سب سے پہلے سلام لکھنا چاہیے
حضرت قاضی محمد یوسف صاحبؓ بیان کرتے ہیں کہ ’’ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو سلام کا اِس قدر خیال تھا کہ حضورؑ اگر چند لمحوں کے لئے بھی جماعت سے اُٹھ کر گھر جاتے اور پھرواپس تشریف لاتے تو ہر بار جاتے بھی اور آتے بھی السلام علیکم کہتے۔ (سیرت المہدی جلد اول صفحہ 527 روایت نمبر 523)
حضرت مولوی شیر علی صاحبؓ بیان کرتے ہیں کہ ’’ ایک دفعہ حضرت صاحب نے کسی حوالہ وغیرہ کا کوئی کام میاں معراج دین صاحب عمر لا ہوری اور دوسرے لوگوں کے سپر د کیا۔ چنانچہ اس ضمن میں میاں معراج دین صاحب چھوٹی چھوٹی پر چیوں پر لکھ کر بار بار حضرت صاحب سے کچھ دریافت کرتے تھے اور حضرت صاحب جواب دیتے تھے کہ یہ تلاش کرو یا فلاں کتاب بھیجو۔ وغیرہ اِسی دوران میں میاں معراج دین صاحب نے ایک پرچی حضرت صاحب کو بھیجی اور حضرت صاحب کو مخاطب کر کے بغیر السلام علیکم لکھے اپنی بات لکھ دی۔ اور چونکہ بار بار ایسی پر چیاں آتی جاتی تھیں۔ اس لئے جلدی میں اُن کی توجہ اِس طرف نہ گئی کہ السلام علیکم بھی لکھنا چاہیے۔ حضرت صاحب نے جب اندر سے اِس کا جواب بھیجا تو اُس کے شروع میں لکھا کہ آپ کو السلام علیکم لکھنا چاہیے تھا۔‘‘ (سیرت المہدی جلد اول صفحہ 269-270 روایت نمبر 299)
