوں کی مجالس میں اُس کے ذکر سے اعراض کیا جاتا تھا۔ اور اس زمانہ میں اس کے رب نے اُسے بشارت دی کہ وہ اُس کے ساتھ ہے اور یہ کہ اُس نے اُسے چن لیا ہے اور اُسے (اپنے) پیاروں میں شامل کیا ہے۔اور یہ کہ وہ ضرور اُس کے ذکر کو بلند کرے گا اور اُس کی شان بہت بڑھائے گا اور اُس کو عظیم غلبہ دے گا۔ پس لوگوں میں اُسے شہرت دی جائے گی اور زمین کے مشرق و مغرب میں وہ ذکرِ جمیل اور ستائش کے ساتھ یاد کیا جائے گا۔ اور آسمان کے ربّ کے حکم سے اُس کی عظمت تمام روئے زمین پر پھیلا دی جائیگی۔ اور حضرت کبریاء کی جناب سے اس کی مدد کی جائیگی۔اور فوج در فوج ٹھاٹھیں مارتے ہوئے سمندر کی طرح کثرت سے لوگ اس کے پاس ہر گہرے راستہ سے آئیں گے۔ قریب ہے کہ ان کی اس کثرت سے وہ اکتا جائے اور انہیں دیکھنے سے اس کا سینہ تنگ ہو اور (قریب ہے) کہ اُسے وہ چیز خوفزدہ کر ے جو ایک نادار عیال دار کو کثرت اولاد اور ذمہ داریوں کی ادائیگی اور مالی قلت کے وقت ڈراتی ہے۔

اور لوگ اپنے ہم وطنوں کو چھوڑ دیں گے اور اس کی بستی کو بوجہ اُس کشش کے جو اللہ نے اُن کے دلوں میں اس کیلئے رکھ دی ہے، اپنا وطن بنائیں گے۔ اور وہ اس کی ملاقات کی خاطر اپنے دوستوں کی ملاقات کو ترک کر دیں گے۔ اور اس کی صحبت کے لئے جگر جل رہے ہوں گے، اور اس کے دیدار سے دلوں میں رقّت پیدا ہوگی۔ اور اللہ کے بندے کمال سچائی اور اخلاص و صفاکے ساتھ اس کے پیچھے تیزی سے دوڑیں گے۔ اور اُس کی خاطر طرح طرح کے مصائب کو ترجیح دیں گے۔ اور اُن میں سے کچھ لوگ ایسے ہوں گے جنہیں اصحاب الصُفّہ کہا جائے گا۔ جو اس کے بعض حجروں میں فقراء کی طرح زندگی بسر کریں گے۔ اُن کی خواہشات پگھل جائیں گی اور اُن کے دل پانی کی طرح بہنے لگیں گے۔اور اُن کے حق کو پہچاننے اور آسمانی انوار دیکھنے کے باعث تُواُن کی آنکھیں آنسوؤں سے بہتی ہوئی دیکھے گا۔ وہ کہیں گے، اے ہمارے ربّ ! یقینا ہم نے ایک منادی کرنے والے کو سُنا جو ایمان کی منادی کر رہا تھا۔اور وہ عارفوں کی طرح کمال و جد اور سرور میں روئیں گے۔ اور اس لئے کہ اللہ تعالیٰ نے اُنہیں اُن کے مطلوب سے ملادیا وہ شکر کریں گے ۔ اور ان کی روحیں آستانہ ٔ الٰہی پر سجدہ ریز ہوں گی، اور اس طرح اُس بندۂ خدا کے لئے ہر طرف سے تحفے تحائف ، اموال اور طرح طرح کی اشیاء آئیں گی۔ اور اُس کا ربّ اُسے عظیم برکت، اور غالب آنے والی روح اور شدید کشش عطا فرمائے گاجیسا کہ ابتدا ہی سے اُس کے لئے مقدّر تھا۔ لوگ اُس کے دروازے کی طرف دوڑے چلے آئیںگے اور بادشاہ اس کے کپڑوں سے برکت ڈھونڈیں گے۔ اور بادشاہوں اور اُمراء کے گروہ اُس کے دربار میں بار بار حاضر ہوں گے۔اورہر قوم میں سے لوگ اُس سے دُشمنی کرنے کے لئے اُٹھ کھڑے ہوں گے۔ اور ہر جہت سے اُس کی بیخ کنی کے لئے کوشش کریں گے۔ اور اُس کے نور کوبجھانے کے لئے وہ ہر قسم کی منصوبہ بندی کریں گے تاکہ اُس کے نور کو بجھا دیںتاکہ اُس کے غلبہ پر پردہ ڈالیں اور اُس کی شان گھٹائیں اور اُس کی دلیل کو کھوٹا قرار دیں۔ یا اُسے قتل کر دیں یا سُولی پر لٹکا دیں یا اُسے جلا وطن کر دیں یا خاک آلود فقیر بنا دیںیا وہ چغل خوری کرتے ہوئے اُسے حکام کے پاس گھسیٹ کر لے جائیں، چغلخوری اور بات کو بعض تہمتوں اور افتراء کے ساتھ بنا سنوار کر پیش کرتے ہوئے یا اسے اذیت دیں ایسی اذیت جو ایذاء کی ہر قسم میں سے اذیت ناک ہولیکن اس کے باوجود اللہ اپنے آسمانی فضل کے ذریعہ اسے ان کی ناپاک تدبیروں سے محفوظ رکھے گا اور ان کی تدبیروں کو انہیں پر الٹا دے گا۔ اور انہیں رسوا کرے گا۔جس پر وہ ناکام و نامراد لوٹیں گے ایسے طور پر کہ گویا وہ زندوں میں نہیں۔ اور جن نعمتوں اور انعاموں کا اس سے وعدہ کیا ہے اللہ اسے پورا کرے گا اور اللہ تعالیٰ اپنے بندے کے لیے اپنے وعدہ اور دشمنوں کے لئے اپنی وعید کے خلاف ہرگز نہیں کرے گا۔

یہ اللہ تعالیٰ کی ان پیش خبریوں میں سے ہے جو اس بندہ کو ان کے وقوع سے پہلے ہی وحی کی گئیں۔ جنہیں ملکوں میں اور عوام اور امراء طبقہ کے لوگوں میں لکھ کر اور طبع کر کے شائع کردیا گیا تھا اور انہیں مختلف اقوام اور ملکوں کو بھیج دیا گیا تھا۔ اور اس طرح ہر قوم کو اس کا گویا گواہ بنا دیا گیا۔ اور یہ پیش خبریاں ہمارے اس زمانہ سے چھبیس سال قبل شائع کر دی گئی تھیں۔اس وقت ان خبروں کے نتائج کانام ونشان تو درکنار کوئی اہل الرائے ان کے وقوع پذیر ہونے کو ناممکن سمجھتاتھا ، بلکہ ہر شخص ان پر ہنسی اڑاتا اور انہیں افتراء اور من گھڑت خیال کرتا اور بتقاضائے خواہشات نفسانی انہیں حدیث النفس کی قبیل سے تصور کرتا یا انہیں حضرت الکبریاء کی طرف سے نہیں بلکہ شیطانی وساوس سے خیال کرتا تھا۔ جب کہ یہ سب خبریں براہین احمدیہ کے متفرق مقامات میں درج شدہ ہیں۔ جو اس عاجز کی اردو تصانیف میں سے ہے اور جس شخص کو ان خبروں کے متعلق کوئی شک و شبہ ہو تو اسے چاہیے کہ وہ اس کتاب (براہین احمدیہ ) کی طرف رجوع کرے اور اسے صحت نیت کے ساتھ پڑھے اور خوف خدا کرے اور ان خبروں کی عظمت اور ان کی جلالت شان اور ان کے دلائل کی رفعت پر غور کرے اور اس زمانہ پر بھی کہ کتنی دیر پہلے ( یہ شائع کی گئیں اور ) ان کی تابانی اور چمک دمک پر غور کرے۔ کیا کسی شخص کو یہ قدرت حاصل ہے کہ وہ تمام اشیاء کے جاننے والے خدا سے علم حاصل کئے بغیر ایسی خبریں دے سکے۔ یہ بہت سی خبریں ہیں جن میں سے بعض کا ہم نے ذکر کیا ہے اور بعض کا ذکر نہیں کیا۔اور اس قدر پیش گوئیاںان تقویٰ شعار لوگوں کے لئے کافی ہیں جو اللہ سے ڈرتے ہیںاور جب وہ حق کو پاجائیں تو ان کے دل لرز جاتے ہیں اور وہ بدبختوں کی طرح اس سے نہیں گزر جاتے اور وہ یہ دعا کرتے ہیں کہ اے ہمارے رب ہم ایمان لے آئے ہیں پس تو ہمیں اپنے مومن بندوں اور گواہوں میں لکھ لے۔‘‘(الاستفتاء مع اردو ترجمہ صفحہ 5تا10۔ شائع کردہ نظارت اشاعت صدر انجمن احمدیہ پاکستان۔ ربوہ)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button