فری ٹاؤن مشرقی ریجن، سیرالیون کی تین جماعتوں میں تقاریبِ آمین
مکرم منیر حسین صاحب ریجنل مبلغ فری ٹاؤن ایسٹ ریجن تحریر کرتے ہیں کہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے فری ٹاؤن مشرقی ریجن میں قرآنِ کریم کا پہلا دور مکمل کرنے والے اطفال، ناصرات اور لجنہ اماء اللہ کی تین تقاریبِ آمین منعقد ہوئیں۔ الحمد للہ۔ ان تقاریب کے مہمانِ خصوصی مولانا سعید الرحمٰن صاحب مبلغ انچارج و نائب امیر اول سیرالیون تھے۔
ان تقاریب کی مختصر تفصیل کچھ یوں ہے
پہلی تقریب آمین جماعت اَلَن ٹاؤن میں مورخہ ۱۸ دسمبر ۲۰۲۲ء کو منعقد ہوئی جس میں قرآن کریم کا پہلا دور مکمل کرنے والے تین خدام عزیزم بشیر کومے، عزیزم ادریسہ کونٹے اور عزیزم عبدل سیسے سے مشنری انچارج صاحب نے قرآنِ کریم سنا۔ ان کو قرآن کریم پڑھانے کی سعادت مکرم محمد مانسیرے صاحب معلم جماعت اَلَن ٹاؤن کے حصہ میں آئی۔ دعا اور نماز ظہر کی ادائیگی کے بعد شاملین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔ اس پروگرام میں ایک لوکل چیف ،دو غیر ازجماعت احباب اور پچاس احمدی احباب سمیت ۵۳؍احباب جماعت نے شرکت کی۔
دوسری تقریب آمین مورخہ ۷؍جنوری ۲۰۲۳ء کو جماعت مونگیبا کی مسجد محمود میں منعقد کی گئی جس میں سات ناصرات، ایک لجنہ ممبر،سات اطفال اور ایک خادم نے قرآن پاک کا کچھ حصہ پڑھ کر محترم مبلغ انچارج صاحب کو سنایا۔ ان کو قرآن کریم پڑھانے کی سعادت مکرم مولوی عبدالرشید جواد صاحب سرکٹ مشنری جماعت مونگےبا کے حصہ میں آئی۔ پروگرام کے آخر پر محترم مبلغ انچارج صاحب نے قرآن پاک کی تعلیم حاصل کرنے کے لیے سب احباب جماعت کو توجہ دلائی۔ دعا اور نمازِ ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد شاملین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔ کل ۱۱۵؍افراد شامل ہوئے۔
تیسری تقریب آمین مورخہ ۱۰؍جنوری ۲۰۲۳ء بروز منگل فری ٹاؤن مشرقی ریجن کی جماعت کِسی ڈاکیارڈ کی مسجد بیت السبوح میں منعقد کی گئی۔ مکرم مبلغ انچارج صاحب نے قرآن کریم کا پہلا دور مکمل کرنے والوں سے قرآنِ کریم کا کچھ حصہ سُنا جن میں دو لجنہ ممبرات، ایک ناصر اور چھ خدام شامل تھے۔ مبلغ انچارج صاحب نے مختصر تقریر میں قرآن مجید پڑھنے کی تلقین کی۔ دعا اور نمازِ ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد شاملین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔ پروگرام میں کل شاملین ۹۱؍تھے۔
یہاں ایک قابلِ ذکرامر یہ ہے کہ کسی ڈاکیارڈ کی جماعت کے لوکل مشنری دورہ کے دوران ایک احمدی سلیمان صاحب کے گھر گئے وہ اپنے خاندان میں اکیلے احمدی تھے۔ ان کی بھتیجی کادیاتو بنگورہ سینئر سکول کا امتحان دینے آئی ہوئی تھی۔ دورہ کے دوران ان کے گھر والوں کو بھی تبلیغ کی گئی جس کے نتیجہ میں ان کی بیٹی اور اس لڑکی نے بیعت کرلی اور اللہ تعالیٰ نے انہیں احمدیت کے نور سے منور کر دیا۔ بیعت کے بعد مولوی عبدالرحمٰن صاحب نے انہیںقاعدہ یسرناالقرآن پڑھانا شروع کیا جو کہ ایک ماہ میں اس نے مکمل کر لیا جس کے بعد قرآن پاک شروع کیا اور وہ بھی اللہ کے فضل سے تین ماہ کے قلیل عرصے میں مکمل کر لیا۔ الحمدللہ۔ ۱۰؍جنوری ۲۰۲۳ءکو آمین کے پروگرام میں محترم مبلغ انچارج صاحب نے اس سے قرآن پاک سنا اور سند دی۔ یہ نومبائع لڑکی باقاعدہ نمازوں،چندوں اور جماعت کے سب کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہیں۔ اللہ تعالیٰ نیک اور صالحہ بنائے۔آمین
(رپورٹ : ذیشان محمود۔مبلغ سلسلہ سیرالیون)