حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال

(06؍مئی ۔ 08:00 GMT)

کل مریض: 155,864,205

صحت یاب ہونے والے: 133,333,021

وفات یافتگان: 3,256,494

٭…سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ترک صدر رجب طیب اردگان کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو میں باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک کے تعلقات پر پڑنے والے مسائل کا جائزہ لیا گیا اور مزید تعاون کے لیے اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیاگیا۔سعودی فرماں روا اور ترک صدر کے درمیان ایک ماہ سے کم عرصے میں یہ دوسرا ٹیلی فونک رابطہ ہے۔

٭…پاکستانی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی آرمڈ فورسز کے چیف آف جنرل سٹاف سے ملاقات میں کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کا تعاون خطے میں امن اور سلامتی پر مثبت اثرات مرتب کرے گا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی سکیورٹی صورتحال کے علاوہ افغان امن عمل، دفاع و سلامتی اور فوجی تعاون سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی گئی۔

٭…پاکستان کی وفاقی وزارتِ داخلہ نے کالعدم تحریکِ لبیک (ٹی ایل پی) کی نظرِ ثانی درخواست کا جائزہ لینے کے لیے کمیٹی کے قیام کی سمری وزیرِ اعظم عمران خان کو ارسال کر دی ہے۔ وفاقی کابینہ کمیٹی کی تشکیل کی منظوری کے بعد ٹی ایل پی کی نظرِ ثانی اپیل پر کمیٹی 30 روز میں فیصلہ کرے گی۔ کمیٹی کا فیصلہ کابینہ کو جائے گا جو 60 روز میں فیصلہ کرے گی۔

٭…ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے وزیرخارجہ جواد ظریف کی پاسداران انقلاب پر تنقید کی آڈیو پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جواد ظریف کا بیان ایک بہت بڑی غلطی تھی جو اسلامی جمہوریہ کے عہدیدارکو نہیں کرنی چاہیے تھی۔ سپریم لیڈر نے کہا کہ وزارت خارجہ کا کام اعلیٰ اداروں اور ذمہ داران کی وضع کردہ پالیسیوں پرعملدرآمد ہے۔ دنیا میں کہیں بھی وزارت خارجہ کسی ملک کی خارجہ پالیسی کاتعین نہیں کرتی۔ سپریم لیڈر خامنہ ای کی تقریرکے بعد جواد ظریف نےسوشل میڈیا پر اپنےبیان پر معافی مانگی ہے۔

٭…مصر کی فوج نے تصدیق کی ہے کہ اس نے فرانس کی دفاعی فرم کو 30 رافیل طیاروں کے آرڈر دیئے ہیں۔ اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے مطابق سعودی عرب اور بھارت کے بعد دنیا کا تیسرا سب سے بڑا اسلحہ درآمد کنندہ مصر ہے۔

٭…امریکی صدر جوبائیڈن نے رواں سال کے دوران ساڑھے باون ہزار پناہ گزینوں کو امریکہ آنے کی اجازت دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگلے مالی سال کے دوران ایک لاکھ 25 ہزار تک پناہ گزینوں کو امریکہ آنے کی اجازت دی جائے گی۔ سینیٹ کی کمیٹی برائے امور خارجہ کی جانب سے بائیڈن انتظامیہ کے اس اقدام کا خیر مقدم کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ سابق صدر ٹرمپ نے اپنے دور حکومت میں امریکہ میں آنے والے پناہ گزینوں کی تعداد محدود کر کے 15 ہزار کر دی تھی۔

٭…یورپی یونین نے چین کے ساتھ سرمایہ کاری کے بڑے معاہدے پر پیشرفت روک دی۔ 7 سال تک جاری رہنے والے مذاکرات کے بعد گزشتہ سال دسمبر میں چین اور یورپی یونین نے معاہدے کو حتمی شکل دی تھی۔ برسلز میں چین کے ناقدین اور امریکی صدر نے معاہدے پر کھل کر ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔ یورپین کمیشن کے ایک اعلیٰ عہدیدار کا کہناہےکہ دو طرفہ پابندیوں کے باعث یورپی یونین اور چین کے درمیان جامع سرمایہ کاری معاہدے کیلئے ماحول سازگار نہیں۔

