نماز جنازہ حاضر و غائب

نمازِ جنازہ حاضر و غائب

مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تحریر کرتے ہیں کہ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ۷؍نومبر ۲۰۲۶ء بروز ہفتہ بارہ بجے بعد دوپہر اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر مکرمہ عفت ملک صاحبہ اہلیہ مکرم نسیم ملک صاحب (آف سویڈن) اور مکرم رفیع احمد شاہنواز صاحب (آف گجر خان حال والسال۔ یوکے) کی نماز جنازہ حاضر اور پانچ مرحومین کی نمازِ جنازہ غائب پڑھائی۔

نماز جنازہ حاضر

۱۔مکرمہ عفت ملک صاحبہ اہلیہ مکرم نسیم ملک صاحب (آف سویڈن)

۲۷؍اکتوبر ۲۰۲۶ء کو ۷۳؍سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت حاجی اللہ بخش صاحب رضی اللہ عنہ (آف بہلولپور) صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی پوتی اور مکرم چودھری عبدالرحمٰن صاحب بہلولپوری کی بیٹی تھیں۔ مرحومہ کچھ عرصہ سکول ٹیچر رہیں اور ر بوہ میں ایک کنڈرگارٹن سکول قائم کرنے اور بچوں کو پڑھانے کا موقع ملا۔مرحومہ تقریباً ۳۰؍سال سے سویڈن میں مقیم تھیں۔ کچھ عرصہ اپنی لوکل مجلس میں صدر لجنہ کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ آپ نماز اورروزہ کی پابند، تہجد گزار، باقاعدگی سے قرآن کریم کی تلاوت کرنے والی ، غریب پرور، ہمد رد، خدمت خلق کے جذبہ سے سرشار، مہمان نواز، مالی تحریکات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والی نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔پسماندگان میں میاں کے علاوہ ایک بیٹی، دو بیٹے اور نواسیاں اور پوتے پوتیاں شامل ہیں۔ آپ کے میاں مکرم نسیم احمد ملک صاحب کو خدام الاحمدیہ پاکستان میں مختلف خدمتوں کی توفیق ملی اور آجکل انٹر نیشنل ہیومن رائٹس کمیٹی کے سیکرٹری کے طور پر خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔آپ مکرم فاروق آفتاب صاحب (یوکے)کی خوش دامن تھیں۔

۲۔مکرم رفیع احمد شاہنواز صاحب (آف گجر خان حال والسال۔ یو کے )

۳؍نومبر ۲۰۲۶ء کو ۶۹؍سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ ۲۰۱۱ء میں پاکستان سے یوکے آئے اور والسال میں رہائش اختیار کی۔آپ گجرخان پاکستان میں لمبا عرصہ زعیم انصاراللہ رہے۔ یوکے آکر بھی آپ نے زعیم انصار اللہ کے علاوہ لوکل جماعت میں مختلف عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی۔ مرحو م پُر جوش داعی الی اللہ تھے۔ قرآن کریم پڑھانے کا بہت شوق تھا۔ مرحوم پنجوقتہ نمازوں کے پابند، تہجد گزار، باقاعدگی سے قرآن کریم کی تلاوت کرنے والے، چندوں میں باقاعدہ، مستحقین کی مدد کرنے والے، خلافت کے فدائی مخلص اور باوفا انسان تھے ۔ مرحوم موصی تھے۔پسماندگان میں تین بیٹے اور پوتے پوتیاں شامل ہیں۔

نماز جنازہ غائب

۱۔مکرم شیخ شریف احمد صاحب (ملیر کینٹ، کراچی)

۲۲؍اگست ۲۰۲۶ء کو ۹۸؍سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابہ حضرت شیخ محمد حسین صاحب رضی اللہ عنہ کے بیٹے اور حضرت مولوی عبد القادر صاحب لدھیانوی رضی اللہ عنہ کے نواسے تھے۔ مرحوم کا پورا خاندان اخلاص، دینی وابستگی اور جماعتی وفاداری کے حوالہ سے معروف تھا۔آپ نے تعلیم الاسلام کالج قادیان سے تعلیم حاصل کی۔ تقسیم ہند کے بعد چنیوٹ، کوئٹہ اور اس کے بعد کراچی میں سکونت اختیار کی۔ مرحوم صوم وصلوٰۃ کے پابند، نرم گفتار، کم گو،ہمدر داورسادہ طبیعت کے مالک مخلص اور باوفا انسان تھے۔ چندہ جات بروقت ادا کرتے اور دیگر مالی تحریکات میں بھی بھر پور حصہ لیتے تھے۔ ملیر کینٹ سینٹر میں نماز جمعہ بھی پڑھاتے رہے۔ خلافت سے گہری محبت رکھتے تھے اور ایم ٹی اے با قاعدگی سے دیکھتے تھے۔ مرحوم موصی تھے۔آپ کی اہلیہ وفات پاچکی ہیں۔ آپ کے چھوٹے بھائی مکرم رشید احمد صاحب اس وقت برطانیہ میں رہائش پذیر ہیں۔

۲۔مکرمہ زبیدہ بیگم تارڑ صاحبہ اہلیہ مکرم چودھری عبداللطیف تارڑ صاحب مرحوم (حافظ آباد حال ربوہ )

