سیرت خلفائے کرام

حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کا بچپن ۔قسط ہشتم

(ظہیر احمد طاہر ابن مکرم نذیر احمد خادم مرحوم ومغفور۔جرمنی)

حضرت مصلح موعودرضی اللہ عنہ کےبچپن کے چند دلچسپ اورایمان افروز واقعات افادۂ عام کی غرض سےپیش کیے جارہے ہیں۔
حضرت مسیح موعود ؑ کی سنت کو پورا کرتا ہوں :’’قرآن وہ ہے جو کہتا ہے کُلًّا نُّمِدُّ ھٰٓؤُلَآءِ وَھٰٓؤُلَآءِ مِنْ عَطَآءِ رَبِّکَ (بنی اسرائیل:۲۱) پھر وہ ہر مسئلہ کے تمام پہلوؤں کو بیان کرتا ہے۔ اب اگر کوئی کسی مسئلہ کے ایک پہلو کو لے لے اور باقیوں کو چھوڑ دے تو وہ کہے گا تو یہی کہ میں نے قرآن سے لیا ہے لیکن درا صل اس نے قرآن سے نہیں لیا بلکہ قرآن کو آڑ بنا لیا ہے۔اگر وہ قرآن سے لیتا تو اس کے سب پہلوؤں کو لیتا نہ کہ ایک پہلو کو لے لیتا اور باقیوں کو چھوڑ دیتا۔ایک دفعہ میں ایک جگہ گیا۔اس وقت میں چھوٹا بچہ تھا اور مدرسہ میں پڑھتا تھا۔وہاں میں نے بورڈنگ میں دیکھا کہ ایک لڑکاریوڑیاں کھا رہا تھا اور ایسی طرز پر کھا رہا تھا کہ اس کی حالت قابلَ ہنسی تھی۔یعنی ریوڑیوں کو اس نے چھپایا ہوا تھا جیسے ڈرتا ہے کہ اور کوئی نہ دیکھ لے۔مجھے ہنسی آگئی اور میں نے پوچھا یہ کیا کرتے ہو؟ کہنے لگا سنا ہے حضرت مسیح موعود ؑ کو ریوڑیاں پسند ہیں اس سنت کو پورا کرتا ہوں۔میں نے کہا آپ تو کونین بھی کھاتے ہیں وہ بھی کھاؤ۔
تو جہاں انسان اپنے آپ کو بچانا چاہتا ہے وہاں ہمیشہ ایسی باتوں کو لے لیتا ہے جو اس کے حق میں مفید ہوں اور دوسری باتوں کو چھوڑدیتا ہے۔ مگر جو لوگ حق کے طالب ہوتے ہیں وہ سب پہلوؤں کو مدِّ نظر رکھتے ہیں اور یہ پرواہ نہیں کرتے کہ اس طرح ہمارے خیال یا میلان کے خلاف کوئی اثر پڑے گا۔ اب اسی اختلاف کو دیکھ لو جو ہماری جماعت میں ہوا ہے۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے فرمایا کہ میں شرعی نبی نہیں۔ ہاں ایسا نبی ہوں کہ رسول کریم ﷺ کا خادم ہونے کی وجہ سے نبوت کا درجہ ملا اور میں امتی نبی ہوں۔ اب ایک دو آدمی اٹھے جو کہتے ہیں کہ اگر نبی کے لیے شریعت لانا ضروری ہے تو حضرت مسیح موعود ؑ بھی کہتے ہیں کہ میں احکام شریعت لایا ہوں پس آپ شرعی نبی ہوئے۔ انہوں نے دوسرا پہلو چھوڑ دیا پھر کچھ اور لوگ ہیں جو کہتے ہیں کہ حضرت صاحبؑنے لکھا ہے کہ میں نبی نہیں ہوں پس آپؑ کسی قسم کے نبی نہیں۔ انہوں نے بھی دوسرا پہلو چھوڑ دیا۔ لیکن ہم دونوں پہلوؤں کو لیتے ہیں کہ حضرت صاحب ؑ شریعت والے نبی نہیں ہیں لیکن امتی نبی ہیں۔ اگر اختلاف کرنے والے لوگ دونوں پہلوؤں کو لیتے تو ٹھوکر نہ کھاتے۔ ہم نے دونوں پہلوؤں کو لیا ہے کہ آپ نبی بھی ہیں اور امتی بھی۔ تویہ عام قاعدہ ہے کہ جن لوگوں میں تقویٰ اوردیانت نہیں ہوتی اورنہ صاف طورپرانکارکرنےکی جرأت ہوتی ہےوہ یہ طریق اختیار کیا کرتے ہیں کہ ایک حصہ کو لے لیتے ہیں اور دوسرے کو چھوڑ دیتے ہیں اور ایک حصہ کو لے کر کہتے ہیں کہ ہم تو اس کو مانتے ہیں۔ حالانکہ وہ درحقیقت نہیں مانتے جیسا کہ بعض مسلمان کہلانے والے کہہ دیا کرتے ہیں کہ ہم قرآن کے حکم لَا تَقْرَبُوْالصَّلٰوۃَ (النساء:۴۴) پر عمل کرتے ہیں۔ جب کہا جائے کہ اس کے اگلے حصہ کو کیوں چھوڑتے ہیں تو کہتے سارے قرآن پر کون عمل کرسکتا ہے۔ تو یہ ایک فتنہ کا طریق ہوتا ہے اور اس سے رسول کریم ﷺ نے منع فرمایاہے۔“ (تقدیر الٰہی۔انوارالعلوم جلد ۴صفحہ۵۳۹۔۵۴۰)
تعلقات کس طرح محبت کا باعث ہوتے ہیں :’’تعلقات کی مضبوطی اور ان میں زیادتی محبت ہی کی وجہ سے ہوتی ہے …تعلقات کس طرح محبت کا باعث ہوتے ہیں اس کے متعلق مجھے ایک واقعہ یاد آیا۔ایک دفعہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام ”اخبار عام“پڑھ رہے تھے کہ مجھے آواز دی محمود! محمود! محمود! جب میں پاس گیا تو فرمانے لگے کلکتہ کا فلاں شخص مر گیا ہے۔میں نے حیران ہو کر پوچھا مجھے کیا؟فرمایا یہ بے تعلقی کانتیجہ ہے۔اس کے گھر تو ماتم پڑا ہو گا اور تو کہتا ہے مجھے کیا؟ تو تعلق سے محبت پیدا ہوتی ہے۔مگر تدبیر کے قائل لوگوں کی تعلیم اس کے خلاف ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ خدا تعالیٰ نے اشیاء پیدا کردیں اور انسان کو پیدا کردیا۔ اور اس کے بعد اس نے اس کو بالکل چھوڑ دیا کہ جس طرح چاہے کرے۔ اگر یہ بات درست ہے تو پھر بندہ اور خدا میں تعلق کیونکر قائم ہوسکتا ہے؟ بے شک جو چیزیں خدا تعالیٰ نے بنائی ہیں ان کے اندرفوائد بھی ہیں مگر ان کے اندر نقصان بھی تو ہیں۔ مثلاً خدا نے آگ بنائی ہے۔ اگر اس کے کچھ فائدے ہیں تو نقصان بھی ہیں۔ اگر اس سے کھانا پکتا ہے تو لاکھوں کروڑوں روپیہ کا سامان اور گھر بھی جلا کرسیاہ راکھ کردیتی ہے۔پس ان لوگوں نے تقدیر کے مسئلہ کو اس رنگ میں منوایا کہ ایک تو نعوذباللہ، نعوذباللہ خدا تعالیٰ پر جو تمام عقلوں کا پیدا کرنے والا ہے خلاف عقل کام کرنے کا الزام آتا ہے۔ اور دوسرے خدا تعالیٰ کے ساتھ انسان کا جو محبت کا تعلق ہے وہ بالکل ٹوٹ جاتا ہے کیونکہ انسان کے دل میں طبعاً خیال پیدا ہوتا ہے کہ مثلاً آگ جو خدا تعالیٰ نے پیدا کی ہے اگر فائدہ پہنچاتی ہے تو نقصان بھی تو کرتی ہے۔ پھر اس کے پیدا کرنے میں خدا تعالیٰ کا کیا احسان ہوا؟ یہ خیالات جب پیدا ہوں تو خدا تعالیٰ کے ساتھ تعلقات محبت نہیں پیدا ہوسکتے بلکہ ایسا ہی تعلق رہ جاتا ہے جیسا کہ یہاں کے لوگوں کو امریکہ والوں سے ہے بلکہ اس سے بھی کم کیونکہ امریکہ سے تو مال بھی منگوالیا جاتا ہے مگر خدا سے کسی بات کی امید نہیں۔ غرض اس قسم کے خیالات نے روحانیت کو حد سے زیادہ نقصان پہنچایا ہے۔“ (تقدیر الٰہی۔انوارالعلوم جلد ۴صفحہ۵۶۰-۵۶۱)

مزید پڑھیں: حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کا بچپن

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button