ایشیا (رپورٹس)

جماعت احمدیہ جاپان کے 33ویں جلسہ سالانہ کا بابرکت انعقاد

(انیس احمد ندیم۔ مبلغ انچارج جاپان)

مسجد بیت الاحد میں منعقد ہونے والا پہلا جلسہ سالانہ۔حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا ایمان افروز پیغام

مختلف علمی و تربیتی موضوعات پر تقاریر۔یوم پیشوایانِ مذاہب کا انعقاد اور کثیر تعداد میں جاپانی مہمانوں کی شرکت

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ جاپان کو اپنا33واں جلسہ سالانہ مؤرخہ 4,3مئی 2016ء مسجد بیت الاحد جاپان میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔1981ء سے جاپان میں جلسہ سالانہ کا انعقاد شروع ہوا ۔ پہلا جلسہ سالانہ ٹوکیو میں منعقد ہوا جس میں 5احباب جماعت اور 3جاپانی مہمان شامل ہوئے۔بعد ازاں جلسہ ہائے سالانہ Shizuoka,Gotemba,Okazak,Owariasahi

,Nagoyaمیں مختلف کمیونٹی سنٹرز میں منعقد ہوتے رہے۔

نومبر 2015ء میں مسجد بیت الاحد جاپان کے افتتاح کے بعد یہ پہلا جلسہ سالانہ ہے جو جماعت احمدیہ جاپان کے اپنے premisesمیں منعقد ہوا۔مسجد بیت الاحد جاپان کو دنیا کے مختلف ممالک کے جھنڈوں اور چراغاں کے ذریعہ سجایا گیا تھا ۔ جلسہ سے صرف ایک دن قبل مسجد بیت الاحد کی مشرقی دیوار پر Love for all,hatred for noneجاپانی ترجمہ کے ساتھ لکھوایا گیا ۔اس کی لمبائی تقریبًا 15میٹر بنتی ہے ۔

جلسہ سالانہ سے چار ماہ قبل جلسہ سالانہ کی انتظامیہ تشکیل دی گئی۔ مکرم مبشر احمد زاہد صاحب کو افسر جلسہ سالانہ، مکرم طلعت محمود احمد صاحب کو افسر جلسہ گاہ اور مکرم احسان رحمت صاحب کو افسر خدمت خلق مقرر کیا گیا اور جلسہ سالانہ کی باقاعدہ تیاریوں کا آغاز ہو گیا ۔جماعت احمدیہ جاپان کی ویب سائٹ،سوشل میڈیا اور پریس ریلیز کے ذریعہ جلسہ سالانہ کی تاریخوں اور پروگراموں کو مشتہر کیا جاتا رہا۔

افراد جماعت احمدیہ جاپان کے علاوہ امسال ملائشیا،انڈونیشیا،سری لنکا،امریکہ،پاکستان اور متحدہ عرب امارات سے مہمانان کرام شامل ہوئے ۔ جلسہ سالانہ کے دو دنوں کے دوران مذہبی راہنماؤں، یونیورسٹیوں کے پروفیسرز،سکولوں کے اساتذہ اورطلباء سمیت 68جاپانی مہمان جلسہ سالانہ کے مختلف سیشنز میں شریک ہوئے۔

جلسہ سالانہ کی روایات کے مطابق جلسہ سالانہ کا باقاعدہ آغاز پرچم کشائی کی تقریب سے ہوا۔ جاپان کا پرچم مکرم محمد اویس کوبایاشی صاحب(مترجم قرآن کریم) اور لوائے احمدیت خاکسار نے لہرایا۔پرچم کشائی کی تقریب میں 40کے قریب جاپانی مہمان شامل ہوئے۔

پہلا سیشن

پرچم کشائی کے فوری بعد جلسہ سالانہ کا پہلا سیشن تلاوت قرآن کریم سے شروع ہوا۔ اس کے جاپانی ترجمہ اور نظم کے بعد خاکسار نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ارشادات کی روشنی میں جلسہ سالانہ کی عظمت اور جلسہ کے مقاصد بیان کئے ۔ دعا کے بعد نواحمدی مسلمان مکرم Abdullah Giovanniنے ’’اسلام اور انسانیت‘‘ کے موضوع پر انگریزی میں تقریر کی ۔ اس سیشن کی دوسری تقریر مکرم عمر احمد ڈار صاحب کی تھی جنہوں نے ’’جلسہ سالانہ کے آداب اور برکات‘‘ کے موضوع پر جاپانی زبان میں اظہار خیال کیا۔

