خطبہ جمعہ سیّدنا امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرمودہ 13؍نومبر 2026ء
حضرت اقدسؑ کی زندگی کا ایک نمایاں پہلو یہ تھا کہ آپؑ کو تکلّف اور بناوٹ سے اپنے آپ کو ممتاز ظاہر کرنے کی عادت نہ تھی۔ آپؑ کی ہر حرکت و سکون سے اس بات کی شہادت ملتی تھی(ایک روایت)
آپؑ سیر کو نکلتے ہیں تو کوئی تمیز نہیں ہوتی کہ کوئی آگے نہ بڑھے بلکہ بسا اوقات جلیل القدر اصحابؓ کو خیال پیدا ہوتا ہے کہ خاک اڑتی ہےاور حضرت اقدس پیچھے ہیں۔ مگر حضرت حجة اللہ نے کبھی اس قسم کا خیال بھی نہیں فرمایا
سیر میں اگر آپؑ کی سوٹی پر کسی کا پاؤں آ جاتا اور وہ گرِ پڑتی یا آپؑ کی جوتی پر کسی کا پاؤں آ جاتا اور وہ پاؤں سے نکل جاتی تو آپؑ رک جاتے مگر پیچھے مڑ کر نہ دیکھتے کہ کس کا پاؤں اوپر آیا ہے تا اسے ندامت نہ ہو
نہایت بے تکلّفانہ نشست حضورؑ کی ہوتی تھی۔ آج کل کے پیروں کی طرح کوئی خاص مسند نہیں ہوتی تھی
حضورؑ ایک چارپائی کی پائنتی کی طرف بیٹھ گئے اور مجھے چارپائی کے سرہانے بیٹھنے کا ارشاد فرمایا۔…حضورؑ کا یہ برتاؤ دیکھ کر مَیں حیران رہ گیا کہ کہاں وہ پیر جن کے برابر کوئی بیٹھ نہیں سکتا اور کہاں یہ پیر جسے اللہ تعالیٰ نے مسیح موعودؑ بنا کر بھیجا ۔ اپنے ایک ناچیز خادم کو چارپائی کے سرہانے بٹھاتا ہے اور خود پائنتی پر بیٹھتا ہے (ایک روایت)
(حضرت مسیح موعودؑ)بورئیے پر لیٹے ہوئے تھے۔ نہ تکیہ تھا نہ بستر۔ کمر تک بورئیے پر تھے اور باقی جسم مبارک زمین پر تھا۔ مجھے یہ دیکھ کر رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا زمین پر لیٹنا اور بورئیے کے نشانات کا بدن مبارک پر ہو جانا یاد آ گیا اور میری آنکھیں ڈبڈبا آئیں (ایک روایت)
حضورؑ سادگی کے ساتھ ایک چٹائی پر رونق افروز تھے اور مولوی محمد حسین بٹالوی چٹائی پر قالین بچھا کر گاؤ تکیہ لگا کر بیٹھے ہوئے تھے گویا ان کی نشست کی طرز فخریہ تھی اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی بڑی سادہ سی (ایک روایت)
سادگی اور بے تکلّفی کے حوالے سے آنحضورﷺ کے غلامِ صادق حضرت اقدس مسیح موعودؑ کی سیرتِ طیبہ کا بیان
مکرم الحاج شیخ یوسف عثمان کمبولایا صاحب (مبلغ سلسلہ تنزانیہ)، مکرمہ امة الشافی صاحبہ اہلیہ کیپٹن محمود احمد خان صاحب آف ربوہ ، مکرم عبدالرفیق جدران صاحب آف امریکہ اور مکرمہ سلیمہ تبسم صاحبہ اہلیہ مرزا عبدالحمید صاحب مرحوم آف میرپور خاص سندھ حال سیرالیون کی وفات پر مرحومین کا ذکر خیر اور نماز جنازہ غائب
خطبہ جمعہ سیّدنا امیر المومنین حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرمودہ 13؍نومبر 2026ء بمطابق 13؍نبوت 1405 ہجری شمسی بمقام مسجد مبارک،اسلام آباد، ٹلفورڈ(سرے)،یوکے
(خطبہ جمعہ کا یہ متن ادارہ الفضل اپنی ذمہ داری پر شائع کر رہا ہے)
أَشْھَدُ أَنْ لَّا إِلٰہَ إِلَّا اللّٰہُ وَحْدَہٗ لَا شَرِيْکَ لَہٗ وَأَشْھَدُ أَنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُہٗ وَ رَسُوْلُہٗ۔
أَمَّا بَعْدُ فَأَعُوْذُ بِاللّٰہِ مِنَ الشَّيْطٰنِ الرَّجِيْمِ۔ بِسۡمِ اللّٰہِ الرَّحۡمٰنِ الرَّحِیۡمِ﴿۱﴾
گذشتہ خطبات میں مَیں نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے سادگی کے حوالے سے اُسوۂ حسنہ کا ذکر کیا تھا۔ آج
اپنے آقاؐ کی پیروی میں آپؐ کے غلام صادق حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام کی کچھ باتیں،کچھ واقعات اس حوالے سے پیش کروں گا۔
حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام فرماتے ہیں:’’اس عاجز پر ظاہر کیا گیا ہے کہ یہ خاکسار اپنی غربت اور انکسار اور توکّل اور ایثار اور آیات اور انوار کے رو سے مسیح کی پہلی زندگی کا نمونہ ہے اور اس عاجز کی فطرت اور مسیح کی فطرت باہم نہایت ہی متشابہ واقع ہوئی ہے۔ گویا ایک ہی جوہر کے دو ٹکڑے یا ایک ہی درخت کے دو پھل ہیں اور بحدے اتحاد‘‘ یعنی اس حد تک اتحاد ’’ہے کہ نظر کشفی میں نہایت ہی باریک امتیاز ہے‘‘بڑا ہلکا سا امتیاز ہے ’’اور نیز ظاہری طور پر بھی ایک مشابہت ہے اور وہ یوں کہ مسیح ایک کامل اور عظیم الشان نبی یعنی موسیٰ کا تابع اور خادم دین تھا اور اس کی انجیل توریت کی فرع ہے اور یہ عاجز بھی اس جلیل الشان نبی کے احقر خادمین میں سے ہے کہ جو سیدالرسل اور سب رسولوں کا سرتاج ہے۔ اگر وہ حامد ہیں تو وہ احمد ہے۔ اور اگر وہ محمود ہیں تو وہ محمد ہے صلی اللہ علیہ وسلم۔‘‘
(براہین احمدیہ روحانی خزائن جلد 1 صفحہ 593۔594 حاشیہ در حاشیہ نمبر3)
حضرت ڈاکٹر محمد عبداللہ صاحبؓ بیان کرتے ہیں کہ ’’ایک دفعہ حضورؑ سیر کو تشریف لے جا رہے تھے اور قصبہ سے نکلتے ہی وفاتِ مسیح پر گفتگو شروع ہو گئی۔ حضرت نواب صاحب کے باغ کے پاس‘‘ نواب محمد علی خان صاحبؓ کا باغ تھا جو قادیان کی آبادی سے باہر تھا ’’یا شاید حضرت میاں بشیر احمد صاحبؓ کے فارم والی جگہ‘‘ کے قریب کی جگہ تھی ’’ایک چھپڑی ہوتی تھی‘‘ یہ لکھا ہے انہوں نے۔ یعنی ایک چھوٹا سا تالاب سا تھا ۔’’ جس کے اردگرد سبز گھاس ہوتا تھا اور وہاں ایک بیری کا درخت بھی تھا۔ حضورؑ وہاں جا کر بیٹھ گئے اور اس موضوع پر تقریر جاری رہی کسی نے کہا کہ حضور اب تو مسیح کی قوم بھی مسیح کی وفات مان گئی ہے۔ حضور اس قصہ کو جانے دیں۔‘‘ کوئی بے تکلّف ہوگا ۔اس نے با ت کر دی۔ ’’حضور نے فرمایا کہ ابھی وِس گھولتا ہے۔‘‘ یعنی ابھی تو یہ نہیں کہہ سکتے ختم ہو گیا، اس میں سے وِس گھلتا رہتا ہے۔ زہر جو ہے نکلتا رہتا ہے ’’جب تک اس کی سِری نہ پھہی جائے۔‘‘ پنجابی کا لفظ ہے یہ کہ جب تک اس کا سر نہ پیسا جائے ’’اس وقت تک اس مسئلہ کی جان نہیں نکلتی۔ سیر کے وقت بڑی تیزی کے ساتھ چلتے تھے۔ حتّٰی کہ اکثر لوگ بھاگ بھاگ کر ملا کرتے تھے اور کئی دفعہ بھاگتے بھاگتے لوگوں کے پاؤں حضورؑ کی چھڑی پر پڑ کر چھڑی گر جایا کرتی تھی۔‘‘ لیکن آپؑ نے کبھی کسی کو کچھ نہیں کہا۔
