اداریہ

اداریہ: ای مرغ جانت ہر زمان، از بهرِ رفتن پرفشان ناگاه بگذارد قفس، الله بس باقی هوس

آج کے اداریے کا عنوان حضرت شیخ محمد احمد صاحب مظہر کی آخری نظم کا ایک شعر ہے جس کا ترجمہ کچھ یوں ہے: اے بندے! تیری جان کا پرنده اڑجانے کےلیے هر وقت پر پھیلائے ہوئے ہے ۔اور کسی بھی وقت پنجرے سے نکل جائے گا پس صرف الله هی حقیقت ہے باقی سب کچھ نہیں۔

دنیا آج ایک عجیب معاشی بے یقینی سے گزر رہی ہے۔ اسٹاک مارکیٹوں میں اتار چڑھاؤ ہے، کرپٹو کرنسیوں اور مصنوعی ذہانت (AI)سے وابستہ کمپنیوں کی ویلیو پر سوال اُٹھ رہے ہیں۔ سونے اور چاندی کی قیمتیں بھی مسلسل غیر یقینی صورت حال سے دوچار ہیں۔ سونے کی قیمت میں حالیہ کمی کی مختلف توجیہات پیش کی جا رہی ہیں۔ کوئی اسے امریکی شرحِ سود سے متعلق توقعات کا نتیجہ قرار دیتا ہے، تو کوئی اسٹاک مارکیٹوں میں نقصانات کے باعث سرمایہ کاروں کو رقم کی فوری ضرورت کو بھی اِس کا سبب گردانتا ہے۔ دوسری طرف یہ بھی حقیقت ہے کہ بعض ممالک کے مرکزی بینک اور بڑے سرمایہ دار و سرمایہ کار ایسے حالات کو سونے کی خریداری کا سنہری موقع قرار دیتے ہیں۔ مارکیٹ میں جو چل رہا ہے وہ اپنی جگہ لیکن ایک غور طلب سوال یہ ہے کہ کیا سونے کی قیمت گرنے سے سونے کی اصل قدر بھی کم ہو جاتی ہے؟

سونا کل بھی سونا تھا اور آج بھی۔ اس کی اہمیت ، خصوصیات اور افادیت اپنی جگہ قائم ہیں اور رہیں گی۔ بدلے ہیں تو صرف بازار کے حالات، طلب و رسد اور انسانوں کے اندازے۔ سونا نہ اپنی قیمت خود مقرر کرتا ہے اور نہ بازار کے اتار چڑھاؤ سے اپنی فطرت بدلتا ہے۔ مشکل معاشی حالات میں بھی صدیوں سے اسے وسائل محفوظ رکھنے کا ایک اہم ذریعہ یا بالفاظ دیگر safe heavenسمجھا جاتا رہا ہے، اگرچہ اس کی مارکیٹ پرائس بھی مارکیٹ کے حالات ہی متعین کرتے ہیں۔

یہی حقیقت انسانی زندگی کے لیے ایک نہایت خوب صورت سبق رکھتی ہے۔ انسان کی اصل قدر بھی لوگوں کی نظر میں اس کی وقتی قیمت سے نہیں بلکہ اس کے کردار، خلوص، دیانت اور اصولوں سے متعین ہوتی ہے۔ اگر حالات بدل جائیں، لوگ اس کی قدر کرنا چھوڑ دیں یا اس کے اچھے اوصاف وقتی طور پر بے وقعت سمجھے جانے لگیں تو اس سے ان اوصاف کی حقیقی اہمیت کم نہیں ہو جاتی۔قرآن کریم فرماتا ہے:اِنَّ اَكْرَمَكُمْ عِنْدَ اللّٰهِ اَتْقٰىكُمْ (الحجرات: ۱۴)یعنی اللہ تعالیٰ کے نزدیک تم میں سب سے زیادہ معزز وہ ہے جو سب سے زیادہ متقی ہے۔گویا خدا تعالیٰ کے ہاں انسان کی عزت کا معیار اس کی دولت، شہرت یا دنیاوی مقام جیسی عارضی چیزیں نہیں بلکہ تقویٰ ہے۔ ایک اَور مقام پر فرمایا وَلِبَاسُ التَّقْوٰى ذٰلِكَ خَيْرٌ (الاعراف: ۲۷) یعنی تقویٰ کا لباس ہی سب سے بہتر ہے۔