٭…یکم فروری کو نوبل انعام یافتہ آنگ سان سوچی کی حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد سے میانمار میں رہائشی علاقوں میں چھوٹے دھماکوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ میانمار کے جنوب وسطی حصے کے ایک گاؤں کے ایک مکان پر کم از کم ایک پارسل بم پھٹنے سے تین دھماکے ہوئے جس میں آنگ سان سوچی کی نیشنل لیگ آف ڈیموکریسی ‏(این ایل ڈی‏) پارٹی کے ایک مقامی قانون ساز کے علاوہ سول نافرمانی کی تحریک میں شامل 3 پولیس افسران اور ایک رہائشی ہلاک ہوگیا۔ سیاسی قیدیوں کی امدادی تنظیم ‏(اے اے پی پی‏) کا کہنا تھا کہ بغاوت کے بعد سے سیکیورٹی فورسز نے کم از کم 766 شہریوں کو ہلاک کیا ہے۔تاہم میانمار کی فوج نے اس اعداد و شمار پر اختلاف کیا ہے اور کہا کہ مظاہروں کے دوران سیکیورٹی فورسز کے کم از کم 24 ارکان ہلاک ہوئے ہیں۔

٭…امریکی فوج کے افغانستان سے انخلا کے ساتھ ہی افغان صوبے ہلمند میں سرکاری فوج اور طالبان کے درمیان شدید لڑائی شروع ہونے پر ہزاروں افغان باشندے نقل مکانی کرنے پر مجبور ہو گئے۔ پناہ گزینوں کے لیے اس خطے کے ڈائریکٹر سید محمد رامین نے بتایا کہ ہلمند کے دارالحکومت لشکر گاہ کے نواح میں اور صوبے کے چند دیگر حصوں میں لڑائی کے بعد تقریباً ایک ہزار خاندانوں نے نقل مکانی کی۔ انہوں نے بتایا کہ ان خاندانوں نے لشکر گاہ میں پناہ لی ہے۔ افغان وزارت دفاع نے بتایا کہ ہلمند میں جب طالبان نے لشکر گاہ کے مضافات میں چند چوکیوں پر حملہ کیا تو سرکاری فوج نے 100 سے زائد طالبان جنگجوؤں کو ہلاک کردیا۔ وزارت نے دعویٰ کیا کہ اس لڑائی میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے القاعدہ کے مزید 22 جنگجو بھی ہلاک ہوئے۔

٭…2؍ مئی کو یوم آزادی صحافت کے موقع پر یورپی یونین نے ایک اعلامیہ میں کہا کہ آج جب آزاد اور خود مختار میڈیا رپورٹنگ کی سب سے زیادہ ضرورت ہے، آزادی صحافت مسلسل خطرے میں ہے۔ صحافیوں کے لیے کام کرنے کے ناسازگار ماحول کے علاوہ ان پر شدید معاشی اور سیاسی دباؤ میں اضافہ ہورہا ہے۔ پریس کی آزادی کے فروغ اور تحفظ کے عالمی ادارے انٹرنیشنل پریس انسٹی ٹیوٹ (آئی پی آئی) کی سالانہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 12 ماہ کے دوران کم از کم 49 صحافی ہلاک ہوئے جبکہ آمریت پسند ممالک میں میڈیا آزادی کو زوال کا سامنا ہے۔ دنیا میں گزشتہ ایک برس میں آزادی صحافت کی 635 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں۔

