مَصَالِحُ الْعَرَب

مَصَالِحُ الْعَرَب(قسط نمبر 407)

(محمد طاہر ندیم۔مربی سلسلہ عربک ڈیسک یوکے)

(عربوں میں تبلیغ احمدیت کے لئے حضرت اقدس مسیح موعود؈ او رخلفائے مسیح موعودؑ کی بشارات،گرانقدرمساعی اور ان کے شیریں ثمرات کا ایمان افروزتذکرہ)

مکرم احمد المستریحی صاحب

مکرم احمد المستریحی صاحب کا تعلق اردن سے ہے جہاں ان کی پیدائش 1964ء میں ہوئی اور انہیں 2011 ء میں بیعت کرنے کی توفیق ملی۔وہ احمدیت کی طرف اپنے سفر کا احوال کچھ یوں بیان کرتے ہیں۔

 نماز باجماعت سے محبت

مَیں ایک متدیّن گھرانے میں پلا بڑھا ۔ بچپن ہی سے مجھے پابندیٔ نماز کی فکر اوردین سے غیر معمولی محبت تھی جس کی وجہ سے کبھی کبھی میرے گھر والے اور رشتہ دار مجھے مولوی ہونے کا طعنہ دیتے تھے۔مَیں باجماعت نماز نہیں چھوڑ سکتا تھا۔ ایک دفعہ تمام گھر والے مل کر اپنی زمین میں پیاز کی کاشتکاری کے لئے گئے تومیرے بڑے بھائی نے مجھے بھی وہاں پہنچنے کے لئے کہا۔ہماری زمین پانچ کلومیٹر دور تھی اور وہاں پیدل جاناتھا۔چونکہ یہ جمعہ کا دن تھا اور وہاں جا کر جمعہ کی نماز کے لئے واپس آنا مشکل تھا، یہ سوچ کر میں گھر میں رہا اور جمعہ کی نماز کی ادائیگی کو مقدم رکھتے ہوئے کہیں نہ گیا۔ اس کی وجہ سے مجھے سارے گھروالوں اور خصوصًا اپنے بھائی کی ڈانٹ ڈپٹ اور طعنہ زنی کا سامنا بھی کرنا پڑا لیکن ان کی باتوں سے میری نماز کی محبت کم نہ ہوئی، یہانتک کہ پندرہ سال کی عمر کو پہنچنے تلک نماز اور مسجد کی محبت میں میری مثال دی جانے لگی۔

تبلیغی جماعت سے تعلق

مَیں مسجد کی طرف جاتے ہوئے نوجوانوں کو دکانوں پر یا گلیوں میں کھڑے دیکھتاتو انہیں مسجد چلنے کی ترغیب دلاتا اور جب وہ نہ مانتے تو میں کبھی کبھی ان کے لئے رو روکر دعا بھی کرتا۔ میںنے اسی ڈگر پرچلتے ہوئے جوانی کی دہلیز پر قدم رکھا۔انہی ایام میں ہمارے علاقے میں پہلی مرتبہ جماعت الدعوۃ والتبلیغ کا ایک وفد آیا اور ان میں سے ایک مولوی نے جمعہ کی نماز کے بعد بڑا پُرتاثیر درس دیا۔مجھے وہ درس اور مولوی صاحب کا طریق بہت پسند آیا۔ مجھے پتہ چلا کہ ان کا مقصد لوگوں کو مسجد میںلانا اور دینی احکام پر عمل کی ترغیب دلانا ہے۔ یہ بات تو قبل ازیں ہی میری طبیعت کا حصہ بن چکی تھی اس لئے میں ان کے ساتھ ہولیا اور پھر کئی سال اسی جماعت کا حصہ بنا رہا۔

دجال۔۔ایک مختلف نقطہ ٔ نظر

ایک روز مَیں سوشل میڈیا پر بعض دینی موضوعات کے بارہ میں ریسرچ کررہا تھا کہ دجال کے موضوع پر کسی کا آرٹیکل میری توجہ کا مرکز بن گیا۔ لکھنے والے نے قرآن وحدیث سے نہایت مضبوط اور تسلی بخش دلائل کے ساتھ اپنا موقف پیش کیا تھا۔ میں نے اسے بالاستیعاب پڑھااور بہت متاثر ہوااور پھر جب میں نے اس میں مذکور دلائل کا ذکر اپنے دوستوںسے کیا تو انہوں نے بھی اسے پسند کیا۔

مجھے اس وقت تو یہ معلوم نہ تھا کہ اس آرٹیکل کے لکھنے والے کا تعلق کس مکتبۂ فکر سے ہے ۔تاہم قبول احمدیت کے بعد یہ بھید کھلا کہ وہ آرٹیکل ایک احمدی نے ہی لکھا تھا اور اس میں جماعت احمدیہ کا موقف ہی بیان کیا گیا تھا۔

تنبیہ!!

