پیغام حضور انور

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے پچاسویں جلسہ سالانہ فجی ۲۰۲۴ء کے موقع پر بصیرت افروز پیغام کا اردو مفہوم

پیارے احباب جماعت احمدیہ فجی

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

مجھے اس بات کی بہت خوشی ہےکہ آپ اپنا پچاسواں جوبلی جلسہ سالانہ ۱۴ اور ۱۵؍دسمبر ۲۰۲۴ء کو منعقد کررہے ہیں۔ میری دعا ہے کہ اللہ آ پ کے جلسے کو عظیم کامیابی سے نوازے اور آپ تمام شاملین جلسہ بے پایاں فضلوں کے وارث بنیں ۔ اور ہمارے مذہب اسلام اورہمارے پیارے نبی حضرت محمدﷺ کی تعلیمات کے بارے میں اپنے علم کو بڑھانے والے ہوں۔

یہ بات یاد رکھیں کہ جلسہ سالانہ اللہ تعالیٰ کا ایک عظیم فضل ہے جو حضرت مسیح موعودؑ کے ذریعے ہم پر نازل ہوا ہے۔یہ جلسہ جس کے لیے آپ سب ایک بار پھر سے جمع ہوئے ہیں کوئی دنیاوی فوائد کے حصول یا تفریح کی جگہ نہیں ہے۔ بلکہ اس کا مقصد یہ ہے کہ احباب جماعت اپنی اخلاقی حالتوں کو درست کرنے کےلیے روحانی ماحول سے فائدہ اٹھائیں۔ یہ جلسہ ہمارے عقائد کے متعلق زیادہ علم حاصل کرنے اور ان پر عمل پیرا ہو کر اللہ تعالیٰ اور اس کے بندوں کے حقوق ادا کرنے کا موقع فراہم کرنے والا ہونا چاہیے تا کہ دنیا میں امن و آشتی پیدا ہو۔

یقیناً اس جلسہ کو آپ کے تقویٰ کے معیار کو بڑھانے والا ہونا چاہیے اور اللہ تعالیٰ کا خوف آپ کے دلوں میں پیدا کرنے والا ہونا چاہیے۔ درحقیقت آپ کا واحد مقصد اللہ کی خوشنودی کا حصول ہونا چاہیے۔ حضرت مسیح موعودؑ فرماتے ہیں:

‘‘اس جلسہ کو معمولی انسانی جلسوں کی طرح خیال نہ کریں۔ یہ وہ امر ہے جس کی خالص تائیدِحق اور اعلائے کلمہ اسلام پر بنیاد ہے۔ اس سلسلہ کی بنیادی اینٹ خدا تعالیٰ نے اپنے ہاتھ سے رکھی ہے اور اس کے لئے قومیں طیارکی ہیں جو عنقریب اس میں آملیں گی کیونکہ یہ اُس قادر کا فعل ہے جس کے آگے کوئی بات اَنہونی نہیں۔’’

(اشتہار ۷؍دسمبر ۱۸۹۲ء، مجموعہ اشتہارات جلد اول صفحہ ۳۴۱)

یہ بھی اللہ تعالیٰ کا خاص فضل ہے کہ اس نے ہمیں حضرت مسیح موعودؑ کو قبول کرنے کی توفیق بخشی ہے۔ اگر انہیں قبول کرنے اور بیعت کرنے کے بعد ہم روحانی ترقی اور اعلیٰ اخلاقی معیار کے حصول کی کوشش نہیں کر رہے تو ہم اپنی بیعت کے حقیقی مقصد کو پورا کرنے والے نہیں بن رہے۔ یہ وہ باتیں ہیں جنہیں سب شاملین جلسہ کو اپنے ذہن میں رکھنا چاہیے۔

حضرت مسیح موعودؑ نے دس شرائط بیعت مقرر کی ہیں۔ ہر شرطِ بیعت اپنے اندر بے انتہا حکمتیں رکھتی ہے۔ یہ شرائط بیعت ہماری زندگی کے ہر مرحلے میں راہنما ہونی چاہئیں۔ پس ہمیں ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے کہ ہم حضرت مسیح موعودؑ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر اور اپنے ایمان کو اعلیٰ ترین معیار تک بلند کرکے آپؑ سے کی ہوئی بیعت کے حق کو پورا کریں اور اپنی پوری قوت کے ساتھ آپ کے مشن کو پورا کریں، بجائے اس کے کہ ہم اپنی مذہبی اقدار پر سمجھوتہ کر کے دنیا کے حصول میں گم ہو جائیں۔

اس زمانے میں اللہ تعالیٰ نے ہمیں نظام خلافت سے نوازا ہے۔ لہٰذا ہر احمدی کو خلیفہ وقت کا وفادار اور فرمانبردار رہنا چاہیے۔ اور خلیفہ وقت کے ساتھ محبت اور وفاداری کے تعلق میں مضبوطی پیدا کرنی چاہیے۔ یہ ہماری مستقل ترقی کی کنجی ہے اور اس ذریعہ سے ہم جماعت کی کامیابی کو مشاہدہ کرنے والے ہوسکتے ہیں۔ آپ کو ایم ٹی اے باقاعدگی کے ساتھ دیکھنا چاہیے اور اپنے اہل خانہ، خصوصاً اپنے بچوں کو اس کی عادت ڈالیں۔ بالخصوص میرے خطبات جمعہ کو باقاعدگی سے سنیں اور میری تمام ہدایات اور نصائح پر عمل کریں۔

اب جبکہ آپ نے پچاسویں جلسہ سالانہ کا سنگ میل طے کر لیا ہے۔ آپ کو چاہیے کہ آپ خود کو مضبوط عزم و ہمت اور پوری لگن کے ساتھ جماعت کےلیے وقف کردیں۔ آپ کو صرف اس تاریخی سنگ میل کے حصول پر ہی خوش نہیں ہو جانا چاہیے بلکہ خود سے سوال کرنا چاہیے کہ آپ نے کیا حاصل کیا اور کیسے آپ اور تیزی کے ساتھ آگے بڑھ سکتے ہیں اور مزید ترقی حاصل کرسکتے ہیں اور کیسے ہم اپنی کمزوریاں دُور کر سکتے ہیں۔صرف وہی قومیں فتح یاب ہوتی ہیں جو مستقل طور پر خود کو بہتر کرنے کی کوشش کرتی ہیں اور مزید آگے بڑھنے کے لیے نئے منصوبے بناتی ہیں۔

لہٰذا آپ کو تبلیغ کےلیے اور احباب جماعت کی تربیت کےلیے نئے منصوبے بنانے چاہئیں تاکہ آپ مزید ترقی کریں اور آنے والے سالوں میں جماعت کی ترقی اور بہتری کئی گنا زیادہ ہوجائے۔ ان پروگراموں کو لاگو کرنے کی ذمہ داری صرف عہدیداروں ہی کی نہیں بلکہ تمام احباب جماعت کو بھی اس میں پوری طرح شامل ہونا چاہیے اوران پاک مقاصد کے حصول میں بھرپور محنت کرنی چاہیے۔اللہ آپ کو ایسا کرنے کی توفیق دے ۔ اللہ تعالیٰ آپ پر اپنا فضل فرمائے۔

مزید پڑھیں: حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے تیسویں جلسہ سالانہ برازیل ۲۰۲۴ء کے موقع پر بصیرت افروز پیغام کا اردو مفہوم

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button