سپورٹس بلیٹن
فٹ بال:انگلش کلب آرسنل اور فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین نے یوئیفاچیمپئنز لیگ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ پیرس سینٹ جرمین اور بائرن میونخ کے مابین سیمی فائنل کے پہلے legمیں سنسنی خیزمقابلے کے بعد پی ایس جی نے چارکے مقابلے میں پانچ گول سے فتح حاصل کی۔پی ایس جی کے Ousmane Dembeleنے دوگول کیے۔ دونوں ٹیموں کے مابین دوسرا میچ ایک ایک گول کی برابری پرختم ہوا اور دفاعی چیمپئن پیرس سینٹ جرمین نے ایک بارپھرفائنل میں جگہ بنالی۔دوسرے سیمی فائنل کے پہلے لیگ میں آرسنل اور ہسپانوی کلب ایٹلیٹکومیڈردکا مقابلہ ۱۔۱؍گول سے برابررہا، دونوں گول پنلٹی شوٹ پر ہوئے۔دوسرے میچ میں آرسنل نے Bukayo Sakaکے گول کی بدولت ایک۔صفرسے کامیابی حاصل کی اورفائنل میں پہنچنے کا اعزازحاصل کرلیا۔ فائنل میچ ۳۰؍مئی کو بُڈاپسٹ ،ہنگری میں کھیلا جائے گا۔
دوسری طرف یوئیفا یوروپا لیگ میں جرمن کلب SC Freiburgاور انگلش کلب آسٹن وِلا نے فائنل میں جگہ بنالی۔سیمی فائنل مرحلے میں آسٹن وِلا نے ناٹنگھم فاریسٹ جبکہ Freiburgنے پرتگالی کلب Bragaکے خلاف کامیابی حاصل کی تھی۔
کرکٹ:پاکستان بمقابلہ بنگلہ دیش:میرپورڈھاکہ میں کھیلے گئےپہلے ٹیسٹ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو۱۰۴؍رنزسے شکست دے دی۔بنگلہ دیش نے اپنی پہلی اننگز میں ۴۱۳؍رنزبنائے جس میں نجم الحسین شانتوکی سینچری شامل تھی۔پاکستان کی طرف سے محمدعباس نے پانچ کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں۳۸۶؍رنز بناکر آؤٹ ہوئی۔اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے اذان اویس نے ۱۰۳؍رنزکی شاندارباری کھیلی۔دوسری اننگز میں میزبان ٹیم نے۹؍وکٹوں کے نقصان پر۲۴۰؍رنزبنائےاور پاکستان کو ۲۶۸؍رنز کا ہدف دیا۔کھیل کے آخری روز پاکستانی ٹیم ۱۶۳؍رنزپرڈھیر ہوگئی۔ناہید رانا نے پانچ وکٹیں اڑائیں جبکہ نجم الحسین شانتو میچ کے بہترین کھلاڑی قرارپائے۔
ویمنزکرکٹ:پاکستان اور زمبابوے کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے مابین تین ایک روزہ انٹرنیشنل میچز کی سیریز میں پاکستان ویمنز نے ۳۔صفر سے کامیابی حاصل کرلی۔کراچی میں کھیلی گئی سیریزکے پہلے مقابلے میں میزبان ٹیم نے ۱۶۸؍رنز،دوسرے مقابلے میں ۲۰۶؍رنز جبکہ تیسرے میچ میں نو وکٹوں سے فتح حاصل کی۔اس سیریزکی خاص بات یہ رہی کہ پاکستان کی جانب سے تین میچز میں صدف شمس نے بالترتیب ۱۰۱،۹۸؍اور۹۰؍رنز بنائے جبکہ سیریز کی بہترین کھلاڑی گل فیروزہ نے پہلے مقابلے میں ۵۰؍رنز اور بقیہ دو میچز میں سینچریاں بنائیں۔
پاکستان سپرلیگ۲۰۲۶ءپشاورزلمی نے جیت لی۔ لاہورمیں کھیلے گئے فیصلہ کن معرکہ میں پشاورنے حیدرآباد کنگزمین کے خلاف پانچ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔آسٹریلوی آل راؤنڈرایرون ہارڈی(Aaron Hardie) فائنل کے ہیرو ثابت ہوئے، انہوں نے چاروکٹیں حاصل کرنے کے بعد۵۶؍رنزکی ناقابلِ شکست اننگزکھیل کرپشاورزلمی کو ۲۰۱۷ء کے بعدپی ایس ایل کادوسری بار چیمپئن بنادیا۔حیدرآبادکی ٹیم پہلے بلےبازی کرتے ہوئےصرف ۱۲۹؍رنزبناسکی۔جواب میں پشاورکی دو وکٹیں پہلے اوور میں گریں، تاہم ایرون ہارڈی اورعبدالصمدکی ذمہ دارانہ بلےبازی کی بدولت ہدف ۱۶ویں اوورمیں حاصل کر لیا۔اس ٹورنامنٹ میں پشاورکے کپتان بابراعظم نے سب سے زیادہ ۵۸۸؍رنزبنائے۔فاتح ٹیم کےچائنا مین سپنرسفیان مقیم سب سے زیادہ ۲۲؍وکٹیں حاصل کرکے ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرارپائے۔
ٹینس:Jannik Sinnerنے میڈرداوپن کا مینزسنگلزٹائیٹل جیت لیا۔عالمی نمبرایک اطالوی کھلاڑی نے فائنل میں صرف ۵۸؍منٹ کے کھیل میں جرمنی کے Alexander Zverevکو۶۔۱؍اور۶۔۲؍کے سکور سے مات دی۔ Jannik Sinnerٹینس کی تاریخ میں لگاتارپانچ ٹینس ماسٹرز1000 ٹورنامنٹس جیتنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔خواتین سنگلزمقابلوں میں یوکرائن کی Marta Kostyukنے روس کی Mirra Andreevaکے خلاف ۶۔۳؍اور۷۔۵؍سے کامیابی حاصل کرکے ٹائیٹل اپنے نام کیا۔یہ ان کا ڈبلیوٹی اے1000لیول پر پہلا ٹائیٹل ہے۔
(ن م طاہر)




