حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی ذات بابرکات میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے خُلق ِعظیم کا کامل انعکاس قسط نمبر4 (آخری)
٭ …’’ آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلمنے خود فرمایا ہے کہ مہدی جو آنے والا ہے ……وہ میرے خُلق پر ہو گا۔ اس سے آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم کا یہی مطلب تھا کہ وہ میرا مظہر ہو گا۔ ‘‘ ( ملفوظات جلد اول صفحہ 521)
٭ …’’یوں سمجھ لو کہ مہدی موعود خَلۡق اورخُلۡق میں ہمرنگ آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم ہو گا‘‘ ۔ ( ایک غلطی کا ازالہ روحانی خزائن جلد 18صفحہ 213)
ہمدردی خلق
آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا ۔ اَلۡخَلۡقُ عَیَالُ اللّٰہ۔ کہ تمام مخلوق اللہ کی عیال ہے۔ اور مخلوق میں سب سے زیادہ محبوب اور پیارا خداتعالیٰ کو وہ شخص ہے جو اس کے عیال سے بہترین سلوک کرے۔ ‘‘
( مشکوٰۃ باب الشفقۃ علی الخلق جلد1صفحہ 425)
حضرت مسیح موعود علیہ السلام فرماتے ہیں ۔
’’مَیں سچ کہتا ہوں اور خدا کی قسم کھاکر کہتا ہوں کہ نوعِ انسان کا سب سے بڑھ کر خیر خواہ اور دوست مَیں ہوں۔ ہاں یہ سچ ہے کہ میں ان تعلیمات کا دشمن ہوں جو انسان کی روحانی دشمن ہیں اور ا س کی نجات کی دشمن ہیں ۔ ‘‘
( ملفوظات جلد دوم صفحہ 143۔ ایڈیشن 2003ء مطبوعہ ربوہ)
اسی طرح فرمایا :
’’ مَیں تو بنی نوع انسان کا حقیقی خیر خواہ ہوں ۔ جو مجھے دشمن سمجھتا ہے وہ خود اپنی جان کا دشمن ہے۔ ‘‘
( ملفوظات جلد دوم صفحہ 91)
خدا کی ساری مخلوق سے ہمدردی
نیز فرمایا : ’’ جب انسان خدا تعالیٰ کی رضا کے لئے … اپنے ضعیف بھائی کی ہمدردی کرتا ہے تو اس اخلاص سے اس کا ایمان قوی ہو جاتا ہے… …مخلوق کی ہمدردی ایک ایسی شئی ہے کہ اگر انسان اسے چھوڑ دے اور اس سے دور ہوتا جائے تو رفتہ رفتہ پھر وہ درندہ ہو جاتا ہے۔ انسان کی انسانیت کا یہی تقاضا ہے اور وہ اسی وقت تک انسان ہے جب تک اپنے دوسرے بھائی کے ساتھ مروّت ، سلوک اور احسان سے کام لیتا ہے اور اس میں کسی قسم کی تفریق نہیں ہے… یاد رکھو ہمدردی کا دائرہ میرے نزدیک بہت وسیع ہے کسی قوم اور فرد کو الگ نہ کرے … مَیں کہتا ہوں کہ تم خدا تعالیٰ کی ساری مخلوق سے ہمدردی کرو خواہ وہ کوئی ہو۔ ‘‘
( ملفوظات جلد 4صفحہ 216-217)
پھر فرمایا : ’’ ہمارا اصول تو یہ ہے کہ ہر ایک سے نیکی کرو اور خدا تعالیٰ کی کل مخلوق سے احسان کرو۔ ‘‘
( ملفوظات جلد 4صفحہ 80)
اس بارہ میں اپنی دلی کیفیت یوں بیان فرماتے ہیں :
’’ میں اپنے دل میں مخلوق کی ہمدردی اور بھلائی کے لئے ایک جوش رکھتا ہوں جو اللہ تعالیٰ نے میرے دل میں ڈالا ہے۔ ‘‘ (ایضاً صفحہ129)
’’ یہ بھی یاد رکھنا چاہئے کہ مخالف مذہبوں کے لوگوں سے ہمیں کوئی دشمنی نہیںبلکہ ان کے سچے خیر خواہ اور ہمدرد ہم ہیں ۔ ‘‘
(ملفوظات جلد 4صفحہ 623)
’’ نوع انسان پر شفقت اور اس سے ہمدردی کرنا بہت بڑی عبادت ہے۔ ‘‘(ملفوظات جلد 4صفحہ 438)
ہمدردی خلق کا عملی نمونہ اور دلی کیفیت
فرمایا : ’’ میری تو یہ حالت ہے کہ اگر کسی کو درد ہوتا ہو اور میں نماز میں مصروف ہوں۔ میرے کان میں اس کی آواز پہنچ جائے تو میں تو یہ چاہتا ہوں کہ نماز توڑ کر بھی اگر اس کو فائدہ پہنچا سکتا ہوں تو فائدہ پہنچائوں اور جہاں تک ممکن ہے اس سے ہمدردی کروں ۔ یہ اخلاق کے خلاف ہے کہ کسی بھائی کی مصیبت اور تکلیف میں اس کا ساتھ نہ دیا جائے۔ اگر تم کچھ بھی اس کے لئے نہیں کر سکتے تو کم از کم دعا ہی کرو۔اپنے تو در کنار میں تو یہ کہتا ہوں کہ غیروں اور ہندوئوں کے ساتھ بھی اعلیٰ اخلاق کا نمونہ دکھائو۔ اور ان سے ہمدردی کرو ۔ ‘‘(ملفوظات جلد اوّل صفحہ 305)
دیہاتی عورتیں ایک دن بچوں کے لئے دوائی وغیرہ لینے آئیں حضور ان کو دیکھنے اور دوائی دینے میں مصروف رہے ۔ اس پر مولوی عبدالکریم صاحب نے عرض کیا کہ حضرت یہ تو بڑی زحمت کا کام ہے اور اس طرح حضور کا قیمتی وقت ضائع جاتا ہے۔ اس کے جواب میں حضور علیہ السلام نے فرمایا:
