الفضل ڈائجسٹ

الفضل ڈائجسٹ

(محمود احمد ملک)

اس کالم میں ان اخبارات و رسائل سے اہم ودلچسپ مضامین کا خلاصہ پیش کیا جاتا ہے جو دنیا کے کسی بھی حصہ میں جماعت احمدیہ یا ذیلی تنظیموں کے زیرانتظام شائع کئے جاتے ہیں۔

محترم صاحبزادہ مرزا خلیل احمد صاحب

ہفت روزہ ’’بدر‘‘ قادیان (درویش نمبر 2011ء) میں وفات یافتہ درویشان کے ضمن میں محترم صاحبزادہ مرزا خلیل احمد صاحب کا ذکرخیر بھی شامل اشاعت ہے۔

صاحبزادہ مرزا خلیل احمد صاحب سیدنا حضرت مصلح موعودؓ کی حرم ثانی حضرت سیدہ امۃ الحیٔ صاحبہؓ کے بطن سے دسمبر 1924ء میں پیدا ہوئے۔ آپ حضرت خلیفۃ المسیح الاوّلؓ کے نواسے تھے۔ مدرسہ احمدیہ میں بھی دینی تعلیم حاصل کرتے رہے۔ تقسیم برصغیر کے معاً بعد کچھ عرصہ قادیان میں بطور درویش مقیم رہے اور یہاں بطور ناظر دعوۃو تبلیغ خدمات سرانجام دیں۔ اسی طرح ربوہ میں آپ کچھ عرصہ نائب ناظر خدمتِ درویشان رہے۔ 1971ء میں عمرہ کرنے کی سعادت پائی۔ 1964ء میں آپ کی شادی محترم مولوی عبدالباقی صاحب کی صاحبزادی محترمہ طاہرہ صاحبہ سے ہوئی۔ 1969ء میں آپ کو پہلی بار دل کی تکلیف ہوئی اور آپ کی وفات 4؍مارچ 1975ء بعمر پچاس سال ربوہ میں ہوئی۔

………………………

محترم ملک صلاح الدین صاحب

ہفت روزہ ’’بدر‘‘ قادیان (درویش نمبر 2011ء) میں وفات یافتہ درویشان کے ضمن میں محترم ملک صلاح الدین صاحب کا ذکرخیر اُن کی بیٹی مکرمہ طیبہ صدیقہ ملک صاحبہ کے قلم سے شامل اشاعت ہے۔

محترم ملک صلاح الدین صاحب (مؤلف اصحابِ احمدؑ) 11؍جنوری 1913ء کو منٹگمری (ساہیوال) میں حضرت ملک نیاز محمد صاحبؓ کے گھر پیدا ہوئے۔ آپ اپنے سب بہن بھائیوں میں بڑے تھے۔ آپ 1922ء میں حصولِ تعلیم کے لئے قادیان آئے اور پھر یہیںکے ہوکر رہ گئے۔ آپ نے مولوی فاضل، منشی فاضل اور ایم۔ اے کی تعلیم حاصل کی۔ 1936ء میں آپ نے ایم اے عربی میں گولڈ میڈل بھی حاصل کیا۔

آپ واقفِ زندگی تھے۔ تمام عمرصدر انجمن احمدیہ قادیان کی ملازمت میں گزاری اور کئی اہم جماعتی عہدوں پر خدمت بجا لاتے رہے۔ لیکچر ار جامعہ احمدیہ، ناظم جائیداد، لائبریرین ، ایڈیٹر بدر، وکیل المال تحریک جدید، وکیل اعلیٰ تحریک جدید، ناظر تعلیم، ناظر ضیافت، ناظر امورعامہ، سیکرٹری بہشتی مقبرہ ، مختار عام صدر انجمن احمدیہ ، انچارج وقف ِ جدید، متعدد بار قائمقام ناظر اعلیٰ و امیر مقامی اور ناظر اعلیٰ و امیر مقامی کی حیثیت سے خدمت کی سعادت پائی۔ آپ ممبر صدر انجمن احمدیہ و انجمن تحریک جدید و انجمن وقفِ جدید بھی رہے۔ اور تحریک جدید کی پانچ ہزاری فوج میں بھی آپ شامل تھے ۔ آپ نے فروری 1938ء سے 15؍اپریل 1941ء تک حضرت خلیفۃ المسیح الثانی ؓ کے پرائیویٹ سیکرٹری کے طور پر خدمت سرانجام دی۔ حضورؓ نے 1938ء میں حیدرآباد دکن کا سفر اختیار فرمایا تو آپ بھی ہمراہ تھے۔ دورانِ سفر بمبئی میں حضورؓ نے سیر کے لئے ایک ہوائی جہاز کے پانچ ٹکٹ خرید ے۔ چار اپنے خاندان کے لئے اور ایک آپ کے لئے۔آپ ہوا باز کے ساتھ والی سیٹ پر تھے اور حضور اقدس اپنے خاندان کے افراد کے ساتھ پیچھے تشریف فرما تھے۔ پھر حیدرآباد پہنچنے کے بعد حضور نے دو کاروں میں شہر کاچکر لگایا۔ حضور ؓ نے ایک دفعہ رؤیا دیکھی تھی کہ حضور ؓ نے اس شہر کا چکر لگایا ہے۔ اسی بنا پرحضور نے یہ چکر لگایا تھا۔ پھر آگرہ میں حضورؓ نے تاج محل اور قلعہ دیکھا اور حضرت سلیم چشتی ؒ کے مزار پر دعا فرمائی۔