(روایات اصحاب احمد جلد 1 صفحہ 36)
حضرت محمد دین صاحبؓ بیان کرتے ہیں کہ’’ ایک دفعہ کا ذکر ہے کہ مَیں ابھی بچپن میں ہی تھا یعنی میری عمر اس وقت تقریباً 14 یا 15 برس ہوگی کہ مجھے چند ایک دفعہ ایسا موقعہ ملا جس وقت حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام سیر کو جایا کرتے تھے اور حضرت اُمّ المؤ منینؓ ساتھ جایا کرتی تھیں تو اس بات کو غنیمت سمجھ کر کہ حضرت اُمّ المؤمنینؓ ساتھ جا رہی ہیں عام عورتیں بھی ساتھ چلی جایا کرتی تھیں۔‘‘ کہتے ہیں کہ ’’مَیں بھی‘‘ چھوٹا تھا اس لیے اپنی’’ چچی صاحبہ کے ساتھ چلا جاتا اور وہاں جا کر دیکھتا کہ حضرت صاحبؑ میدان میں گھاس والی جگہ پر بیٹھ جاتے‘‘ زمین پہ بیٹھ جاتے ’’اور عورتیں بھی بیٹھ جاتیں تو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام جتنی دیر بھی تشریف رکھتے عورتوں کو نصیحتیں ہی فرماتے رہتے ۔‘‘
(روایات اصحاب احمدؑ جلد 2 صفحہ 372)
سادہ مجلس تھی ۔کھلی جگہ پر زمین پر بیٹھے ہیں۔ آپؑ عورتوں کو ان کے فرائض کے بارے میں نصائح فرمارہے ہیں۔
اسی طرح حضرت مفتی محمد صادق صاحبؓ ایک واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ 10؍اپریل 1907ء کا واقعہ ہے کہ ’’صبح کو حضرت سیر کے واسطے تشریف لے گئے۔ خدام ساتھ تھے حافظ محبوب الرحمٰن صاحب جو کہ اخویم منشی حبیب الرحمان صاحب رئیس حاجی پورہ اور بھائی جان منشی ظفر احمد صاحب کے عزیزوں میں سے ہیں ساتھ تھے۔ حضرت نے‘‘ یعنی حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے ’’حافظ صاحب کی طرف اشارہ کر کے فرمایا کہ یہ قرآن شریف اچھا پڑھتے ہیں اور مَیں نے اسی واسطے ان کو یہاں رکھ لیا ہے کہ ہر روز ان سے قرآن شریف سنا کریں گے۔ مجھے بہت شوق ہے کہ کوئی شخص عمدہ، صحیح، خوش الحانی سے قرآن شریف پڑھنے والا ہو تو اس سے سنا کروں۔ پھر حافظ صاحب موصوف کو مخاطب کر کے حضور نے فرمایا کہ آج آپ سیر میں کچھ سنائیں۔ چنانچہ تھوڑی دُور جا کر آپ نہایت سادگی کے ساتھ ایک کھیت کے کنارے زمین پر بیٹھ گئے اور تمام خدام بھی زمین پر بیٹھ گئے اور حافظ صاحب نے نہایت خوش الحانی سے سورۃ دہر پڑھی جس کے بعد آپؑ سیر کے واسطے آگے تشریف لے گئے۔‘‘
(ملفوظات جلد9 صفحہ 152،ایڈیشن 2022ء)
ایڈیٹر الحکم حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی سادگی کے حوالے سے تحریر کرتے ہیں کہ
’’ آپؑ سیر کو نکلتے ہیں تو کوئی تمیز نہیں ہوتی کہ کوئی آگے نہ بڑھے بلکہ بسا اوقات جلیل القدر اصحاب کو خیال پیدا ہوتا ہے کہ خاک اڑتی ہے‘‘ آگے جو لوگ جارہے ہیں ان سے مٹی اڑ رہی ہے ’’اور حضرت اقدس پیچھے ہیں۔ مگر حضرت حجة اللہ نے کبھی اس قسم کا خیال بھی نہیں فرمایا۔
اکثر ایسا ہوتا ہے کہ پیچھے سے لوگ چلے آتے ہیں اور اعلیٰ حضرت کو ٹھوکر لگ گئی ہے یا جوتی نکل گئی ہے یا چھڑی گر گئی ہےمگر کبھی کسی نے نہیں دیکھا یا سنا ہوگا کہ آپ نے کوئی ملال ظاہر کیا ہو یا کسی خاص وضع کو پسند کیا ہو۔ مسجد میں بہت مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ آپؑ صحابہؓ کے زمرہ میں بیٹھے ہیں اور کوئی اجنبی آیا ہے تو اس نے بڑھ کر مولانا مولوی عبدالکریم صاحب یا حضرت حکیم الامت‘‘ حضرت حکیم مولوی نورالدین صاحبؓ ’’سے اوّل مصافحہ کیا اور حضرت مسیح آپ کو سمجھا‘‘ یعنی ان دو بزرگوں میں سے کسی کو ’’تو ان بزرگوں نے‘‘ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی طرف اشارہ کر کے ’’زبان سے بتایا کہ حضرت صاحب یہ ہیں۔ غرض
شان محمدیؐ کا سارا نمونہ آپ میں نظر آتا ہے۔ جس کو شک ہو وہ یہاں آ کر اور رہ کر دیکھ لے۔‘‘
(ملفوظات جلد 2 صفحہ270حاشیہ ، ایڈیشن 2022ء)
یہ وہی طریق ہے جو حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت میں بیان کرتے ہوئے بھی بتایا ہے اور
آپؑ اپنے آقا کے طریق اور آپؐ کے اسوہ پر چلنے کا عملی نمونہ تھے۔
حضرت شیخ محمد نصیب صاحبؓ بیان کرتے ہیں کہ
سیر میں اگر آپؑ کی سوٹی پر کسی کا پاؤں آ جاتا اور وہ گرِ پڑتی یا آپؑ کی جوتی پر کسی کا پاؤں آ جاتا اور وہ پاؤں سے نکل جاتی تو آپؑ رک جاتے مگر پیچھے مڑ کر نہ دیکھتے کہ کس کا پاؤں اوپر آیا ہے تا اسے ندامت نہ ہو۔
(ماخوذ از روایات اصحاب احمدؑ جلد 5صفحہ 439)
حضرت بھائی عبدالرحمان صاحب قادیانیؓ بیان کرتے ہیں کہ
’’حضرت اقدسؑ کی زندگی کا ایک نمایاں پہلو یہ تھا کہ آپؑ کو تکلّف اور بناوٹ سے اپنے آپ کو ممتاز ظاہر کرنے کی عادت نہ تھی۔ آپؑ کی ہر حرکت و سکون سے اس بات کی شہادت ملتی تھی۔
ایک دفعہ آپؑ چولہ بابا نانکؒ جی کی زیارت کے لئے مع چند خدام ڈیرہ بابا نانک تشریف لے گئے۔ وہاں ایک بڑ کے درخت کے نیچے کپڑے بچھا کر حضور مع احباب جماعت بیٹھ گئے۔ جب قصبہ کے لوگوں کو آپ کی آمد کا علم ہوا تو ملاقات کے لئے آئے
