ریجنل ریفریشر کورسز زیر اہتمام مجلس خدام الاحمدیہ سیرالیون
مکرم جوزف لامین کمارا صاحب معتمد مجلس خدام الاحمدیہ سیرالیون تحریر کرتے ہیں کہ مجلس خدام الاحمدیہ سیرالیون کو ماہِ دسمبر 2021ء و ماہِ جنوری 2022ء میں تمام ریجنز میں ریجنل عاملہ جات و لوکل قائدین ریجن کے ریفریشر کورسز کے انعقاد کی توفیق ملی۔ مکرم مولوی محمد مورث کماراصاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ سیرالیون کی راہنمائی و اجازت سے ریفریشر کورسز کے لیے ایک جامع پروگرام بنایا گیا اور ان ریفریشر کورسز کے لیے ممبران نیشنل عاملہ تشریف لے گئے۔ پروگرام کی مختصر رپورٹ پیشِ خدمت ہے۔
پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآنِ کریم سے کیا گیا۔ عہد اور انفرادی تعارف کے بعد تمام ریجن سے آنے والے قائدین اور ممبران عاملہ سے اظہارِ تشکر کیا گیا اور سب کو اپنی ذمہ داریاں احسن رنگ میں ادا کرنے کی تلقین کی اور اپنی عاملہ فعال بنانے پر زور دیا۔ اسی طرح تمام شعبہ جات کا تعارف کروایا گیا، دستورِ اساسی و لائحہ عمل سے تمام شعبہ جات کی ذمہ داریاں پڑھ کر سنائی گئیں اور اس بارہ میں سوالات کے جوابات دیے گئے۔ اس کے علاوہ رپورٹ فارم پُر کرنے کا طریق کار اور بروقت مرکز بھجوانے کی تلقین کی گئی۔ مرکزی ممبرانِ عاملہ نے خدام یونیفارم، میٹنگز میں شمولیت، شعبہ جات کی سکیمز بنانا، خدام الاحمدیہ مجلس شوریٰ کا تعارف اور خدام اور اطفال کے اچھے پروگرامز بنانےکے طریقہ کار کی وضاحت کی۔
پروگرام کے آخر پر رشتہ ناطہ کے حوالہ سے تفصیلی ہدایات دی گئیں اور سوال و جواب بھی ہوئے۔ اختتامی دعا کے بعد نمازِ ظہر ادا کی گئی ۔بعد ازاں ظہرانہ پیش کیا گیا۔ اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں ریجنل مبلغین کا بھرپور تعاون حاصل رہا۔
قارئین سے دعا کی درخواست ہے اللہ تعالیٰ اس پروگرام کو ہر لحاظ سے بابرکت کرے اور تمام عہدیداران کے علم و عمل میں برکت عطافرماتے ہوئے انہیں احسن رنگ میں اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے والا بنائے۔ آمین
ریفریشر کورسز میں حاضری حسبِ ذیل رہی:
مورخہ 18 دسمبر 2021ء کو فری ٹاؤن (مغربی ریجن) میں 25 جبکہ مورخہ 19 دسمبر 2021ء کو فری ٹاؤن (مشرقی ریجن) میں 16 حاضری رہی۔
مورخہ 8 جنوری 2022ء کو میامبا ریجن میں 18، بو ریجن میں 80، کینما ریجن میں 40 حاضری رہی۔
مورخہ 15 جنوری 2022ء کولنگے ریجن میں 30، لنسر ریجن میں 26، مکینی ریجن میں 53، کونو میں 31، پورٹ لوکو ریجن میں 50، روکوپر ریجن میں 26 اور دارو ریجن میں 38حاضری رہی۔
مورخہ 16 جنوری 2022ء کو واٹر لو ریجن میں 43، مائل 91 ریجن میں 39 حاضری رہی۔
مورخہ 22 جنوری 2022ء کو مشاکا ریجن میں 31 حاضری رہی۔
(رپورٹ: عبد الہادی قریشی۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)