’’یہ بھی تو ویسا ہی دینی کا م ہے۔یہ مسکین لوگ ہیں یہاں کوئی ہسپتال نہیں ۔ میں ان لوگوں کی خاطر ہر طرح کی انگریزی اور یونانی دوائیں منگوا رکھا کرتا ہوں جو وقت پر کام آ جاتی ہیں ۔ یہ بڑا ثواب کا کام ہے… مومن کو ان کاموں میں سست اور بے پرواہ نہ ہونا چاہئے۔‘‘
(ملفوظات جلد اول صفحہ 308)
ایک عظیم خُلۡق ، مہمان نوازی
آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا جو شخص اللہ تعالیٰ او ریوم آخرت پر ایمان رکھتا ہے اُسے چاہئے کہ مہمان کی عزت و تکریم کرے۔
( ابودائود کتاب الاطعمۃ باب فی الضیافۃ )
اس ضمن میں آپ ؑ فرماتے ہیں:
’’مہمان کا اکرام کرنا چاہئے۔اس لئے کھانے وغیرہ کا انتظام عمدہ ہو۔ اگر کوئی دودھ مانگے دودھ دو، چائے مانگے چائے دو ، کوئی بیمارہو تو اس کے موافق الگ کھانا اسے پکا دو۔ ‘‘ ( ملفوظات جلدسوم صفحہ 415,416)
جماعت کو نصیحت کرتے ہوئے فرمایا :
’’ میرے اصول کے موافق اگر کوئی مہمان آوے اور سبّ و شتم تک بھی نوبت پہنچ جاوے تو اس کو گوارا کرنا چاہئے کیونکہ وہ مریدوں میں تو داخل نہیں ہے۔ ہمارا کیا حق ہے کہ اس سے وہ ادب و ارادت چاہیں جو مریدوں سے چاہتے ہیں … پیغمبر خدا صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے کہ اگر مہمان کو ذرا سا بھی رنج ہو تو وہ معصیت میں داخل ہے ۔‘‘
( ملفوظات جلدسوم صفحہ 79-80)
نیز فرمایا : ’’ میرا ہمیشہ خیال رہتا ہے کہ کسی مہمان کو تکلیف نہ ہو بلکہ اس کے لئے ہمیشہ تاکید کرتا رہتا ہوں کہ جہاں تک ہو سکے مہمانوں کو آرام دیا جائے ۔ مہمان کا دل مثل آئینہ کے نازک ہوتا ہے اور ذرا سی ٹھیس لگنے سے ٹوٹ جاتا ہے۔ ‘‘ ( ملفوظات جلد سوم صفحہ 292)
اخبار البدر 24جولائی 1904ء کی ایک رپورٹ میں لکھا ہے:
’’اعلیٰ حضرت حجۃ اللہ مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام مہمان نوازی کا رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کی طرح اعلیٰ اور زندہ نمونہ ہیں ۔ جن لوگوں کو کثرت سے آپ کی صحبت میں رہنے کا اتفاق ہوا ہے وہ خوب جانتے ہیں کہ کسی مہمان کو ذرا سی بھی تکلیف حضور کو بے چین کر دیتی ہے مخلصین احباب کے لئے تو اور بھی آپ کی روح میںجوشِ شفقت ہوتا ہے۔‘‘ (خطبات مسرور جلد 7صفحہ 329-330)
اس لئے آپ نے مہمانوں کو بھی نصیحتاً فرمایا :
’’ چونکہ آدمی بہت ہوتے ہیں اور ممکن ہے کہ کسی کی ضرورت کا علم ( اہل عملہ کو ) نہ ہو اس لئے ہر ایک شخص کو چاہئے کہ جس شئے کی اس کو ضرورت ہو وہ بلا تکلّف کہہ دے۔ اگر کوئی جان بوجھ کر چھپاتا ہے تو وہ گنہگار ہے۔ ہماری جماعت کا اصول ہی بے تکلفی ہے۔ ‘‘
( ملفوظات جلد 4صفحہ 79,78)
مہمان نوازی کے عملی نمونے
اس ضمن میں ایک واقعہ مولوی حسن علی صاحب مرحوم کا جو خود انہوں نے اپنی کتاب تائید حق میں لکھا ہے پیش خدمت ہے۔لکھتے ہیں :
’’ مرزا صاحب کی مہمان نوازی کو دیکھ کر مجھ کو بہت تعجب سا گزرا ۔ ایک چھوٹی سی بات لکھتا ہوں جس سے سامعین ان کی مہمان نوازی کا اندازہ کر سکتے ہیں ۔ مجھ کو پان کھانے کی بری عادت تھی ۔ امرتسر میں تو مجھے پان ملا لیکن بٹالہ میں مجھ کو کہیں پان نہ ملا ۔ ناچار الائچی وغیرہ کھا کر صبر کیا۔ میرے امرتسر کے دوست نے کمال کیا کہ حضرت مرزا صاحب سے نامعلوم کس وقت میری اس بری عادت کا تذکرہ کر دیا۔ جناب مرزا صاحب نے گورداسپور ایک آدمی کو روانہ کیا۔ دوسرے دن گیارہ بجے دن کے جب کھانا کھا چکا تو پان کو موجود پایا۔ سولہ کوس سے پان میرے لئے منگوایا گیا تھا۔‘‘ ( سیرۃ حضرت مسیح موعود جلد اول صفحہ 135,136مولفہ شیخ یعقوب علی عرفانی صاحب )
اس واقعہ سے پتہ چلتا ہے کہ کس طرح آپ غیروں کے لئے بھی چھوٹی چھوٹی باتوں کا خیال فرمایا کرتے تھے اور مہمان نوازی کا حق خوب اچھی طرح نبھایا کرتے تھے۔
یوں تو آپ کی مہمان نوازی اور مہمانوں کی چھوٹی چھوٹی ضروریات پوری کرنے کے اور ان کی تکلیفوں کو دور کرنے نیز حتی المقدور ان کے آرام و آسائش کے اور ان کی عزت واکرام اور دلجوئی کے ، خود دکھ اور تکلیف اٹھا کے مہمان کو سکون و آرام پہنچانے کے بیشمار واقعات ہیں۔ ان عملی نمونوں میں سے مزید دو تین واقعات پر اکتفا کیا جاتا ہے۔
