خبرنامہ
(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال
(یکم اپریل ۔08:00 GMT)
کل مریض: 129,515,951
صحت یاب ہونے والے: 104,468,838
وفات یافتگان: 2,829,116
٭…برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی ایک رپورٹ میں نامعلوم امریکی حکام کے حوالے سے بتایا گیا کہ امریکی خفیہ اداروں نے جوبائیڈن حکومت کو آگاہ کیا ہے کہ اگر امریکی فوجی دستوں کو متحارب فریقین کے مابین اقتدار تقسیم کرنے کے معاہدے کے بغیر افغانستان سے واپس بلایا گیا تو دو سے تین سال کے عرصے میں طالبان افغانستان کے زیادہ تر حصوں پر قبضہ کرسکتے ہیں۔ نیز اس قسم کے ٹیک اووَر سے افغانستان میں القاعدہ کو دوبارہ منظم ہونے میں مدد ملے گی۔
٭…شمالی کوریا نے گزشتہ ہفتے ایک نئی قسم کا شارٹ رینج بیلسٹک میزائل لانچ کیا جس پر واشنگٹن نے اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل سے شمالی کوریا پر پابندیوں کی مزید سخت کرنے اور موجودہ پابندیوں پر سختی سے عمل درآمد کرانے کی درخواست کی تھی۔اس پر شمالی کوریا نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ان پر دوہرے معیار کا الزام عائد کیا۔شمالی کوریا میں بین الاقوامی تنظیموں کے ڈائریکٹر جنرل جو چول سو نے کہا کہ یہ بات اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں شمالی کوریا کی ریاستی خود مختاری سے انکار ہے۔ یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ جب دنیا کے دیگر ممالک اپنی دفاعی اور عسکری قوت میں اضافے کے لیے میزائلوں کی تجربات کر رہے ہیں تو صرف ہمارے دفاعی اقدام کی کھلم کھلا مذمت کیوں کی جارہی ہے۔
٭…29؍مارچ کو پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو اپنے جوابی خط میں یوم پاکستان پر مبارکباد دینے کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے جوابی خط میں لکھا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام بھی بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک سے پرامن اور تعاون پر مبنی تعلقات چاہتے ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے بھارتی وزیر اعظم کی جانب سے اپنے پاکستانی ہم منصب کے نام لکھا گیا خط، جس پر 22؍ مارچ کی تاریخ درج تھی، اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن نے دفتر خارجہ کے ذریعے وزیر اعظم تک پہنچایا تھا۔
٭…اسرائیل کے انتخابات میں اسلام پسند یونائیٹڈ عرب لسٹ (رعام) پارٹی زبردست کامیابی حاصل کرکے پارلیمنٹ میں بطور کنگ میکر داخل ہوگئی ہے۔ رعام پارٹی کے قائد منصور عباس نے ماضی میں دیگر عرب جماعتوں کے موقف کے برعکس اسرائیلی حکومت میں شمولیت کو خارج ازامکان قرار نہیں دیا تھا۔ منصور عباس نے اسرائیلی ریڈیو کو انٹرویو میں بتایا کہ ’ہم وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو یا ان کے حریف سے اتحاد کرنے کے لیے تیار ہیں اور ہمارا ابھی تک کسی سے کوئی معاہدہ نہیں ہوا‘۔ اسرائیل کے ایوان میں کل 120 نشستیں ہیں جن میں سے رعام پارٹی 5نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے۔
٭…شاہ بحرین حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ نے شاہی فرمان کے ذریعے اسرائیل میں بحرین کے پہلے سفیر کے طور پر خالد یوسف الجلاہمہ کی تعیناتی کی توثیق کردی۔ اسرائیلی وزیر خارجہ نے اُمید ظاہر کی ہے کہ بحرینی سفیر دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی مضبوطی کے لیے مثبت کردار ادا کریں گے۔ بحرین نے گزشتہ برس وائٹ ہاؤس میں ہونے والی تقریب میں اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے کاباضابطہ اعلان کیا تھا۔
٭…2020ء میں دنیا بھر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ دنیا بھر میں انسانی حقوق کی صورتحال مستقل غلط سمت میں جارہی ہے۔دنیا کے ہر خطے میں اسی قسم کی صورتحال درپیش ہے۔
