ہیومینٹی فرسٹ کینیا کے زیر انتظام نکورو کاؤنٹی میں آنکھوں کے علاج کے لیے مفت کیمپس
مکرم اسماعیل کشوما صاحب ہیومینٹی فرسٹ کینیا تحریر کرتے ہیں کہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہیومینٹی فرسٹ کینیا کو صحت، تعلیم، آرفن کیئر اور دیگر متعدد شعبہ ہائے زندگی میں اہالیان وطن کی خدمت کی توفیق مل رہی ہے اور خدمت خلق کے میدان میں ہیومینٹی فرسٹ کینیا اپنی خصوصی پہچان رکھتی ہے۔
حال ہی میں ہیومینٹی فرسٹ کینیا کو اپنے پروگرام ’’گفٹ آف سائیٹ‘‘ (Gift of Sight) کے تحت ۱۸تا۲۲؍اگست ۲۰۲۰۴ء کو لائنز سائیٹ فرسٹ آئی ہاسپیٹل (Lions Sightfirst Eye Hospital) کے تعاون سے نکورو کاؤنٹی کے ۹؍مختلف مقامات پر مفت آئی سکریننگ کیمپس منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ ان پانچ دنوں میں جن مقامات پر یہ کیمپ لگائے گئے ان کے نام مع تعداد مریضان درج ذیل ہیں:
نمبر شمار | مقام | تعداد مریضان |
۱ | Wool Mart | ۲۲۳ |
۲ | VOC Temple | ۱۳۳ |
۳ | ACK Nakuru | ۴۷۷ |
۴ | PCEA Subukia | ۱۹۰ |
۵ | AIC KAMPI YA Moto | ۹۵ |
۶ | Elburgon | ۳۳۰ |
۷ | Lions School | ۴۸۵ |
۸ | Bondeni Primary School | ۱۰۰۷ |
۹ | Sikh Temple | ۵۰ |
چنانچہ اس طرح ان مقامات پر کُل دو ہزار ۹۹۰؍افراد کی آنکھوں کی سکریننگ کی گئی اور آنکھوں سے متعلق ہدایات اور ادویات دی گئیں۔ اس کے علاوہ ۳۹۱؍افراد کی آنکھوں کی سرجری کی گئی اور ۵۹۶؍افراد کو حسبِ ضرورت عینکیں بھی مہیا کی گئیں۔
اس کار خیر میں ہیومینٹی فرسٹ کے پانچ اور لائینز ہسپتال کے دس رضاکاروں نے حصہ لیا۔ اللہ تعالیٰ انہیں جزائے خیر عطا فرمائے اور دکھی انسانیت کی زیادہ سے زیادہ خدمت کی توفیق بخشے۔ ان تمام مقامات پر سرکاری افسران اور اہالیان علاقہ نے ہیومینٹی فرسٹ کی اس خدمت کو سراہا۔ اللہ تعالیٰ ہیومینٹی فرسٹ اور اس کے ساتھ خدمت کے میدان میں تعاون کرنے والی جملہ تنظیموں کو بھی زیادہ سے زیادہ خدمت انسانیت کی توفیق عطا فرمائے اور ان حقیر خدمات کو شرف قبولیت بخشے۔ آمین
(مرسلہ:محمد افضل ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