افریقہ (رپورٹس)

مسلم رائٹرز گلڈ آف نائیجیریا مجلس انصار سلطان القلم MASQ) Nigeria) کی دسویں سالگرہ، تحریری ورکشاپ اور دسویں سالانہ کانفرنس کا انعقاد

اللہ تعالیٰ كے خاص فضل سے ’’قلم کی طاقت: ایمان، علم اور معاشرتی تبدیلی کے لیے تحریر‘‘ کے مرکزی موضوع کے تحت مسلم رائٹرز گلڈ آف نائیجیریا، مجلس انصار سلطان القلم (MASQ Nigeria) کی دسویں سالگرہ، تحریری ورکشاپ اور دسویں سالانہ کانفرنس ۳۰؍اکتوبر تا یکم نومبر ۲۰۲۶ء کو جماعت احمدیہ نائیجیریا کے مرکزی ہیڈکوارٹر، اوجوکورو، لاگوس میں كامیابی سے منعقد ہوئی۔

اس سہ روزہ پروگرام کا مقصد اسلامی تعلیمات کی روشنی میں تحریری صلاحیتوں کو فروغ دینا، قلم کے ذریعے علم و آگاہی کو عام کرنا، دینی لٹریچر کو مؤثر اور عام فہم انداز میں پیش کرنے کی تربیت دینا اور معاشرتی اصلاح و ترقی میں اہل قلم کے کردار کو اُجاگر کرنا تھا۔

افتتاحی تقریب:پروگرام کا باقاعدہ آغاز جمعہ ۳۰؍اکتوبر کو ایک پُروقار افتتاحی تقریب سے ہوا جس میں مختلف معزز مہمانوں اور اہل علم نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کی سعادت مکرم غالب احمد اوئےکولا صاحب نے حاصل کی۔ بعد ازاں مکرم حافظ عبدالرفیق الاکا صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ نائیجیریا نے استقبالیہ تقریر کی اور شرکائے تقریب کو خوش آمدید کہا۔ اس كے بعد مکرم الحاج (بیرسٹر) عزیز فولورونشو آلاتوئے صاحب امیر جماعت احمدیہ نائیجیریا نے صدارتی تقریر میں قلم اور تحریر کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اہل قلم کو اپنی تحریروں کے ذریعے علم، اخلاق اور مثبت معاشرتی تبدیلی کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کرنے کی طرف توجہ دلائی۔ بعد ازاں مدعو مہمانوں نے اپنے خیالات اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ تقریب کا اختتام امیر صاحب کی اختتامی تقریر اور دعا کے ساتھ ہوا۔

عملی تحریری ورکشاپ:ہفتہ ۳۱؍اکتوبر کو عملی تحریری ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں تحریر کے مختلف اہم شعبوں کے حوالے سے تربیتی اور علمی نشستیں منعقد ہوئیں۔

پہلی نشست میں مکرم سلیمان ادریس صاحب نے شاعری کے فن پر اظہار خیال کرتے ہوئے شاعری میں منظر نگاری، جذبات اور معنویت کی اہمیت کو عملی مثالوں کے ذریعے واضح کیا۔ دوسری نشست میں مکرم قاسم اوئےکولا صاحب نے ترجمہ نگاری کے موضوع پر تربیتی لیکچر دیا۔ اس نشست میں جماعتی لٹریچر کے ترجمے کو درست، واضح، عام فہم اور اشاعت کے معیار کے مطابق بنانے کے مختلف اصولوں پر روشنی ڈالی گئی۔ تیسری نشست میں مکرم عباس اگباجے صاحب نے تاریخ اور واقعاتی تحریر کے حوالے سے اظہار خیال کیا۔

نماز ظہر اور وقفے کے بعد چوتھی نشست میں مکرم توفیق اجیبادی صاحب نے تحقیق، حوالہ جات اور مؤثر تحریر کے موضوع پر تربیتی لیکچر دیا۔ اس نشست میں مستند معلومات کے حصول، تحقیقی مواد کے درست استعمال، حوالہ جات کی اہمیت اور دلائل کی بنیاد پر تحریر کو مؤثر بنانے کے اصول بیان کیے گئے۔ ورکشاپ کی آخری نشست میں MASQ کی ادارتی ٹیم نے عملی ادارت (Live Editorial Lab) کے تحت شرکاء کی پیشگی موصول ہونے والی تحریروں کا جائزہ لیا۔ اس نشست میں تحریروں کی اصلاح، زبان و بیان کی بہتری، تدوین اور اشاعت کے معیار کو بہتر بنانے کے حوالے سے عملی راہنمائی فراہم کی گئی۔

دسویں سالانہ کانفرنس:اتوار یکم نومبر کو مسلم رائٹرز گلڈ آف نائیجیریا کی دسویں سالانہ کانفرنس منعقد ہوئی جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معزز مہمانوں اور قلم کاروں نے شرکت کی۔ کانفرنس کا آغاز مہمانوں کے تعارف سے ہوا جس کی کارروائی مکرم عبدالرفیق عبدالسلام صاحب نے انجام دی۔ بعد ازاں مکرم حافظ خلیل الرحمٰن ابیمبولا صاحب نے تلاوت قرآن کریم کی سعادت حاصل کی۔ اس کے بعد MASQ کے چیئرمین مکرم معلم تسلیم سلیمان صاحب نے استقبالیہ تقریر کی اور کانفرنس کے اغراض و مقاصد بیان کیے۔

کانفرنس کے مہمان خصوصی مکرم امیر صاحب نے صدارتی تقریر کی۔ آپ نے قلم کی ذمہ داری، تحریر کی اخلاقی اہمیت اور معاشرے کی فکری و اخلاقی تعمیر میں اہل قلم کے کردار کو اجاگر کیا۔

کانفرنس کا مرکزی لیكچر مکرم محمد واعظ اپوئین معلم سلسلہ صاحب نے بعنوان ’’قلم کی طاقت: ایمان، علم اور معاشرتی تبدیلی کے لیے تحریر‘‘ پیش کیا۔ اس میں ایمان کی مضبوطی، علم کے فروغ اور معاشرتی اصلاح کے لیے تحریر کے مؤثر استعمال پر روشنی ڈالی گئی۔ لیكچرکے بعد سوال و جواب کی نشست بھی منعقد ہوئی۔

اس موقع پر MASQ کی میڈیا ٹیم کی جانب سے Spoken Word Poetry پر مشتمل ایک ویڈیو بھی پیش کی گئی۔ بعد ازاں تنظیم کی سالانہ رپورٹ پیش کی گئی جس میں گذشتہ سال کی سرگرمیوں اور کارکردگی کا جائزہ پیش کیا گیا۔

کانفرنس کے دوران نمایاں خدمات اور کارکردگی کے اعتراف میں اعزازات، اسناد اور یادگاری تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔ اس کے بعد مہمانوں نے اپنے تاثرات اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور امیر صاحب نے اختتامی کلمات کہے اور دعا کروائی۔

(رپورٹ: سید اطہر محمود۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ کوسووو کی خلافت کے موضوع پر خصوصی تقریب

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button