٭…وزارت اسلامی امور برائے مکہ مکرمہ کے مطابق مکہ مکرمہ ریجن میں 54 آئمہ اور خطیبوں کو منصب سے ہٹا دیا گیا ہے۔ انہیں ہٹانے کی وجہ ان کی انتظامی اور فکری ضابطے کی خلاف ورزیاں ہیں۔
٭…لبنانی پارلیمان کے اسپیکر نابیہ بری نے ملک کا موازنہ بدقسمت لگژری جہاز ٹائی ٹینک سے کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کوئی حکومت نہیں بنی تو لبنان ٹائی ٹینک جہاز کی طرح ڈوب سکتا ہے۔ واضح رہے کہ ملک میں بجلی کے بحران کے دوران لبنان کے دو سب سے سینئر سیاستدانوں کے درمیان اس بات پر تنازعہ جاری ہے کہ لبنان میں حکومت سازی میں ناکامی کا ذمہ دار کون ہے؟ لبنان کے صدر مائیکل عون نے ملک میں جاری سیاسی بحران کا ذمہ دار نامزد وزیر اعظم سعد حریری کو ٹھہرایا۔
٭…برازیل کے وزیرِدفاع فرنینڈوایزیوڈوای سلوا نے اپنے عہدے سے بغیر کوئی وجہ بتائے استعفیٰ دے دیا۔ ان کی جانب سے برازیل کے صدر کو مختصر سا خط بھیجا گیا ہے جس میں انہوں نے برازیل کے صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ یہ جانتے ہوئے کہ مشن کی تکمیل ہوچکی ہے مستعفی ہورہے ہیں۔
٭…ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ امریکی پابندیوں کی وجہ سے کچھ ممالک کورونا ویکسین ایران کو دینے میں ہچکچاہٹ کا شکار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے خلاف شروع کی جانے والی معاشی دہشت گردی نئی امریکی انتظامیہ آنے کے بعد بھی جاری ہے۔
٭…انٹرنیشنل کریمنل کورٹ کے اپیل کے ججوں نے کانگو کی ملیشیا کے سربراہ بوسکو نٹیگنڈا کی جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم پر سنائی گئی 30 برس قید کی سزا کو برقرار رکھتے ہوئے اپیل خارج کردی۔ بینچ کے سربراہ جج ہاورڈ موریسن نے بوسکونٹیگنڈا کی اپیل میں اٹھائے گئے تمام سوالات کو مسترد کرتے ہوئے سزا کو برقرار کردیا۔ یاد رہے کہ کانگو کی ملیشیا کے سربراہ کو 2019ء میں قتل، ریپ اور دیگر جرائم کے ارتکاب پر 30 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ ان پر الزام تھا کہ جب وہ عوامی جمہوریہ کانگو میں 2002ء سے 2003ء تک یونین آف کانگولیز پیٹریاٹس (یو پی سی) ملیشیا کے عسکری سربراہ تھے تو اس دوران انہوں نے جنگی جرائم کیے۔ کانگو میں اس جنگ کے دوران سینکڑوں شہریوں کو قتل کیا گیا تھا جس پر ہزاروں افراد ہجرت پر مجبور ہوگئے تھے۔
٭…سعودی عرب کے سینئر عہدیدار نے اقوام متحدہ کی ماورائے آئین و قانون قتل اور پھانسیوں سے متعلق امور کی نمائندہ خصوصی اور تفتیش کار اگنیس کیلمارڈ کو 2018ء میں قتل ہونے والے صحافی جمال خاشقجی سے متعلق تفتیش پر جان سے مارنے کی دھمکی دینے کا دعویٰ مسترد کردیا۔برطانوی اخبار گارڈین نے رپورٹ میں کہا تھا کہ جنوری 2020ء میں جنیوا میں اقوام متحدہ کے عہدیداروں کے ساتھ ایک ملاقات کے دوران سعودی عرب کے ایک سینئر عہدیدار نے دو مرتبہ دھمکی دی کہ اگر اقوام متحدہ نے انہیں نہیں روکا تو کلیمارڈ کو ’خیال رکھنا‘ ہوگا۔سعودی عرب کے سابق وزیر اطلاعات نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ ’میں ان خیالات کی سختی سے تردید کرتا ہوں‘۔ انہوں نے کہا کہ ’مجھے وہ گفتگو مکمل طور پر یاد نہیں ہے، میرا کبھی ایسا ارادہ نہیں ہوگا کہ اقوام متحدہ کے نامزد کسی فرد کو دھمکی دوں یا نقصان پہنچاؤں یا اس معاملے پر کسی کے لیے بھی ایسا کروں‘۔ ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے جو کچھ کہا تھا اس کو دھمکی کا رنگ دیا گیا جس پر میرا دل دکھا ہے‘۔ اقوام متحدہ یا ان کی نمائندہ کلیمارڈ کی جانب سے اس کے بعد کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔
٭…فرانس کی عدالت نے فرانسیسی ملٹی نیشنل دوا ساز کمپنی سرویئر کو خطرناک منفی اثرات رکھنے والی Mediator نامی دوا تیار کرنے پر اسے قریبا 32کروڑ امریکی ڈالرز جرمانہ جبکہ کمپنی کے اعلیٰ عہدیداران کو قید کی سزا سنائی تاہم عہدیداروں کی سزا غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی گئی۔ یاد رہے کہ اس دوا کے استعمال سے درجنوں افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ عدالت نے کئی سال تک ناقص دوا کی مارکیٹ میں سرعام فروخت پر حکومتی ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پر بھی تقریباً 36 لاکھ امریکی ڈالرز جرمانہ عائد کیا۔ 29؍مارچ کو ہونے والی سماعت کے دوران فرانسیسی دوا ساز کمپنی نے ذیابیطس کی مذکورہ دوائی کے منفی اثرات کی بابت دعووں کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی کو ان کا علم نہیں۔یاد رہے کہ فرانسیسی کمپنی اس دواکو1997ء میں ماہرین صحت کی جانب سے اس کے شدید منفی اثرات پر آوازیں اٹھانے کے باوجود 2009ء تک فروخت کرتی رہی۔
٭…مصری صدر عبدالفتح السیسی نے کہا ہے کہ نہر سوئز کا راستہ مکمل طور پر بحال ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحیرہ احمر اور بحیرہ روم کو ملانے والی بندر گاہوںکے درمیان ریلوے نیٹ ورک پر کام جاری ہے۔ میڈیا کے مطابق رستہ کھلنے پر ایک ہی روز میں ایک سو سے زائد مال بردار جہاز نہر سوئز سے گزرے۔ یاد رہے کہ نہر سوئز میں گذشتہ منگل کو تیرہ سو فٹ لمبے بحری جہاز کے پھنسنے سے یورپ اور ایشیا کو ملانے والی آبی گزر گاہ جہازوں کی آمد و رفت کے لیے ایک ہفتہ بند رہی۔
٭…امریکی ریاست یوٹاہ کے دارالحکومت سالٹ لیک سٹی میں ڈیلٹا ایئرلائن کا ایک مسافر بردار طیارہ ہوا میں اڑنے کے فوری بعد پرندوں کا غول ٹکرانے سے خوفناک حادثے سے بال بال بچ گیا۔ طیارےکے ایک انجن کو شدید نقصان پہنچنے کے باعث اسے اڑان بھرنے کے تیس منٹ کے اندر اندر واپس اتار لیا گیا۔
٭… صوبہ ننگر ہار افغانستان کے شہر جلال آباد میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں پولیو مہم میں شامل تین خواتین ورکرز کو قتل کر دیا گیا۔ پہلا واقعہ صبح ساڑھے گیارہ بجے مجبور آباد میں جبکہ دوسرا واقعہ لال قاسم آغا میں پیش آیا۔
٭…چین نے کپڑے بنانے والے مشہور مغربی برانڈز کو خبردار کیا ہے کہ اگر ژنگ جیانگ سے کاٹن خریدنے سے انکار کیا گیا تو وہ چائنہ سے کوئی بھی فائدہ نہیں اٹھا سکے گی۔ ژنگ جیانگ کے حکومتی ترجمان کا کہنا ہے کہ مغربی برانڈز کا ژنگ جیانگ سے کاٹن کی خریداری نہ کرنا بلا جواز اور اپنے ہی پاؤں پر کلہاڑی مارنے کے مترادف ہے جبکہ کپڑے بنانے والے مغربی برانڈز کا کہنا ہے کہ ژنگ جیانگ میں کاٹن کی پیداوار میں جبری مشقت لی جارہی ہے۔
٭…جرمنی میں ایسٹرا زینیکا ویکیسن استعمال کرنے کے بعد خون جمنے کے 30 سے زائد کیسز سامنے آنے پر دارالحکومت برلن میں ساٹھ سال سے کم عمر افراد میں عارضی طور پر اس کا استعمال روک دیا گیا۔ دوسری جانب کینیڈا میں 55 سال سے کم عمر افراد کے لیے ایسٹرازینیکا ویکسین کا استعمال روک دیا گیا۔ محکمہ صحت کے مطابق اسے مزید استعمال کروانے سے پہلے اس کی افادیت کا جائزہ لیا جائے گا کیونکہ 55 سال سے کم عمر افراد میں اس کے فوائد پر صورتحال غیریقینی ہے۔
٭…امریکی سینٹر برائے ڈیزیز کنٹرول اینڈ پری وینشن (سی ڈی سی) کی ایک تحقیق میں کہا گیا ہے کہ ورچوئل تعلیم بچوں اور والدین کی ذہنی صحت اور تندرستی کے لیے خطرات پیدا کرسکتی ہے۔محققین نے اکتوبر اور نومبر 2020ء کے دوران 1290 والدین اور ان کے 5 سے 12 برس کے بچوں پر سروے کیا۔
٭…اس وقت دنیا کے متعدد ممالک میں حیران کن طور پر کورونا سے تحفظ کی ویکسینیشن شروع کیے جانے کے باوجود کووِڈ 19 کی تیسری لہر پہلی دونوں لہروں سے زیادہ خطرناک لہر کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔ تیسری لہر کے دوران برازیل نے امریکہ کو بھی پیچھے چھوڑتے ہوئے کورونا سے متاثر ہونے والا پہلا ملک بن گیا ہے۔