دوسرا سیشن

جلسہ سالانہ کا دوسرا سیشن نماز ظہر وعصر اور کھانے کے وقفہ کے بعد مکرم محمد اویس کوبایاشی صاحب(مترجم قرآن کریم) کی زیر صدارت شروع ہوا ۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد مکرم ثناء سیکی گوچی صاحب نے حضرت مصلح موعودؓ کاکلام ’’ ہے دست قبلہ نما ۔لاالہ الا اللہ‘‘ پیش کیا ۔ اس سیشن کی پہلی تقریر ’’انفاق فی سبیل اللہ کی برکات‘‘جاپانی زبان میںمکرم احمد فتح الرحمن صاحب( سیکرٹری تعلیم) نے پیش کی ۔ اسی موضوع پر اردو زبان میں مکرم مقصود احمد سنوری صاحب( صدر مجلس انصار اللہ جاپان) نے تقریر کی۔ مکرم انور احمد صاحب نے ’’تاریخ احمدیت جاپان‘‘ کے موضوع پر اردو زبان میں تقریر کی جبکہ اسی موضوع پر جاپانی زبان میں مکرم ناصر ندیم بٹ صاحب نے تقریر کی ۔

تیسرا سیشن

جلسہ سالانہ کا تیسرا سیشن 4مئی 2016ء کو مکرم محمد عصمت صاحب مربی سلسلہ سری لنکا کی زیر صدارت شروع ہوا۔تلاوت قرآن کریم اوراس کے جاپانی ترجمہ اور نظم کے بعد اس سیشن کی پہلی تقریر ’’مسجد ۔امن وسلامتی کا مرکز ‘‘کے موضوع پر مکرم محمد عصمت صاحب مربی سلسلہ سری لنکا نے پیش کی ۔ اس کے بعد مکرم محمد عصمت اللہ صاحب نے ’’خلافت احمدیہ ۔ امن وسلامتی کا استعارہ‘‘ کے موضوع پر جاپانی زبان میں تقریر کی ۔ اس سیشن کی آخری تقریر مکرم حزقیل احمد صاحب نے ’’مسجد۔امن وسلامتی کا مرکز ‘‘کے موضوع پر جاپانی زبان میں کی۔

چھٹی بین المذاہب کانفرنس کا انعقاد

جلسہ سالانہ کے دوسرے روز جماعت احمدیہ جاپان کو اپنی چھٹی بین المذاہب کانفرنس منعقد کرنے کی توفیق ملی۔اس کانفرنس میں اسلام ،بدھ ازم اور عیسائیت کے نمائندگان نے شرکت کی۔

چوتھا سیشن

جلسہ سالانہ کا چوتھا اور اختتامی سیشن مؤرخہ 4مئی 2016ء کو نماز وظہر وعصر کی ادائیگی کے بعد تلاوت قرآن کریم سے شروع ہوا ۔تلاوت اور نظم کے بعد اس سیشن کی پہلی تقریر اردو زبان میں مکرم حافظ محمد امجد عارف صاحب نے کی۔ ان کی تقریر کا موضوع تھا’’خلافت احمدیہ ۔ امن وسلامتی کا استعارہ‘‘۔اس کے بعد نیشنل سیکرٹری تعلیم جاپان نے امسال قرآن کریم اورعام دنیوی تعلیم کے میدان میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباء میں ایوارڈز کی تقسیم کا اعلان کیا ۔ امسال درج ذیل بچوں اور بچیوں نے ایوارڈز حاصل کیئے۔

1۔عزیزم یاسر جنود صاحب (سورۃ یٰسین اور سورۃ رحمن حفظ کرنے پر)2۔ عزیزہ ماریہ جنودصاحبہ( سورۃ رحمن حفظ کرنے اور کلاس میں اعلیٰ پوزیشن حاصل کرنے پر) 3۔ عزیزم خواجہ حیات احمد( قرآن کریم کا دور مکمل کرنے پر)4۔ عزیزم نوید احمد( قرآن کریم کا دورمکمل کرنے پر)