محترم ملک صلاح الدین صاحب سلسلہ کے کاموں اور تصانیف کے کاموں میں ہمہ تن مصروف رہتے اور واقعی آپ کی زندگی کا لمحہ لمحہ خدمت دین کے لئے وقف تھا۔ نمازوں کو باقاعدگی سے بروقت ادا کرتے اور اسی طرح تہجد اور نوافل کے بھی پابند تھے۔ مسجد سے آکر گھر والوں سے ضرور دریافت کرتے کہ نماز ادا کی یا نہیں۔ اگر کسی نے ادا نہ کی ہوتی تواپنے سامنے پڑھواتے۔ یہ طریق عمر بھر رہا۔

دُعائوں پر آپ کو کامل یقین تھا۔ ہر چھوٹے سے چھوٹے اور بڑے کام کے لئے بھی خود دُعا کرتے اور گھر والوں کو بھی دُعا کے لئے ضرور کہتے۔ کبھی بھی کسی مشکل اور پریشانی سے فکرمند یا مایوس نہ ہوتے۔ جہاں مشکل آئی فوراً دُعا میں مصروف ہوگئے۔ جو لوگ آپ کو دعا کے لئے کہتے یا خط لکھتے آپ ان سب کے لئے یاددہانی سے دعاکرتے اور گھر میں بھی کہتے کہ فلاں مشکل میں ہے ان کے لئے دُعا کرو۔ دعا کروانے والوں کی فہرست سرہانہ کے نیچے رکھتے اور اکثر پتہ بھی کرتے کہ اُن کی مشکل دُور ہوئی یا نہیں۔

قرآن مجید سے آپ کو بے انتہا محبت تھی۔ دن میں کئی بار قرآن مجید تفسیر سے پڑھتے تھے۔ بیماری کی حالت میں بھی قرآن مجید پڑھنے میں ناغہ نہیں کرتے اور بچوں کو بھی باقاعدگی سے قرآن مجید پڑھنے کی تاکید کرتے۔ آپ کی یہ عادت تھی کہ کوئی بھی نیکی کرتے تو ساتھ ہم کو بھی اس کے کرنے کی تلقین کرتے ۔ نظامِ خلافت سے دِل و جان سے وابستگی تھی۔ خلیفہ وقت کے لئے بہت دعا کرنے والے اور کثرت سے خلیفہ وقت کی خدمت میں دعائیہ خطوط تحریر کرتے ۔ غریبوں کی مدد اور بیماروں کی عیادت کا وصف آپ میں نمایاں تھا۔ ہر بڑے چھوٹے کو سلام کہنے میں ہمیشہ پہل کرتے۔

آپ بہت سادہ طبیعت کے مالک تھے۔ کھانے پینے، رہنے سہنے گویا کہ زندگی کے ہر پہلو میں آپ کی سادگی نظر آتی تھی۔ اہلیہ اکثر بیمار ہوا کرتی تھیں تو آپ گھر کے کام کاج میں ہاتھ بٹاتے۔ بارہا بغیر سالن کے روٹی کھالیتے یا پھر پانی میں بھگو کر کھالیا کرتے۔ کھانے پینے یا گھریلو معاملات میں غصہ یا ناپسندیدگی کااظہار کبھی نہیں کیا۔ جو بھی چیز کھانے کو دی جاتی ضرور اس کی تعریف کرتے اور خوشی کا اظہار کرتے۔ اپنے اہل وعیال سے بہت حسن سلوک کیا کرتے۔ اپنا ہو یا بیگانہ ہر ایک سے نہایت خوش اخلاقی سے پیش آتے۔ ہر چھوٹے بڑے امیر غریب سے یکساں طور سے عزت اور خندہ پیشانی سے ملتے۔ اپنے سے چھوٹوں کو بھی نام کے ساتھ صاحب لگاکر بلاتے۔ مہمان کا بڑے جوش سے خیر مقدم کرتے اور اُن کے رشتہ داروں کا بھی حال احوال پوچھتے۔ ملاقاتیوں سے ہمیشہ دینی و تربیتی امور کے متعلق ہی باتیں ہوتیں۔ چغلی، غیبت، تجسس سے پرہیز کرتے اور ہمیں بھی روکتے۔ بہت مہمان نواز تھے ۔ جلسہ سالانہ پرکثرت سے مہمانوں کو ٹھہراتے۔