 چند سال گزرنے کے بعد ایک روز میں حسبِ عادت سوشل میڈیا پر بعض دینی موضوعات کی تلاش میں مصروف تھا کہ ایک ویب سائٹ پر ’’تنبیہ‘‘کے عنوان سے ایک اعلان نظر سے گزرا جس میں ایم ٹی اے العربیہ نامی ایک چینل کو دیکھنے سے منع کیا گیا تھا۔

انسانی طبیعت عمومًا اسی بات کی کُنہ جاننے کی کوشش کرتی ہے جس سے اسے منع کیا جاتا ہے۔ میں نے جب اس چینل کے بارہ میں تحذیر پڑھی تو اس کی حقیقت جاننے کی خواہش نے مجھے اس چینل کو تلاش کرنے پر مجبور کردیا ۔ میرا خیال تھاکہ شاید یہ کوئی اسرائیلی چینل ہوگا جس کے بارہ میں عربوں کی طر ف سے ایسا پروپیگنڈہ کیا جارہاہے۔بہر حال باوجود کوشش کے مجھے یہ چینل نہ ملا۔کچھ دن گزرنے کے بعدمیں نے اپنے ایک بیٹے سے اس کے بارہ میں پوچھا۔ اس نے بھی لاعلمی کا اظہار کیااور یوں بات آئی گئی ہوگئی ۔

چند ہفتوں کے بعدمیرے بیٹے نے آکر بتایا کہ اسے وہ چینل مل گیا ہے۔ چنانچہ اس نے مجھے اسکی فریکوئینسی سیٹ کر دی اور میں اس کے پروگرام دیکھنے لگ گیا۔

احمدیت سے تعارف

میرا تو خیال تھا کہ یہ کوئی غیر اسلامی چینل ہوگا لیکن اس پر تو اسلامی موضوعات پربات ہورہی تھی اور جو نقطۂ نظر پیش کیا جارہا تھا وہ اگرچہ ہمارے مروّجہ طریق سے ہٹ کر تھا لیکن نہایت اطمینان بخش اورعقل وسوچ کے آفاق کھولنے والا تھا۔ایسے مسائل میں وفات مسیح اور ناسخ ومنسوخ کا مسئلہ سر فہرست تھا۔پھر پروگرام الحوار المباشر اور أجوبۃ عن الإیمان دیکھا تو کئی ایسے امور بھی قرآن وحدیث کے قاطع دلائل کی روشنی میں واضح ہوتے گئے جن کی قبل ازیں سمجھ نہ آتی تھی۔میں یہ سب کچھ دیکھنے کے بعد بہت متاثر ہوابلکہ میرے دل میں امام مہدی علیہ السلام کی صداقت کے نقوش ابھرنے لگے تھے۔ لیکن میرے سامنے ایک بڑا سوال یہ تھا کہ ان عقائد اور مفاہیم کا کیا کیا جائے جو آباء واجداد اور معاشرے کے ذریعہ ہم تک پہنچے تھے؟کیا میںاس امام کی بیعت کرلوں جس کی صداقت میرے لئے روشن ہوچکی ہے اور جس کی بیعت کرنے کی نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ہم سب مسلمانوں کو وصیت فرمائی ہے، یا آنکھیں بند کر کے مولویوں کے پیچھے چلتا رہوں اوراسلام اور رسولِ اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی توہین کرنے والے عقائد کو ہی منافقانہ طور پر درست تسلیم کرتا رہوں ؟!

دعا اور راہنمائی

اس سوال کے جواب میں میرے سامنے سوائے اس کے اور کوئی راستہ نہ تھا کہ عالم الغیوب خدا کی طرف رجوع کیا جائے جو حق و باطل میں فرق کر کے دکھلانے والا ہے اور یہ جانتا ہے کہ کون حق پر ہے اور کون سیدھے راستے سے بھٹکا ہوا ہے۔میں نے نہایت تضرع اور ابتہال کے ساتھ خدا تعالیٰ سے صراط مستقیم کی طرف ہدایت کی دعائیں کیں۔ ابھی چند دن ہی گزرے تھے کہ خدا تعالیٰ نے مجھے ایک غیر معمولی رؤیا سے نوازا۔ میں نے خواب میں سورۃ النساء کی اس آیت کو جلی حروف میں لکھے ہوئے دیکھا:

{وَقَوۡلِہِمۡ إِنَّا قَتَلۡنَا الۡمَسِیۡحَ عِیۡسَی ابۡنَ مَرۡیَمَ رَسُولَ اللّہِ وَمَا قَتَلُوہُ وَمَا صَلَبُوہُ وَلَـکِن شُبِّہَ لَہُمۡ وَإِنَّ الَّذِیۡنَ اخۡتَلَفُواۡ فِیۡہِ لَفِیۡ شَکٍّ مِّنۡہُ مَا لَہُم بِہِ مِنۡ عِلۡمٍ إِلاَّ اتِّبَاعَ الظَّنِّ وَمَا قَتَلُوہُ یَقِیۡناً}

