افریقہ (رپورٹس)

ایلڈوریٹ، کینیا کی نیشنل لائبریری کو جماعتی کتب کا عطیہ

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ کینیا ایک منظم پروگرام کے تحت ملک کی مختلف لائبریریز کو جماعتی کتب فراہم کر رہی ہے تاکہ ہر علاقے اور طبقہ ہائے زندگی کے افراد تک اسلام کا پُرامن پیغام پہنچایا جا سکے۔ گذشتہ ایک سال کے دوران دارالحکومت نیروبی کی نیشنل لائبریری کے علاوہ مختلف مقامی و بین الاقوامی جامعات، کالجوں اور ڈیفنس فورسز کی لائبریریز کو بڑی تعداد میں جماعتی کتب مہیا کی گئی ہیں جن کے اللہ تعالیٰ کے فضل سے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔

اسی سلسلہ میں مکرم ناصر محمود طاہر صاحب امیر و مشنری انچارج کینیاکی ہدایت پر ایلڈوریٹ شہر کی نیشنل لائبریری کی انتظامیہ سے جماعتی کتب کے عطیہ کے سلسلہ میں رابطہ کیا گیا۔ انتظامیہ نے اس پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے قبول کیا۔ واضح رہے کہ اس لائبریری کو اس سے قبل بھی متعدد مرتبہ جماعتی کتب عطیہ کی جا چکی ہیں جنہیں مرکزی لائبریری کے علاوہ مختلف علاقوں میں قائم اس کی دیگر شاخوں میں بھی بھجوایا گیا تھا۔

چنانچہ پروگرام کے مطابق مورخہ ۲۶؍اکتوبر ۲۰۲۶ء بروز سوموار صبح ساڑھے ۹؍بجے خاکسار (مبلغ سلسلہ)نے مکرم رشید رافیل صاحب مبلغ انچارج ایلڈوریٹ ریجن اور مکرم ادریس نیانجے صاحب معلم ایلڈوریٹ کے ہمراہ جماعتی کتب کے دو بڑے کارٹن نیشنل لائبریری کے دفتر میں پیش کیے۔ وہاں چیف لائبریرین صاحبہ نے وفد کا استقبال کیا۔ ابتدائی تعارف کے بعد کتب کا مختصر تعارف کروایا گیا اور انہیں لائبریری انتظامیہ کے حوالے کر دیا گیا۔

چیف لائبریرین صاحبہ نے اس عطیہ پر شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ کتب کو جماعت کی سابقہ کتب کے ساتھ ایک علیحدہ شیلف میں رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کتب لائبریری کے قارئین اور اسلام و احمدیت کے متعلق تحقیق کرنے والوں کے لیے بہت مفید ثابت ہوں گی۔ انہوں نے جماعت کی اس معاونت پر شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں لائبریری انتظامیہ کی جانب سے ایک خط بھی موصول ہوا جس میں کتب کے عطیہ پر اظہار تشکر کے ساتھ جماعت کے تعاون کو سراہا گیا۔

لائبریری کو عطیہ کی جانے والی کتب کی کل تعداد ۱۳۰؍ہے جن میں قرآن کریم کے انگریزی اور سواحیلی تراجم، لائف آف محمدؐ، اسلامی اصول کی فلاسفی اور اسلام و عیسائیت سے متعلق دیگر اہم کتب کے انگریزی اور سواحیلی تراجم شامل ہیں۔

اللہ تعالیٰ ان کتب کو بے شمار لوگوں کی ہدایت کا ذریعہ بنائے اور انہیں احمدیت یعنی حقیقی اسلام کے نور سے منور فرمائے۔ آمین

(رپورٹ:محمد افضل ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ کوسووو کی خلافت کے موضوع پر خصوصی تقریب

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button