آپ نے کبھی اپنی تعلیم یا جماعتی عہدہ پر فخر نہیں کیا۔ بلکہ ہمیشہ عاجزی و انکساری کے دامن کو تھامے رکھا۔ جب ناظر اعلیٰ قادیان کے عہدہ پر خدمت کے لئے فائز ہوئے تو کبھی اس پر خوشی کا اظہار نہیں کیا بلکہ بہت زیادہ دعا کرتے ہوئے اور خدا کاخوف رکھتے ہوئے وقت گزاراکہ خداتعالیٰ خلیفہ وقت کی توقعات پر پورا اُترنے کی توفیق دے۔

آپ وقت کی پابندی اور بہت قدر کرتے اور دوسروں کو بھی اس کی نصیحت کرتے۔ بہت ذہین تھے، یادداشت بہت عمدہ تھی۔ مطالعہ بہت کرتے اور اچھی چیزیں دوسروں سے شیئر کرتے۔ خوش مزاج طبیعت کے مالک تھے۔ اکثر جماعتی کاموں سے کئی کئی ماہ ہندوستان کے دورے پر بھی رہتے۔ ایسے میں آپ کا معمول تھا کہ ہر روز خیریت کا کارڈ تحریر کرتے اور آنے پر وہاں کے کلچر کے اور دیگر ایمان افروز واقعات سناتے۔

پڑوسیوں سے آپ بہت حسنِ سلوک کرتے اور ان کے حقوق کاخیال رکھتے۔ آپ نے ہومیوپیتھک دوائیوں کا ذخیرہ اپنے پاس رکھا تھا اور جو کوئی دوائی لینے آتا آپ کسی کو انکار نہیں کرتے تھے۔ اکثر بچے بھی آپ سے دوائی لینے آجاتے۔بچوں سے خاص شفقت کا سلوک تھا۔

حضرت خلیفۃ المسیح الثانی ؓ نے اپنے خطبہ جمعہ فرمودہ 15 جولائی 1949ء میں بمقام کوئٹہ فرمایا کہ: ’’رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں: اُذْکُرُوْا مَوْتَاکُمْ بِالْخَیْرِ۔ عام طور پر اس کے یہ معنی کئے جاتے ہیں کہ مُردوں کی برائی بیان نہیں کرنی چاہئے وہ فوت ہوگئے ہیں اور ان کامعاملہ اب خدا تعالیٰ سے ہے۔ یہ معنی اپنی جگہ درست ہیں لیکن درحقیقت اس میں قومی نکتہ بھی بیان کیا گیا ہے۔ آپؐ نے اُذْکُرُوْا مَوْتیٰ بِالْخَیْرِ نہیں فرمایا بلکہ آپؐ نے مَوْتَاکُمْ کا لفظ استعمال کیا ہے۔ یعنی اپنے مُردوں کاذکر نیکی کے ساتھ کرو۔ جس کے معنی ہیں کہ آپؐ نے یہ صحابہ کرام ؓ کے متعلق ارشاد فرمایا ہے۔‘‘

اس ارشاد کی روشنی میں محترم ملک صلاح الدین صاحب نے 1952ء میں ’’اصحاب احمدؑ‘‘ کے نام سے ایک رسالہ شائع کرنا شروع کیا جس میں صحابہ حضرت مسیح موعودؑ کے مختصر حالات شائع کئے جاتے تھے۔ رسالہ کانام حضرت مرزا بشیر احمد صاحبؓ نے تجویز فرمایا تھا۔ بعد ازاں بزرگانِ سلسلہ کی تجویز پر ان سوانح کو مفصل اور کتابی شکل میں شائع کرنا شروع کیا۔ چنانچہ آپ نے ’’اصحاب احمد ؑ ۔ تابعین اصحاب احمد ؑ۔ مکتوبات احمدیہ۔ مکتوبات اصحابِ احمدؑ‘‘ کے نام سے متعدد کتب تصنیف کیں۔ حضرت مصلح موعودؓ نے 1955ء کے جلسہ سالانہ میں آپ کی اس خدمت کاذکر کرتے ہوئے خوشنودی کا اظہار فرمایا ۔

آپ کی وفات 2؍فروری 2003ء کو بعمر90سال ہوئی۔ آپ غیرمسلموں میں بھی ہردلعزیز تھے اور کثیر تعداد میں غیرمسلم لوگ بھی جنازہ میں شامل ہوئے۔

آپ کی وفات پر حضرت خلیفۃ المسیح الرابع ؒ نے اپنے تعزیتی مکتوب میں تحریر فرمایا: ’’میں جانتا ہوں واقعی بزرگ سیرت، درویش صفت انسان تھے۔ علم و عرفان سے آراستہ تھے اور بڑے طویل عرصہ جماعت کی بے لوث خدمت کی سعادت پائی ہے‘‘۔