چونکہ آپ کی مجلس بزرگانہ سادگی کا ایک نظارہ تھی اور آپ کے مقدس وجود کے لئے کوئی نمایاں جگہ نہ بنائی گئی تھی اس لئے بہت سے لوگوں کو دھوکہ لگا کہ مولوی محمد احسن صاحب مسیح موعود اور پرگنہ‘‘ یعنی تحصیل بٹالہ علاقہ جو ہے اس کے ’’بٹا لہ کے گورو ہیں اور وہ ان سے مصافحہ کرنے لگے ۔لیکن پھر مولوی صاحب کے بتانے پر وہ حضرت اقدس کی طرف متوجہ ہوئے۔ اس قسم کے واقعات آپؑ کی زندگی میں کئی دفعہ ہوئے۔‘‘
(اصحاب احمد جلد 9 صفحہ 254-255)
اپنے لیے کوئی نمایاں جگہ بھی پسند نہیں فرماتے تھے۔ اس بارے میں حضرت مولوی فضل الٰہی صاحبؓ بیان کرتے ہیں کہ
’’نہایت بے تکلّفانہ نشست حضورؑ کی ہوتی تھی۔ آج کل کے پیروں کی طرح کوئی خاص مسند نہیں ہوتی تھی۔
حضورؑ بعد نماز مغرب حضرت مولوی عبدالکریم صاحبؓ کی زندگی میں مسجد مبارک میں شہ نشیں پر اکثر دفعہ بیٹھ کر خدام کو اپنی زیارت سے اور پاک کلام سے عشاء کی نماز تک شرف بخشتے تھے اور حضرت مولوی عبدالکریم صاحبؓ حضور ؑسے کئی مسائل دریافت فرماتے اور حضورؑاس کا جواب دیتے اور مہمانوں سے باتیں فرماتے۔‘‘
(روایات اصحاب احمد جلد 2 صفحہ348-349)
شہ نشین سے کوئی یہ نہ سمجھ لے کہ کوئی بڑا تخت ، گدے دار تخت بنایا گیا تھا جو بچھایا ہوتا تھا بلکہ مرکزی جگہ پر لوگوں کی طرف چہرہ کر کے محراب کی طرف بیٹھ جاتے تھے۔ یا اگر چھت پہ مجلس ہوتی ہے تو وہاں اینٹوں کا ایک تھڑا سا تھا جس پرآپؑ بیٹھ جاتے تھے۔
حضرت منشی امام دین صاحب رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں کہ ’’مَیں نے 1894ء میں حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام کے دست مبارک پر بیعت کی۔ شام کی نماز کا وقت تھا اخویم منشی عبدالعزیز صاحب اوجلوی اور بھائی جمال الدین صاحب سیکھوانی مرحوم بھی میرے ساتھ تھے۔ نماز سے فارغ ہونے کے بعد منشی صاحب موصوف نے میری طرف اشارہ کر کے عرض کیا حضور! ان کی بیعت لے لیں۔ حضور نے فرمایا :اندر ہی آ جائیں۔ جب میں اکیلا بیت الفکر کے اندر گیا تو
حضورؑ ایک چارپائی کی پائنتی کی طرف بیٹھ گئے اور مجھے چارپائی کے سرہانے بیٹھنے کا ارشاد فرمایا۔
پہلے تو میں جھجکا مگر حضورؑ نے بیعت لے لی‘‘ آپؑ نے بٹھا دیا۔
’’حضورؑ کا یہ برتاؤ دیکھ کر مَیں حیران رہ گیا کہ کہاں وہ پیر جن کے برابر کوئی بیٹھ نہیں سکتا اور کہاں یہ پیر جسے اللہ تعالیٰ نے مسیح موعودؑ بنا کر بھیجا ۔ اپنے ایک ناچیز خادم کو چارپائی کے سرہانے بٹھاتا ہے اور خود پائنتی پر بیٹھتا ہے۔‘‘
(روایات اصحاب احمد جلد 5 صفحہ 97-98)
یہاں شاید بعض لوگوں کو چارپائی کے سرہانے اور پائنتی کا تصوّر نہ ہو۔ چارپائی کی جو پائنتی ہے اس میں رسیاں لگی ہوتی ہیں اور فاصلے فاصلے پر ہوتی ہیں تاکہ اصل جو چارپائی کا حصہ ہے وہ کسا جائے ۔اور جو کھردری جگہ ہوتی ہے وہ پائنتی ہوتی ہے۔اور سرہانہ جو ہے وہ نرم جگہ اور آرام دہ جگہ ہوتی ہے۔
حضرت چودھری بڈھا صاحب رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں کہ’’ ایک دفعہ میں قادیان آیا۔ نئے مہمان خانہ میں چار چارپائیاں نئی تھیں اور ایک پرانی ۔ حضرت صاحبؑ تشریف لائے اور ایک پرانی اور ٹوٹی ہوئی چارپائی پر بیٹھ گئے۔ قریباً چھ سات آدمی اَور کھڑے تھے ۔سب کو فرمایا کہ بیٹھ جاؤ۔ ہمیں بڑی شرم محسوس ہوئی کہ حضرت صاحبؑ ایک چھوٹی سی چارپائی پر بیٹھ گئے ہیں جو پرانی بھی ہے اور ٹوٹی ہوئی بھی۔ ہم اچھی چارپائیوں پر کیسے بیٹھ سکتے ہیں۔ہم یہ سوچ ہی رہے تھے کہ ایک مولوی صاحب نے کہا کہ یوں تو آپ حضرت صاحبؑ کا ادب کر رہے ہیں مگر حضورؑ کے فرمان کا انکار کر رہے ہیں۔ اس پر ہم بیٹھ گئے۔‘‘
(روایات اصحاب احمد جلد 5 صفحہ 145)
حضرت مفتی محمد صادق صاحبؓ اپنی بیعت کا واقعہ بیان کرتے ہیں کہ ’’مَیں نے حافظ حامد علی صاحب سے کہا کہ مَیں بیعت کرنا چاہتا ہوں۔ حضرت صاحبؑ مجھے ایک علیحدہ مکان میں لے گئے…اور اندر سے دروازہ بند کردیا۔ ان ایام میں ہر شخص کی بیعت علیحدہ علیحدہ لی جاتی تھی۔ ایک چارپائی بچھی تھی اس پر مجھے بیٹھنے کو فرمایا۔ حضرت صاحبؑ بھی اس پر بیٹھ گئے۔ میں بھی بیٹھ گیا۔ میرا دایاں ہاتھ حضرت صاحبؑ نے اپنے ہاتھ میں لیا اور دس شرائط کی پابندی کی مجھ سے بیعت لی ۔دس شرائط ایک ایک کر کے نہیں دہرائیں بلکہ صرف لفظ دس شرائط کہہ دیا۔‘‘
(ذکر حبیب از حضرت مفتی محمد صادق صاحب صفحہ 5)
جو طریقہ آجکل ہے۔
حضرت چودھری غلام حسین صاحب بیان کرتے ہیں کہ’’ 1907ء کے اگست میں مَیں قادیان گیا۔ میرا ارادہ تھا کہ حضورؑ کی دستی بیعت بھی کر لوں۔ اس وقت حضورؑ کا لنگر میاں بشیر احمد صاحبؓ کے مکان میں تھا اور مبارک احمد کے بیمار ہونے کی وجہ سے‘‘ یہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے چھوٹے بیٹے تھے جو بیمار ہوئے اور فوت ہو گئے۔ کہتے ہیں ان کے بیمار ہونے کی وجہ سے ’’تین دن تک حضرت صاحب باہر تشریف نہ لا سکے اور ہماری بیعت نہ ہوسکی۔ ہم نے عرض کی کہ ہم کو دو تین دن ہو گئے ہیں۔ حضور بیعت قبول فرمائیں۔ چنانچہ حضورؑ نے دوسری چھت پر بلایا اور دو چارپائیاں پڑی تھیں۔ایک تو اچھا پلنگ تھا لیکن دوسری چارپائی بہت چھوٹی سی اور نحیف سی تھی۔
جب حضورؑ تشریف لائے تو ہم تین آدمیوں کو تو پلنگ پر بٹھا دیا لیکن خود اس کمزور سی چارپائی پر بیٹھ گئے اور بیعت لی۔‘‘
(روایات اصحاب احمد جلد 1 صفحہ 26-27)
سادہ ماحول کی ایک اَور مثال
