جماعت احمدیہ فن لینڈ کی ہیلسنکی بک فیئر ۲۰۲۶ء میں شرکت
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ فن لینڈ کو شعبہ اشاعت کے تحت امسال بھی دارالحکومت ہیلسنکی (Helsinki) کے سب سے بڑے کتاب میلے میں سٹال لگانے کی توفیق ملی۔ یہ کتاب میلہ مورخہ ۲۲؍تا ۲۵؍اکتوبر ۲۰۲۶ء کو ہیلسنکی فیئر سینٹر (Messukeskus) میں منعقد ہوا۔ اس سال کتاب میلے میں چار روز کے دوران ایک لاکھ بارہ ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی، جو نورڈک ممالک کا سب سے بڑا ادبی پروگرام ہے۔

جماعتی سٹال اور تبلیغی سرگرمیاں:جماعتی سٹال پر قرآن کریم کے مختلف تراجم، حضرت اقدس مسیح موعودؑ اور خلفائے احمدیت کی تصنیفات رکھی گئی تھیں۔ زائرین کو اسلام اور احمدیت کے متعلق سوالات کرنے اور مکالمے کی دعوت دی گئی۔ اس ذریعہ سے کم از کم دو ہزار افراد تک اسلام احمدیت کا پُرامن پیغام پہنچانے کی توفیق ملی۔ زائرین نے جماعت کی اس کاوش کو سراہا۔
اس موقع پر فن لینڈ کے معروف فلم ڈائریکٹر اور مصنف Taavi Kassila نے بھی جماعتی سٹال کا دورہ کیا۔ موصوف نے اپنی کتاب The Secret Life of Jesus میں حضرت عیسیٰؑ کے کشمیر، ہندوستان کے سفر سے متعلق اپنے تحقیقی نتائج بیان کیے ہیں۔
لٹریچر کی تقسیم و فروخت:کتاب میلے کے دوران مختلف عناوین کی ۱۱۵؍کتابیں مفت تقسیم کی گئیں، جن میں ’’اسلامی اصول کی فلاسفی‘‘ اور ’’مسیح ہندوستان میں‘‘ شامل تھیں۔ علاوہ ازیں قرآن کریم کے ۷؍نسخے فروخت ہوئے اور ۴؍نسخے مفت تقسیم کیے گئے۔
مزید برآں فنش اور انگریزی زبان میں ۹۲۰؍بروشرز تقسیم کیے گئے، جن میں نئے شائع ہونے والے بروشرز The Messiah Has Come اور True Islam بھی شامل تھے۔ امسال نئے شائع ہونے والے بک مارکس بھی متعارف کروائے گئے، جن پر ’’محبت سب کے لیے، نفرت کسی سے نہیں‘‘ اور ’’احمدی مسلمان کون ہیں؟‘‘ کے پیغامات درج تھے۔
اللہ تعالیٰ ان مساعی کو بابرکت فرمائے اور جماعت احمدیہ فن لینڈ کو اسلام احمدیت کا پُرامن پیغام مزید وسعت کے ساتھ دنیا تک پہنچانے اور اس کے بہترین نتائج حاصل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: فرخ اسلام۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: مسرور انٹرنیشنل ٹیکنیکل کالج الارو، نائیجیریا کی پہلی تقریب تقسیم اسناد