 خواب میں مجھے اس آیت کا آخری حصہ یعنی {وَمَا قَتَلُوہُ یَقِیۡناً} بہت زیادہ روشن موٹا اور واضح نظر آرہا تھا۔

گو میں ایم ٹی اے سے وفات مسیح کا مسئلہ تو سمجھ چکا تھا لیکن اس آیت کی مکمل تفسیر کبھی نہیں سنی تھی۔ ابھی میں اس بارہ میں سوچ ہی رہا تھا کہ ایک روز پروگرام لقاء مع العرب میں حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ کو اسی آیت کی مفصّل تفسیر فرماتے ہوئے سنا۔میں حیران تھا کہ یہ اتفاق کیسے ہوسکتا ہے کہ وہی آیت جسے میں نے خواب میں دیکھا اور جس کی تفسیر جاننے کی خواہش میرے دل میں پیدا ہوئی اسی آیت کی تفسیر انہی ایام میں مجھے ایم ٹی اے پر مل گئی۔یقینا یہ کوئی اتفاق نہیں تھا بلکہ خدا تعالیٰ کی طرف سے میری ہدایت کا سامان تھا۔ بہر حال اس نشان کو دیکھ کر بھی میں نے کہا کہ ابھی شایدمجھے مزید واضح نشان کی ضرورت ہے۔

آسمانی پانی کانزول

 میں نے دعا جاری رکھی۔ ایک روز میں مکرم فتحی عبد السلام صاحب کا ایک پروگرام دیکھ رہاتھا جس میں پیش کئے جانے والے مواد کو سن کربہت متاثر ہوا۔ جب یہ پروگرام دیکھ کر سویا تو کیا دیکھتا ہوں کہ فتحی عبد السلام صاحب سفید کپڑوں میں ملبوس آسمان کی جانب اڑتے جارہے ہیں۔ پھر ایک معیّن بلندی تک پہنچنے کے بعد انہوں نے افقی سمت میں اڑنا شروع کردیا۔ پھر وہ ایک مقام پر ٹھہرگئے جہاں ان کے اوپر چاند تھا اور کچھ فاصلے پر سورج تھا۔پھر انہوں نے ایک بدلی کو پکڑا اوراسے لپیٹ کر ایک بڑی سی گیند کی شکل میں زمین پر پھینک دیا جو میرے قریب آکر گری۔میں اس کو پکڑنے کے لئے دوڑ پڑا لیکن وہ گیند میرے سامنے تیزی سے لڑھکنے لگی۔میں نے دیکھا کہ لڑھکتے ہوئے یہ گیند جب بھی لوگوں کے پاس سے گزرتی تو وہ اسے پکڑنے کی بجائے اس سے دور بھاگنے لگتے۔میں اس کے پیچھے بھاگتارہا اور بالآخر اسے پکڑنے میں کامیاب ہوگیا ۔

 اس وقت اس خواب کی جو تعبیر میرے ذہن میں آئی وہ نہایت عجیب تھی۔ روحانی دنیا کے سورج سیدنا محمد صلی اللہ علیہ وسلم ہیں اور ان سے روشنی لے کر ابھرنے والا چاند مسیح موعود علیہ السلام ہیں، اور وہ بدلی جو آسمانی پانی پر مشتمل تھی دراصل وہ آسمانی پیغام ہے جومسیح موعود علیہ السلام لے کر آئے ہیں ۔ یوں پیغام واضح تھا کہ فتحی عبد السلام صاحب نے جو پروگرام پیش کیا وہ محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کے خادم صادق کے نور سے اقتباس کے مترادف ہے ۔ یہ پیغام برحق ہے اور ہر ایک تک پہنچ رہا ہے لیکن لوگ اس سے دور بھاگ رہے ہیں جبکہ اللہ تعالیٰ مجھے اس پیغام کو قبول کرنے کی توفیق عطا فرمائے گا۔

دو سال بعد اس رؤیا کی عجیب تعبیر یوں ظاہر ہوئی کہ ایم ٹی اے پر فتحی عبد السلام صاحب کا ایک پروگرام شروع ہوا جس کا نام تھا: ’’فی سماوات القرآن‘‘،اس پروگرام کی ہر قسط کی ابتداء فتحی صاحب ان الفاظ سے کرتے کہ آئیے ہم آسمانِ قرآن کی فضاؤں میں پرواز کرتے ہیں۔ یہ سن کر مجھے میرا رؤیا یاد آگیا جس میں فتحی صاحب کو آسمان کی فضا میں پرواز کرتے دیکھا تھا۔

واضح رؤیائے صالحہ اوران کی تعبیر کا فہم عطا ہونے کے بعد انکار کی تو کوئی گنجائش نہ تھی تاہم میں اپنی کسی کمزوری کے باعث ابھی تک بیعت نہ کرسکا تھا۔

احمدیت کی طرف آؤ!

