جماعت احمدیہ کوسووو کی خلافت کے موضوع پر خصوصی تقریب
اللہ تعالیٰ کے فضل سے پریشتینا، کوسووو میں یومِ خلافت کی مناسبت سے مورخہ ۱۰؍اکتوبر ۲۰۲۶ء کو ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں مردوں، خواتین اور بچوں سمیت ۴۱؍افراد نے شرکت کی۔ اس میں چند غیر از جماعت مہمان بھی شامل تھے۔ شرکاء کوسووو کے مختلف شہروں بشمول پیجا، فوشے کوسووا، پودویوا، گیلان اور پریشتینا سے تشریف لائے تھے۔

تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا۔ بعد ازاں خاکسار (نیشنل صدر جماعت کوسووو) نے خلافت کی اہمیت اور برکات بیان کرتے ہوئے کہا کہ خلافت اللہ تعالیٰ کا قائم کردہ بابرکت روحانی نظام ہے جو مومنوں کو اتحاد کی لڑی میں پروتا اور اللہ تعالیٰ سے تعلق مضبوط کرنے کا ذریعہ بنتا ہے۔ خلیفۂ وقت سے حقیقی محبت کا تقاضا ہے کہ دعا اور اطاعت کے ساتھ حسن اخلاق اور خدمت انسانیت کو بھی اپنی زندگیوں کا حصہ بنایا جائے۔
پروگرام کی مرکزی تقریر مکرم البان ذکیراج صاحب مقامی معلم جماعت احمدیہ پیجا نے ’’خلافت کی اہمیت اور برکات‘‘ کے موضوع پر کی۔

تقریب کے اختتام پر نماز مغرب و عشاء باجماعت ادا کی گئیں جس کے بعد عشائیہ پیش کیا گیا۔ اس موقع پر مختلف علاقوں سے آنے والے احباب کو باہمی ملاقات اور تعلقات کے فروغ کا موقع ملا۔ غیر از جماعت مہمانوں کو بھی جماعت احمدیہ کی تعلیمات اور نظام خلافت کے متعلق سوالات کرنے اور معلومات حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا گیا۔
اللہ تعالیٰ تمام احباب جماعت کو خلافت کے ساتھ اخلاص و وفا کا تعلق مضبوط کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: جناح الدین سیف۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: مسرور انٹرنیشنل ٹیکنیکل کالج الارو، نائیجیریا کی پہلی تقریب تقسیم اسناد