اپنی تکلیف کا احساس نہ کرتے ہوئے بیماری کے باوجود مہمان کے جذبات کو ملحوظ رکھتے ہوئے آپؑ مہمانوں کی ملاقات کے لئے باہر تشریف لے آتے۔ذیل کا واقعہ اسی کیفیت کا اظہار کرتا ہے۔
ایک بار سید حبیب اللہ شاہ صاحب کو مخاطب کر کے فرمایا :
’’ آج میری طبیعت علیل تھی اور میں باہر آنے کے قابل نہ تھا مگر آپ کی اطلاع ہونے پر میں نے سوچا کہ مہمان کا حق ہوتا ہے جو تکلیف اٹھا کر آیا ہے اس واسطے میں اس حق کو ادا کرنے کے لئے باہر آ گیا ہوں ۔ ‘‘
( ملفوظات جلد پنجم صفحہ 163)
پھٹے پرانے کپڑوں میں ملبوس اور جوتیوں میں جگہ ملنے والے مہمان کی دلجوئی اور عزت نفس قائم کرنے کا ایک عجیب و دلگداز واقعہ
ایک دفعہ حضرت مسیح موعودؑ مغرب کی نماز کے بعد مسجد مبارک کی اوپر کی چھت پر چند مہمانوں کے ساتھ کھانا کھانے کے انتظار میں تشریف فرما تھے۔ اس وقت ایک احمدی دوست میاں نظام الدین صاحب ساکن لدھیانہ جو بہت غریب آدمی تھے اور ان کے کپڑے بھی پھٹے پرانے تھے حضور سے چار پانچ آدمیوں کے فاصلہ پر بیٹھے تھے۔ اتنے میں چند معزز مہمان آ کر حضور کے قریب بیٹھتے گئے اور ان کی وجہ سے ہر دفعہ میاں نظام الدین صاحب کو پرے ہٹنا پڑا۔ حتیٰ کہ وہ ہٹتے ہٹتے جوتیوں کی جگہ پر پہنچ گئے۔ اتنے میںکھانا آیا تو حضور نے جو یہ نظارہ دیکھ رہے تھے ایک سالن کا پیالہ اور کچھ روٹیاں ہاتھ میں اٹھالیں اور میاں نظام الدین صاحب سے مخاطب ہو کر فرمایا :
’’ آئو میاں نظام الدین ہم اور آپ اندر بیٹھ کر کھائیں ۔ ‘‘
یہ فرما کر مسجد کے ساتھ والی کوٹھڑی میں تشریف لے گئے اور حضور نے اور میاں نظام الدین نے کوٹھڑی کے اندر بیٹھ کر ایک ہی پیالہ میں کھانا کھایا۔ اس وقت میاں نظام الدین پھولے نہیں سماتے تھے اور جو لوگ میاں نظام الدین کو عملاً پرے دھکیل کر خود حضرت مسیح موعودؑ کے قریب بیٹھ گئے تھے وہ شرم سے کٹے جاتے تھے۔
( تاریخ احمدیت جلد سوم صفحہ 604)
اسی طرح کا ایک اور واقعہ جو حضرت مسیح موعود ؑ کے ایثار و قربانی پر مبنی ہے ملاحظہ فرمائیں ۔
حضرت منشی ظفر احمد صاحب کپور تھلویؓ بیان کرتے ہیں کہ ایک دفعہ جلسہ سالانہ پر بہت سے آدمی جمع تھے جن کے پاس کوئی گرم کپڑے وغیرہ نہیں تھے۔ بستر ، لحاف کپڑے وغیرہ نہیں تھے۔ ایک شخص نبی بخش نمبردار ساکن بٹالہ نے اندرسے لحاف اور بچھونے وغیرہ منگوانے شروع کئے اور مہمانوں کو دیتا رہا۔ عشاء کے بعد حضور ؑ کی خدمت میں حاضر ہوا تو آپ بغلوں میں ہاتھ دئیے بیٹھے ہوئے تھے اور ایک بیٹا ان کا جو غالباً حضرت خلیفہ ثانی تھے پاس لیٹے ہوئے تھے اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا چوغہ ان کے اوپر تھا۔ پتہ کرنے پر معلوم ہوا کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے اپنا لحاف، بچھونا ، بستر بھی طلب کرنے پر مہمانوں کے لئے بھیج دیا ہے تو میں نے عرض کی کہ حضور کے پاس کوئی پارچہ نہیں رہا اور سردی بھی بہت ہے۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے فرمایا کہ مہمانوں کو تکلیف نہیں ہونی چاہئے اور ہمارا کیا ہے‘ رات گزر جائے گی۔
نیچے آ کر میں نے نبی بخش نمبردار کو بہت برا بھلا کہا کہ تم حضرت صاحب کا لحاف اور بچھونا بھی لے آئے ہو۔ وہ شرمندہ ہوا اور کہنے لگا کہ جس کو دے چکا ہوں اب اس سے کس طرح لوں۔
پھر میں مفتی فضل الرحمن یا کسی اور سے ٹھیک طرح یاد نہیں بستر اور لحاف لے کر آیا تو آپؑ نے فرمایا کہ کسی اور مہمان کو دے دو ، مجھے تو اکثر نیند بھی نہیں آتی اور میرے اصرار پر بھی آپ نے نہیں لیا اور فرمایا کسی اور مہمان کو دے دو۔
( اصحاب احمد جلد 4صفحہ 180مطبوعہ قادیان )
عاجزی و انکساری
فرمایا : ’’ عاجزی اختیار کرنی چاہئے… انسان تو خود ہی عاجز ہے اور وہ عاجزی کے لئے پیدا کیا گیا ہے ۔ مَا خَلَقۡتُ الۡجِنَّ وَالۡاِنۡسَ اِلَّا لِیَعۡبُدُوۡنِ ( الذاریٰت 57:) تکبر وغیرہ سب بناوٹی چیزیں ہیں۔ اگر وہ اس بناوٹ کو اتار دے تو پھر اس کی فطرت میں عاجزی ہی نظر آوے گی۔ ‘‘
( ملفوظات جلد سوم صفحہ 232)
