اطلاعات واعلانات
نوٹ: اعلانات صدر؍ امیر صاحب حلقہ؍جماعت کی تصدیق کے ساتھ آنا ضروری ہیں
درخواستہائے دعا
٭… رانا سلطان احمد خان صاحب تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کے ہم زلف رانا عبدالغفور خان صاحب ریٹائرڈ اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ ٹیلی فون پرانے جماعتی خدمت کرنے والے مخلص فرد ہیں۔ ان کے دائیں پاوٴں کے انگوٹھے میں زخم ہوگیا ہے۔ تقریباً ایک ہفتہ سے علیل ہیں ۔ پاوٴں پر سوج بھی پڑگئی ہے۔
٭… عطاء النصیر صاحب مبلغ سلسلہ یونان دعا کی درخواست کرتے ہیں کہ خاکسار کی پھوپھی زاد ہمشیرہ کے بیٹے عزیزم آرب احمد ابن مبشر احمد صاحب حال مقیم کینیڈا کا کار کا ایکسیڈنٹ ہوا ہے۔
٭…اویس احمد قریشی صاحب تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کی صاحبزادی عزیزہ وانیا اویس کی ۵؍دسمبر کو کامیاب اوپن ہارٹ سرجری ہوئی۔ صحت اب بہت بہتر ہے اور دن بدن بہتری کی طرف مائل ہے۔ بعض اوقات اعصابی درد (muscle pain) ہو جاتا ہے۔ ڈاکٹرز کے مطابق یہ ایک معمول کی علامت ہے جو وقت کے ساتھ ٹھیک ہو جائے گی۔ ان شاء الله
٭… ولی الرحمان سنوری صاحب سابقہ کارکن وکالت دیوان ربوہ حال کینیڈا تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کی اہلیہ منزہ ولی سنوری صاحبہ گذشتہ سال سے کینسر کی پیچیدہ بیماری میں مبتلا ہیں۔ گذشتہ سال رحم کے کینسر کا کامیاب علاج مکمل ہوگیا تھا۔ لیکن اب گذشتہ چند ماہ سے صحت خراب چلی آرہی تھی اور ڈاکٹری تشخیص کے مطابق اب دوبارہ کینسر کی بیماری کا حملہ پیٹ کی اندرونی سطح پر ہوا ہے۔ تین ہفتے قبل ایک کیمو تھراپی ہو ئی تھی جس کے بعض شدید مضراثرات گلے اور کھانے کی نالی پر ہوئے تھے۔ دو دن بعد دوسری کیمو تھراپی ہونی ہے۔
احباب جماعت سے جملہ مریضان کے لیے دعاوٴں کی خاص درخواست ہے۔ اللہ تعالیٰ جلد از جلد انہیں کامل شفا عطا فرمائے ۔ آمین
درخواستہائے دعا
لطیف احمد رؤف صاحب ابن خلیل احمد صاحب مرحوم تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کی والدہ محترمہ امۃ الشکور بیگم صاحبہ مورخہ ۱۷؍دسمبر کو اپنے خالق ِحقیقی سے جا ملیں۔ انا للہ وانا الیہ راجعون
آپ مکرم مہر الدین درویش (مرحوم) ابن رسول بخش صاحب کی صاحبزادی تھیں جنہوں نے ۱۹۳۸ء میں بیعت کی۔ آپ بہشتی مقبرہ دارالفضل میں مدفون ہیں۔
آپ کی شادی ۱۹۵۸ء میں خلیل احمد صاحب( مرحوم) سے ہوئی، جو دفتر بیت المال آمد میں کارکن تھےلیکن شادی کے صرف ۲۳؍سال بعد ۱۹۸۱ء میں وفات پا گئے۔
والدہ صاحبہ نے باقی زندگی کے ۴۴؍سال صبر، استقامت اور خلوص کے ساتھ گزارے۔ اللہ تعالیٰ نے انہیں پانچ بیٹے اور ایک بیٹی سے نوازا جن کی تربیت آپ نے احسن طریقے سے کی۔ انہی کی تربیت کے ثمر کے طور پر خاکسار کو تین سال کے لیے Humanity First Scheme کے تحت لائبیریا میں وقف کی توفیق ملی۔
والدہ محترمہ سادہ زیست، ملنسار اور حلیم الطبع تھیں۔ آپ نڈر اور بہادر شخصیت کی مالک تھیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے موصیہ بھی تھیں اور اپنے مالی امور اور باقاعدہ چندہ کی ادائیگی کے لیے فکرمند رہتی تھیں۔ دین اسلام، خلافت احمدیہ، آنحضورﷺ، حضرت مسیح موعودؑ اور خلفائے کرام سے آپ کو بے حد محبت تھی۔ آپ نے چار خلفاء کا دورِمبارک دیکھا اور ان سے ملاقات کا شرف بھی حاصل ہوا۔
والدہ صاحبہ ہمیشہ غریبوں اور مستحقین کی مدد میں پیش پیش رہتی تھیں۔ رمضان کے مہینے میں غریبوں کی مالی مدد نیز دیگر ضروریات کا انتظام کرتی تھیں اور آنے والے رمضان کے لیے بھی پہلے سے تیاری کر رکھی تھی۔
ان کے اہلِ خانہ میں چھ بچے، ۱۳؍ پوتیاں، ۱۲؍ پوتے، ۴؍نواسیاں اور ۲؍نواسے شامل ہیں جن میں سے ایک پوتا مربی سلسلہ، ایک پوتی اور ایک نواسی حافظِ قرآن ہیں۔
مورخہ ۱۹؍دسمبر کو بعد از نماز جمعہ آپ کی نماز جنازہ ادا کی گئی اور دعا کے بعد تدفین عمل میں آئی۔ احباب جماعت کے علاوہ بیسیوں غیر از جماعت بھی تعزیت کے لیے تشریف لائے۔
احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، انہیں اپنے پیاروں کا قرب نصیب ہواور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا کرے۔ آمین
اعلان ولادت
مبشر محمود ظفر صاحب تحریر کرتے ہیں کہ شرجیل احمد صاحب (مربی سلسلہ) ابن منیر احمدصاحب (مرحوم) اور خامسہ صدیقہ صاحبہ بنت میاں بشیر احمد صاحب کو اللہ تعالیٰ نے مورخہ ۱۸؍ ستمبر ۲۰۲۵ء کو محض اپنے فضل سے بیٹی کی نعمت سے نوازا ہے۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے وقف نو کی بابرکت تحریک میں شمولیت کی منظوری عنایت فرماتے ہوئے ازراہ شفقت ‘ولیہ منیر’ نام عطا فرمایا۔
احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ بچی کی نیک قسمت کرے، اسے خادمِ دین بنائے، صحت و تندرستی والی لمبی عمر عطا فرمائے اور والدین کے ليے قرۃ العین ثابت ہو۔ آمین ثم آمین