اس کے بعد سیدنا حضور انور ایدہ اللہ بنصرہ العزیز کی طرف سے 33ویں جلسہ سالانہ جاپان کے موقع پر عطا فرمودہ پیغام کا جاپانی ترجمہ مکرم محمد اویس کوبایاشی صاحب (جاپانی احمدی مسلمان اور مترجم قرآن کریم ) نے پڑھ کر سنایا۔جس کے بعد اختتامی تقریر میں دعا سے قبل خاکسار نے سیدنا حضور انور ایدہ اللہ بنصرہ العزیز کی طرف سے عطا فرمودہ اردو پیغام پڑھ کر سنایا اور اس کے ساتھ ہی دعا کے ساتھ 33واں جلسہ سالانہ جاپان بخیریت اختتام کو پہنچا۔

………………………

پیغام حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز

پیارے احباب جماعت احمدیہ جاپان

السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ

یہ جان کر خوشی ہوئی ہے کہ جماعت احمدیہ جاپان کو اپنا 33واں جلسہ سالانہ منعقد کرنے کی توفیق مل رہی ہے۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کے اس جلسہ کو آپ کے لئے روحانی فیوض و برکات کا ذریعہ بنائے۔ آپ اپنے اندر نیک اور پاک روحانی تبدیلی پیدا کرنے والے ہوں۔

یاد رکھیں کہ سیّدنا حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے جماعت کا قیام اس لئے فرمایا ہے کہ اس میں داخل ہونے والے اپنے اخلاق اور اعمال اور تقویٰ میں ترقی کریں تاکہ خدا تعالیٰ کی نصرت اور محبت کا فیض ان کو حاصل ہو۔ آپ علیہ السلام فرماتے ہیں:

’’خدا اس جماعت کو ایک ایسی قوم بنانا چاہتا ہے جس کے نمونہ سے لوگوں کو خدا یاد آوے اور جو تقویٰ اور طہارت کے اوّل درجہ پر قائم ہوں اور جنہوں نے در حقیقت دین کو دنیا پر مقدم کر لیا۔‘‘ (روحانی خزائن جلد 20صفحہ 78)

نیز فرمایا: ’’تم جو میرے ساتھ ایک سچاتعلق پیدا کرتے ہو۔ اس سے یہی غرض ہے کہ تم اپنے اخلاق میں، عادات میں ایک نمایاں تبدیلی کرو جو دوسروں کے لئے ہدایت اور سعادت کا موجب ہو‘‘۔

 (ملفوظات جلد 1صفحہ 151)

پس جماعت احمدیہ کے قیام کے یہ اغراض و مقاصد ہیں۔ آپ میں سے ہر احمدی کو یہ مقاصد ہر وقت اپنے مدّ نظر رکھنے چاہئیں۔اخلاق میں اور عادات میں پاک تبدیلیاں پیدا کریں۔ عبادات کے اعلیٰ معیار قائم کریں۔ آپس میں پیار و محبت کی فضا قائم کریں۔ اپنے جذبات نفس سے پاک ہونے اور نفسانیت اور اپنی اَناؤں کو چھوڑ کر خدا تعالیٰ کے ارادوں کے اندر چلنے کے لئے جد و جہد کریں۔ اپنا ایسا نمونہ پیش کریں جس سے جماعت کا وقار قائم ہو۔ کیونکہ آپ نے اس زمانہ کے امام کو مانا ہے اور آپ کے اعمال کا اثر آپ کی اپنی ذات تک محدود نہیں بلکہ حضرت مسیح موعودؑ بلکہ خدا کی ذات تک پہنچتا ہے۔ سیدنا حضرت مسیح موعودؑ فرماتے ہیں:

’’میں پھر ایک بار ان لوگوں کو مخاطب کر کے کہتا ہوں جو میرے ساتھ تعلق رکھتے ہیں اور وہ تعلق کوئی عام تعلق نہیں بلکہ بہت زبردست تعلق ہے اور ایسا تعلق ہے جس کا اثر نہ صرف میری ذات تک بلکہ اس ہستی تک پہنچتا ہے جس نے مجھے بھی اس بر گزیدہ انسانِ کامل کی ذات تک پہنچایا ہے جو دنیا میں صداقت اور راستی کی روح لے کر آیا ہے۔ میں تو یہ کہتا ہوں کہ اگر ان باتوں کا اثر میری یہی ذات تک پہنچتا تو مجھے کچھ اندیشہ اور فکر نہ تھا اور نہ ان کی پرواہ تھی۔ مگر اس پر بس نہیں ہوتی۔ اس کا اثر ہمارے نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم اور خود خدائے تعالیٰ کی برگزیدہ ذات تک پہنچ جاتا ہے۔ … اس سے زیادہ اور میں کچھ نہیں کہتا کہ تم لوگ ایک ایسے شخص کے ساتھ پیوند رکھتے ہو جو مامور من اللہ ہے۔ پس اُس کی باتوں کو دل کے کانوں سے سنو اور اس پر عمل کرنے کے لئے ہمہ تن تیار ہو جاؤ تاکہ اُن لوگوں میں سے نہ ہو جاؤ جو اقرار کے بعد انکار کی نجاست میں گِر کر ابدی عذاب خرید لیتے ہیں‘‘(ملفوظات جلد 1صفحہ 104تا105)