حضرت مفتی محمد صادق صاحبؓ بیان کرتے ہیں کہ ’’عصر کے قریب جب مَیں کہیں باہر سے مکان پر آیا تو حضرت صاحبؑ چند خدام کے ساتھ جن میں غالباً قاضی خواجہ علی صاحب مرحوم بھی تھے، ایک چارپائی پر بیٹھے تھے۔ اس چارپائی پر حضور ؑکے لئے کوئی خاص کپڑا یا بچھونا نہیں بچھایا گیا تھا۔ دو تین چارپائیاں اَور بھی تھیں۔ مَیں بھی ایک چارپائی پر جا کر بیٹھ گیا۔ حضرت صاحبؑ نے مجھے مخاطب کر کے فرمایا۔ مفتی صاحب امرتسر جانے کا اچانک ارادہ ہو گیا ہے آپ بھی تیار ہو جائیں۔‘‘ مجلس بہت سادہ سی تھی اور سادگی کا جو ماحول تھا اس میں آپؑ نے مفتی صاحب ؓکو یہ بھی حکم دیا اور پھر فرمایا کہ تفصیل اس وقت میں نہیں آپ کو بتاتا ’’ آپ کو یہ دوست بتلا دیں گے…‘‘ تو مفتی صاحبؓ کہتے ہیں بہرحال ’’یہ ریل کا پہلا سفر تھا جس میں مجھے حضرت صاحبؑ کی رفاقت کا موقع ملا۔‘‘
(ذکر حبیب از حضرت مفتی محمد صادق صاحبؓ صفحہ 12)
جن دنوں عبداللہ آتھم کے ساتھ امرتسر میں مباحثہ ہو رہا تھا ان دنوں کا ایک واقعہ بیان کرتے ہوئے حضرت منشی ظفر احمد صاحب کپورتھلویؓ بیان کرتے ہیں کہ ’’غالباً کریم بخش ایک رئیس کی کوٹھی پر ہم ٹھہرے ہوئے تھے تو کرنیل الطاف علی خاں ہمارے ساتھ ہو لئے اور انہوں نے مجھ سے کہا میں حضرت صاحب سے تخلیہ میں ملنا چاہتا ہوں‘‘ علیحدگی میں ملنا چاہتا ہوں۔ ’’کرنیل صاحب کوٹ پتلون پہنے داڑھی مونچھ منڈوائے ہوئے تھے۔ مَیں نے کہا تم اندر چلے جاؤ۔‘‘ اسے کہہ دیا کہ ٹھیک ہے مَیں تمہارا انتظام کر دیتا ہوں اور اندر بھیج دیا۔ ’’باہر سے ہم کسی کو نہ آنے دیں گے‘‘ تم علیحدگی میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام سے ملاقات کرلو۔ ’’ پوچھنے کی کچھ ضرورت نہیں۔چنانچہ کرنیل صاحب اندر چلے گئے اور آدھ گھنٹے کے قریب حضرت صاحبؑ کے پاس تخلیہ میں‘‘ علیحدگی میں بیٹھے ’’رہے۔ کرنیل صاحب جب باہر آئے تو چشم پُر آب تھے۔‘‘ آنسو جاری تھے۔ ’’مَیں نے ان سے پوچھا کہ آپ نے کیا باتیں کیں جو ایسی حالت ہے۔ وہ کہنے لگے کہ جب مَیں اندر گیا تو حضرت صاحب اپنے خیال میں بورئیے پر بیٹھے ہوئے تھے‘‘ ایک سادہ چٹائی جیسا تھا ’’لیکن بورئیے پر حضور کا گھٹنا ہی تھا اور باقی زمین پر بیٹھے تھے۔ میں نے کہا حضور زمین پر بیٹھے ہیں اور حضور نے یہ سمجھا کہ غالباً میں‘‘ یعنی ’’(کرنیل صاحب) بورئیے پر بیٹھنا پسند نہیں کرتا اس لئے حضور نے اپنا صافہ بورئیے پر بچھا دیا‘‘ جو کپڑا تھا بورئیے پر بچھا دیا ’’اور فرمایا کہ آپ یہاں بیٹھیں۔‘‘ اس بورئیےکے اوپر اور ذرا صاف کپڑا بچھا دیا۔’’یہ حالت دیکھ کر میرے آنسو نکل پڑے اور مَیں نے عرض کی کہ اگرچہ میں ولایت میں بپتسمہ… لے چکا ہوں‘‘ اور عیسائیت قبول کر چکا ہوں ’’مگر اتنا بے ایمان نہیں ہوں کہ حضور کے صافے پر بیٹھ جاؤں۔ حضور ؑفرمانے لگے کچھ مضائقہ نہیں‘‘ کوئی حرج نہیں۔بیٹھ جاؤ۔ ’’آپ بلا تکلّف بیٹھ جائیں میں صافے کو ہاتھ سے ہٹا کر بورئیے پر بیٹھ گیا ‘‘ کرنل صاحب کہتے ہیں ’’اور میں نے اپنا حال سنانا شروع کیا کہ مَیں شراب بہت پیتا ہوں اور دیگر گناہ بھی کرتا ہوں۔ خدا رسول کا نام نہیں جانتا لیکن میں آپ کے سامنے اس وقت عیسائیت سے توبہ کر کے مسلمان ہوتا ہوں مگر جو عیوب مجھے لگ گئے ہیں ان کو چھوڑنا مشکل معلوم ہوتا ہے۔ حضورؑ نے فرمایا :
استغفار پڑھا کرو اور پنجگانہ نماز پڑھنے کی عادت ڈالو۔
جب تک میں حضورؑ کے پاس بیٹھا رہا میری حالت دِگر گوں ہوتی رہی اور مَیں روتا رہا اور ایسی حالت میں اقرار کرکے کہ مَیں استغفار اور نماز ضرور پڑھا کروں گا آپ کی اجازت لے کر آگیا۔ وہ اثر میرے دل پر اب تک ہے‘‘
(اصحاب احمد جلد 4 صفحہ 150-151)
باہر آتے ہوئے بھی (اثر) تھا۔ یہ کرنل صاحب اسی مباحثہ آتھم میں بھی شریک ہوئے تھے اور عیسائیوں کی طرف بیٹھا کرتے تھے لیکن ان کو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام کے ہاتھ پر توبہ کی توفیق ملی۔
حضرت شیخ یعقوب علی صاحب عرفانیؓ حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام کی بوریہ نشینی کی اس کیفیت کا ذکر کرتے ہوئے بیان فرماتے ہیں: ’’مَیں آتھم کے مباحثہ میں شریک تھا ۔اس بورئیے کو میں نے دیکھا تھا۔ دوپہر کے وقت جب آپ مباحثہ کر کے واپس آتے تو چونکہ مکان میں مہمانوں کی وجہ سے جگہ نہ ہوتی، کوٹھے کے اوپر دیوار کے سایہ میں اسے بچھا لیتے۔‘‘ چھوٹا سا ایک ٹاٹ سا تھا۔ ’’اسی پر بیٹھ کر کچھ نوٹ لکھتے اور اسی پر تھوڑی دیر آرام کرتے اور وہی بوریا بیت الدعاء کا کام دیتا۔ جب پہلا مکان تبدیل کر کے حاجی محمود کے مکان میں جو بڑا عالیشان تھا تشریف لائے تو ایک روز صبح کو بعض حوالہ جات بائبل دکھانے کو گیا یہ غالباً آخری دن تھا‘‘ بحث کا ’’یا اس سے ایک دن اوّل کا، آپؑ کو اسہال آ رہے تھے‘‘ پیٹ کی تکلیف تھی ’’اور
اس بورئیے پر لیٹے ہوئے تھے۔ نہ تکیہ تھا نہ بستر۔ کمر تک بورئیے پر تھے اور باقی جسم مبارک زمین پر تھا۔ مجھے یہ دیکھ کر رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا زمین پر لیٹنا اور بورئیے کے نشانات کا بدن مبارک پر ہو جانا یاد آ گیا اور میری آنکھیں‘‘ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی اس حالت کو دیکھ کر بھی اور پھر یہ حالت دیکھ کر’’ ڈبڈبا آئیں‘‘۔ آنسو آ گئے۔
(الحکم جلد 37 نمبر 14 مورخہ21اپریل 1934ء صفحہ4 ، کالم 2)
حضرت مفتی محمد صادق صاحبؓ بیان کرتے ہیں ’’ایک دفعہ کا ذکر ہے موسم گرما کی رخصتوں میں مَیں جموں سے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی خدمت میں قادیان آیا ہوا تھا۔ یہ وہ ایام تھے جبکہ حضرت مولوی نور الدین صاحب خلیفة المسیح الاوّلؓ بھی ہجرت کر کے قادیان آ چکے تھے اور وہ مکان بن چکا تھا جہاں آپؓ مطب کرتے تھے اور قریباً سارا دن وہیں بیٹھے رہا کرتے تھے۔ اس
