کوسووو کے شہر پیہ(Peja) پولیس کی جماعت احمدیہ کے نمائندگان کے ساتھ ملاقات
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۲۲؍اپریل ۲۰۲۶ءکو کوسوو کے شہر پیہ (Peja) کی پولیس کے ایک وفد کی جماعت احمدیہ کوسوو کے نمائندگان کے ساتھ جماعت احمدیہ کے مرکز پرشتینا میں ملاقات ہوئی۔ اس ملاقات میں محترمہ اربرشا توفاج جو بطور کمیونٹی پولیس آفیسر خدمات سرانجام دے رہی ہیں، محترم ایڈمنڈ ادیمی پولیس آفیسر اور محترمہ نورا دراگا شریک ہوئیں۔ ملاقات کے دوران عوامی سلامتی، شہری شمولیت اور اداروں و سول سوسائٹی کے درمیان تعاون کو فروغ دینے جیسے اہم موضوعات پر تفصیلی تبادلۂ خیال ہوا۔

گفتگو کے دوران اس امر پر زور دیا گیا کہ ایسے مشترکہ منصوبے شروع کیے جائیں جو براہ راست معاشرے کے لیے مفید ہوں۔ خصوصاً تعلیمی میدان میں اقدامات، جیسے سرکاری سکولوں میں علمی مقابلہ جات کے انعقاد اور ان کی مالی معاونت کو نوجوانوں میں تعلیم، شعور اور مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لیے نہایت اہم قرار دیا گیا۔
معزز مہمانان نے جماعت احمدیہ کے مرکز پرشتینا کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں جماعت کی سرگرمیوں، بین المذاہب ہم آہنگی کی کوششوں اور خدمت انسانیت کے مختلف منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
(رپورٹ:جناح الدین سیف۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: بھارت کے صوبہ کیرلہ کے شہر کوچی میں منعقدہ بک فیئر میں جماعت احمدیہ کا سٹال




