خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭…ایران میں خاتم الانبیاء مرکزی ہیڈکوارٹر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ایرانی مسلح افواج نے جنوبی لبنان اور بیروت کے جنوبی علاقے الضاحیہ پر اسرائیلی حملوں اور مبینہ جارحیت کا جواب دے دیا ہے، جس کے بعد فوجی کارروائیاں روک دی گئی ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ اسرائیل اور اس کے حامیوں کو اس جواب سے سبق سیکھنا چاہیے، تاہم اگر جارحیت اور اشتعال انگیز کارروائیاں جاری رہیں تو پہلے سے زیادہ شدید اور تباہ کن اقدامات کیے جائیں گے۔اس سے قبل پاسداران انقلاب نے شمالی اسرائیل میں واقع اسرائیلی ایئر بیس پر بیلسٹک میزائل حملوں کی ذمہ داری قبول کی۔ایرانی پاسداران انقلاب گارڈز کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی نیوتم ایئر بیس، تل انوف پر حملے کیے ہیں، اسرائیلی ایئر بیس پر حملے ایران میں ریڈار مقامات کو نشانہ بنانے کے جواب میں کیے گئے، کسی بھی صورتِ حال اور تمام محاذوں پر وسیع آپریشنز کے لیے تیار ہیں۔ایرانی حکام کا موقف ہے کہ ۸؍اپریل کو ایران، امریکہ اور اسرائیل کے درمیان نافذ ہونے والی جنگ بندی تمام محاذوں پر جنگ بندی سے مشروط تھی، جبکہ اسرائیل پر لبنان میں کارروائیاں جاری ہیں۔
٭… غزہ سٹی میں ایک شادی کی تقریب کے دوران اسرائیلی فوج نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں دو خواتین سمیت کم از کم سات فلسطینی مارے گئے جبکہ پندرہ افراد زخمی ہوگئے۔عینی شاہدین کے مطابق دھماکوں کے بعد علاقے میں افراتفری پھیل گئی اور امدادی کارکنوں نے فوری طور پر زخمیوں اور جاں بحق افراد کو ملبے سے نکالنے کا عمل شروع کیا۔عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ زخمیوں اور ہلاک شدہ افراد کو فوری طور پر الشفا ہسپتال اور قریبی فیلڈ ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔طبی ذرائع کے مطابق حملے میں ہلاک ہونے والوں میں دو خواتین بھی شامل ہیں، جبکہ زخمیوں کو ہنگامی طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔عرب میڈیا نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ملبے تلے مزید افراد کے موجود ہونے کے باعث ہلاک ہونے والوںکی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
٭… افریقی ملک نائیجر کے صحرائے صحارا میں ٹرک خراب ہو کر پھنسنے والے پچاس افراد پیاس سے ہلاک ہو گئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ لوگ عیدالاضحی کی تعطیلات کے بعد مالی سے واپس آ رہے تھے جب ان کا ٹرک خراب ہو گیا، ٹرک خراب ہونے کے باعث یہ لوگ کئی دنوں تک پھنسے رہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق زیادہ تر لاشیں ٹرک کے نیچے اور اس کے اطراف سے ملیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈرائیور اور مسافروں نے کئی دنوں تک ٹرک کو ٹھیک کرنے کی کوشش کی لیکن ان کی کوششیں ناکام ثابت ہوئیں۔مقامی حکام کا کہنا ہے کہ شدید گرمی میں ٹرک میں موجود پانی کا ذخیرہ ختم ہونے سے ہلاکتیں ہوئیں، تاہم دو افراد زندہ بچے جو پیدل صحرا عبور کر کے قریبی علاقے میں پہنچے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مرنے والے تمام افراد نائیجر کے شہری تھے، جن کو مقامی حکام کی جانب سے علاقے میں بھیجی گئی ریسکیو ٹیم نے اجتماعی قبروں میں دفن کر دیا۔حکام نے بتایا ہے کہ یہ لوگ ایسے علاقے میں پھنسے جہاں درجہ حرارت بہت زیادہ ہوتا ہے اور ایسے علاقے میں کوئی چیز یا مدد بھی دستیاب نہیں ہوتی۔جائے وقوع سے واپس آنے کے دوران ریسکیو ٹیم کو ایک اَور ٹرک خراب حال میں ملا جس میں ساٹھ سے زائد افراد سوار تھے۔ یہ ٹرک بیٹری خراب ہونے کی وجہ سے تین دن تک وہیں پھنسا رہا تھا۔ریسکیو ٹیم میں شامل فوجی اہلکاروں نے ان پھنسے اور تھکے ہوئے مسافروں میں پانی تقسیم کیا اور ٹرک کی مرمت میں مدد کی جس کے بعد ٹرک اپنی منزل کی جانب روانہ ہو گیا۔
٭… چین کے صدر شی جن پنگ اگلے ہفتے، تقریباً سات سال بعد شمالی کوریا کا سرکاری دورہ کریں گے۔سات سال کے دوران یہ ان کا پہلا دورہ ہو گا۔اس دورے کو چین کی جانب سے شمال مشرقی ایشیا میں اپنے اسٹریٹجک اثر و رسوخ کو دوبارہ مضبوط کرنے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب شمالی کوریا روس کے ساتھ اپنے تعلقات تیزی سے بڑھا رہا ہے۔شمالی کوریا کے راہنما کم جونگ اُن نے حالیہ برسوں میں روس کے ساتھ قریبی تعاون بڑھایا ہے جس میں یوکرین جنگ کے تناظر میں فوجی تعاون بھی شامل بتایا جاتا ہے۔دوسری جانب وہ دوبارہ چین کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کی کوشش بھی کر رہے ہیں جو شمالی کوریا کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار اور امدادی ذریعہ ہے۔ تجزیہ کار ولیم یانگ کے مطابق چین اس دورے کو پیانگ یانگ پر اپنا اثر و رسوخ بحال کرنے اور خطے میں اپنی پوزیشن مضبوط کرنے کے لیے استعمال کرنا چاہتا ہے۔