مطب میں ایک دفعہ مَیں حضرت خلیفہ اوّلؓ کے پاس بیٹھا ہوا تھا کہ اچانک حضرت مسیح موعودؑ بھی وہاں اکیلے ہی تشریف لائے۔ چند ایک کتابیں آپؑ کے ہاتھ میں تھیں اور بےتکلّفی سے اسی چٹائی پر بیٹھ گئے جہاں ہم دونوں بیٹھے تھے
اور حضرت مولوی صاحبؓ کو مخاطب کر کے فرمایا: یہ چند نسخے سرمہ چشم آریہ کے میرے پاس پڑے ہوئے تھے۔ مَیں لایا ہوں کہ حسبِ ضرورت آپ تقسیم کر دیں۔ مَیں نے عرض کی کہ حضورؑ ایک مجھے چاہیے۔ حضورؑ نے فوراً ایک نسخہ مجھے عطا فرمایا۔‘‘
(ذکر حبیب از حضرت مفتی محمد صادق صاحب صفحہ 16-17)
حضرت حکیم جمال الدین صاحبؓ بیان کرتے ہیں کہ لدھیانہ بر مکان مولوی محمد حسین صاحب رئیس لدھیانہ مولوی محمد حسین صاحب بٹالوی کے ساتھ حضرت مسیح موعودعلیہ السلام کا مناظرہ موسم گرما میں چار بجے شام ہوا تھا ۔کہتے ہیں مہینہ اور سال مجھے یاد نہیں۔ مَیں نے اس وقت ابھی بیعت نہیں کی تھی۔ حکیم جمال الدین صاحبؓ کہتے ہیں مَیں نے بیعت نہیں کی تھی۔ مناظرہ جہاں ہو رہا تھا اس گھر میں موجود تھا لیکن مجھے حضرت مسیح موعود علیہ السلام سے حسن ظنی تھی۔ اچھے خیالات آپؑ کے بارے میں رکھتا تھا۔ مناظرہ میں موجودگی کا موقع مجھے اس لیے ملا تھا کہ احقر محکمہ نہر میں لدھیانہ میں ملازم تھا اور گاہ بہ گاہ حضرت اقدسؑ کے حضور بھی بوقت ضرورت حاضر ہو جایا کرتا تھا۔
حضورؑ سادگی کے ساتھ ایک چٹائی پر رونق افروز تھے اور مولوی محمد حسین بٹالوی چٹائی پر قالین بچھا کر گاؤ تکیہ لگا کر بیٹھے ہوئے تھے گویا ان کی نشست کی طرز فخریہ تھی اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی بڑی سادہ سی۔
(ماخوذ از اصحاب احمد جلد 13 صفحہ 282)
آپؑ کبھی نمایاں سلوک بھی پسند نہیں فرمایا کرتے تھے۔
اس بارے میں حضرت میاں عبدالعزیز صاحبؓ المعروف مغل بیان کرتے ہیں کہ ’’1904ء کا واقعہ ہے جب حضرت صاحبؑ لیکچر دینے کے لئے لاہور تشریف لائے تو ہم چند نوجوانوں نے مشورہ کیا کہ دوسری قوموں کے لیڈر جب یہاں آتے ہیں تو ان قوموں کے نوجوان گھوڑوں کی بجائے خود ان کی گاڑیاں کھینچتے ہیں اور ہمیں جو لیڈر اللہ تعالیٰ نے دیا ہے یہ اتنا جلیل القدر ہے کہ بڑے بڑے بادشاہ بھی اس کے مقابلہ میں کوئی حیثیت نہیں رکھتے۔ پس آج گھوڑوں کے بجائے ہمیں ان کی گاڑی کھینچنی چاہیے‘‘ چند نوجوانوںنے یہ فیصلہ کیا تو کہتے ہیں ’’چنانچہ ہم نے گاڑی والے سے کہا کہ اپنے گھوڑے الگ کر لو‘‘ گاڑی میں سے۔ ’’آج گاڑی ہم کھینچیں گے۔ کوچ مین نے ایسا ہی کیا۔ جب حضورؑ باہر تشریف لائے تو فرمایا گھوڑے کہاں ہیں؟ ہم نے عرض کیا حضور! دوسری قوموں کے لیڈر آتے ہیں تو ان کی قوم کے نوجوان ان کی گاڑیاں کھینچتے ہیں۔ آج حضور کی گاڑی کھینچنے کا شرف ہم حاصل کریں گے۔ فرمایا گھوڑے جوتو۔‘‘ گھوڑے دوبارہ گاڑی پہ واپس لگاؤ۔
’’ہم انسان کو حیوان بنانے کے لئے دنیا میں نہیں آئے۔ ہم تو حیوان کو انسان بنانے کے لئے آئے ہیں۔‘‘
(لاہور ،تاریخ احمدیت صفحہ 119)
یہ گھوڑے جوتنے کا جو کام ہے اللہ تعالیٰ نے اس کام کے لیے جانوروں کو لگایا ہے ان کو لگاؤ۔ انسانوں کا یہ کام نہیں ہے اور میرا یہ کام نہیں ہے کہ میں انسانوں کو حیوانوں کی جگہ رکھ دوں۔ مَیں نے تو حیوانوں کو انسان بنانا ہے۔یعنی جو روحانی لحاظ سے ایک بہت گری ہوئی حالت میں ہیں ان کو بھی اعلیٰ اخلاق اور دین سکھانا ہے۔
مزید واقعات اور اس بارے میں آپؑ کے بعض اَور حوالہ جات بھی ہیں جومَیں آئندہ پیش کروں گا۔
اس وقت مَیں
بعض مرحومین کا ذکر
کرنا چاہتا ہوں جس میں سے پہلا ذکر
مکرم الحاج شیخ یوسف عثمان کمبولایا صاحب مبلغ سلسلہ تنزانیہ
کا ہے۔ یہ تنزانین تھے۔ یہ 6 نومبر کو 84سال کی عمر میں وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ ۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے موصی تھے۔ پسماندگان میں سات بچے، پوتے پوتیاں اور پڑپوتے ،پڑپوتیاں شامل ہیں۔ آپ کے والد محترم معلم عثمان کمبولایا صاحب خاندان میں احمدیت قبول کرنے والے اوّلین افراد میں سے تھے۔
خواجہ مظفر احمد صاحب قائمقام امیر لکھتے ہیں کہ مرحوم نے اپنی زندگی کا ایک طویل حصہ دین اسلام اور جماعت احمدیہ کی خدمت کے لیے وقف کیے رکھا۔ 1956ء سے 1967ء تک ربوہ میں مقیم رہے جہاں آپ نے تعلیم حاصل کی۔ جامعہ احمدیہ سے شاہد کی ڈگری حاصل کی۔ بعد ازاں تنزانیہ میں مختلف ریجنز میں خدمتِ دین کی توفیق ملی۔ نہایت محنت، اخلاص اور وفا کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کیں۔ مرحوم کی زندگی کا ایک نمایاں پہلو یہ تھا کہ آپ نے حقیقی معنوں میں آخری عمر تک اپنے وقف کو نبھایا۔ بڑھتی ہوئی عمر اور دیگر مشکلات کے باوجود خدمتِ دین کا جذبہ ہمیشہ قائم رہا۔ آپ کے لیے وقف محض ایک عہد نہیں تھا بلکہ زندگی کا مقصد اور ایک مقدّس ذمہ داری تھا جسے آپ نے آخری سانسوں تک نبھانے کی کوشش کی۔
ان کے بارے میں ان کے عزیزوں کی طرف سے بھی یہ (اظہار) ہے کہ آپ ایک شفیق باپ تھے جنہوں نے اپنی اولاد کی احمدیت کی مضبوط بنیادوں پر تربیت کی اور آج آپ کے تمام بچے اللہ تعالیٰ کے فضل سے مختلف حیثیتوں سے جماعت کی خدمت کی توفیق پا رہے ہیں۔ مرحوم نہایت اعلیٰ اخلاق کے مالک تھے۔ متقی تھے۔ منکسرالمزاج تھے۔فیاض اور خلقِ خدا کی خدمت کرنے والے انسان تھے۔ آپ کے دل میں اللہ تعالیٰ ،آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم، حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور نظامِ خلافت کی بے پناہ محبت تھی۔ اپنی ساری زندگی جماعتی ماٹو ’’محبت سب کے لیے نفرت کسی سے نہیں‘‘ کا عملی نمونہ بنے رہے۔