………………………

محترم مولانا ابوالوفاء صاحب

ہفت روزہ ’’بدر‘‘ قادیان (درویش نمبر 2011ء) میں وفات یافتہ درویشان کے ضمن میں محترم مولانا ابوالوفاء صاحب کا ذکرخیر بھی شامل اشاعت ہے۔

مولانا ابو الوفاء صاحب10 جنوری 1918ء کو کیرلہ کے ایک معروف سنّی عالم موسی مسلیار کے گھرانہ میں پیدا ہوئے۔ آپ کے نانا جان حسن حاجی مسلیار بھی اُس وقت کے مشہور عالم دین تھے۔ بچپن سے ہی آپ نے نہایت دیندار ماحول میں پرورش پائی۔ قرآن مجید اور احادیث نبویہ میں گہری واقفیت کے نتیجہ میں آپ کی نیک شہرت چاروں طرف پھیل چکی تھی۔ جب آپ کی عمر 24سال کی ہوئی تو اللہ تعالیٰ نے آپ کو قبول حق سے نوازا۔ انتہائی متواضع، منکسرالمزاج، صاف گو اور وسیع الظرف انسان تھے۔ مذہبی روداری اورغیرتِ دینی آپ کے اندر کُوٹ کُوٹ کر بھری ہوئی تھی۔ ہمیشہ جماعتی مفادات کو مقدّم رکھتے تھے۔ تبلیغ میں اس قدر لگن کے ساتھ آپ نے محنت کی کہ آپ کے ذریعہ درجنوں جماعتیں قائم ہوئیں۔ مقرر، مباحث، مناظر، مباہل ، مترجم، مضمون نگار، صحافی، قاضی سلسلہ کی حیثیت سے آپ کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ 1989ء میں کوڈیاتھور میں ہونے والے مباہلہ کی حضرت خلیفۃالمسیح الرابعؒ کی اجازت سے آپ کو قیادت کی توفیق ملی۔ آپ دعا گو، نہایت پابندی کے ساتھ نماز تہجد ادا کرنے والے بزرگ تھے۔ درس قرآن اور حدیث میں خاص دلچسپی تھی۔آپ کی شادی محترم مولانا عبد اللہ صاحب مرحوم کی بیٹی زبیدہ صاحبہ سے ہوئی تھی جن سے آپ کے تین بیٹے اور دو بیٹیاں ہیں۔ آپ زیر تبلیغ دوستوں کی مکمل رہنمائی کرتے تھے اور نبض شناس تھے۔

مکرم زین الدین حامد صاحب (ناظم دارلقضاء بھارت) لکھتے ہیں کہ خاکسار کی مولانا ابوالوفاء صا حب سے پہلی ملاقات 1980ء میں ہوئی جب مَیں احمدی نہیں تھا۔ مَیں آپ کی شخصیت سے بے حد متأثر تھا۔ آپ میرے تمام سوالات کا نہایت محبت کے ساتھ دلنشیں انداز میں جواب دیتے تھے۔ بالآخر جب مَیں نے آپ کے ذریعہ بیعت کرکے سلسلہ احمدیہ میں داخل ہونے کا شرف حاصل کیا تو بیعت کے بعد کم وبیش ایک مہینہ تک مَیں آپ کی صحبت سے فیض یاب ہوتا رہا۔ آپ نے اپنے خاندان کے ایک فرد کی طرح میرے ساتھ ہمدردی اور شفقت کا سلوک فرمایا۔ ایک دفعہ دوپہر کے کھانے کے لئے آپ مجھے قریبی ہوٹل میں لے گئے۔ آپ کی میرے سے اس قدر پدرانہ شفقت اور محبت کو دیکھ کر ہوٹل کے مالک نے پوچھا کہ مولوی صاحب! یہ آپ کے بیٹے ہیں؟ آپ نے جواب دیا: بیٹا تو نہیں مگر مَیں ان سے بیٹوں جیسی ہی محبت کرتا ہوں۔

حضرت مولوی صاحب 1/9حصہ کے موصی تھے۔ آپ کی وفات 12اکتوبر 2002ء کو کالیکٹ میں بعمر 84سال ہوئی اور بہشتی مقبرہ قادیان میں قطعہ دریشان میں آپ کو سپرد خاک کیا گیا۔

……………………

محترم مولانا محمد ابراہیم صاحب فاضل قادیانی

ہفت روزہ ’’بدر‘‘ قادیان (درویش نمبر 2011ء) میں محترم مولانا محمد ابراہیم صاحب فاضل قادیانی کا ذکرخیر بھی شامل اشاعت ہے۔

