نماز جنازہ حاضر و غائب

نمازِ جنازہ حاضر و غائب

مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تحریر کرتے ہیں کہ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ۸؍نومبر ۲۰۲۶ء بروز اتوار بارہ بجے بعد دوپہر اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر مکرمہ فخر النساء صاحبہ اہلیہ مکرم چودھری منور احمد ساہی صاحب (آف کلیپہم۔ یوکے) کی نماز جنازہ حاضر اور پانچ مرحومین کی نمازِ جنازہ غائب پڑھائی۔

نماز جنازہ حاضر

مکرمہ فخر النساء صاحبہ اہلیہ مکرم چودھری منور احمد ساہی صاحب (آف کلیپہم۔ یوکے)

۳؍نومبر ۲۰۲۶ء کو ۶۲؍سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ مکرم چودھری امان اللہ گوندل صاحب (آف کوٹری سندھ) کی بیٹی تھیں جنہیں دکانوں کی پیشانی پر کلمہ طیّبہ لکھنےکی وجہ سے دو؍سال کی سزا ہو گئی تھی اور پھر ضمانت پر رہا ہوئے تھے۔ مرحومہ کی پہلی شادی مکرم چودھری نعیم احمد گوندل صاحب شہید (صدر جماعت اورنگی ٹاوٴن کراچی) سے ہوئی تھی۔ آپ اس وقت اپنےحلقہ میں بطور صدر لجنہ اور سیکرٹری مال خدمت کی توفیق پارہی تھیں۔ آپ قرآن کریم کا لفظی ترجمہ جانتی تھیں۔آپ کو متعدد بار وقف عارضی کی توفیق ملی اور بچوں کو قرآن کریم بھی پڑھایا کرتی تھیں۔ مرحومہ نماز اور روزہ کی پابند، باقاعدگی سے قرآن کریم کی تلاوت کرنے والی، غریبوں کی ہمدرد، خدمت خلق کے جذبہ سے سرشار ایک نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ چندوں میں با قاعدہ اور دیگر مالی تحریکات میں بھی حصہ لیتی تھیں۔ خلافت سےگہرا اخلاص ووفا کا تعلق تھا۔ آپ کی دوسری شادی ۲۰۱۶ء میں ہوئی۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں میاں کے علاوہ ایک بھائی اور دوبہنیں شامل ہیں۔ آپ مکرم چودھری مبارک احمد ساہی صاحب مرحوم کی بھابھی تھیں۔

نماز جنازہ غائب

۱۔مکرمہ شمیم بیگم صاحبہ (سابق ہیڈ مسٹریس نصرت گرلز ہائی سکول۔ قادیان) اہلیہ مکرم منظور احمد صاحب سوز مرحوم (سابق ناظر تعلیم قادیان)