آپ کے بچوں نے بتایا کہ ہماری والدہ بیان کرتی ہیں کہ ایک مرتبہ عیدالفطر کے موقع پر والد صاحب کا الاؤنس تاخیر کا شکار ہو گیا۔ حالات بھی ایسے تھے۔ دیر سے الاؤنس پہنچا اور گھر میں کھانے پینے یا بچوں کی عید کی تیاری کا کوئی سامان نہ تھا۔ والدہ کے بار بار توجہ دلانے اور پریشان ہونے کے باوجود مرحوم مکمل طور پر مطمئن رہے اور مسکرا کر فرماتے کہ اللہ تعالیٰ خود ہماری مدد فرمائے گا۔ کہتے ہیں عید والے دن عید سے کچھ دیر پہلے جب ظاہری اسباب بالکل ختم ہو چکے تھے ایک احمدی دوست نے آ کر اتنی رقم تحفہ کے طور پر پیش کی جس سے نہ صرف کھانے پینے اور بچوں کے کپڑوں کا باآسانی انتظام ہو گیا بلکہ کچھ رقم بچ بھی گئی۔ مرحوم نے اس واقعہ کو توکّل علیٰ اللہ کا عملی نمونہ قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کو کبھی ضائع نہیں کرتا۔ تو یہ ساتھ ہی تمام واقفینِ زندگی اور مبلّغین کے لیے بھی ان کا سبق ہے۔
وفات سے قریباً دو سال قبل مرحوم کا آٹھ گھنٹے طویل اور پیچیدہ آپریشن ہوا۔ اس کے بعد آپ کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا گیا۔ ہوش میں آنے اور قدرے سنبھلنے پر آپ نے شدید تکلیف کے باوجود حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی ایک کتاب کے ترجمے کا کام دوبارہ شروع کر دیا۔ جب آپ کو آرام کرنے کا مشورہ دیا گیا تو آپ نے کہا نہیں! مَیں آرام نہیں کر سکتا کیونکہ مجھے لگتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے مجھے یہ تھوڑی سی مہلت اس لیے دی ہے تاکہ میں خلیفة المسیح کی طرف سے سونپا گیا کام مکمل کرسکوں۔ آگے یہ بھی لکھتے ہیں کہ اس روز شام کو نقاہت کے باوجود جب رات کو آپ کا پوتا نماز تہجد آپ کے قریب پڑھ رہا تھا تو اسے آپ نے کہا کہ بلند آواز سے قرأت کرو اور آپ بستر پر لیٹے ہوئے یہ سنتے رہے۔ سورت فاتحہ بھی سنی۔ آمین بھی کہی۔ دعا میں شامل ہوتے رہے۔ زندگی کے آخری ایام تک اپنی صحت کے مطابق دینی کاموں میں مصروف رہے۔
اس بارے میں ایک عیسائی کے ساتھ بھی ان کی نیکی کا بڑا دلچسپ واقعہ ہے۔ مرحوم کے ایک بیٹے کی کمپنی نے رومن کیتھولک چرچ کے زیر انتظام ایک عمارت کی منزل کرائے پہ لے رکھی تھی۔ کرایہ داروں کے ایک تنازع کے باعث چرچ کے اسسٹنٹ بشپ کو پولیس کی مدد سے عمارت خالی کروانے کا کام سونپا گیا۔ تاہم بشپ کو مسلسل تین راتیں خواب میں متنبہ کیا گیا کہ رک جاؤ ۔ان لوگوں کو مت چھیڑو اور اس شخص کو اکیلا چھوڑ دو۔ ان خوابوں سے متاثر ہو کر بشپ نے کارروائی روک دی اور خود سونگیا سے سفر کر کے دارالسلام آیا تاکہ معلوم کر سکے کہ شیخ کمبولایاجس کے بارے میںان کو کہا گیا تھا۔ یہ کون لوگ ہیں۔ جب مرحوم کے بیٹے نے بتایا کہ شیخ کمبولایا ان کے والد اور جماعت احمدیہ کے مبلغ ہیں تو بشپ نے حیرت اور عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب مجھے سمجھ آئی کہ مجھے خواب میں اس کمپنی کے خلاف کارروائی سے کیوں روکا گیا تھا اور اقرار کیا کہ واقعی شیخ کمبولایا ایک انتہائی بزرگ اور اللہ تعالیٰ کے مقرّب انسان ہیں۔ بشپ نے خود وہاں جا کر ان کے والد مرحوم سے ملاقات کر کے ان سے عقیدت کا اظہار کیا۔ مرحوم نے اپنے پیچھے مال و دولت کی بجائے ایمان، تقویٰ، عشقِ خلافت اور ہمدردیِٔ خلق اور خدمتِ دین کی ایک عظیم روحانی میراث چھوڑی ہے۔ انہوں نے اپنے قول و عمل سے سکھایا کہ خدمتِ دین کوئی عارضی ذمہ داری نہیں بلکہ ایک امانت ہے جسے وفاداری، صبر اور اخلاص کے ساتھ نبھانا چاہیے۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور ایسے محنتی اور وفا کرنے والے خادمینِ سلسلہ جماعت کو عطا فرماتا رہے۔
دوسرا ذکر
مکرمہ امة الشافی صاحبہ اہلیہ کیپٹن محمود احمد خان صاحب
کا ہے جو حضرت مرزا شریف احمد صاحب رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی پوتی۔ حضرت نواب امة الحفیظ بیگم صاحبہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کی نواسی ۔ صاحبزادہ کرنل مرزا داؤداحمد صاحب اور محترمہ زکیہ بیگم صاحبہ کی بیٹی تھیں جو گذشتہ دنوں بیاسی (82)سال کی عمر میں وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ ۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے موصیہ تھیں۔ کراچی میں لجنہ اماء اللہ کے تحت لوکل صدر کے طور پہ بھی خدمت کی توفیق پائی اور عاملہ کے ممبر کے طور پر بھی ان کو خدمت کی توفیق ملی۔