پس حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور آپ کی جماعت کے وقار کو قائم رکھنے کی ہر دم کوشش کریں۔ اپنی اَناؤں کو ختم کریں اور محض لِلّٰہ کام کریں۔ اپنے نیک عملی نمونہ سے اسلام احمدیت کی تبلیغ کریں۔ آپ کا نیک نمونہ ہی ہے جس کو دیکھ کر لوگ اسلام احمدیت کی طرف آئیں گے۔ پھر اللہ تعالیٰ کا ایک عظیم انعام خلافت کی صورت میں آپ کو عطا ہوا ہے جس کی برکت سے آپ وحدت کی لڑی میں پروئے گئے ہو۔ اس نعمت کی قدر کرو اور اس رسی کو مضبوطی سے پکڑو۔ خلافت کی اطاعت کا جؤا اپنی گردنوں پر پہنو۔ اسی سے تمہاری روحانی بقا ہے۔ اسی کے ذریعہ سے تمہاری روحانی ترقیات کے دروازے کھلیں گے۔ اللہ تعالیٰ آپ کے ساتھ ہو۔ اللہ آپ کو ہمیشہ اپنی رضا کی راہوں پر چلائے۔ اللہ تعالیٰ آپ کو اپنی زندگیاں حضرت مسیح موعودؑ کی توقعات کے مطابق گزارنے کی توفیق دے۔ اللہ آپ کا حامی و ناصر ہو۔ (آمین)

والسلام

خاکسار

مرزا مسرور احمد

خلیفۃ المسیح الخامس

……………………

جلسہ سالانہ میں شرکت کرنے والے جاپانیوں کے تأثرات

مسجد بیت الاحد جاپان میں منعقد ہونے والا پہلا جلسہ سالانہ کئی لحاظ سے نہایت مبارک اور تاریخی موقع تھا ۔ اس موقع پر پہلے اسلامی فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا ،چھٹی بین المذاہب کانفرنس منعقد ہوئی اور جلسہ کے مختلف پروگراموں میں 70کے قریب جاپانی مہمانوں نے شرکت کی ۔ فالحمد للہ علیٰ ذالک ۔ جلسہ میں شامل ہونے والے مہمانوں نے اپنے فیس بک پیجز، ٹوئٹراور ای میل کے ذریعہ جن تاثرات کا اظہار کیا ان میں سے چند درج ذیل ہیں :

٭ …جلسہ سالانہ کے اختتامی سیشن میں ایک55 سالہ تعلیم یافتہ جاپانی خاتون Tsumi Naokoصاحبہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ’’ میں نے بیس سال کی عمر میں ایک خواب دیکھا تھا کہ مجھے ایک آواز آتی ہے کہ مغرب کی طرف جاؤ وہاں کچھ لوگ تمہارے منتظر ہیں ۔ میں نے ساری عمر دنیا کی مختلف تاریخوں اور مذاہب کے مطالعہ میں صرف کی اور مجھے اس خواب کی سمجھ نہ آسکی ۔ لیکن گزشتہ سال جماعت احمدیہ سے رابطہ ہوا اورمیں نے خدا کی تلاش میں اپنی جستجو جماعت کے مبلغ کے سامنے رکھی ۔ انہوں نے مجھے قرآن کریم کا تحفہ دیا اور اسے پڑھنے کی تلقین کی ۔ ایک سال کے دوران تین مرتبہ قرآن کریم مکمل پڑھا اور جب پہلی دفعہ مسجد بیت الاحد جاپان آئی اور نماز میں شامل ہوئی تو مجھے یقین ہوگیا کہ یہی میری خواب کی تعبیر ہے ۔ میری تحقیق جاری ہے اور مجھے قرآن کریم نے سچے خدا کا پتا دیا ہے جو واحد ہے اور جو ہر چیز کا خالق و مالک ہے ۔ ‘‘