پھر اپنی کیفیت بیان کرتے ہوئے فرمایا : ’’ کم فہم لوگ اعتراض کرتے ہیں کہ میں اپنے مدارج کو حد سے بڑھاتا ہوں میں خدا تعالیٰ کی قسم کھاکر کہتا ہوں کہ میری طبیعت اور فطرت میں ہی یہ بات نہیں کہ میں اپنے آپ کو کسی تعریف کا خواہشمند پائوں اور اپنی عظمت کے اظہار سے خوش ہوں ۔ مَیں ہمیشہ انکساری اور گمنامی کی زندگی پسند کرتا ہوں ۔ ‘‘ ( ملفوظات جلد سوم صفحہ 9)
نیز فرمایا : ’’ میرا یہ مسلک نہیں کہ میں ایسا تُند خُو اور بھیانک بن کر بیٹھوں کہ لوگ مجھ سے ایسے ڈریں ، جیسے درندہ سے ڈرتے ہیں ۔ مَیں بت بننے سے سخت نفرت رکھتا ہوں مَیں تو بت پرستی کو رد کرنے آیا ہوں نہ یہ کہ میں خود بت بنوں اور لوگ میری پوجا کریں ۔ اللہ تعالیٰ بہتر جانتا ہے کہ میں اپنے نفس کو دوسروں پر ذرا بھی ترجیح نہیں دیتا۔میرے نزدیک متکبر سے زیادہ کوئی بُت پرست اور خبیث نہیں ۔ متکبر کسی خدا کی پرستش نہیں کرتا بلکہ وہ اپنی پرستش کرتا ہے… میں قریب 25سال تک خلوت میں بیٹھا رہا ہوں اور کبھی ایک لحظہ کے لئے بھی نہیں چاہا کہ دربار شہرت میں کرسی پر بیٹھوں ۔ مجھے طبعاً اس سے کراہت ہے۔ ‘‘(ملفوظات جلد اول 311۔310)
عاجزی و انکساری کا پیکر
ایک شخص حضرت کی خدمت میں آیا۔ اس نے سر نیچے جھکا کر آپ کے پائوں پر رکھنا چاہا۔ حضرت نے ہاتھ کے ساتھ اس کے سر کو ہٹایا اور فرمایا ’’ یہ طریق جائز نہیں السلام علیکم کرنا اور مصافحہ کرنا چاہئے۔ ‘‘
( ملفوظات جلد 5صفحہ 211)
اس ضمن میں ایک اور واقعہ ملاحظہ فرمائیں جس سے کئی سبق ملتے ہیں ۔ اپنے خادموں اور مریدوں سے حسن سلوک ، ان کی خدمت گزاری ، عاجزی و خاکساری ، بے تکلفی وغیرہ۔
میں تو آپ کا پہرہ دے رہا تھا
حضرت مولانا عبدالکریم صاحب سیالکوٹیؓ بیان فرماتے ہیں :
’’آپ کے مزاج میں وہ تواضع اور انکسار اور ہضم نفس ہے کہ اس سے زیادہ ممکن نہیں ۔ زمین پر آپ بیٹھے ہوں آپ کا قلب مبارک ان باتوں کو محسوس بھی نہیں کرتا۔ چار برس کا عرصہ گزرتا ہے کہ آپ کے گھر کے لوگ لدھیانہ گئے ہوئے تھے۔ جون کا مہینہ تھا اور اندر مکان نیا نیا بنا تھا۔ میں دوپہر کے وقت وہاں چارپائی بچھی ہوئی تھی اس پر لیٹ گیا ۔ حضرت ٹہل رہے تھے۔ میں ایک دفعہ جاگا تو آپ فرش پر میری چارپائی کے نیچے لیٹے ہوئے تھے۔ میں ادب سے گھبرا کر اٹھ بیٹھا۔ آپ نے بڑی محبت سے پوچھا آپ کیوں اٹھے ہیں ؟ میں نے عرض کیا آپ نیچے لیٹے ہوئے ہیں ۔ میں اوپر کیسے سو رہوں۔ مسکرا کر فرمایا میں تو آپ کا پہرہ دے رہا تھا۔ لڑکے شور کرتے تھے انہیں روکتا تھا کہ آپ کی نیند میں خلل نہ آوے۔
( سیرت حضرت مسیح موعودؑ صفحہ 41، از حضرت مولانا عبدالکریم صاحب سیالکوٹی وملفوظات جلد 1صفحہ 310)
آپ نے کیا ہی خوب فرمایا :
جو خاک میں ملے اسے ملتا ہے آشنا
اے آزمانے والے یہ نسخہ بھی آزما
اے کرم خاک۔ چھوڑ دے کبر و غرور کو
زیبا ہے کبر حضرت رب غیور کو
بدتر بنو ہر ایک سے اپنے خیال میں
شاید اسی سے دخل ہو دارالوصال میں
چھوڑ وغرور و کبر کہ تقویٰ اسی میں ہے
ہو جائو خاک مرضی مولیٰ اسی میں ہے
( روحانی خزائن جلد 21صفحہ 17-18)
فرمایا: ’’وہ شیطان ہے جو خدا کے سامنے انکسار اختیار نہ کرے۔‘‘
(روحانی خزائن جلد 21 صفحہ 269 حاشیہ)
ایک عظیم خلق۔ دشمنوں کے لئے دعا
خُلق عظیم کا ایک عظیم پہلو یہ ہے کہ دیکھا جائے کہ ایسا شخص اپنے دشمن کے بارہ میں کیا خیالات رکھتا ہے۔ اکثر تو یہ دیکھنے میں آتا ہے کہ دشمن کے لئے دعا تو دُور کی بات ہے لوگ اپنے مخالفین کا نام سننا بھی گوارا نہیں کرتے چہ جائیکہ اس کے لئے دعا کریں ۔ مگر یہاں تو معاملہ ہی بالکل برعکس ہے ۔ اعلان ہوتا ہے۔
’’ شکر کی بات ہے ہمیں اپنا کوئی دشمن نظر نہیں آتا۔ ‘‘
(ملفوظات جلد دوم صفحہ 68)
’’ میں حلفاً کہتا ہوں کہ مَیں تو اپنے دشمن کا بھی سب سے بڑھ کر خیر خواہ ہوں ۔ ‘‘ ( ایضاً صفحہ 103)
دشمن کے لئے دعا کے بارہ میں فرمایا:
’’ میرا تو یہ مذہب ہے کہ دعا میں دشمنوں کو بھی باہر نہ رکھے۔‘‘ ( ملفوظات جلد اول صفحہ 353)
’’ ہمیں اپنا کوئی دشمن نظر نہیں آتا جس کے واسطے دو تین مرتبہ دعا نہ کی ہو۔ ایک بھی ایسا نہیں۔ اور یہی میں تمہیں کہتا ہوں اور سکھاتا ہوں ۔ ‘‘
