جماعت احمدیہ ہالینڈ کی ماہ مارچ میں تبلیغی سرگرمیاں
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مارچ ۲۰۲۶ء کے دوران ہالینڈ کی مختلف جماعتوں کو تبلیغی سرگرمیوں اور وقار عمل کے متعدد پروگرامز کے انعقاد کی توفیق ملی۔ ان کی رپورٹ درج ذیل ہے۔
وقار عمل و ابتدائی سرگرمیاں: یکم مارچ ۲۰۲۶ء کو جماعت گروننگن کے زیراہتمام ایک ریفیوجی کیمپ میں وقار عمل کا پروگرام منعقد ہوا جس میں انصار، خدام اور اطفال سمیت ۳۰؍ممبران نے روزے کی حالت میں شرکت کی۔ اس سرگرمی کا مقصد خدمتِ خلق اور تعلقات عامہ کو فروغ دینا تھا۔ پروگرام کا اختتام اجتماعی افطاری اور باجماعت نمازوں سے ہوا۔

ملاقاتیں و تعارف جماعت: ۴؍مارچ کو جماعت Nijmegen کے وفد کی لوکل میئر سے تعارفی ملاقات ہوئی جس میں میئر موصوف کو جماعت احمدیہ کا تعارف پیش کیا گیا اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی قیامِ امن کے لیے مساعی سے آگاہ کیا گیا۔
تبلیغی بک سٹالز: ۵؍مارچ کو Nunspeet میں تبلیغی بک سٹال لگایا گیا جہاں ۱۰؍سے زائد افراد سے گفتگو ہوئی، ۱۵۰؍سے زائد فلائرز تقسیم کیے گئے جبکہ کتاب Elementary Study of Islam اور ۵؍کتابچے ’احمدیت کا تعارف‘ تقسیم کیے گئے۔ گفتگو میں حضرت مسیح موعودؑ کی آمد، حضرت عیسیٰؑ کی وفات، روزہ کی اہمیت اور دیگر مذاہب کے متعلق اسلامی تعلیمات پر روشنی ڈالی گئی۔
۷؍مارچ کو Nijmegen کے مرکزی مقام Plein 1944 پر تبلیغی بک سٹال منعقد ہوا جس میں ۷؍ممبران نے شرکت کی۔ دو گھنٹے کے دوران ۷۰۰؍پمفلٹس اور ۸؍کتب تقسیم کی گئیں جبکہ ۶؍افراد سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس پروگرام کے ذریعے سینکڑوں افراد تک اسلام احمدیت کا پُرامن پیغام پہنچایا گیا۔ الحمدللہ

۸؍مارچ کو Eindhoven میں مجلس خدام الاحمدیہ کے تحت تبلیغی پروگرام منعقد ہوا جس میں ۱۱؍خدام نے شرکت کی۔ اس دوران تقریباً ۱۰؍افراد سے گفتگو ہوئی اور ایک ہزار کے قریب فولڈرز تقسیم کیے گئے۔ ایک کتاب حضرت عیسیٰؑ کی وفات کے موضوع پر دی گئی۔ مختلف قومیتوں (ڈچ، ترک، عرب، ایرانی، یوکرینی) سے تعلق رکھنے والے افراد کے ساتھ مؤثر گفتگو ہوئی اور انہیں جماعتی ویب سائٹس کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔
۱۰؍مارچ کو Elburg میں خراب موسم کے باوجود ۴؍ممبران نے تبلیغی بک سٹال لگایا۔ اس دوران ۲۰۰؍فلائرز اور ۵؍کتب تقسیم کی گئیں جبکہ ۱۰؍سے زائد افراد سے تبلیغی گفتگو ہوئی۔
۱۴؍مارچ کو Apeldoorn میں تبلیغی بک سٹال کے ساتھ گھروں میں تقریباً ۳۰۰؍فولڈرز بھی تقسیم کیے گئے۔ اس پروگرام میں ایک ناصر، دو خدام اور ایک طفل شامل ہوئے۔
۱۵؍مارچ کو جماعت احمدیہ Arnhem کے زیراہتمام Ede میں بھی تبلیغی بک سٹال منعقد ہوا جہاں زائرین نے خاصی دلچسپی ظاہر کی اور انہیں جماعت احمدیہ کے حقیقی پیغام سے روشناس ہونے کا موقع ملا۔
اجتماعی تبلیغی سرگرمیاں: ۲۸؍مارچ کو Apeldoorn, Almere اور Amsterdam Zuid-Oost میں بیک وقت تبلیغی بک سٹالز کا انعقاد کیا گیا جن میں انصار، خدام اور اطفال نے شرکت کی۔ ان پروگراموں کے دوران سینکڑوں فولڈرز اور جماعتی لٹریچر تقسیم کیا گیا اور مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد تک اسلام احمدیت کا پُرامن پیغام پہنچایا گیا۔
مارچ کے آخری ہفتہ میں مختلف جماعتوں (Arnhem, Nunspeet,Nijmegen اور Utrecht) کے تحت فولڈرز تقسیم کرنے کی مہم جاری رہی جس کے نتیجہ میں تقریباً ۶۲۵۰؍فولڈرز تقسیم کیے گئے۔
اللہ تعالیٰ ان تمام تبلیغی کاوشوں میں برکت عطا فرمائے اور ان کے نیک نتائج پیدا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: عدیل باسم۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: براعظم آسٹریلیا میں جلسہ ہائے یوم مصلح موعود کا بابرکت انعقاد