٭ …Yoshihisa Shimodairaصاحب 75kmکا سفر کرکے جلسہ میں شامل ہوئے۔انہوں نے جلسہ اور مسجد بیت الاحد کی تصاویر کے ساتھ لکھا کہ:۔ ’’آپ لوگ بہت گرم جوش اور مہمان نواز ہیں ۔ دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں ۔ اگلے سال پھرشرکت کرنا چاہوں گا ۔ ‘‘نیز انہوں نے قرآن کریم کے ٹائٹل کی تصویر فیس بک پر شئیر کرکے لکھا کہ ’’قرآن کریم کا مطالعہ کروں گا‘‘۔

٭ …عیسائی پادری دوست مکرمYosef Aoyamaصاحب نے جلسہ کے افتتاحی سیشن میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مجھے دنیا کے مختلف مذاہب اور علاقوں کا مطالعہ اور مشاہدہ کرنے کا موقع ملا ہے ۔ اکثر مذاہب کی تعلیم بہت عمدہ ہے ۔ میں پانچ چھ دفعہ مسجد بیت الاحد جاپان آچکا ہوں اور اس بات کا برملا اظہار کرتا ہوں کہ جماعت احمدیہ کی طرف سے پیش کردہ اسلام ایک نہایت عمدہ مذہب ہے اور اس جماعت کے افراد اپنے خوبصورت مذہب کی عملی تصویر ہیں ‘‘۔

٭ …Mrs Tajimaصاحبہ نے لکھا کہ’’ کل جلسہ سالانہ کے افتتاح کے موقع پر جلسہ میں شامل ہونے کے آداب کا ذکرکرتے ہوئے بڑوں کی عزت وتکریم اور چھوٹوں سے شفقت کا کہا گیا ۔ تقریب کے فوری بعد جماعت احمدیہ جاپان کے افراد نے جس طرح شفقت سے ہمیں کھانے پر مدعو کیا اور ہمیں کھانا پیش کیا یہ میرے لئے ایک ناقابل فراموش تجربہ ہے ‘‘۔

٭ …ایک دوست مکرم Hiroshi Uenoصاحب نے اپنے فیس بک پیج پر لکھا کہ : ’’ یہ لوگ کوبے(1995)، نی گاتا(2004)، شمال مشرقی جاپان میں آنے والی تسونامی(2011)اور ابھی Kumamotoمیں آنے والے زلزلہ کے بعد فوری طور پر متاثرہ علاقہ میں پہنچے اور زلزلہ زدگان کی خدمت کی ۔ دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں ۔ میں صرف یہی کر سکتا ہوں کہ ان لوگوں کے بارہ میں آپ سب کو مطلع کروں ۔‘‘

٭ …Mrs Akemi Gotoنے تحریر کیا کہ’’ انیس صاحب کے ان الفاظ پر کہ اسلام رنگ و نسل سے بالا ہو کر انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتا ہے ۔ دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتی ہوں ‘‘

٭ …Mrs.Asai Setsukoصاحبہ نے لکھا کہ: مسجد میں داخل ہوتے ہی سامنے یہ الفاظ تحریر ہیں کہ ’’ محبت سب کے لئے نفرت کسی سے نہیں ‘‘یہ الفاظ میرے دل میں بس گئے ہیں ۔ہر مذہب وملت کے لوگوں کو خوش آمدید کیا جاتا ہے ۔جماعت احمدیہ جاپان کی رفاہی تنظیم ہیومینٹی فرسٹ انسانیت کے جذبہ کے ماتحت جاپان بھر میں خدمت کر رہی ہے ۔پہلی دفعہ مسجد جارہی تھی اور کچھ فکر مندی تھی لیکن اس تقریب میں شامل ہو کر بہت اچھا لگا ۔آج کی تقریب میں شامل ہوکر بہت اچھا لگا ۔ بعض باتوں کی سمجھ نہیں آسکی لیکن جو سمجھ آیا وہ یہ ہے کہ امن سلامتی اور محبت کا پیغام ہے اور ہردل سے یہی دعا نکل رہی ہے ۔ مسلمان بہت مہمان نواز ہوتے ہیں ۔ میرے دوستوں کو اگر موقع میسر ہو توایک دفعہ مسجد بیت الاحد جاپان ضرور جائیں ‘‘۔

٭ …٭ …٭

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button