آپ 4دسمبر1906ء کو حضرت میاں مہرالدین صاحبؓ (ابن حضرت مہر حامد علی صاحبؓ) کے ہاں قادیان میں پیدا ہوئے ۔ آپ کاخاندانی گھر مسجد مبارک کے قریب تھا۔ یعنی مسجد فضل کے متصل ۔ مسجد فضل آپؓ کے والد صاحب نے بنوائی تھی۔ آپ بتایا کرتے تھے کہ جب والد صاحب نے مجھے اسکول داخل کروانا تھا تو حضرت خلیفۃالمسیح الاولؓ کے پاس لے گئے اور عرض کی کہ بڑے بیٹے کو اسکول میں داخل کروایا تھا لیکن اُس نے نہیں پڑھا ۔ اب اسے داخل کروانا ہے حضور اس کے لئے دعا کریں کہ یہ پڑھے۔ حضورؓ نے اسی وقت موجود احباب کے ساتھ دعا کروائی اور دعا کر کے فرمایا: داخل کروا دیں پڑھ جائے گا۔

بعد ازاں محترم مولوی محمد ابراہیم صاحب نے مشکلات کے باوجود پڑھائی جاری رکھی۔ میٹرک پاس کیا پھر مولوی فاضل کیا۔ نومبر 1929ء میں مدرسہ تعلیم الاسلام قادیان کے مدرس متعین ہوئے۔ 1937ء میں حضرت مصلح موعودؓ نے درس القرآن صاف کرکے پیش کرنے کی ذمہ داری آپ کے سپرد فرمائی چنانچہ سینکڑوں صفحات پر مشتمل یہ درس نہایت محنت اور عرقریزی سے تیار کرکے پیش کرنے کی سعادت آپ کو حاصل ہوئی اور حضورؓ نے اس پر خوشنودی کا اظہار کرتے ہوئے آپ کا شکریہ ادا کیا۔

تقسیم ملک کے وقت حضرت مصلح موعود ؓ نے قادیان کی مرکزی حیثیت کی فعّالیت کے لئے سلسلہ تعلیم دین کے جاری رکھنے کے لئے چند علماء کو قادیان میں قیام رکھنے کی ہدایت جاری فرمائی جن میں محترم مولوی محمد ابراہیم صاحب کا نام بھی شامل تھا۔ 1956ء میں آپ مبشرین کلاس (مدرسہ احمدیہ) کے انچارج مقر ر ہوئے۔ چند دن بعد مدرسہ احمدیہ اور مدرسہ تعلیم الاسلام کے ہیڈماسٹر متعین ہوئے۔ بورڈنگ کے سپرنٹنڈنٹ بھی آپ ہی تھے۔ پھر 1966ء میں نائب ناظر تصنیف بنائے گئے۔ اپریل 1976ء میں صحت کی وجہ سے اس کام سے سبکدوش ہوئے۔ تقسیم ملک کے بعد 1947ء تا 1955ء اور 1966ء تا 1976ء گویا اٹھارہ سال آپ صدر انجمن احمدیہ کے ممبر رہے۔ 1977ء میں آپ نے ضعفِ صحت اور ضعفِ بصر کی وجہ سے رکنیت سے معذرت کردی۔

آخر عمر میں قصیدہ حضرت مسیح موعودؑ کے اشعار بہت دہراتے تھے اور قصیدہ اتنایاد تھا کہ ایک مرتبہ سیدھا پڑھتے تھے پھر دوسری مرتبہ الٹی طرف سے یعنی 70ویں شعر سے شروع کرتے اور 1پر ختم کرتے تھے۔ آپ کو تفسیر قرآن ، علم حدیث، احمدیہ لٹریچر اور مذہب عیسائیت اور عقائد غیرمبائعین کے بارہ میں کامل عبور حاصل تھا ۔ آپ کے مضامین بدر میں بکثرت شائع ہوئے جو آپ کے نکتہ رس ، دقیق الفہم طبع، وسعتِ علم ، بادلیل تحریر، مدعا پیش کرنے اور مدّمقابل کے دلائل کے کامل ابطال کے شاہکار ہیں۔ آپ کے مضامین جامع و مانع ہوتے تھے ۔آپ تحریک جدید کے پانچ ہزاری مجاہدین میں شامل تھے۔

1947ء میں آپ کے سارے خاندان نے پاکستان ہجرت کرلی۔ صرف آپ اور آپ کی والدہ صاحبہ قادیان میں رہ گئے۔ والدہ صاحبہ قادیان سے جانے پر کسی طرح راضی نہ ہوتی تھیں۔ آخر جب حضرت مصلح موعودؓ کی طرف سے تمام عورتوں کے چلے جانے کا حکم ہوا تو آپ اپنی والدہ صاحبہ کو لے کر وہاں پہنچے جہاں سے ٹرک روانہ ہوا کرتے تھے۔ یہ انتظام حضرت مرزا ناصر احمد صاحب کے سپرد تھا۔ حضورؒ نے آپ کو لسٹ دکھائی کہ قادیان میں رہنے والوں میں آپ کا نام ہے۔ تب آپ نے اپنی والدہ کو بھجوادیا اور خود درویشی کی زندگی اختیار فرمائی۔