اس دوران مَیں نے سوچا کہ میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے بتائے ہوئے طریق پر استخارہ بھی کر کے دیکھ لوں۔ چنانچہ میں نے آپ کی کتاب اتمام الحجۃ میں بیان ہونے والے طریق کے مطابق استخارہ کیا توخواب میں ایک شخص کو دیکھاکہ وہ گھر کی چھت پر کھڑے ہو کر فجر کی اذان دے رہا ہے۔ اس نے اذان مکمل کرنے کے بعد کچھ اس طرح کہا : حیّ علی الأحمدیۃ۔۔ حیّ علی الأحمدیۃ۔ انتبِہوا یا أھلَ الجریدۃ وھَلُمّوا إلی ھذہ العقیدۃ الفریدۃ۔ یعنی احمدیت کی طرف آؤ۔۔احمدیت کی طرف آؤ۔ اے اہلِ جریدہ اس منفرد عقیدہ کی طرف آجاؤ۔

مؤذن نے رؤیا میں اور بھی جملے کہے لیکن مجھے صرف یہی یادرہے۔عجیب بات یہ ہے کہ جب میں جاگا تومحلے کی مسجد میں مؤذن فجر کی اذان دے رہا تھا۔

بیعت

اس واضح رؤیا کے بعد میں نے بیعت کا فیصلہ کرلیا۔ چنانچہ میں نے اپنے بیٹوں اور دیگر اہل خانہ کو جمع کر کے یہ رؤیا سنایا اور ان سے کہا کہ میں امام مہدی علیہ السلام کی بیعت کرنے لگا ہوں، تم بھی اس کی بیعت کے بارہ میں غور وفکر سے کام لو اور اس کام میں دیر نہ کرو۔

ایک ہفتے کے بعد میرا ایک بیٹا آیا اور کہنے لگا میںنے احمدیت کے بارہ میں سنجیدگی سے سوچنا شروع کیا تو رؤیا میں دیکھاکہ میں اپنے ایک دوست کے ساتھ بیٹھ کر قرآن کریم کی تلاوت کررہا ہوں ۔ اس دوران ہماری بحث شروع ہوجاتی ہے۔میں کہتا ہوں کہ میرے والد صاحب کہتے ہیں کہ امام مہدی آچکے ہیںجبکہ میرا دوست اس کا انکار کرتا جاتا ہے۔اتنے میں سفید لباس میں ملبوس ایک صالح شخص وہاں آتا ہے جو بحث کے بارہ میں جاننے کے بعد مجھ سے پوچھتا ہے کہ تم کونسی سورت کی تلاوت کررہے ہو ؟ میں بتاتا ہوں کہ سورت یوسف کی۔ پھر وہ میرے دوست سے پوچھتا ہے تو وہ بتاتا ہے کہ وہ سورت مریم کی تلاوت کررہا ہے۔ اس پر صالح شخص مجھ سے مخاطب ہو کر کہتا ہے کہ بیٹا تم اورتمہارے والد صاحب حق پر ہیں کیونکہ سورت یوسف میں تمہارے موقف کی تائید میں زیادہ دلائل موجود ہیں۔چنانچہ اس کے بعد میرے بیٹے نے بھی بیعت کرلی۔

مخالفت کے بالمقابل نصرتِ الٰہی

بیعت کے بعد میری کمپنی کے ملازمین کی طرف سے مخالفت شروع ہوگئی اورمجھے کام سے فارغ کرنے کی دھمکیاںملنی شروع ہو گئیں۔لیکن جب بھی وہ غصہ میں آکر میرے ساتھ بات کرتے تو میرے دلائل کے سامنے لاجواب ہوجاتے۔ بالآخر انہوں نے میرے ساتھ قطع تعلق کر لیا۔ابھی کچھ عرصہ ہی گزرا تھا کہ میرے خلاف فتنہ کی آگ بھڑکانے والے آفیسر کی کسی کیس میں تنزلی ہوگئی اور اسے میری کمپنی سے تبدیل کرکے کسی اور جگہ بھیج دیا گیا۔

اسی طرح دو سال کے بعد میرے دوستوں میں سے بھی ایک نے بیعت کرلی۔ یوں اللہ تعالیٰ نے مجھے تائیدات اور نصرتوں سے نوازا اور میری مخالفت کرنے والوں کے لئے وہ خود ہی کافی ہوگیا۔فالحمد للہ علی ذالک۔

…………………

(باقی آئندہ)

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button