۲۲؍اکتوبر ۲۰۲۶ء کو۷۹؍سال کی عمرمیں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ نے انگریزی لٹریچر میں گریجوایشن کرنے کے بعد ٹیچنگ کی ڈگری حاصل کی اور جامعہ علی گڑھ سے اردو ادیب کا امتحان پاس کیا۔ جب دسویں جماعت میں زیر تعلیم تھیں تو اس وقت کتاب ’’ختم نبوت کی حقیقت‘‘ پڑھنے کے بعد احمدیت قبول کی۔ آپ کے والد مکرم محمد مجید صاحب سولیجہ مرحوم (سابق صدر جماعت احمدیہ کانپور) قبل ازیں بیعت کر چکے تھے۔شوہر کی وفات کے بعد مرحومہ نے بیوگی کا ۴۰؍سالہ طویل عرصہ بڑے صبر کے ساتھ گزارا اور بچوں کی پرورش، تعلیم اور شادیوں و غیرہ کے فرائض انتہائی محنت اور ذمہ داری کے ساتھ بخوبی ادا کئے۔ آپ کو نصرت گرلزہائی سکول قادیان میں بحیثیت ٹیچر اور کچھ عرصہ بطور ہیڈ مسٹریس کام کرنےکی توفیق ملی۔ شادی سے قبل جنرل سیکرٹری لجنہ اماءاللہ کانپور اور پھر شادی کے بعد لجنہ اماءاللہ مرکز یہ قادیان میں مختلف عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی۔ اس دوران جلسہ؍سالانہ قادیان اور؍سالانہ اجتماعات کے موقعہ پر تقاریر بھی کرتی رہیں۔ نومبائعات کی تعلیمی کلاسوں میں نیز اپنےگھر میں لڑکیوں اور بچوں کو قرآن مجید پڑھایا کرتی تھیں۔ مرحومہ پنجوقتہ نمازوں کی پابند، باقاعدگی سے تلاوت قرآن کریم کرنے والی، متوکل علی اللہ، بڑی ہمدرد، نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ اپنے بچوں کو بھی نمازوں کی پابندی کی ہمیشہ تلقین کرتی رہیں۔ چھوٹے چھوٹے کاموں میں بھی حصول ثواب کا خیال رکھتی تھیں۔ سچائی اور امانت آپ کے نمایاں اوصاف تھے۔ نظام جماعت کی خود بھی سختی سے پابندی کرتیں اور اپنے بچوں کو بھی ہمیشہ اس کی تلقین کیا کرتی تھیں۔ خلافت سے نہایت مخلصانہ اور محبانہ تعلق تھا۔ خاندان حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے افراد سے بھی بڑے ادب اور احترام سے ملتی تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں ایک بیٹی، دو بیٹے،ایک پوتا اور چار پوتیاں شامل ہیں۔آپ کی بیٹی مکرمہ نفیسہ ریحانہ صاحبہ عائشہ اکیڈمی اور نور اکیڈمی یوکے میں پڑھاتی ہیں اوربڑے بیٹے مکرم سہیل احمد صاحب وکالت مال تحریک جدید قادیان میں خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔

۲۔مکرم سیٹھ محی الدین صاحب ابن مکرم سیٹھ محمد معین الدین صاحب(اسلام آباد)

۸؍اکتوبر۲۰۲۶ء کو ۷۸؍سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت مولانا ذوالفقار علی خان صاحب گوہر رضی اللہ عنہ کے نواسے، مکرم سیٹھ محمد غوث صاحب (آف حیدر آباد دکن) کے پوتے اور مکرم مولانا عبد المالک خان صاحب کے بھانجے تھے۔آپ کے خاندان کو یہ شرف حاصل ہے کہ حضرت مصلح موعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے مکرم سیٹھ محمد غوث صاحب کے خاندان کو اپنا دوسرا خاندان قرار دیا اور قربت کا یہ تعلق ہمیشہ قائم رہا۔ مرحوم کو اسلام آباد میں اپنے حلقہ میں صدر جماعت، سیکرٹری مال اور زعیم انصار اللہ کےطور پر خدمت کی توفیق ملی۔ مرحوم نمازوں کے پابند، تہجد گزار ،عبادت سے غیر معمولی شغف رکھنے والے، حلیم الطبع، مہمان نواز،ہمدرداور مخلص انسان تھے۔ عزیزوں، رشتہ داروں اور احباب جماعت سب کے لیے آپ کے گھرکے دروازے ہمیشہ کھلے رہتے۔ خلافت احمدیہ سے بہت گہرا تعلق تھا اور خاندان حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام سے ایک قلبی لگاؤ رکھتے تھے۔مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹی اور تین بیٹے شامل ہیں۔

۳۔مکرمہ فرحت جبیں آراصاحبہ (کینیڈا)

یکم اکتوبر ۲۰۲۶ء کو۹۲؍سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ اور آپ کی والدہ اپنے گھرانے میں اکیلی احمدی تھیں ۔ والدہ کی سرپرستی میں اپنے والد اور تمام بہن بھائیوں کی مخالفت کے باوجود پوری زندگی احمدیت پر قائم رہیں۔ ۴۴؍سال کی عمر میں بیوہ ہو جانے کے بعد آپ نے زندگی کی تمام مشکلات کابڑی بہادری سے مقابلہ کیا اور اپنے ۱۱ بچوں کی تربیت اور پرورش بہت عمدہ رنگ میں کی۔ مرحومہ پنجوقتہ نمازوں کی پابند، باقاعدگی سے قرآن کریم کی تلاوت کرنے والی،بڑی دعا گو، باہمت،نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ صدقہ و خیرات اور مالی تحریکات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی تھیں۔آپ نے پوری زندگی صبروشکر، قربانی اور دینی وابستگی کا اعلیٰ نمونہ دکھایا۔ آپ کی زندگی کا نمایاں پہلو خلافت سے گہری محبت اور وفاداری تھی۔مرحومہ موصیہ تھیں۔پسماندگان میں دو بیٹے اور ۹بیٹیاں شامل ہیں۔