۲۵؍ستمبر۲۰۲۶ء کو ۸۸؍سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ صوم وصلوٰۃ کی پابند، قرآن کریم کی باقاعدگی سے تلاوت کرنے والی نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ الفضل اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی کتب کا مطالعہ باقاعدگی سے کرتی تھیں۔ اپنے گاؤں کی مجلس میں صدر لجنہ کے علاوہ مختلف شعبوں میں بڑی محنت کے ساتھ خدمت کی توفیق پائی۔ قرآن کریم سے بہت شغف تھا۔ گھر میں احمدی اور غیر احمدی بچوں کو بہت شوق سے قرآن کریم پڑھاتی تھیں۔ خلافت سے گہری محبت اور عقیدت کا تعلق تھا۔خلافت کی ہر تحریک پر فوری لبیک کہتیں اور بچوں کو بھی اس کی تلقین کرتی تھیں۔مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں ایک بیٹی،دو بیٹے اور پوتے پوتیاں اور نواسے نواسیاں شامل ہیں۔ آپ کےا یک بیٹے مکرم خاور محمود تارڑ صاحب مسجد فضل لندن میں سیکیورٹی کارکن ہیں۔

۳۔مکرمہ بشریٰ بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم منور احمد خان صاحب (سویڈن)

۱۳؍اکتوبر ۲۰۲۶ء کو ۷۸سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت ڈاکٹر محمدبخش صاحب رضی اللہ عنہ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی پوتی اور مولوی غلام رسول صاحب (معلم اصلاح و ارشاد) کی بیٹی تھیں۔ مرحومہ کو ربوہ میں اپنے حلقہ دارالنصر غربی اور پھر حلقہ ناصرآباد جنوبی میں تقریباً ۲۰؍سال بطور صدر لجنہ خدمت کی توفیق ملی۔ آپ کچھ عرصہ سے اپنے بڑے بیٹے مکرم صلاح الدین یوسف صاحب کے پاس سویڈن میں مقیم تھیں۔ مرحومہ صوم وصلوٰۃ کی پابند، نہایت ملنسار، مہمان نواز، ضرور تمندوں کی راز داری سے مدد کرنے والی، اعلیٰ اخلاق کی مالک نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ خلافت کے ساتھ گہرا اخلاص ووفا کا تعلق تھا۔مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں میاں کے علاوہ ایک بیٹی اور تین بیٹے شامل ہیں۔ آپ مکرم آصف احمد خان صاحب (مربی سلسلہ و استاد جامعہ احمدیہ کینیڈا) کی والدہ اور مکرم مبشراحمد ظفر صاحب (ٹیلیفون ایکسچینج مسجد فضل۔ لندن) اور مبارک احمد ظفر صاحب(ایڈیشنل وکیل المال۔ یوکے) کی بہن تھیں۔

۴۔مکرمہ امۃ الحفیظہ بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم نذیر احمد صاحب مرحوم (سابق صدر وڑمان ضلع محبوب نگر صوبہ تلنگانہ۔انڈیا)

۵؍اکتوبر ۲۰۲۶ء کو ۷۴؍سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ صوم وصلوٰۃ اور تلاوت قرآن کریم کی پابند، تہجد گزار، چندوں میں باقاعدہ، بڑی نیک فطرت اور مخلص خاتون تھیں۔شوہر کی وفات کے بعد بچوں کی بہت اچھی تربیت اور پرورش کی۔اپنی زندگی میں چھوٹے بیٹے عزیزم وسیم احمد (متعلم جامعہ احمدیہ قادیان) کی ایک حادثے میں وفات کا صدمہ بڑے صبر و ہمت سے برداشت کیا۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں دو بیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔

۵۔مکرمہ عزیز بیگم صاحبہ بنت مکرم نور داد صاحب مرحوم (کھاریاں ضلع گجرات)

۷؍جولائی ۲۰۲۶ء کو ۷۳؍سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت احمد دین صاحب رضی اللہ عنہ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی پڑپوتی تھیں۔ مرحومہ نماز اورروزہ کی پابند، غریب پرور، مہمان نواز، صابرہ وشاکرہ، ضرورت مندوں کاخیال رکھنے والی نیک، ہمدرد اور مخلص خاتون تھیں۔ مرحومہ نے بیوگی کا لمبا عرصہ بڑے صبر وہمت سے گزارا۔ آپ کے ایک بیٹے پر مخالفین نے تشدّد کیا اور پرچہ کروایا اور دوسرے بیٹے پر 298-Cکا مقدمہ بنا مگر مرحومہ نےا س پر بھی صبر کیا۔مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں ایک بیٹی اور تین بیٹے شامل ہیں۔ آپ کے سب بچے کسی نہ کسی رنگ میں جماعت کی خدمت کررہے ہیں۔ بڑے بیٹے یونان میں صدر مجلس انصاراللہ رہ چکے ہیں۔ جبکہ چھوٹے بیٹے کو سیکرٹری امور عامہ ضلع …اور صدر جماعت …کے طورپر خدمت کی توفیق مل رہی ہے۔ اسی طرح ان سے چھوٹے بیٹے مکرم منصور احمد صاحب اس وقت فرانس میں لیون جماعت کے صدر ہیں۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button