لجنہ اماء اللہ بنگلہ دیش کا انچاسواں نیشنل اجتماع اور بتیسویں مجلس شوریٰ ۲۰۲۶ء
مکرمہ قرۃ العین سعدیہ صاحبہ، معاون صدر لجنہ اماء اللہ بنگلہ دیش تحریر کرتی ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے بے شمار فضل و کرم سے لجنہ اماء اللہ بنگلہ دیش کو اپنا ۴۹واں نیشنل اجتماع ’’قرب الٰہی کے ذرائع‘‘ کے مرکزی موضوع پر مورخہ ۲۱و ۲۲؍ستمبر ۲۰۲۶ء جماعت احمدیہ بنگلہ دیش کے ہیڈکوارٹر دارالتبلیغ، بخشی بازار، ڈھاکہ میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ
۲۰؍ستمبر کی شام سے ہی ممبرات لجنہ اماءاللہ اور ناصرات کے علمی مقابلہ جات کا آغاز ہو چکا تھا۔ امسال اجتماع میں تلاوت قرآن کریم، اردو اور بنگلہ نظم اور دینی معلومات کے تحریری مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ نو مبائعات کے لیے خصوصی مقابلہ جات کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔

۲۱؍ستمبر بروز سوموار: دن کا آغاز باجماعت نماز تہجد سے ہوا جس کے بعد ورزشی مقابلہ جات منعقد ہوئے۔
افتتاحی اجلاس: افتتاحی اجلاس کا آغاز صبح ۹؍بجے تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ بعد ازاں مکرم حاجی عبدالاول خان چودھری صاحب امیر و مبلغ انچارج جماعت احمدیہ بنگلہ دیش نے پردے کی رعایت سے افتتاحی تقریر کی۔ مکرمہ تنزین اختر صاحبہ صدر لجنہ اماء اللہ بنگلہ دیش نے اظہار تشکر کے کلمات ادا کیے اور عہد دہرایا۔ اس کے بعد کورَس کی صورت میں قصیدہ پیش کیا گیا۔ بعد ازاں مکرمہ مریم سلطانہ صاحبہ ناظمہ اعلیٰ اجتماع کمیٹی نے تمام شاملین کو خوش آمدید کہا۔ پھر مکرمہ عابدہ سلطانہ صاحبہ سیکرٹری تعلیم لجنہ اماء اللہ بنگلہ دیش نے ’’خلافت کی اطاعت اور محبت‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ اس کے بعد ایک اردو نظم پیش کی گئی۔ پھر مکرمہ مبشرہ سلیم صاحبہ ضلعی صدر برہمن باڑیہ نے ’’سورت فاتحہ کی تفسیر‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ اس کے بعد واقفات نو لجنہ اماء اللہ ڈھاکہ نے ’’دعا اور اذکار‘‘ کے موضوع پر ایک پریزنٹیشن پیش کی۔ پھر مکرمہ سیدہ سعدیہ شریف صاحبہ جنرل سیکرٹری لجنہ اماء اللہ بنگلہ دیش نے سالانہ جنرل رپورٹ پیش کی۔ ایک نظم کے بعد مکرمہ تہمینہ اختر صاحبہ صدر لجنہ اماء اللہ چٹاگنگ نے ’’آنحضرت ﷺ کے اسوہ کا اتباع ہی خدا تعالیٰ کا قرب حاصل کرنے کا ذریعہ‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔
بعد ازاں کوئز منعقد ہوا اور امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والی طالبات کے ناموں کا اعلان کیا گیا۔
نماز ظہر و عصر اور ظہرانے کے وقفے کے بعد سہ پہر تین بجے اجتماع کے دوسرے اجلاس کا آغاز ہوا۔ اس اجلاس میں سٹوڈنٹ ایسوسی ایشن لجنہ اماء اللہ کے انتخابات ہوئے۔
اجلاس ناصرات: اسی دوران ناصرات الاحمدیہ کے لیے الگ اجلاس منعقد ہوا جس کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور اردو نظم سے ہوا۔ یہ نظم پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ناصرہ نے پیش کی۔ عہد کے بعد نیشنل ناصرات سیکرٹری نے سالانہ رپورٹ پیش کی۔
اس اجلاس میں ناصرات الاحمدیہ میرپور اور ناصرات الاحمدیہ چٹاگنگ کی طرف سے علمی موضوعات پر پریزنٹیشنز پیش کی گئیں۔ دفتر ناصرات کی طرف سے بھی خصوصی پریزنٹیشن پیش کی گئی۔ بعد ازاں مختلف مقامی ناصرات تنظیموں کی طرف سے پراجیکٹس کی نمائش کی گئی۔ کوئز کا بھی انتظام تھا۔ پھر صدر صاحبہ نے تقریر کی، ایک ترانہ پیش کیا گیا اور انعامات تقسیم کیے گئے۔