( ملفوظات جلد دوم صفحہ 68-69)
’’ ہمارا مذہب یہی ہے کہ ہم بدی کرنے والے سے نیکی کرتے ہیں ۔‘‘ ( ملفوظات جلد 5صفحہ 130)
کافر و ملحد و دجّال ہمیں کہتے ہیں
نام کیا کیا غمِ ملّت میں رکھایا ہم نے
گالیاں سن کے دعا دیتا ہوں ان لوگوں کو
رحم ہے جوش میں اور غیض گھٹایا ہم نے
پھر اپنی جماعت کو نصیحت کرتے ہوئے فرماتے ہیں :
’’ میں اپنی جماعت کو نصیحت کرتا ہوں کہ تم دشمن کے مقابلہ پر صبر اختیار کرو۔ تم گالیاں سن کر چپ رہو۔ گالی سے کیا نقصان ہوتا ہے۔ گالی دینے والے کے اخلاق کا پتہ لگتا ہے۔ مَیں تو یہ کہتا ہوں کہ اگر تم کو کوئی زدو کوب بھی کرے تب بھی صبر سے کام لو… مَیں تمہیں بار بار کہتا ہوں کہ ان سے نرمی کرو اور خدا تعالیٰ سے دعا کرو … اگر تمہارے نفسانی جوش اور بد زبانیاں ایسی ہیں جیسے تمہارے دشمنوں کی ہیں پھر تم ہی بتائو کہ تم میں اور تمہارے غیروں میں کیا فرق اور امتیاز ہوا؟ تمہیں تو چاہئے کہ ایسا نمونہ دکھائو کہ جو مخالف خود شرمندہ ہو جاوے۔ بڑا ہی عقلمند اور حکیم وہ ہے جو نیکی سے دشمن کو شرمندہ کرتا ہے۔‘‘
( ملفوظات جلد 5صفحہ 130-131)
نیز فرمایا :
’’ مخالفین کے ساتھ دشمنی سے پیش نہیں آناچاہئے بلکہ زیادہ تر دعا سے کام لینا چاہئے ۔ ‘‘
( ملفوظات جلد اول صفحہ 6)
گالیاں سن کر دعا دو پا کے دکھ آرام دو
کبر کی عادت جو دیکھو تم دکھائو انکسار
چپ رہو تم دیکھ کر ان کے رسالوں میں ستم
دم نہ مارو گر وہ ماریں اور کر دیں حال زار
حضرت مسیح موعود ؑ کے ایک صحابی میاں نبی بخش نے حضرت اقدس مسیح موعودؑ سے عرض کی کہ ایک ہندو نے مجھے تاکید کی تھی کہ میرے واسطے حضرت سے دعا کرائیں ۔
فرمایا :’’ہندو یا کسی اور مذہب کا آدمی جو دعا کے واسطے درخواست کرے ہم سب کے واسطے دعا کرتے ہیں ۔ ‘‘
( ملفوظات جلد 4صفحہ 366)
یہ چند نمونے خُلق عظیم کے پیش کئے ہیں ورنہ اس موضوع پر کئی کتب لکھی جا سکتی ہیں ۔
……………………………
چند دیگر متفرق اخلاق عالیہ
اب حضرت صاحبزادہ مرزا بشیر احمد صاحبؓ کے چند اقتباسات خلق عظیم بارے پیش ہیں ۔
غَضِّ بَصَر
حضرت صاحبزادہ مرزا بشیر احمد صاحب فرماتے ہیں:
’’ آنکھیں پھاڑ پھاڑ کر دیکھنے یا یونہی بلا ضرورت اِدھر اُدھر نظر اٹھانے کی عادت بالکل نہیں تھی بلکہ اکثر اوقات آنکھیں نیم بند اور نیچے کی طرف جھکی رہتی تھیں ۔ ‘‘
(سلسلہ احمدیہ جلد اول صفحہ 187)
صبر وا ستقلال اور شجاعت
حضرت صاحبزادہ مرزا بشیر احمد صاحبؓ فرماتے ہیں:
جب سے کہ آپ نے خدا سے الہام پا کر مسیح موعود ہونے کا اعلان کیا اس وقت سے لے کر اپنے یوم وصال تک آپ کی زندگی صبر اور استقلال اور شجاعت کا ایسا شاندار منظر پیش کرتی ہے جو سوائے خدا کے خاص الخاص بندوں کے کسی دوسری جگہ نظر نہیں آتا۔
دعوت ہر ہرزہ گو کچھ خدمت آساں نہیں
ہر قدم پر کوہِ ماراں ہر گزر میں دشت خار
اور دل بھی آپ کو خدا نے وہ عطا کیا تھا جو دنیا کی کسی طاقت کے سامنے مرعو ب ہونے والا نہیں تھا۔
سخت جاں ہیں ہم کسی کے بغض کی پرواہ نہیں
دل قوی رکھتے ہیں ہم درد وں کی ہے ہم کو سہار
جو خدا کا ہے اسے للکارنا اچھا نہیں
ہاتھ شیروں پہ نہ ڈال اے روبۂ زاورو نزار
صرف اس قدر کہنا کافی ہے کہ جب آپ نے اپنے دعویٰ کا اعلان کیا تو ہندوستان کی ہر قوم آپ کے مقابلہ کے لئے ایک جان ہو کر اٹھ کھڑی ہوئی اور یوں نظر آتا تھا کہ ایک چھوٹی سی کشتی جسے ایک کمزور انسان اکیلا بیٹھا ہوا ایک ٹوٹے پھوٹے چپو کے ساتھ چلا رہا ہے چاروں طرف سے سمندر کی مہیب موجوں کے اندر گھری ہوئی ہے او رطوفان کا زور اسے یوں اٹھاتا اور گراتا ہے کہ جیسے کسی تیز آندھی کے سامنے ایک کاغذ کا پرزہ ادھر اُدھر اڑتا پھرتاہو مگر یہ شخص قطعاً ہراساں نہیں ہوتا بلکہ برابر چپّو مارتا ہوا اور خد اکی حمد کے گیت گاتا ہوا آگے بڑھتا جاتا ہے اور سمندر کے لرزہ خیز طوفان کو ایک پرپشّہ کے برابر بھی حیثیت نہیں دیتا ۔ یہی وہ منظر تھا جس نے دشمنوں تک کے دل کو موہ لیا اور وہ بے اختیار ہو کر بول اٹھے کہ خواہ مرز اصاحب کے عقائد سے ہمیں کتنا ہی اختلاف ہو مگر اس میں شبہ نہیں کہ