۴۔مکرم رانا وقاص احمدصاحب ابن مکرم رانا سعید احمد صاحب مرحوم (Willingboro نیوجرسی، امریکہ)

۴؍اکتوبر۲۰۲۶ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کے خاندان میں احمدیت آپ کے دادا مکرم عبد اللہ صاحب کے ذریعے آئی۔مرحوم پر مجلس خدام الاحمدیہ کے زعیم کی حیثیت سے خدمت کے دوران ایک مقدمہ قائم ہوااور تقریباً تین ماہ چنیوٹ جیل میں گزارے۔رہائی کے بعد ۲۰۰۲ء میں آپ ہانگ کانگ چلے گئے۔ وہاں سے ۲۰۰۴ء میں امریکہ جانے کے بعد آپ Willingboroجماعت میں خدمت کرتے رہے۔ آپ کو ناظم اطفال،سیکرٹری وقفِ نَو اور صحت و ذہانت کے شعبہ میں خدمت کی توفیق ملی۔ علاقائی اجتماعات میں بہت سے کام خود سنبھالتے اورمسکراتے ہوئے دوسروں کا بوجھ ہلکا کرتے۔آپ ایک اچھے سائیکل سوار تھے۔آپ نے Willingboro جماعت میں سائیکلنگ کلب بھی قائم کیا۔ احباب کو ورزش کی ترغیب دیتے اور مناسب قیمت پر اچھی سائیکلیں تلاش کرنے میں ان کی مدد بھی کیا کرتےتھے۔ جماعتی پروگراموں میں شامل ہوکر بہت خوش ہوتے تھے۔ مرحوم ہمیشہ محبت اور صبر سے کام لیتے اور ہر شخص کے ساتھ عزت اور نرمی سے پیش آتے تھے۔ آپ کی وفات پر بہت سے غیر احمدیوں نے بھی تعزیت کا اظہار کیا۔مرحوم موصی تھے۔پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ تین بیٹے، تین بیٹیاں، ایک بھائی اور دو بہنیں شامل ہیں۔

۵۔مکرمہ Dicko Maryam صاحبہ (گھانا)

۳؍اکتوبر ۲۰۲۶ء کو۳۹؍سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ نے ۲۰۰۴ء میں احمدیت قبول کی۔مرحومہ پنجوقتہ نمازوں کی پابند،ایک نیک اور مخلص خاتون تھیں۔آپ کے شوہر مکرم Dicko Mouusa صاحب نے جامعۃ المبشرین پاس کیا ہے اور اس وقت سینٹرل افریقن رپبلک میں بطور مشنری خدمات بجا لا رہے ہیں۔ آپ کے بیٹے نے بتایا کہ جب میں زندگی وقف کرکے جامعہ جانے کا سوچ رہا تھا تو میری والدہ نے فیصلہ کرنے میں میری بہت مدد کی اور مجھے جامعہ جانے کی ترغیب دلائی۔ جامعہ آنے سے قبل آخری نصیحت جو انہوں نے مجھے کی وہ یہ تھی کہ دل لگا کر جامعہ کی پڑھائی کرنا اور بغیر فیل ہوئے سات؍سال کی تعلیم مکمل کرنا۔ آپ نے مجھے یہ بھی بتایا کہ جماعت کومربیان کی ضرورت ہے۔ پسماندگان میں ایک بیٹی اور تین بیٹے شامل ہیں۔آپ کے بیٹے عزیزم Dicko Mahmoud جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا میں درجہ ثانیہ کے طالب علم ہیں۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔

اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button