 آپ غرباء کی بہت خاموشی سے مدد فرمایا کرتے تھے۔ بچیوں کی تربیت کاانتہائی خیال رکھتے تھے۔ تبلیغ کا جنون تھا۔ کبھی کوئی موقعہ ہاتھ سے جانے نہیں دیتے تھے۔

خلافت سے والہانہ تعلق تھا۔ خلیفۂ وقت کے لئے بہت دعائیں کیا کرتے تھے اور ان کی حفاظت کے لئے فکرمند رہا کرتے تھے۔ اپنی اولاد کو دین کی خدمت کے لئے نصائح فرماتے تھے۔

آپ کے داماد محترم محمد انعام غوری صاحب ناظر اعلیٰ آپ کے بارے میں تحریر کرتے ہیں کہ مولانا صاحب مرحوم سلسلہ عالیہ احمدیہ کے جید عالم تھے ۔ خدمت دین کا بے پناہ جذبہ تھا۔ اپنی عمر عزیز کے بہترین سالوں میں قرآن و حدیث کے علاوہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے علم کلام پر عبور حاصل کیا۔ ہر کتاب کا مطالعہ اتنا گہرا تھا کہ ضروری حوالہ جات کے صفحات اور سطور ازبر تھیں ۔

موازنہ مذاہب کے مضمون میںبھی خاصی مہارت حاصل تھی۔ بائبل تو گویا یوں معلوم ہوتا تھا حفظ ہی کرلی ہے۔ ایک مرتبہ ایک پادری صاحب کہنے لگے آپ کو اپنی کتاب کے حوالے نکالنے میں دیر لگتی ہے لیکن بائبل کے حوالے فوراً نکال لیتے ہیں۔ آپ کے مضامین بہت علمی ٹھوس مواد پر مشتمل ہوتے۔ مسائل کا استنباط، طرز استدلال بہت مضبوط اور مؤثر ہوتا۔

جولائی 1978ء کی بات ہے موسمی تعطیلات میں پہلے مَیں نے تبلیغی و تربیتی وفد کے ساتھ کشمیر جانے کا پروگرام بنایا تھا اور یاری پورہ میرا حلقہ تجویز کیا گیا تھا۔ مولانا صاحب مرحوم نے جب یہ سنا تو فرمایا وہاں دو ایک غیرمبائعین رہتے ہیں ان سے پوچھنا میری اتنے صفحوں کی ایک چٹھی اور اتنے صفحوں کی دوسری چٹھی ابھی تک آپ کے پاس لاجواب پڑی ہے اور پھر فرمایا نوٹ بک اور قلم اور دفتر سے کتابچہ ’’ایک غلطی کا ازالہ ‘‘ لے کر آجاؤ۔خود چلنے پھرنے کے قابل نہیں اور نظر بھی پوری طرح کام نہیں کرتی اور میرے آنے تک اپنی اہلیہ محترمہ سے چند ایک کتابیں نکلوائیں اور تیار ہوکر بیٹھ گئے ۔ میں آکر پاس بیٹھ گیا آپ ایک ایک کتاب پکڑاتے اور کہتے نکالو فلاں صفحہ اور خط کشیدہ سطریں پڑھو۔ نکالو فلاں صفحہ اور حاشیہ کی عبارت پڑھو ۔ وغیرہ وغیرہ اس طرح آپ نے کئی کتابوں کے ضروری حوالہ جات نوٹ کروا دیئے ۔

تبلیغ کا کوئی موقع ہاتھ سے نہ جانے دیتے۔ ضروری لٹریچر ساتھ رکھتے اور دھڑلے سے تبلیغ کرتے ۔ اور پھر منواکر ہی چھوڑتے۔ دینی مسئلہ پر گفتگو کرتے وقت ایک خاص جوش کی حالت ہوتی اور مضمون یوں آپ کے منہ سے نکلتا گویا اندر ایک موّاج دریا موجزن ہے جس کی لہریں ایک کے پیچھے ایک آتی چلی جاتی ہیں۔ اور یہ سب آپ کی شبانہ روز محنت اور کثرت مطالعہ کا نتیجہ تھا۔

 آپ ذیابیطس کے مریض تھے۔ مختصر بیماری کے بعد 28ستمبر 1978ء کو وفات پائی۔ آپ کی اہلیہ اوّل سے دو بیٹے پاکستان میںتھے۔ بڑے بیٹے جوانی میں وفات پاگئے جبکہ دوسرے مظفر احمد 28مئی 2010ء کو مسجد دارالذکر لاہور میں شہید ہوئے۔ دوسری اہلیہ مونگھیربہار کی باشندہ تھیں جن سے دو بیٹیاں ہیں۔