’’ اس نے مخالفتوں کی آگ میں سے ہو کر اپنا راستہ صاف کیا اور ترقی کے انتہائی عروج تک پہنچ گیا ۔ ‘‘
( اخبار کرزن گزٹ دہلی )
اور پھر ’’مرزا صاحب اپنے آخری دم تک اپنے مقصود پر ڈٹے رہے اور ہزاروں مخالفتوں کے باوجود ذرا بھی لغزش نہیں کھائی ۔ ‘‘
(آریہ اخبار اندر لاہور ۔ سلسلہ احمدیہ جلد اول صفحہ 193-194)
سچائی و راست گفتاری
حضرت خلیفہ اول ؓ فرماتے ہیں :
’’ میں نے اپنے زمانہ میں مرزا غلام احمد صاحب کو دیکھا، سچا پایا اور بہت ہی راست باز تھا۔‘‘ (حقائق الفرقان جلد دوم صفحہ 199)
مکرم برکت علی خاں صاحب گڑھ شنکری حضرت مسیح موعود ؑ کی پہلی بار زیارت کا ذکر کرتے ہوئے فرماتے ہیں:
’’مسجد مبارک میں پہنچنے کے بعد حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام ایک کھڑکی میں سے مسجد مبارک میں تشریف لائے۔ میں نے جب حضور کو دیکھا تو بے اختیار میری زبان سے نکلا کہ یہ تو سراپا نور ہی نور ہے۔ یہ تو سچوں اور راست بازوں کا سا چہرہ ہے۔ یہ وہی شخص ہے … جس مقدس وجود باجود کی مجھے تلاش تھی ۔ا لحمد للہ۔ ‘‘
( اصحاب احمد جلد 7صفحہ 202)
ایک چینی قیافہ شناس کی گواہی
حضرت مسیح موعودؑ فرماتے ہیں :
’’ ایک عرب صاحب نے بیان کیا کہ ایک دفعہ ایک چینی آدمی کے روبرو میں نے آپ کی تصویر کو پیش کیا ۔ وہ بہت دیر تک دیکھتا رہا آخر بولا کہ یہ شخص کبھی جھوٹ بولنے والا نہیں ہے۔ پھر میں نے اور تصاویر بعض سلاطین کی پیش کیں مگر ان کی نسبت اس نے کوئی مدح کا کلمہ نہ نکالا اور بار بار آپ کی تصویر کو دیکھ کر کہتا رہا کہ یہ شخص ہر گز جھوٹ بولنے والا نہیں ۔ ‘‘ (ملفوظات جلد دوم صفحہ 579-80)
آپ کے صحابی حضرت منشی اورڑا خاں صاحبؓ نے ایک مرتبہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے بارہ میں فرمایا کہ
’’آپ سے زیادہ سچا اور زیادہ دیانت دار اور خدا پر زیادہ ایمان رکھنے والا شخص مَیں نے نہیں دیکھا ۔ا نہیں دیکھ کر کوئی شخص یہ نہیں کہہ سکتا تھاکہ یہ شخص جھوٹا ہے۔ باقی تو مَیں ان کے منہ کا بھوکا تھا۔( اصحاب احمد جلد 4صفحہ 94)
اس بارہ میں صاحبزادہ مرزا بشیر احمد صاحبؓ کی گواہی بھی ہے آپ فرماتے ہیں :
حضرت مسیح موعود ؑ کی راست گفتاری نہایت نمایاں اور مسلم تھی …اس معاملہ میں انسان کا اصل امتحان عام حالات میں نہیں ہوتا بلکہ اس وقت ہوتا ہے جب وہ ایسے حالات میں بھی صداقت پر قائم رہے جبکہ ایسے کرنے میں اس کی ذات یا اس کے عزیز واقارب یا اس کے دوستوں اور تعلق داروں یا اس کی قوم و ملک کو کوئی نقصان پہنچتا ہو۔ ان حالات میں راست گفتاری حقیقتاً ایک بڑی قربانی کا رتبہ رکھتی ہے اور وہی شخص اسے اختیار کر سکتا ہے جو سچائی کے مقابلہ پر ہر دنیوی نفع اور دنیوی رشتہ کو قربان کرنے کے لئے تیار ہو اور سچائی کے اختیار کرنے میں بظاہر جتنا زیادہ خطرہ درپیش ہو اتنا ہی اس کے مقابلہ پر اس قربانی کا درجہ زیادہ بلند ہوجاتا ہے… آپ کی زندگی میں ایسے متعدد موقعے پیش آئے کہ جب راستی کو اختیار کرنا آپ کے لئے بظاہر بہت بڑے نقصان یا خطرے کا باعث تھا مگر آپ نے ہر ایسے موقعہ پر اپنے نفع اور فائدہ کو ایک پرپشّہ کے برابر بھی حیثیت نہیں دی اور ایک مضبوط چٹان کی طرح صداقت اور راستی پر قائم رہے اور ہر قسم کے نقصان اورخطرے کو برداشت کیا مگر سچ کا دامن نہیں چھوڑا۔ ‘‘
( سلسلہ احمدیہ جلد اول صفحہ 199,200)
مجسّم رحمت وجود
آنحضرت ﷺ کو اللہ تعالیٰ نے مخاطب کر کے فرمایا :وَ مَا اَرۡسَلۡنٰکَ اِلَّا رَحۡمَۃً لِّلۡعَالَمِیۡن کہ اے محمد ؐ ہم نے تجھے تمام عالمین کے لئے رحمت بنا کر بھیجا ہے۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام جو آنحضرت ؐ کے ظلِّ کامل، مظہر کامل اور آپؐ کے رنگ میں رنگین تھے وہ بھی آپؐ کی اس صفت رحمت کے حامل تھے۔
حضرت صاحبزادہ مرزا بشیر احمد صاحبؓ فرماتے ہیں: ’’ حضرت مسیح موعود ؑ کا وجود ایک مجسم رحمت تھا۔ وہ رحمت تھا اسلام کے لئے اور رحمت تھا اس پیغام کے لئے جسے لے کر وہ خود آیا تھا۔ وہ رحمت تھا اُس بستی کے لئے جس میں وہ پیدا ہوا اور رحمت تھا دنیا کے لئے جس کی طرف وہ مبعوث کیا گیا ۔ وہ رحمت تھا اپنے اہل وعیال کے لئے اور رحمت تھا اپنے خاندان کے لئے۔ وہ رحمت تھا اپنے دوستوں کے لئے اور رحمت تھا اپنے دشمنوں کے لئے۔ اس نے رحمت کے بیج کو چاروں طرف بکھیرا۔اوپر بھی اور نیچے بھی ، آگے بھی اور پیچھے بھی ، دائیں بھی اور بائیں بھی ۔ ‘‘