۲۲؍ستمبر بروز منگل: دن کا آغاز باجماعت نماز تہجد سے ہوا۔ صبح ۹؍بجے تلاوت قرآن کریم اور اردو نظم کے ساتھ اجتماع کے تیسرے اجلاس کا آغاز ہوا۔ اس کے بعد مکرمہ فاتحہ جہان صاحبہ نے ’’نماز-حصول خدا کا ذریعہ‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ پھر شعبہ تعلیم کی طرف سے مقابلہ حفظ قرآن منعقد ہوا۔ بعد ازاں مکرمہ فرحانہ چودھری صاحبہ نے ’’خدا اور بندوں کی شکر گزاری‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔
پھر مکرمہ مبارکہ جہان صاحبہ نیشنل سیکرٹری مال لجنہ اماءاللہ بنگلہ دیش نے سالانہ مالی رپورٹ پیش کی۔ اس کے بعد کورَس کی صورت میں اردو نظم پیش کی گئی۔ پھر ’’عورتوں کی ذہنی صحت‘‘ کے موضوع پر ایک اجلاس منعقد ہوا۔ بعد ازاں ’مبشرہ کورس‘ کی طالبات کے نام حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا گیا اور مبشرہ کورس کی طالبات کا تعارف صدر صاحبہ نے کروایا۔ (یہ پیغام الفضل انٹرنیشنل کے شمارہ ۱۱؍نومبر ۲۰۲۶ء میں ملاحظہ فرمائیں۔)
اس کے بعد ذاتی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر خودمختار بننے کے تجربات، سوشل میڈیا کے استعمال اور روزمرہ زندگی میں اخوت بڑھانے کے لیے بات چیت کی اہمیت جیسے موضوعات پر تبادلۂ خیالات ہوا۔
نماز ظہر و عصر اور ظہرانے کے وقفے کے بعد سہ پہر تین بجے صدر صاحبہ کی زیر صدارت اجتماع کے اختتامی اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور اردو نظم سے ہوا۔ یہ نظم پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ممبر لجنہ اماءاللہ نے پیش کی۔ اس کے بعد ’’صحت مند زندگی میں فزیوتھراپی ‘‘کی اہمیت پر ایک پریزنٹیشن پیش کی گئی۔ پھر سٹوڈنٹ ایسوسی ایشن کی طرف سے خدا تعالیٰ کا قرب حاصل کرنے کے راستے میں حائل رکاوٹوں کو عبور کرنے کے حوالے سے تبادلۂ خیالات ہوا۔
بعد ازاں ناظمہ اعلیٰ نے تمام شاملین کا شکریہ ادا کیا اور ایک اردو نظم پیش کی گئی۔ آخر میں صدر صاحبہ کی اختتامی تقریر، علمی اور ورزشی مقابلہ جات کے انعامات کی تقسیم اور دعا کے ساتھ یہ بابرکت اجتماع اپنے اختتام کو پہنچا۔ الحمدللہ
امسال اجتماع میں کُل حاضری ۱۷۱۷؍رہی جن میں ۱۲۱۰؍ممبرات لجنہ اماءاللہ اور ۲۳۲؍ناصرات شامل تھیں۔ ۱۲۶؍مجالس میں سے ۱۰۵؍مجالس کی نمائندگی رہی۔
۳۲ویں مجلس شوریٰ لجنہ اماء اللہ بنگلہ دیش
مجلس شوریٰ کا پہلا اجلاس ۲۳؍ستمبر کو صبح ۹؍بجے مکرمہ صدر صاحبہ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد صدر صاحبہ نے تقریر کی اور دعا کروائی۔ بعد ازاں گذشتہ سال کی مجلس شوریٰ کی تجاویز پر عمل درآمد کی رپورٹ سیکرٹری مجلس شوریٰ نے پیش کی۔ پھر امسال کی تجاویز اور سال ۲۰۲۶ء تا ۲۰۲۷ء کا بجٹ پیش کیا گیا اور جنرل و فنانس کی ذیلی کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔
مجلس شوریٰ کا اختتامی اجلاس سہ پہر تین بجے تلاوت قرآن کریم سے شروع ہوا۔ ذیلی کمیٹیوں کی رپورٹس پیش کی گئیں۔ تجاویز پر گفتگو اور ووٹنگ کے بعد انہیں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت اقدس میں منظوری کے لیے بھجوانے پر اتفاق کیا گیا۔ صدر اجلاس کی اختتامی تقریر اور دعا کے ساتھ مجلس شوریٰ اپنے اختتام کو پہنچی۔ الحمدللہ
امسال مجلس شوریٰ میں ۳۳۵؍نمائندگان اور ۲۲؍مبصرین سمیت کُل ۳۵۷؍خواتین نے شرکت کی۔
اللہ تعالیٰ لجنہ اماء اللہ بنگلہ دیش کو قرآن کریم کی تعلیمات کو سمجھنے اور ان پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ:نوید الرحمٰن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: جامعۃ المبشرین سیرا لیون میں ’صحبت صالحین‘ کا پروگرام