رسول اللہ ﷺ نے بھی فرمایا کہ اللہ تعالیٰ تمہاری صورتوں اور اموال کو نہیں بلکہ تمہارے دلوں اور اعمال کو دیکھتا ہے۔ (صحیح مسلم)اسی طرح آنحضرت ﷺ نے فرمایا: اِنَّمَا الْاَعْمَالُ بِالنِّيَّاتِ یعنی اعمال کا دارومدار نیتوں پر ہے۔ (صحیح بخاری)یہ دونوں احادیث انسانی کردار کی اس خالص اور قیمتی چیز کو نمایاں کرتی ہیں جس کا تعلق ظاہری چمک دمک سے نہیں بلکہ باطن کی سچائی سے ہے۔ جیسے سونے کی اصل پہچان اس کی چمک نہیں بلکہ اس کا خالص ہونا ہے، اسی طرح انسان کی حقیقی پہچان اس کے ظاہر سے زیادہ اس کے پاک باطن اور اعلیٰ کردار میں ہوتی ہے۔

رنگِ تقوی سے کوئی رنگت نہیں ہے خوب تر

ہے یہی ایماں کا زیور ہے یہی دیں کا سنگھار

حضرت مسیح موعود علیہ السلام فرماتے ہیں:’’تقویٰ اختیار کرو۔ تقویٰ ہر چیز کی جڑ ہے۔‘‘ (ملفوظات، جلد دوم، صفحہ ۲۱۵)ایک اَور مقام پر آپؑ فرماتے ہیں:’’اخلاق انسان کے صالح ہونے کی نشانی ہیں۔‘‘ (ملفوظات، جلد اول، صفحہ ۱۱۰)

آپؑ نے تقویٰ کو انسان کی روحانی خوب صورتی قرار دیتے ہوئے واضح فرمایا کہ حقیقی تقویٰ خدا تعالیٰ اور اس کی مخلوق کے حقوق ادا کرنے، امانتوں کی حفاظت اور اپنے اخلاق و اعمال کو درست رکھنے سے پیدا ہوتا ہے۔

حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ نے بھی بارہااس حقیقت کو اجاگر فرمایا کہ مذہب کا مقصد محض ظاہری عبادات نہیں بلکہ انسان کے اندر حقیقی اخلاقی تبدیلی پیدا کرنا ہے۔ آپؓ نے تقویٰ کے مختلف مدارج بیان کرتے ہوئے حقوق العباد، مالی قربانی اور زکوٰۃ کی ادائیگی کو بھی عملی تقویٰ کا اہم حصہ قرار دیا۔ گویا نیکی صرف ایک خوب صورت دعویٰ نہیں بلکہ ایک ایسی حقیقت ہے جس کی گواہی انسان کے اعمال دیتے ہیں۔

حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے بھی اپنے خطبات میں بارہا توجہ دلائی ہے کہ تقویٰ محض عبادات تک محدود نہیں بلکہ اعلیٰ اخلاق، سچائی، انصاف اور دوسروں کے حقوق ادا کرنے کا نام ہے۔ حضور انور نے ۹؍ جون ۲۰۱۷ء کے خطبہ جمعہ میں اسی حقیقت کو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ارشادات کی روشنی میں واضح فرمایا کہ ایک متقی انسان کا کردار دوسروں پر اس کی نیکی اور تقویٰ کا اثر قائم کرنے والا ہونا چاہیے۔غور کیجیے کہ ہم عمدہ اور اچھے اصولوں کو سنہری اصول کیوں کہتے ہیں؟ شاید اس لیے کہ ان کی قدر بھی سونے کی مانند وقتی حالات کی محتاج نہیں ہوتی۔ ان کی اصل اہمیت اس وقت بھی برقرار رہتی ہے جب دنیا انہیں نظرانداز کر رہی ہو۔

