بچوں کا الفضل

گلدستہ معلومات

حکایتِ مسیح الزماںؑ

چھوٹی سی بات کا بڑا فائدہ

حضرت مصلح موعودؓ فرماتے ہیں کہ

حضرت مسیح موعود علیہ السلام سے میں نے سنا ۔ آپ کسی عورت کا قصہ بیان فرماتے کہ اس کاایک ہی لڑکاتھا۔ وہ لڑائی پر جانے لگا تو اس نے اپنی ماں کوکہا کہ آپ مجھے کوئی ایسی چیزبتائیں جو میں اگر واپس آؤں توتحفہ کے طور پر آپ کے لئے لیتاآؤں۔ اور آپ اسے دیکھ کر خوش ہوجائیں۔ ماں نے کہا اگر تُو سلامت آ جائے تویہی بات میرے لئے خوشی کا موجب ہو سکتی ہے۔ لڑکے نے اصرار کیا اور کہا آپ ضرور کوئی چیز بتائیں۔ ماں نے کہا اچھااگر تم میرے لئے کچھ لانا چاہتے ہو تو روٹی کے جلے ہوئے ٹکڑے جس قدر زیادہ لا سکو لے آنا۔ میں انہی سے خوش ہو سکتی ہوں۔ اس نے اس کو بہت معمولی بات سمجھ کر کہا کہ کچھ اور بتائیں ۔ لیکن ماں نے کہا بس یہی چیز مجھے سب سے زیادہ خوش کر سکتی ہے ۔ خیر وہ چلا گیا ۔ جب وہ روٹی پکاتا تو جان بوجھ کر اسے جلاتا۔ تا جلے ہوئے ٹکڑے زیادہ جمع ہوں۔ روٹی کا اچھا حصہ تو خود کھا لیتا اور جلا ہوا حصہ ایک تھیلے میں ڈالتا جاتا۔ کچھ مدت کے بعد جب گھر آیا تو اس نے جلے ہوئے ٹکڑوں کے بہت سے تھیلے اپنی ماں کے آگے رکھ دئے ۔ وہ یہ دیکھ کر بہت خوش ہوئی۔ اس نے کہا ۔ اماں ! میں نے آپ کے کہنے پرعمل تو کیا ہے مگر مجھے ابھی تک معلوم نہیں ہوا کہ یہ کیابات تھی ۔ ماں نے کہا اس وقت جب تم گئے تھے اس کا بتانا نامناسب تھا اب میں بتاتی ہوں اوروہ یہ کہ بہت سی بیماریاں انسان کو نیم پختہ کھاناکھانے کی وجہ سے لاحق ہو جاتی ہیں۔ میں نے جلے ہوئے ٹکڑے لانے کے لئے اس لئے کہا تھاکہ تم ان ٹکڑوں کے لئے روٹی کو ایسا پکاؤ گے کہ وہ کسی قدر جل بھی جائے گی ۔ جلی ہوئی کو رکھ دو گے اور باقی تم کھا لوگے۔ اس سے تمہاری صحت بہت اچھی رہے گی۔ چنانچہ ایسا ہی ہوا۔

یہ کیا چھوٹی سی بات تھی لیکن درحقیقت اس کے بچے کو بچانے کا موجب ہو گئی ۔ سپاہی چونکہ جلدی جلدی کھانا پکا کر کھاتے ہیں اور اس طرح اکثر کچا رہ جاتاہے اس لئے انہیں پیچش اور محرقہ وغیرہ امراض اکثر لاحق رہتی ہیں۔ اس کی ماں نے ایسی بات بتائی جو بظاہر تو معمولی تھی مگر جب اس نے اس پرعمل کیا تو بہت بڑا فائدہ اٹھایا یعنی اس سے اس کی صحت سلامت رہی۔

(خطبہ جمعہ فرمودہ 28؍جولائی 1916ء مطبوعہ الفضل انٹرنیشنل 22؍ جنوری 1999ء)

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button