(سلسلہ احمدیہ جلد اول صفحہ 211)
اقوال زرّیںجو آپ کے خُلق عظیم پر دلالت کرتے ہیں
یوں تو بے شمار ایسے اقوال ہیں جو آپ کی خدا داد شخصیت اور خُلق عظیم پر دلالت کرتے ہیں ۔ نیز یہ ایسے اقوال ہیں جن پر اگر عمل ہو تو عظیم روحانی انقلاب برپا ہو سکتا ہے اور انسان کو روحانی پاکیزگی عطا ہوتی ہے اور کایا پلٹ سکتی ہے ۔ا للہ تعالیٰ ہمیں ان پر عمل کی توفیق دے۔ آمین۔
نمونتہً چند اقوال پیش کئے جاتے ہیں ۔ ورنہ اس پر کئی کتب تیار ہو سکتی ہیں ۔
٭ عیب کسی کا اس وقت بیان کرنا چاہئے جب پہلے کم از کم چالیس دن اس کے لئے رو رو کر دعا کی ہو۔
( ملفوظات جلد 4صفحہ 61)
٭ تقویٰ و طہارت میں ترقی کرو تو اللہ تعالیٰ تمہارے ساتھ ہو گا ۔ ( ملفوظات جلد 4صفحہ 112)
٭ خداتعالیٰ چاہتا ہے کہ عملی راستی دکھائو تا وہ تمہارے ساتھ ہو ۔ ( ایضاً)
٭ تم اپنے پاک نمونہ اور عمدہ چال چلن سے ثابت کر کے دکھائو کہ تم نے اچھی راہ اختیار کی ہے۔
( ایضاًصفحہ 157)
٭ ہر قسم کے فساد اور ہنگامہ کی جگہوں سے بچتے رہو اور گالیاں سن کر بھی صبر کرو ۔ بدی کا جواب نیکی سے دو۔
(ایضاً صفحہ 157)
٭ تم جو میرے ساتھ تعلق رکھتے ہو یاد رکھو کہ تم ہر شخص سے خواہ وہ کسی مذہب کا ہو ہمدردی کرو اور بلا تمیز ہر ایک سے نیکی کرو ۔ (ایضاًصفحہ 219)
٭ وفا داری اور اخلاص کے ساتھ اللہ تعالیٰ کی رضا اور حکموں پر گردن جھکائی جاوے۔
( ملفوظات جلد 4صفحہ 45)
٭ ریا کاری ایک بہت بڑا گند ہے جو انسان کو ہلاک کردیتا ہے۔ ( ایضا صفحہ 8)
٭ ہر بات اور فعل میں اللہ تعالیٰ کو نصب العین بنانا چاہئے ورنہ خدا کی قبولیت کے لائق ہرگز نہ ٹھہرے گا۔
( ملفوظات جلد 4صفحہ220)
٭ وہ سچا اور زندہ خدا جس کی طرف رجوع کر کے … جس کے ساتھ تعلق پیدا کر کے انسان اپنی گناہ آلود زندگی سے نجات پاتا ہے۔ پھر خدا اس کا اور وہ خدا کا ہو جاتا ہے۔
(ملفوظات جلد 4صفحہ 327)
٭ یاد رکھو تکبر شیطان سے آیا ہے اور شیطان بنا دیتا ہے۔
( ملفوظات جلد 4صفحہ 212)
٭ کسی طرح سے بھی تکبر نہیں کرنا چاہئے نہ علم کے لحاظ سے،نہ دولت کے لحاظ سے ،نہ وجاہت کے لحاظ سے ،نہ ذات اور خاندان اور حسب نسب کی وجہ سے ‘‘ ( ایضاً)
٭ ’’ خدا تعالیٰ سے ڈرو اور توبہ کرو کیونکہ توبہ کرنے والے کی عقل تیز ہوتی ہے۔ ‘‘ ( ایضاً صفحہ 566)
٭ خدا تعالیٰ کی باتوں کو جو سمجھ لے وہی سعید ہوتا ہے۔
(ایضاً)
٭ جو شخص کسی پر تہمت لگاتا ہے وہ مرتا نہیں جب تک اس میں گرفتار نہ ہو جائے ( ایضاً صفحہ 282)
٭ اخلاق کی کمزوری بھی ایک دیوار ہے جو خدا اور بندے کے درمیان حائل ہو جاتی ہے۔ ( ایضاًصفحہ 100)
٭ جو شخص سچائی اختیار کرے گا کبھی نہیں ہو سکتا کہ ذلیل ہو اس لئے کہ وہ خدا تعالیٰ کی حفاظت میں ہوتا ہے ۔
( ایضاً صفحہ 639)
٭ ایسی نیکی جس میں گند ملا ہوا ہو کسی کام کی نہیں ۔
(ایضاًصفحہ 640)
٭ اگر اخلاص ہو تو اللہ تعالیٰ تو ایک ذرہ بھی کسی نیکی کو ضائع نہیں کرتا ۔ ( ایضاً)
٭ اگر خدا تعالیٰ کی کچھ بھی عظمت ہو تو ساری سستی اور غفلت جاتی رہے اس لئے خدا تعالیٰ کی عظمت کو دل میں رکھنا چاہئے اور اس سے ڈرنا چاہئے ۔ ( ایضاًصفحہ 641)
٭ نوع انسان پر شفقت اور اس سے ہمدردی کرنا بہت بڑی عبادت ہے ۔ ( ایضاًصفحہ 438)
٭ مَیں سچ کہتا ہوں کہ تم کسی کو اپنا ذاتی دشمن نہ سمجھو اور اس کینہ توزی کی عادت کو بالکل ترک کر دو۔
(ایضاًصفحہ 440)
٭ انسان کو چاہئے کہ اپنے دل کو صاف کرے اور خداتعالیٰ سے سچا تعلق پیدا کرے۔ (ملفوظات جلد 4 صفحہ 15)
٭ بد ہے وہ شخص جو دوسرے کو دھوکہ دیتا ہے مگر بدتر وہ ہے جو اپنے آپ کو بھی دھوکہ دیتا ہے۔
( ملفوظات جلد5 ص235)
٭ مبارک ہے وہ جو دین کو اور خداتعالیٰ کو سب چیزوں پر مقدم رکھتا ہے۔ کیونکہ خدا بھی اسے مقدم رکھے گا۔
( ملفوظات جلد5 صفحہ 235)
