افریقہ (رپورٹس)

بینن میں چار نئی مساجد کی تقریبات سنگ بنیاد کا انعقاد

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے اوائل سال ۲۰۲۶ء میں جماعت احمدیہ بینن کو چار مساجد کے سنگ بنیاد رکھنے کی توفیق ملی۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک۔ ان چار مساجد میں کالاوی کی ریجنل مسجد، آلاڈا کی ریجنل مسجد، لوکوسا کی ریجنل مسجد اور کومے شہر کی مسجد شامل ہیں۔

سنگ بنیاد ریجنل مسجد کالاوی (Calavi):سب سے پہلے کالاوی کی ریجنل مسجد کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔ اس غرض سے مورخہ ۲۸؍فروری ۲۰۲۶ء کی صبح ایک وفد مکرم محمد لقمان بصیریو صاحب امیر جماعت احمدیہ بینن کی سربراہی میں کوتونو ہیڈکوارٹر سے روانہ ہوا۔ اس وفد میں مکرم امیر صاحب کے ساتھ مکرم محمود ناصر ثاقب صاحب مبلغ انچارج بینن، مکرم روؤف مالکی صاحب نائب امیر، مکرم حافظ عبدالغنی شابابی صاحب آف نائجیریا، مکرم راجی شہود صاحب جنرل سیکرٹری، خاکسار (مبلغ سلسلہ کوتونو) اور مکرم لالا مستعین صاحب صدر خدام الاحمدیہ شامل تھے۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جو ایک مقامی خادم نے پیش کی۔ بعد ازاں ایک بچہ نے قصیدہ پڑھا جبکہ ناصرات الاحمدیہ کالاوی نے خوش الحانی کے ساتھ اردو نظم پیش کی۔

مکرم صدر صاحب کالاوی نے وفد کا خیر مقدم کیا۔ اس کے بعد مکرم امیر صاحب بینن نے احباب کو اس بابرکت موقع پر مبارکباد دی اور مسجد کی تعمیر احسن رنگ میں مکمل ہونے کے لیے دعاؤں کی تحریک کی۔ بعدازاں تمام وفد و احباب سنگ بنیاد کے لیے تیار کی گئی جگہ پر پہنچے جہاں مکرم امیر صاحب بینن نے پہلی اینٹ رکھی۔ اس کے بعد مکرم مبلغ انچارج صاحب، نائب امیر صاحب، مبلغ صاحب کالاوی، صدر جماعت کالاوی، ڈاکٹر مبارک صاحب، ایک وقف نو بچہ، صدر خدام الاحمدیہ اور خاکسار نے یکے بعد دیگرے اینٹیں رکھیں۔ بعدازاں مکرم امیر صاحب بینن نے دعا کروائی اور پروگرام اختتام پذیر ہوا۔

احمدیہ ریجنل مسجد آلاڈا کا سنگ بنیاد: مورخہ ۴؍اپریل کو مکرم امیر صاحب بینن کی معیت میں ایک وفد تشکیل دیا گیا جس میں مکرم محمود ناصر ثاقب صاحب مبلغ انچارج بینن، مکرم راجی شہود صاحب جنرل سیکرٹری، خاکسار، مکرم مارکوس شاہد صاحب نمائندہ نیشنل صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ اور مکرم ابلادوں یحییٰ صاحب شامل تھے۔

یہ وفد پہلے ریجن کالاوی کی مسجد جس کا سنگ بنیاد مورخہ ۲۸؍فروری ۲۰۲۶ء کو رکھا گیا تھاکا جائزہ لینے کے لیے پہنچا۔ مسجد کا کام محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے کافی تیزی سے تکمیل کی جانب بڑھ رہا تھا۔ اس کے بعد کالاوی سے روانہ ہو کر وفد آلاڈا پہنچا جہاں آلاڈا ریجن کے مبلغ سلسلہ مکرم نصر اقبال صاحب اپنی تمام ٹیم اور صدر صاحب جماعت و ریجنل صدر صاحب کے ہمراہ استقبال کے لیے موجود تھے۔

پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کے بعد صدر صاحب نے مکرم امیر صاحب کے وفد کو اس مسجد کے سنگ بنیاد پر تشریف لانے پر خوش آمدید کہا۔ بعدازاں مکرم امیر صاحب نے مسجد کی تعمیر کے مقاصد کو قرآن، حدیث اور خلفاء کے اقتباسات کی روشنی میں بیان کیا۔ پھر تمام شاملین تعمیر کی جگہ پر پہنچے جہاں مکرم امیر صاحب، مبلغ انچارج صاحب، ریجنل مبلغ صاحب نیز وفد کے دیگر شاملین نے باری باری اینٹیں لگا کر مسجد کا سنگ بنیاد رکھا جس کے بعد مکرم امیر صاحب نے دعا کروائی۔ بعدازاں تمام شاملین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔

سنگ بنیاد احمدیہ مسجد کومے (Come) و لوکوسا (Lokossa):آلاڈا سے روانہ ہونے کے بعد یہ وفد ریجن لوکوسا پہنچا جہاں لوکوسا ریجن کے مبلغ سلسلہ مکرم حافظ اسماعیل صاحب اپنی ٹیم اور مقامی صدر صاحب کومے کے ساتھ استقبال کے لیے موجود تھے۔ حال ہی میں کومے کی جماعت میں مین شاہراہ پر ایک پلاٹ خریدا گیا جس پر مسجد کی تعمیر مقصود ہے۔ پلاٹ کو سنگ بنیاد کے لیے تیار کرنے کے بعد سب سے پہلے مکرم امیر صاحب، مبلغ انچارج صاحب اور پھر وفد کے باقی ممبران نے اینٹیں رکھ کر سنگ بنیاد رکھا جس کے بعد مکرم امیر صاحب بینن نے دعا کروائی۔

اس کے بعد وفد نے لوکوسا شہر کا رخ کیا جہاں ریجنل مشن ہاؤس کے ساتھ موجود پلاٹ پر مسجد کا سنگ بنیاد رکھنا مقصود تھا۔ مشن ہاؤس اور پلاٹ کومے سے آزووے جانے والی مین شاہراہ پر ساتھ ساتھ واقع ہیں۔ پلاٹ کو سنگ بنیاد کے لیے تیار کرنے کے بعد حسب معمول امیر صاحب، مبلغ انچارج صاحب، مبلغ سلسلہ لوکوسا، صدر صاحب لوکوسا، ایک وقف نو بچہ اور پھر وفد کے باقی ممبران نے اینٹیں رکھ کر سنگ بنیاد رکھا جس کے بعد امیر صاحب بینن نے دعا کروائی۔

نمازوں کی ادائیگی کے بعد وفد کوتونو خیر و عافیت سے واپس پہنچا۔

اللہ تعالیٰ اپنے خاص فضل سے جلد ان مساجد کی تعمیر کو پایۂ تکمیل تک پہنچائے۔ آمین

(رپورٹ: مرزا فرحان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ جاپان کی ۴۳ویں مجلس شوریٰ کا انعقاد

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button