Kivu ریجن، کونگو کنشاسا کے ریجنل جلسہ سالانہ کا بابرکت انعقاد
عوامی جمہوریہ کونگو ایک وسیع و عریض ملک ہے۔ جنگلات اور دریاؤں کی اس سرزمین میں ذرائع نقل و حمل اور رابطہ کے جدید ذرائع بہت کم ہیں۔ اس لیے امر محال ہے کہ تمام ملک کا ایک مرکزی جلسہ سالانہ کسی بھی علاقہ میں منعقد ہوسکے۔ لہٰذا تمام ریجنز کا اپنا ریجنل جلسہ سالانہ ہوتا ہے۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ Kivu ریجن، کونگو کنشاسا کو مورخہ ۳؍ دسمبر ۲۰۲۳ء بروز اتوار Uviraمیں اپنا جلسہ سالانہ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔
جلسہ کی تیاری کے لیے قبل از وقت ٹیمیں تیار کی گئیں۔SouthاورNorth Kivuدونوں علاقوں سے احمدی احباب لمبے سفر طے کر کے اس جلسہ میں شمولیت کے لیے پہنچے۔
جلسہ کا پہلا اجلاس تلاوت قرآ ن کریم اور نظم سے شروع ہوا۔ مکرم امیر صاحب نے افتتاحی تقریر کے بعد دعا کروائی۔
بعد ازاں ان عناوین پر تقاریر ہوئیں: ’’نماز کی اہمیت‘‘ سواحیلی زبان میں از عبد الکریم صاحب معلم سلسلہ، ’’مالی قربانی کی اہمیت ‘‘ سواحیلی زبان میں از مصطفیٰ محمود صاحب معلم سلسلہ، ’’اسلام میں شادی‘‘ از ایدی غلام صاحب صدر جماعت Uvira اور ’’حضرت محمد ﷺ کا تعلق باللہ‘‘ فرنچ زبان میں از ایدی حیدری صاحب۔
ایک وقفہ کے بعد دوسرے اجلاس کی کارروائی کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور نظم سے ہوا۔ بعد ازاں ان عناوین پر تقاریر ہوئیں:’’جماعت احمدیہ کا مختصر تعارف‘‘ سواحیلی زبان میں از مصطفیٰ محمود صاحب معلم سلسلہ، ’’خلافت کی اہمیت و برکات‘‘ از خاکسار (مبلغ سلسلہ کنشاسا)، ’’صداقت حضرت مسیح موعودؑ‘‘ سواحیلی زبان میں از حسن بلیسی صاحب معلم سلسلہ، ’’دس شرائط بیعت‘‘ سواحیلی زبان میں از حمید احمد ملالہ صاحب معلم سلسلہ۔
مکرم امیر صاحب کونگو کی درخواست پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے از راہ شفقت مکرم غلام مرتضیٰ صاحب مبلغ سلسلہ و صدر جماعت Burundiکو جلسہ سالانہ میں شرکت کی اجازت عطا فرمائی۔ انہوں نے سواحیلی زبان میں ’’جلسہ سالانہ کی اہمیت ‘‘پر تقریر کی اور حاضرین جلسہ کو نصائح کیں۔
ان تقاریر کے بعد مکرم امیر صاحب نے اختتامی تقریر کی اور دعا کے ساتھ یہ اجلاس بھی اختتام پذیر ہوا۔ اس کے بعد نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں اور حاضرین جلسہ کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ جلسہ کی کُل حاضری ۳۷۴؍ احباب و خواتین تھی جن میں ۲۴۰؍ احمدی مرد و زن تھے۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ان تمام مساعی کو جماعت احمدیہ کے حق میں مثمر بثمرات حسنہ بنائے۔ آمین
(رپورٹ: شاهد محمود خان۔ مبلغ سلسلہ)