جماعت احمدیہ ساؤتومے و پرنسپ کا تیرھواں جلسہ سالانہ ۲۰۲۶ء
٭… ’’اسلام امن کا مذہب ہے، جنگ کا نہیں‘‘ کے مرکزی موضوع پر منعقدہ جلسہ سالانہ
٭… روحانی، علمی اور معلوماتی موضوعات پر تقاریر کا سلسلہ ٭…مجموعی طور پر ۴۸۰؍احباب کی شمولیت
اللہ تعالیٰ کے خاص فضل سے جماعت احمدیہ ساؤتومے و پرنسپ کو اپنا ۱۳واں جلسہ سالانہ ’’اسلام امن کا مذہب ہے، جنگ کا نہیں‘‘ کے مرکزی موضوع پر مورخہ ۱۵؍نومبر ۲۰۲۶ء کو شہر گوادالوپ (Guadalupe) کے ایک سکول کے گراؤنڈ میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
ساؤتومے و پرنسپ دو جزیروں پر مشتمل ملک ہے اور دونوں جزیروں کے درمیان طویل فاصلہ ہونے کے باعث علیحدہ علیحدہ جلسہ سالانہ منعقد کیے جاتے ہیں۔ چنانچہ امسال ۱۱؍اپریل کو جزیرہ پرنسپ اور ۱۵؍نومبر کو جزیرہ ساؤتومے میں جلسہ سالانہ منعقد ہوئے۔ جزیرہ پرنسپ کے جلسے کی حاضری ۱۱۰؍جبکہ ساؤتومے کے جلسہ کی حاضری ۳۷۰؍رہی۔

مورخہ ۱۵؍نومبر کو ساڑھے آٹھ بجے صبح پرچم کشائی کی تقریب سے جلسہ کا آغاز ہوا۔ مکرم حافظ اعزازالرحمٰن صاحب افسر جلسہ سالانہ نے قومی پرچم جبکہ خاکسار (مبلغ انچارج و صدر جماعت ساؤتومے) نے لوائےاحمدیت لہرایا۔
پہلا اجلاس:پہلے اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور نظم سے ہوا جس کے بعد یہ چار تقاریر ہوئیں: ’’خلافت احمدیہ امن کی ضمانت ہے‘‘، ’’ایک احمدی معاشرے کا مفید وجود کیسے بن سکتا ہے؟‘‘، ’’حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ: رحمت لّلعالمین‘‘ اور ’’جہاد کا حقیقی مفہوم: اپنے نفس کے خلاف جہاد‘‘۔

پہلے اجلاس کے اختتام پر وقفہ ہوا جس کے دوران احباب جماعت اور مہمانان کرام کی خدمت میں ریفریشمنٹ پیش کی گئی۔
دوسرا اجلاس:دوسرے اجلاس کا آغاز مکرم ناصر صاحب لوکل مشنری کی تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ بعدازاں جماعت ترینداد کے خدام نے ترانہ پیش کیا جس کے بعد تقاریر کا سلسلہ شروع ہوا۔ اس اجلاس میں ’’غیبت اور چغل خوری ایک لعنت ہے‘‘، ’’نماز سکون قلب کا ذریعہ ہے‘‘ اور ’’مسیح موعودؑ مذہبی جنگوں کا خاتمہ کرے گا‘‘ کے موضوعات پر تقاریر ہوئیں۔

آخر میں خاکسار نے دعا کروائی اور تمام احباب جماعت نے مل کر کلمہ طیبہ کا ورد کیا جو جلسہ کا ایک خوبصورت اور روح پرور لمحہ تھا۔ بعد ازاں نماز ظہر و عصر جمع کرکے ادا کی گئیں اور احباب جماعت کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ اس طرح یہ ایک روزہ جلسہ سالانہ بخیر و خوبی اختتام پذیر ہوا۔ الحمدللہ
اللہ تعالیٰ جلسہ سالانہ کے انتظامات میں حصہ لینے والے تمام کارکنان اور واقفینِ زندگی کو جزائے خیر عطا فرمائے اور ہم سب کو خلیفۂ وقت کا سلطان نصیر بنائے۔ آمین
(رپورٹ:انصر عباس۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: ایلڈوریٹ، کینیا کی نیشنل لائبریری کو جماعتی کتب کا عطیہ