……………………

محترم شیخ عبدالحمید عاجز صاحب

ہفت روزہ ’’بدر‘‘ قادیان (درویش نمبر 2011ء) میں محترم شیخ عبدالحمید عاجز صاحب فاضل قادیانی کے خودنوشت حالات بھی شامل اشاعت ہیں۔

آپ کی پیدائش فروری 1920ء میں موضع دھرمکوٹ رندھاوا ضلع گورداسپور میں حضرت شیخ محمد حسین صاحبؓ کے ہاں ہوئی جو محکمہ مال میں قانون گو تھے۔ وہ 1933ء میں بٹالہ تبدیل ہوکر آئے جہاں سے آپ نے 1935ء میں میٹرک کیا۔ 1939ء میں پنجاب یونیورسٹی لاہور سے B.A. کیا۔ 1940ء میں آپ ملٹری اکاؤنٹس کے محکمہ میںملازم ہوگئے۔ آپ کی شادی مئی1945ء میں ہوئی۔ آپ نے ابتداء 1944ء میں زندگی وقف کردی تھی۔ حضرت مصلح موعود ؓ نے فرمایا کہ آپ ابھی اپنی سروس جاری رکھیں جب ضرورت پڑے گی بلالیا جائے گا۔ نومبر 1946ء میں آپ نے دوبارہ اپنے آپ کو پیش کیا جس پر حضورؓ نے قادیان پہنچنے کا ارشاد فرمایا اور جنوری1947 ء سے بطور نائب ناظر بیت المال خدمت کرنے کا آغاز ہوا اور چند ماہ بعد دورِ درویشی کی سعادت بھی مل گئی۔

محترم شیخ عبدالحمید عاجز صاحب رقمطراز ہیں کہ 1950ء میں صدر انجمن احمدیہ کی ملکیتی جائیدادوں کے متعلق محکمہ کسٹوڈین کی طرف سے نوٹس ملا کہ کیوںنہ اُن کو Evacuated Propertyتصور کیا جائے نیز بنکوں میں صدر انجمن کی رقوم تا آئندہ فیصلہ Freeze کردی گئیں۔ یہ صورت حال دعا اور راہنمائی کے لئے حضرت مصلح موعودؓ کی خدمت میں پیش کی گئی تو ارشاد موصول ہوا کہ مقدمہ کی پیروی کے لئے رانچی بہار کے احمدی وکیل سید محی الدین احمد کے پاس جائیں۔ چنانچہ خاکسار نے رانچی جاکر جب اپنی آمد کا مقصد اُن سے بیان کیا تو انہوں نے فرمایا کہ چند روز قبل انہوں نے خواب میں حضرت مصلح موعودؓ کو ایک بڑے جلسہ میں دیکھا کہ حضور ؓ نے اُن کو بلاکر ایک فائل سپرد کی ہے۔ اور آپ وہ فائل لے کر آئے ہیں جو اُن کو خواب میں دکھائی گئی ہے اس لئے بغیر کسی معاوضہ کے وہ اس کیس کو سرانجام دیں گے۔ چنانچہ سید صاحب نے کمال قانونی لیاقت سے گورنمنٹ کے نوٹس پر یہ اصولی اعتراض اُٹھایا کہ صدر انجمن احمدیہ ایک رجسٹرڈ مذہبی اور خیراتی ادارہ ہے جو 1906ء سے رجسٹرڈ ہے اور لگاتار 1947ء کے بعد بھی کام کررہا ہے۔ ممبران کی تبدیلی سے انجمن Evacuate قرار نہیں دی جاسکتی۔ چنانچہ 1953ء میں آخری بحث کے بعد کسٹوڈین کی عدالت نے انجمن کے وجود کو تسلیم کرتے ہوئے بنکوں کی رقم پر قانونی پابندی اُٹھا دی اور فیصلہ کیا کہ انجمن اپنی جائیدادوں کا حق ملکیت کا ثبوت پیش کرکے واپس لے سکتی ہے۔

