افریقہ (رپورٹس)

مجلس خدام الاحمدیہ گنی بساؤ کا ساتواں نیشنل اجتماع ۲۰۲۶ء

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس خدام الاحمدیہ گنی بساؤ کا ساتواں نیشنل اجتماع نہایت کامیابی کے ساتھ مورخہ ۳تا ۵؍اپریل ۲۰۲۶ء کو منعقد ہوا۔ یہ بابرکت اجتماع دارالحکومت بساؤ سے تقریباً ۳۲۰؍کلومیٹر دور واقع پُرفضا مقام کابڈو گاؤں میں منعقد کیا گیا جہاں دور دراز علاقوں سے خدام نے بھرپور شرکت کی۔

اجتماع کی تیاری کے لیے مجلس عاملہ کی جانب سے قبل از وقت جامع منصوبہ بندی کی گئی۔ تمام ریجنز کو بروقت آگاہ کیا گیا اور علمی مقابلہ جات کے لیے نصاب ارسال کیا گیا۔ نیز مقامی سطح پر تربیتی نشستوں کا انعقاد بھی کیا گیا تاکہ خدام ہمہ جہت تیاری کے ساتھ اجتماع میں شریک ہوں۔ سفر کی دشواریوں اور طویل مسافت کے باوجود ۷۵۰؍کے قریب خدام و اطفال نے شرکت کی جو ان کے اخلاص، قربانی اور خلافت سے وابستگی کا مظہر ہے۔

اجتماع کا باقاعدہ آغاز ۳؍اپریل کو نماز جمعہ کے بعد پرچم کشائی کی پُروقار تقریب سے ہوا۔ افتتاحی اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم، عہد اور اردو نظم سے ہوا۔ اپنی افتتاحی تقریر میں مکرم مشہود جالو صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ نے خدام کو مالی قربانی، اخلاص اور خدمت دین کے اعلیٰ معیار قائم کرنے کی تلقین کی۔ بعد ازاں مکرم احسن میمن صاحب مبلغ انچارج نے خلفائے کرام کے ارشادات کی روشنی میں خدام کو اپنی ذمہ داریوں، نمازوں کی پابندی اور دین کو مقدم رکھنے کی طرف خصوصی توجہ دلائی۔

نماز مغرب و عشاء کے بعد درس حدیث پیش کیا گیا۔ بعدازاں سوال و جواب کی نشست منعقد ہوئی جس میں خدام نے دینی، تربیتی اور تنظیمی امور سے متعلق سوالات کیے۔

اجتماع کے دوسرے دن کا آغاز نماز تہجد اور فجر کی باجماعت ادائیگی سے ہوا جس کے بعد درس القرآن پیش کیا گیا۔ دن کے مختلف اوقات میں ورزشی مقابلہ جات منعقد ہوئے جن میں فٹ بال، رسہ کشی، دوڑ، پنجہ آزمائی، لمبی چھلانگ اور باڑی شامل تھیں۔ ان مقابلہ جات نے خدام میں صحت مند مسابقت اور باہمی اخوت کو فروغ دیا۔

نماز ظہر و عصر کے بعد فائنل مقابلے منعقد ہوئے۔ فٹ بال کا سنسنی خیز فائنل کابڈو اور بساؤ ریجن کے درمیان کھیلا گیا جس میں بساؤ ریجن کی ٹیم فاتح قرار پائی۔ نماز مغرب و عشاء کے بعد علمی مقابلہ جات کا انعقاد ہوا جن میں خدام و اطفال نے بھرپور تیاری کے ساتھ حصہ لیا۔ ان مقابلہ جات میں تلاوت قرآن کریم، حفظ قرآن کریم، دینی معلومات، صلوٰۃ، حفظ ادعیہ اور اذان شامل تھے۔

اجتماع کے دوران خدام نے ڈسپلن، مہمان نوازی، صفائی اور انتظامی امور کو نہایت خوش اسلوبی سے سرانجام دیا جو قابل تحسین ہے۔ اسی طرح اجتماع کے موقع پر روحانیت کے ساتھ ساتھ باہمی محبت، اخوت اور تنظیمی یکجہتی کا خوبصورت مظاہرہ دیکھنے میں آیا۔

اجتماع کے تیسرے اور آخری دن کا آغاز بھی نماز تہجد و فجر سے ہوا جس کے بعد درس القرآن پیش کیا گیا۔ اختتامی تقریب صبح منعقد ہوئی جس کی صدارت مکرم مبلغ انچارج صاحب نے کی۔ تلاوت قرآن کریم، نظم اور عہد کے بعد تقسیم انعامات کی تقریب منعقد ہوئی۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے امسال بافاٹا جماعت کو مثالی مجلس قرار دیا گیا جبکہ بافاٹا ریجن نمایاں کارکردگی کی بنا پر عَلم انعامی کا مستحق ٹھہرا۔ اختتام پر مکرم مبلغ انچارج صاحب نے خدام کو خلافت سے مضبوط تعلق قائم رکھنے، نمازوں کی حفاظت، قرآن کریم سے تعلق بڑھانے اور دین کی خدمت میں ہر وقت پیش پیش رہنے کی نصیحت کی۔ اجتماع کا اختتام اجتماعی دعا سے ہوا جس کے بعد تمام شاملین نے گروپ فوٹو بنوایا۔

اللہ تعالیٰ اس اجتماع کے بابرکت اثرات کو دیرپا فرمائے اور تمام خدام کو خلافت کا سچا، مخلص اور وفادار خادم بننے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ:زاہد احمد بھٹی۔ مبلغ سلسلہ گنی بساؤ)

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: کانگو کنشاسا میں مسجد بیت الباسط اور مسجد بیت التواب کا مبارک افتتاح

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button