ایسٹرن ریجن کینیا کے ہیڈ کوارٹرز ’کادیانی‘ میں ریجنل لائبریری’مکتبۃ الطاہر‘ کا بابرکت افتتاح
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ کینیا میں مساجداور مشن ہا ؤسز وغیرہ کے ساتھ ساتھ لائبریریوں کے قیام کا کام بھی بڑی باقاعدگی سے جاری و ساری ہے خصوصاً ریجنل ہیڈکوارٹرز میں لائبریریوں کے قیام اوران کی تزئین و آرائش، نیز ان کی اپ گریڈیشن پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ گذشتہ سال جماعت احمدیہ کینیا کو بفضل خدا ایسٹرن ریجن کے ہیڈکوارٹرز ’کادیانی‘ میں مسجد کے کمپاؤنڈ میں ہی ایک خوبصورت دو منزلہ مشن ہاؤس تعمیر کرنے کی توفیق ملی جس کا افتتاح امسال ۱۱؍جنوری کو مکرم ناصر محمود طاہر صاحب امیر و مبلغ انچارج کینیا نے کیا۔

اس مشن ہاؤس کی بالائی منزل کو ریجنل مشنری کی رہائش کے لیے مخصوص کیا گیا جبکہ گراؤنڈ فلور میں مکرم امیر صاحب نے ریجنل آفس اور لائبریری بنانے کی منظوری دی۔ چنانچہ فوری طور پر اس پراجیکٹ پر کام شروع کر دیا گیا جو ماہ مارچ میں مکمل ہو گیا اور ایک خوبصورت اور تمام سہولتوں سے آراستہ ریجنل لائبریری اور ریجنل مشنری صاحب کا دفتر ترتیب دیا گیا۔ لائبریری میں مختلف زبانوں میں دستیاب کتب تفسیر، حدیث، تاریخ، علم کلام، موازنہ مذاہب، عربی ادب اور کتب سلسلہ کے علاوہ دیگر درجنوں کتب رکھی گئی ہیں اور خاص طور پر قرآن کریم کے مختلف زبانوں میں تراجم کو نمایاں جگہ دی گئی ہے۔ ان شاء اللہ وقت کےساتھ ساتھ ان میں قابل ذکر اضافہ ہوتا رہے گا۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ کینیا کا یہ ریجن مکمل طور پر عیسائی آبادی والا علاقہ تھا۔ یہاں احمدیت کا پیغام حضرت خلیفۃ المسیح الرابع ؒکے دور خلافت میں پہنچا اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے متعدد مضبوط جماعتیں قائم ہوئیں۔
لائبریری ہذا کا افتتاح مکرم امیر صاحب نے ۶؍اپریل ۲۰۲۶ء بروز سوموار کیا۔ آپ مبلغین، معلمین اور سنٹرل مجلس عاملہ کے ممبران کے ہمراہ نیروبی سے کادیانی پہنچے۔ لائبریری ہال میں یادگاری تختی کی نقاب کشائی اورفیتہ کاٹ کر لائبریری و دفتر کا باقاعد افتتاح کیا اور دعا کروائی۔ اس موقع پر آپ نے ایک معاشرے میں لائبریری کی اہمیت و ضرورت بیان کرنے کے بعد احباب جماعت کو لائبریری ہذا سے بھرپور استفادہ کی تلقین کی جس کے بعد آپ نے تمام انتظامات کا جائزہ لیا ۔

بعدہٗ مسجد میں ایک مختصر تربیتی پروگرام منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم ونظم کے بعد ریجنل انچارج صاحب نے امیر صاحب اور دیگر مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور لائبریری کے قیام پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنے کے بعد احباب جماعت کو اس سے بھرپور استفادہ کی ترغیب دی۔ بعدہٗ مبلغ سلسلہ مکرم شیخ عبداللہ حسین جمعہ صاحب نے حضرت مسیح موعودؑ کی سیرت مبارکہ پر تقریر کی اور خاص طور پر اسلام کے دفاع میں آپ کی قلمی کاوشوں کا ذکر کرتےہوئے احباب جماعت کو لائبریری کی شکل میں ملنے والے عظیم علمی خزانے سے فائدہ اٹھانے اور دین اسلام و جماعت احمدیہ سے متعلق اپنی معلومات کو وسیع کرنے کی تلقین کی۔ آخر میں امیر صاحب نے احباب جماعت کو ریجن ہذا میں شروع کیے گئے تعلیمی، تربیتی اور تبلیغی پروگراموں میں بھر پور حصہ لینے اور نمازوں کی پابندی کی تلقین کی اور خلیفہ وقت کے تمام ارشادات پر کماحقہ ٗعمل کرنے کی تاکید کی اور دعا کروائی۔ نماز ظہر کے بعد ظہرانہ سے احباب کی تواضع کی گئی۔ اس مبارک تقریب میں کل ۷۶؍احباب جماعت نے شرکت کی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
(رپورٹ:محمدافضل ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹر نیشنل)
مزید پڑھیں: کوسوو کے نائب وزیر برائے مقامی نظم و نسق اور ضلعی حکام کے ساتھ جماعت احمدیہ کے نمائندگان کی ملاقات