سونا اور چاندی وہ دھاتیں ہیں جنہیں خدا تعالیٰ نے پیدا کیا۔ انسان محض انہیں دریافت کرتا، نکالتا، صاف کرتا اور استعمال میں لاتا ہے۔ وہ ان کی بنیادی خصوصیات کا خالق نہیں۔ اسی طرح سچائی، انصاف، دیانت، وفاداری اور تقویٰ کے بنیادی اصول بھی خدا تعالیٰ کے عطا کردہ ہیں۔ انسان کا کام انہیں بدلتے زمانے کے مطابق بدلنا نہیں بلکہ اپنی زندگی میں اپنانا اور ان کے مطابق اپنے آپ کو ڈھالنا ہے۔

بلکہ ایک لحاظ سے انسان کی آزمائش بھی اُسی وقت ہوتی ہے جب اس کے اصولوں کی دنیا میں کوئی قیمت نہ لگ رہی ہو۔ سچ بولنے سے نقصان ہو، دیانت داری سے فائدہ کم ہوتا دکھائی دے، وفاداری کا جواب بے وفائی سے ملے یا نیکی کو کمزوری سمجھا جانے لگے۔ ایسے وقت میں اپنے اصولوں پر قائم رہنا ہی انسان کے عالی کردار کا ثبوت ہے۔

آج کی دنیا میں کمپنیاں، کرنسیاں اور بازار کبھی عروج پر ہوتے ہیں اور کبھی زوال کا شکار۔ کاغذی دولت کی قوتِ خرید گھٹ سکتی ہے، بڑی سے بڑی کمپنی کی قدر ختم ہو سکتی ہے، لیکن وہ اخلاقی سرمایہ جو انسان اپنے کردار میں جمع کرتا ہے اس کی اہمیت مارکیٹ کے کسی زیروبم کی محتاج نہیں۔

سونے جیسا انسان وہ نہیں جس کی قیمت ہر بازار میں زیادہ لگے، بلکہ وہ ہے جو ہر حال میں اپنے کردار و اطوار اور اپنے اخلاق بلند رکھے کیونکہ خواہ بازار میں سونے کی قیمت اوپر نیچے ہو لیکن اس کی اہمیت و افادیت اپنی جگہ قائم رہتی ہے۔ اسی طرح دنیا بظاہر وقتی طور پر ایک با کردار و با اصول انسان کو بے وقعت کر سکتی ہے لیکن وہ اپنے اصولوں اور اپنے کردار کے بل بوتے پر ہمیشگی کی زندگی پا لیتا ہے۔ انبیائے کرام اس چیز کی سب سے اعلیٰ مثال ہیں۔ زیادہ تر انبیاء کی اقوام نے ان کی ناقدری کی لیکن چونکہ ان کے اصولِ زندگی اور کردار اور اخلاق خدائی نوشتوں کے زیرِ سایہ تھے لہٰذا ان کا ذکرِ خیر آج بھی زندہ ہے۔

آج کے دَور میں زندگی کے زرّیں اصولوں میں سے ایک اصول یہی ہے کہ ہمیں کسی بھی قیمت اپنی ظاہری قدر و منزلت اور relevance بڑھانے کی کوشش کرنے سے زیادہ بحیثیت احمدی مسلمان اپنے کردار و اطوار کو خالص رکھنے کی فکر کرنی چاہیے۔ کیونکہ یہاں کی باتیں یہیں رہ جائیں گی، اصل خزانہ وہی ہے جو ہمارے ساتھ آگے جائے گا اور جس سےاللہ تعالیٰ کے دربار میں ہماری قدر و منزلت کا فیصلہ ہو گا۔

کوتاه کن آمال را، کم کم بجو، اموال را

تا چند چیدن خار و خس، الله بس باقی هوس

(اپنی آرزووں کو مختصر کر، دنیا کے اموال کی اتنی جستجو نہ کر، تو کب تک کانٹے اور گھاس پھوس جمع کرتا رہے گا۔پس الله ہی ہے اور باقی سب کچھ نہیں)

مزید پڑھیں: اداریہ: جو ہوں دل سے قربانِ ربِّ جلیل نہ نقصاں اٹھاویں نہ ہوویں ذلیل

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button