کوسوو کے نائب وزیر برائے مقامی نظم و نسق اور ضلعی حکام کے ساتھ جماعت احمدیہ کے نمائندگان کی ملاقات
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ کوسوو کی مورخہ یکم اپریل ۲۰۲۶ء کو چند حکومتی شخصیات سے ملاقاتیں ہوئیں۔ اس ضمن میں جماعت کے ایک وفد نے کوسوو کے نائب وزیر برائے مقامی نظم و نسق جناب آرٹن کونوشیفچی صاحب سے ملاقات کی۔ وفد میں مکرم البان ذقیرائی صاحب معلم سلسلہ اور خاکسار (صدر و مبلغ سلسلہ) شامل تھے۔

نائب وزیر صاحب کو دو ہفتے قبل ہی اس اہم عہدہ پر فائز کیا گیا تھا۔ وفد نے انہیں دلی مبارکباد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے جماعت کی جانب سے معاشرتی فلاح و بہبود کے مختلف میدانوں میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
موصوف کا جماعت کے ساتھ قبل ازیں بھی تعلق رہا ہے اور وہ رمضان المبارک کے دوران جماعت کے مرکز، جو پرشٹینا شہر میں موجود ہے، میں منعقدہ افطار پروگرام میں بھی شرکت کر چکے ہیں۔ مزید برآں وہ ماضی میں ریڈیو فری یورپ/ریڈیو لبرٹی سے بطور صحافی وابستہ رہے اور اسی حیثیت میں جلسہ سالانہ یوکے ۲۰۲۵ء میں شرکت کی جس دوران انہیں حضور انور سے ملاقات کا شرف بھی ملا۔
اسی روز وفد نے بلدیہ ایلیز ہان میں میئر جناب مہمت بالاجی صاحب اور ڈائریکٹر آف ایجوکیشن جناب حصنی لوری صاحب سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر معزز مہمانوں کو ۱۷؍مئی ۲۰۲۶ء کو منعقد ہونے والے ۱۳ویں جلسہ سالانہ کوسوو میں شرکت کی دعوت دی گئی۔
ملاقات کے دوران مختلف فلاحی اور تعلیمی منصوبہ جات پر بھی تبادلۂ خیال ہوا۔ ان میں بین البلدیاتی سالانہ مضمون نویسی کا مقابلہ جو ایلیز ہان کے ایک سرکاری سکول میں منعقد کیا جائے گا نیز ماحولیاتی بہتری کے پیش نظر ۳۰؍درختوں کی فراہمی اور شجرکاری مہم شامل ہیں۔
(رپورٹ: جناح الدین سیف۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ لتھوانیا کا تیسرا جلسہ سالانہ ۲۰۲۵ء