٭…مقبوضہ کشمیر کے سینئر حریت رہنما اور تحریک حریت جموں کشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی بھارتی حراست میں انتقال کر گئے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جموں کی ادھم پور جیل میں مقید اشرف صحرائی کو طبیعت بگڑنے پر گذشتہ روز ہسپتال لایا گیا تھا۔ انہیں گذشتہ برس جولائی میں گرفتار کیا گیا تھا اور بعض رپورٹس کے مطابق بیمار ہونے پر کافی عرصے سے جیل میں علاج کی کوئی سہولت فراہم نہیں کی گئی تھی۔

٭…مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس اور ان کی اہلیہ میلنڈا گیٹس کی جانب سے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام کے ذریعے اپنے 27 سالہ ازدواجی رشتے کے اختتام کا اعلان کیا گیا۔

٭…میکسیکو میں بلندی پربنے میٹرو ٹرین کے ٹریک کے گرنے سے 15 افراد ہلاک جبکہ 70 زخمی ہوگئے۔ حادثے کے وقت ٹرین اس ٹریک کے اوپر موجود تھی اور ٹریک ٹوٹنے سے زمین پر گر گئی۔

٭…برازیل کے ایک ڈے کیئر سینٹر میں 18 سالہ چاقو بردار نوجوان کے حملے سے 3 بچوں سمیت 5 افراد ہلاک ہو گئے۔ ملزم نے حملے کے بعد خود کو بھی زخمی کر لیا جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

٭…بنگلادیش میں شبچار شہر کے قریب دریائے پدما میں ایک مسافر بردار کشتی اور ریت سے بھری کشتی کے درمیان تصادم سے کم از کم 25 افراد ہلاک ہوگئے۔ ریسکیو اہلکاروں نے 5 افراد کو بچا لیا جبکہ ابھی تک 25 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ حادثہ کے وقت مسافر بردار کشتی میں گنجائش سے زیادہ مسافر سوار تھے۔

٭…چین کے شہر نین ٹونگ میں شدید بارش اور تیز ہواؤں کے نتیجے میں ہونے والے حادثات سے 11 افراد ہلاک جبکہ ایک سو سے زائد زخمی ہو گئے۔ بارش کے دوران گرنے والے اولوں کا حجم انڈوں جتنا بتایا جاتا ہے جبکہ تیز ہواؤں نے ہورڈنگز، درخت اور کھمبے اکھاڑ پھینکے۔ ہوا کی رفتار اتنی تیز تھی کہ ایئرپورٹ پر کھڑا طیارہ بھی ہوا سے گھوم گیا۔

٭…افغانستان کے مختلف صوبوں میں شدید بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 37 افراد ہلاک ہو گئے۔ گورنر صوبہ ہرات کے ترجمان جیلانی فرہاد کے مطابق اتوار کو آنے والے طاقتور سیلاب کے نتیجے میں 24 افراد ہلاک ہوئے جبکہ کئی اضلاع میں ہزاروں ایکڑ کی فصل تباہ ہو گئی اور مویشیوں کا بھی نقصان ہوا۔ مغربی صوبے غور کے گورنر عبدالطاہر فائز زادہ کے مطابق سیلابی ریلوں کی زد میں آ کر 6 بچوں سمیت 10 افراد ہلاک ہو گئے۔

٭… دبئی کے معروف علاقے دبئی مرینہ میں موجود ایڈریس بیچ ریزورٹ کی بلند عمارت پر واقع دنیا کے بلند ترین انفینٹی سوئمنگ پول کو سیاحوں کے لیےکھول دیا گیا ہے۔ اس سوئمنگ پول سے آسمان پر تیراکی کا گمان ہوتا ہے۔ یہاں سے سمندر اور آسمان کا نظارہ کرنے کے ساتھ تیراکی کا لطف بھی لیا جاسکتا ہے۔یہ سوئمنگ پول 964 فٹ بلند اور اولمپکس سوئمنگ پول سے دوگنا لمباہے۔ اسے گنیز بک میں نئے ورلڈ ریکارڈ کے طور پر بھی درج کیا گیا ہے۔