حضرت خلیفة المسیح الثالث رحمہ اللہ تعالیٰ نے ان کا نکاح پڑھایا تو آپؒ نے جو خطبہ ارشاد فرمایا اور یہ خطبہ مَیں نے اس لیے رکھا ہے کہ اس میں ہم سب کے لیے بہت نصائح ہیں۔ آپؒ نے فرمایا کہ ’’عزیزہ امة الشافی کا تعلق حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام سے دوہرا ہے۔ ننھیال کی طرف سے بھی اور ددھیال کی طرف سے بھی۔ اسی طرح عزیز محمود احمد صاحب کا تعلق بھی حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام سے دوہرا ہے ۔ننھیال کی طرف بھی اور ددھیال کی طرف سے بھی۔‘‘ آپؒ فرماتے ہیں کہ ’’عزیزہ امة الشافی ہماری محترمہ چھوٹی پھوپھی صاحبہ کی نواسی ہیں اور محترم چچا جان حضرت مرزا شریف احمد صاحب رضی اللہ عنہ کی پوتی ہیں۔ اسی طرح عزیزم محمود احمد صاحب حضرت نواب مبارکہ بیگم صاحبہؓ (ہماری بڑی پھوپھی) کے پوتے ہیں اور حضرت مرزا بشیر احمد صاحب رضی اللہ عنہ کے نواسے ہیں۔‘‘ آپؒ فرماتے ہیں آگے: ’’اس موقع پر مَیں اپنے عزیزوں کو خواہ ان کا تعلق حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام سے جسمانی ہے‘‘ یعنی خاندان کے ہیں،’’ خواہ روحانی، یہ توجہ دلانا چاہتا ہوں کہ یہ اللہ تعالیٰ کا احسان ہے اور شکر کا مقام ہے کہ اس نے ایسے اسباب پیدا کیے کہ ہم حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام سے تعلق والے بنے۔ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام نے اپنی اولاد کے لئے بڑی دعائیں کی ہیں جو آپ کی دو آمین میں ہیں اور دوسری جگہ بھی پائی جاتی ہیں اور جب ہم ان دعاؤں پر غور کرتے ہیں تو ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ
ہر وہ دعا جو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام نے کی وہ ہم پر ایک ذمہ داری بھی عائد کرتی ہے‘‘
پھر آپؒ نے فرمایا کہ ’’مَیں چند مثالیں بیان کرتا ہوں۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام فرماتے ہیں‘‘ اپنی اس آمین والی نظموں میں۔ ایک مصرع یہ ہے۔
’’حق پر نثار ہوویں مولیٰ کے یار ہو ویں ‘‘
’’ پھر آپؑ نے فرمایا ‘‘ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے
’’نہ دیکھیں وہ زمانہ بے کسی کا
مصیبت کا، الم کا، بے بسی کا‘‘
یہ دعائیہ کلمات حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ہیں۔ پھر حضرت خلیفہ ثالثؒ فرماتے ہیں کہ’’ یہ دعا جب آپ نے کی تو ہمیں اس طرف متوجہ کیا کہ تم پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ تم اپنی زندگیاں بَلٰی مَنْ اَسْلَمَ وَجْھَہٗ لِلّٰہِ وَھُوَ مُحْسِنٌ فَلَہٗ اَجْرُہٗ عِنْدَ رَبِّہٖ وَلَا خَوْفٌ عَلَیْھِمْ وَلَا ھُمْ یَحْزَنُوْنَ۔(البقرۃ:113) کے مطابق گزارو۔ اگر بے کسی اور بے بسی کا زمانہ تم دیکھنا نہیں چاہتے اور مصیبتوں اور تکلیفوں سے بچنے کی خواہش ہے تو بَلٰی مَنْ اَسْلَمَ۔ والے گروہ میں داخل ہو جاؤ۔ اپنے پر ایک موت وارد کر لو اور اپنی ہر چیز خدا پر قربان کر دو اور خدا تعالیٰ سے نئی زندگی کی خواہش کرو اور نئی زندگی پاؤ۔
اگر تم سب کچھ خدا کے لئے قربان کر دو گے اور اپنے پر ایک موت وارد کر لو گے تو بےکسی اور بے بسی کا زمانہ نہ دیکھو گے…۔‘‘
دعا صرف تبھی قبول ہوگی جب خود بھی عمل کرو گے۔
پھر آپؒ لکھتے ہیں: اگلا مصرع حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے یہ فرمایا کہ
’’شیطاں سے دُور رکھیو اپنے حضور رکھیو
اس میں ہمیں متوجہ کیا کہ شیطان کا غلبہ ان لوگوں پر نہیں ہوتا جو خدا کی راہ میں مجاہدہ کرتے ہیں اور مجاہدہ کا حق ادا کرتے ہیں اگر تم ایسا کرو گے تو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام کی یہ دعا تمہارے حق میں قبول ہو گی۔‘‘ دعا قبول کرانے کے لیے بھی اپنے عمل اس کے مطابق ثابت کرنے پڑیں گے۔ ’’پھر آپؑ نے فرمایا۔
اہلِ وقار ہوویں فخرِ دیار ہوویں
اس میں آپ نے ہمیں اس فرمان کی طرف متوجہ کیا کہ مَنْ کَانَ یُرِیْدُ الْعِزَّةَ فَلِلّٰہِ الْعِزَّةُ جَمِیْعًا۔(فاطر:11)کہ سب عزتوں کا سرچشمہ خدا ہے اگر عزت کی تلاش ہے تو اس کی طرف رجوع کرنا چاہیے۔ اس شخص کی کیا عزت جسے دس بیس، تیس ،چالیس، پچاس ،ساٹھ کی نگاہ میں عزت حاصل ہو لیکن خدا کی نگاہ میں اس کے لئے ذلّت اور غضب مقدر ہو۔ پس فرمایا کہ
خدا تعالیٰ سب عزتوں کا سرچشمہ ہے اور جس سے حقیقی عزت ملتی ہے اس سے تعلق قائم کرو تا تمہیں حقیقی عزت حاصل ہو۔
پھر فرمایا
مولیٰ کے یار ہوویں
قرآن مجید میں فرمایا۔ وَاللّٰہُ وَلِیُّ الْمُتَّقِیْنَ۔(الجاثیۃ:20) کہ جو لوگ خدا تعالیٰ کی ناراضگی سے بچنے کی خاطر اس کی نواہی سے بچتے ہیں اور گناہ اور معصیت کے قریب بھی نہیں پھٹکتے تو وہ خدا تعالیٰ کی حفاظت میں آ جاتے ہیں۔ مولیٰ کا یار بننے اور اس کی حفاظت میں ہونے کے لئے ضروری ہے کہ ہم خدا کی نگاہ میں متقی بنیں۔ بعض لوگ کچھ لوگوں کی نظر میں متقی ہوتے ہیں لیکن درحقیقت وہ متقی نہیں ہوتے۔
اصل متقی وہ ہے جو خدا تعالیٰ کی نگاہ میں متقی ہو۔ اس سے بڑھ کر اور کیا نعمت ہو گی کہ ایک انسان خدا تعالیٰ کی نظر میں متقی ٹھہرے۔
پھر فرمایا
جاں پُرزِنور رکھیو دل پُرسرور رکھیو
اس سے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام ہمیں توجہ دلاتے ہیں کہ ہمیں اپنے اندر سے ظلمات دور کر کے نور پیدا کرنا چاہیے اور وہ نور حاصل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے جو خدا تعالیٰ کی طرف سے آتا ہے…۔ اگر تم چاہتے ہو کہ تمہارا دل خدا تعالیٰ کے نور سے منور ہو تو اس کے بتائے ہوئے راستے پر چلو اور اس کے لئے یہ طریقہ بتایا ہے کہ جو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی اتباع کرے گا اور آپ کے نمونہ پر چلے گا اس کو نور دیا جائے گا۔ وہ صراط مستقیم جو اسلام نے ہمارے سامنے رکھا ہے چلتا چلا جائے گا تو آخر وہ اس نور کو حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔‘‘
آپؒ نے فرمایا کہ ’’یہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام کی دعاؤں کی چند مثالیں ہیں۔