٭ اللہ کریم کا فضل مانگتے رہو۔ اسباب پر بھروسہ مت کرو۔( ملفوظات جلد5 صفحہ 279)
٭ یاد رکھو جو امن کی حالت میں ڈرتا ہے وہ خوف کی حالت میں بچایا جاتا ہے۔( ملفوظات جلد5 صفحہ 280)
٭ باربار استغفار کرو تا کہ جو قوت گناہ کی انسان کی فطرت میں ہے وہ ظہور میں نہ آوے۔
(ملفوظات جلد5 ص281)
٭ جو شخص اپنے بھائیوں سے صاف صاف معاملہ نہیں کرتا وہ خدا تعالیٰ کے حقوق بھی ادا نہیں کر سکتا۔
(ملفوظات جلد5 صفحہ408)
٭ یاد رکھو اگر اس جماعت میں سچی ہمدردی نہ ہوگی تو پھر یہ تباہ ہوجائے گی۔ (ملفوظات جلد5 صفحہ 408)
٭ توّاب ان کو کہا جاتا ہے جوبکلّی خدا کی طرف رجوع کرلیتے ہیں۔ (ملفوظات جلد5 صفحہ 409)
٭ جب تک انسان کا دل صاف نہ ہو اس کی عملی حالت درست نہیں ہوسکتی۔ (ملفوظات جلد5 ص409)
٭ ہماری جماعت کا اعلیٰ فرض ہے کہ وہ اپنے اخلاق کا تزکیہ کریں … کوئی کتّا اور بلی بھی ان کے احسان سے محروم نہ رہے۔ چہ جائیکہ بنی آدم۔ (ملفوظات جلد5 صفحہ 326)
٭ اگر خداتعالیٰ ناراض ہے تو خواہ ساری دنیا تم سے خوش ہو وہ بے فائدہ ہے۔(ملفوظات جلد5 صفحہ132)
٭ ہماری جماعت کو چاہئے کہ راتوں کو رو رو کر دعائیں کریں۔ (ملفوظات جلد5 صفحہ132)
٭ جس قدر کوئی شخص انصاف اختیار کرتاہے اسی قدر روشن ضمیر ہوجاتا ہے۔ (ملفوظات جلد5 صفحہ531)
٭ چاہئے کہ جو شخص کسی ذمہ داری کے عہدہ پر مقرر ہو تو وہ لوگوں سے خواہ امیر ہوں یا غریب نرمی اور اخلاق سے پیش آئے کیونکہ اس میں … خود اس کی بھی بہتری ہے۔ (ملفوظات جلد5 صفحہ533)
٭ اخلاص جیسی اور کوئی تلوار دلوں کو فتح کرنے والی نہیں۔ (ملفوظات جلد5 صفحہ60)
٭ بیمار کو چاہئے کہ توبہ و استغفار میں مصروف ہو۔ (ملفوظات جلد5 صفحہ 660)
٭ صدقہ و استغفار سے ردّ بلا ہوتا ہے۔
(ملفوظات جلد5 صفحہ 630)
٭ ہمارے نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا جلدی توبہ کرو کہ انسان کے گرد چیونٹیوں سے بڑھ کر بلائیں ہیں۔ (ملفوظات جلد5 ص638)
٭ خداتعالیٰ کی طرف آنے والا کبھی ضائع نہیں کیا جاتا دین بھی اسے ملتا ہے اوردنیا بھی اس کیلئے حاضر کی جاتی ہے۔ (ملفوظات جلد5 صفحہ549)
٭ فروتنی کرنے والا ہی خداتعالیٰ کا محبوب ہوتا ہے۔ (ملفوظات جلد5 صفحہ 548)
٭ نماز خدا کا حق ہے اسے خوب ادا کرو … وفا اور صدق کا خیال رکھو۔ اگر سارا گھر غارت ہوتا ہو تو ہونے دو مگر نماز کو ترک مت کرو۔(ملفوظات جلد3 صفحہ 591-92)
٭ جس کو خدائی کا جلوہ دیکھنا ہے اسے چاہئے کہ دعا کرے۔ (ملفوظات جلد3صفحہ 618)
٭ اس کے بندوں پر رحم کرو اور ان پر زبان یا ہاتھ یا کسی تدبیر سے ظلم نہ کرو۔ )روحانی خزائن جلد 19 صفحہ 11)
٭ غریب اور حلیم اورنیک نیت اور مخلوق کے ہمدرد بن جاؤ تا قبول کئے جاؤ۔)روحانی خزائن جلد 19 صفحہ11)
٭ چاہئے کہ ہر ایک صبح تمہارے لئے گواہی دے کہ تم نے تقویٰ سے رات بسر کی اور ہر ایک شام تمہارے لئے گواہی دے کہ تم نے ڈرتے ڈرتے دن بسر کیا۔
(روحانی خزائن جلد 19 صفحہ12 )
٭ تم آپس میں جلد صلح کرو اور اپنے بھائیوں کے گناہ بخشو کیونکہ شریر ہے وہ انسان کہ جو اپنے بھائی کے ساتھ صلح پر راضی نہیں۔ (روحانی خزائن جلد 19 صفحہ12)
٭ تم اگر چاہتے ہو کہ آسمان پر تم سے خدا راضی ہو تو تم باہم ایسے ایک ہوجاؤ جیسے ایک پیٹ میں سے دو بھائی۔
(روحانی خزائن جلد 19 صفحہ13,12)
٭ ہر ایک ناپاک آنکھ اس سے دور ہے۔ ہر ایک ناپاک دل اس سے بے خبر ہے۔ (روحانی خزائن جلد19 ص13)
٭ تم سچے دل سے اور پورے صدق سے … خدا کے دوست بنو تا وہ بھی تمہارا دوست بن جائے۔
(روحانی خزائن جلد19 صفحہ13)
٭ اپنی بیویوں پر اوراپنے غریب بھائیوں پر رحم کرو تا آسمان پر تم پر بھی رحم ہو۔(روحانی خزائن جلد19 صفحہ13)
٭ زمین تمہارا کچھ بھی بگاڑ نہیں سکتی اگر تمہارا آسمان سے پختہ تعلق ہے … اگر تمہاری زمینی عزت ساری جاتی رہے تو خدا تمہیں ایک لازوال عزت آسمان پر دے گا سو تم اس کو مت چھوڑو۔ (روحانی خزائن جلد19 صفحہ15)
٭ تم اپنے دلوں کو سیدھے کر کے اور زبانوں اور آنکھوں اور کانوں کو پاک کر کے اس کی طرف آجاؤ کہ وہ تمہیں قبول کرے گا۔ (روحانی خزائن جلد19 صفحہ15)
٭ …٭ …٭