٭…بھارت میں کورونا وائرس کی ایک اور نئی خطرناک قسم کا انکشاف ہوا ہے، جو پہلے سے موجود اقسام سے پندرہ گنا زیادہ طاقتور ہے۔ بھارتی ماہرین کا کہنا ہے کہ کورونا کی نئی قسم سے مریضوں کی حالت تین چار دنوں میں تشویش ناک ہوجاتی ہے۔

٭…G7 وزرائے خارجہ کے اجلاس میں بھارتی وفد کے دو ارکان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر پبلک ہیلتھ انگلینڈ کی جانب سے اس سمٹ میں شریک پورے بھارتی وفد کو قرنطینہ کی ہدایت کردی گئی۔ بھارتی وزیر خارجہ کل امریکی وفد اور برطانوی ہوم سیکرٹری پریتی پٹیل سے ملے تھے۔ بھارتی وفد قرنطینہ کے سبب ورچوئل طریقے سے میٹنگ میں شرکت کرے گا۔ بھارت جی 7 کا رُکن نہیں ہے لیکن اسے وزرائے خارجہ کےاجلاس میں مدعو کیا گیا ہے۔

٭…بھارت میں کورونا وائرس سے متاثرین کی آکسیجن کی فراہمی رکنے کے باعث ہونے والی اموات کا جائزہ لیتے ہوئے الٰہ آباد ہائی کورٹ بینچ کے آرڈر میں ججوں نے کہا کہ مریضوں کی اموات محض آکسیجن کی فراہمی منقطع ہونے سے ہوئی۔ یہ ایک مجرمانہ فعل اور کسی نسل کشی سے کم نہیں ہے۔ واضح رہے کہ الٰہ آباد ہائی کورٹ بھارت میں آکسیجن کی قلت سے متعلق سامنے آنے والی رپورٹس کا جائزہ لے رہا ہے۔

٭…بھارت کورونا کے دو کروڑ کیسز والا دنیا کا دوسرا ملک بن گیا ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ گزشتہ ہفتے دنیا بھر میں کورونا وائرس کے 5.7 ملین نئے کیسز اور 93 ہزار سے زائد اموات ہوئیں جن میں سے 2.6 ملین کیسز بھارت میں رپورٹ ہوئے۔ یہ تعداد اس سے پہلے ہفتے کے مقابلے میں 20 فیصد زائد ہے۔ عالمی ادارۂ صحت کا کہنا ہے کہ ایسا نظر آرہا ہے کہ بھارت کی وبا اس کے پڑوسی ملکوں میں بھی پھیل رہی ہے۔

٭…فلپائن نے پاکستان، بنگلادیش، سری لنکا اور نیپال سے آنے والے مسافروں پر 7؍ سے 14؍ مئی تک پابندی عائد کردی ہے۔ یہ پابندی کورونا وائرس کی بھارتی قِسم کا پھیلاؤ روکنے کے لیے لگائی گئی ہے۔

٭…بھارت میں کورونا کی بدترین صورتحال اور کئی کھلاڑیوں کے کورونا میں مبتلا ہونے کے باعث انڈین پریمیئر لیگ کو غیرمعینہ مدت تک ملتوی کردیا گیا۔52 روز اور 60 میچوں پر مشتمل ٹورنامنٹ کا فائنل 30 مئی کو کھیلا جانا تھا تاہم بائیور سکیور ببل کے باوجود کورونا کیسز سامنے آنے کے باعث لیگ کے صرف 29 میچز ہی ممکن ہوسکے۔بھارتی کرکٹ بورڈ کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ آئی پی ایل کی منسوخی کے باعث بی سی سی آئی کو براڈ کاسٹ اور اسپانسر شپ کی مد میں 2000 سے 2500 کروڑ بھارتی روپے کا نقصان ہو گا۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button