ملکیت کی دستاویزات تلاش اور مہیا کرنے میں کافی عرصہ لگا۔ جب 1956ء تک یہ ثبوت محکمہ کسٹوڈین میں داخل کروادیئے گئے توچونکہ کالج، سکول، ہسپتال، کوٹھی دارالسلام اور دیگر متعدد جائیدادوں کے ناجائز قابض متأثر ہوتے تھے اس لئے ایک سازش کے تحت محکمہ کسٹوڈین کی طرف سے نیانوٹس جاری کیا گیا کہ ان جائیدادوں کادس سال کا کرایہ ادا کیا جائے اور ان مکانوں کو کیوں نہ بذریعہ عام نیلامی فروخت کردیا جائے۔ ہمارا مؤقف یہ تھا کہ یہ ایریا 1947ء سے ہی مقدّس ایریا کے طور پر ہمیں الاٹ کیا گیا تھا اور ہم مالک ہونے کی حیثیت سے ان کا میونسپل ٹیکس ادا کرتے چلے آرہے ہیں اور ہزارہا روپے ان کی مرمت پرخرچ کئے ہیں۔ اسی دوران دنیا بھر کی جماعتوں سے حکومت ہند کے نام تشویش کی چھٹیاں او ر میمورنڈم آنے شروع ہوگئے۔ پھر وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو سے مرکزی وفد نے 30 اپریل 1956ء کو ملاقات کرکے اپنا مؤقف پیش کیا تو پنڈت جی نے یقین دلایا کہ احمدیہ ایریا کی جائیدادوں کو بذریعہ نیلامی فروخت نہیں کیا جائے گا۔ بلکہ ہمیںمشورہ دیا کہ چونکہ ان جائیدادوں کے مالکان چھوڑ چکے ہیں اس لئے جماعت احمدیہ کو مستقل طور پر مالکانہ حقوق حاصل کرنے کے لئے ان مکانوں کی ریزروقیمت ادا کردینی چاہئے۔ پھر پنڈت جی کی ہدایت پر ہم وزیر بحالیات شری مہتر چند کھنہ سے ملے۔ اُن کا ابتدائی مطالبہ گیارہ لاکھ روپیہ کا تھا مگر کافی نشیب و فراز کے بعد دو لاکھ 24 ہزار 700 روپے فائنل ہوئے جو پانچ سالانہ مساوی اقساط میں ادا کرکے تمام جائیداد صدر انجمن احمدیہ قادیان کے نام رجسٹری کروالی گئیں۔ آپ نے تقسیم ملک کے بعد جماعتوں کی بیداری اور چندہ کی تشخیص کا کام کیا۔ نیز کئی اہم جماعتی خدمات کاموقعہ ملا۔ چار مرتبہ لندن آنے کا موقع بھی ملا۔ آپ ایک اچھے نثرنگار اور شاعر بھی تھے ۔ آپ کی کتاب ’’کچھ باتیں کچھ یادیں اور ریگ رواں‘‘ قابل مطالعہ ہے۔ آپ کی وفات 28؍اگست 2005ء کو ہوئی اور تدفین بہشتی مقبرہ قادیان میں عمل میں آئی۔ آپ کے والدین پچاس کی دہائی میں پاکستان میں وفات پاگئے تھے لیکن اکثر درویشان کی طرح آپ نے یہ صدمہ قادیان میں صبر سے برداشت کیا۔

روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 28؍نومبر 2011ء میں مکرم مبارک احمد ظفر صاحب کا کلام شائع ہوا ہے۔ احمدیوں پر پاکستان میں ہونے والے مظالم کے حوالہ سے کہی گئی اس طویل نظم میں سے انتخاب ہدیۂ قارئین ہے:

بھریں گے درد وہ آہ و فغاں میں

جو لرزہ طاری کر دے آسماں میں

نہیں اپنا سِوا اُس کے جہاں میں

وہی لے گا ہمیں اپنی اَماں میں

’’نہاں ہم ہو گئے یارِ نہاں میں‘‘

ہمارا تو فقط تُو ہی خدا ہے

بِنا تیرے نہ کوئی دُوسرا ہے

فقط تُو ہی ہمارا آسرا ہے

’’ہر اک جا میں ہماری تُو پناہ ہے‘‘

ترا دروازہ ہم نے کھٹکھٹایا

تری چوکھٹ پہ آ کر سر جھکایا

ہماری زاریاں سن لے خدایا

’’تجھے سب زور و قدرت ہے خدایا‘‘

ستم سہتے صدی ہم نے گزاری

لہو دے کر دئیے کی لَو ابھاری

سفر کی گرد اشکوں سے اتاری

ہے کاٹا صبر سے ہر وقت بھاری

تُو ہم پہ فضل لامحدود کر دے

عدُو کو نیست و نابود کر دے

کہ ٹھنڈی آتشِ نمرود کر دے

تباہ ہر ایک اب مردود کر دے

روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 30جون 2011ء میں محترم چودھری محمد علی مضطر ؔ صاحب کی ایک غزل شامل اشاعت ہے۔ اس غزل میں سے انتخاب ملاحظہ فرمائیں:

گِھرا ہوا تھا مَیں جس روز نکتہ چینوں میں

وہ بے لحاظ کھڑا تھا تماش بینوں میں

یہ کس کے عکس کی آہٹ مکان میں آئی

یہ کون ہولے سے اترا ہے دل کے زینوں میں

وہی لباس، وہی خدوخال ہیں اس کے

وہ ایک پھول ہے خوشبو کے آبگینوں میں

کبھی تو اس سے ملاقات ہو گی جلسے پر

کبھی تو آئے گا وہ وصل کے مہینوں میں

صلیبِ عشق پہ چڑھنے کی دیر تھی مضطرؔ!

وہ پھول برسے، گڑھے پڑ گئے زمینوں میں

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

یہ بھی پڑھیں
Close
Back to top button