آپؑ نے جو دعا بھی فرمائی ہے ہر اس دعا کے مقابل غور کرنے پر آپ کو ایک ذمہ داری نظر آئے گی جس کی قرآن مجید کی آیات سے تائید ہوتی ہے اور جس کا نبھانا ہمارے لئے ضروری ہے۔
پس حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام کی طرف منسوب ہو جانا یا یہ سمجھ لینا کہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام نے ہمارے لئے دعائیں فرمائی ہیں کافی نہیں ۔ اگر ہم اپنی ذمہ داریوں کی طرف متوجہ نہ ہوں جو ان دعاؤں کے نتیجہ میں ہم پر آتی ہیں تو یہ دعائیں ہمارے لئے مفید نہیں ۔
یہ دعائیں اسی وقت ہمارے لئے مفید ہو سکتی ہیں جب ہم وہ ذمہ داریاں بھی ادا کریں جو ان دعاؤں کے نتیجہ میں ہم پر پڑتی ہیں۔‘‘
پھر آگے حضرت خلیفہ ثالثؒ فرماتے ہیں کہ ’’پس
اَے وَے لوگو! جو جسمانی لحاظ سے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام کی طرف منسوب ہوتے ہو اور اَے وَے لوگو! جو روحانی لحاظ سے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام کی طرف منسوب ہوتے ہو ان باتوں پر غور کرو۔ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام کو اس لئے بھیجا گیا تھا کہ تا آپ کے گرد وہ لوگ جمع ہوں جو قرآن کریم پر عمل کرنے والے ہوں اور قرآن کریم کے نور سے منور ہوں…۔‘‘
پھر آپؒ نے دعا کی کہ ’’اللہ تعالیٰ ہمیں توفیق عطا کرے کہ ہم قرآن کریم پر عمل کریں اور ہمارے دل اس کے نور سے منور ہوں اور جب کہ اللہ تعالیٰ ہمیں دیکھنا چاہتا ہے‘‘ جیسا کہ اللہ تعالیٰ دیکھنا چاہتا ہے ’’ویسے ہی ہم اس کی نظر میں ہوں۔‘‘
(خطبات ناصر ، جلد 10 صفحہ 348-352)
یہ بہت اہم نصائح ہیں ۔ان کے بچوں کے لیے بھی۔خاندان کے افراد کے لیے بھی اور افرادِ جماعت کے لیے بھی۔ ان پر غور کرنا چاہیے۔ ان پر عمل کرنا چاہیے۔ اور یہ ہوگا تو تب ہی ہم حقیقت میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی بیعت کا بھی حق ادا کرنے والے ہوں گے۔
محترمہ امة الشافی صاحبہ کی ذاتی خوبیوں میں ایک یہ بھی تھی کہ بہت رشتے نبھانے والی تھیں اور خدمت کرنے والی بھی تھیں۔ اپنی ساس کی انہوں نے بڑی خدمت کی۔جب ان کی وفات ہوئی تو حضرت خلیفہ رابعؒ نے ان کے خاوند کو لکھا کہ لوگ تو اپنی ماؤں کے قدموں سے ان کی خدمت کر کے جنت لُوٹتے ہیں لیکن شافی نے تو دوسرے کی ماں کی خدمت کر کے بھی جنت لوٹ لی۔ تو بہت خدمت گزار تھیں۔ غریبوں کی مدد کرنے والی تھیں۔ رشتہ داروں سے تعلق نبھانے والی تھیں اور بے لوث ہو کے تعلق نبھانے والی تھیں۔ خدمت بھی، مدد بھی جو لوگوں کی کرتی تھیں بےلوث ہو کے کرتی تھیں۔ بعض ملازمین کے بچوں کو انہوں نے پڑھایا،اعلیٰ تعلیم دلوائی اور وہ اس وقت خوشحال بھی ہیں اور صاحبِ جائیداد بھی ہیں۔ ان کا ایک نواسہ واقف زندگی ہے۔ مربی سلسلہ ہے۔ اللہ تعالیٰ اِسے بھی اپنے وقف کا حق ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور مرحومہ سے مغفرت اور رحم کا سلوک فرمائے۔
تیسرا ذکر
مکرم عبدالرفیق جدران صاحب، امریکہ
کا ہے جو گذشتہ دنوں 76سال کی عمر میں وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ ۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے موصی تھے۔ پسماندگان میں ایک بیٹا، چار بیٹیاں اور آٹھ نواسے نواسیاں شامل ہیں۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابہ حضرت مولوی رحیم بخش صاحب رضی اللہ تعالیٰ عنہ تلونڈی جھنگلاں اور حضرت برکت بی بی صاحبہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے پوتے اور مکرم ڈاکٹر عبدالکریم خلجی صاحب کے نواسے تھے۔ آپ ڈاکٹر محمد عبدالقدیر جدران صاحب کے بیٹے تھے جنہیں اگست 1989ء میں نواب شاہ میں جبکہ وہ اپنے کلینک پہ بیٹھے ہوئے تھے وہاں گولیاں مار کے شہید کر دیا گیا تھا۔ اسی طرح ان کے تایا کو بھی ستمبر میں ایک مہینے کے بعد شہید کر دیا گیا اور ایسی حالت میں جبکہ وہ مریضوں کو دیکھ رہے تھے۔ جب حضرت خلیفة المسیح الثالثؒ نے نصرت جہاں سکیم کا اجرا فرمایا تو ان کے والد نے ان کا نام بغیر بتائے حضرت خلیفةالمسیح الثالثؒ کی خدمت میں پیش کر دیا اور ان کو دفتر کی طرف سے بلاوا بھی آ گیا اور انہوں نے بڑی خوش دلی سے اس کو قبول کیا کہ میرے والد صاحب نے پیش کیا ہے اور پھر وقف نبھایا۔ یہ ایک عارضی وقف تھا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے جنوری 1974ءسے جولائی 1987ء تک گھانا میں نصرت جہاں کے تحت انہوں نے خدمت کی توفیق پائی ۔اور
جب مَیں گھانا میں تھا تو میرے ساتھ بھی انہوں نے آٹھ نو سال کا عرصہ جو گزارا ہے۔ مَیں نے ان کو دیکھا ہے کہ بڑی وفا سے، بڑی محنت سے اور اخلاص سے کام کرنے والے تھے۔ تعلق نبھانے والے تھے۔ ہمیشہ انہوں نے ہر قسم کے تعلق کو بھی نبھایا اور دوستوں کے دوست، جماعت کی خدمت کرنے والے تھے۔
اللہ تعالیٰ مرحوم سے مغفرت کا سلوک فرمائے۔ درجات بلند کرے۔ ان کے بچوں کو بھی ان کی نیکیاں جاری رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔
چوتھا ذکر
مکرمہ سلیمہ تبسم صاحبہ اہلیہ مرزا عبدالحمید صاحب مرحوم، میرپور خاص سندھ
کا ہے جو ان دنوں میں اپنے بیٹے یا داماد کے پاس سیرالیون گئی ہوئی تھیں ۔بہرحال یہ گذشتہ دنوں تہتّر(73) سال کی عمر میں وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے موصیہ تھیں۔ رفیق جدران صاحب بھی موصی تھے۔ پسماندگان میں دو بیٹیاں، دو بیٹے اور بہت سے نواسے نواسیاں اور پوتے پوتیاں شامل ہیں۔ آپ کے بیٹے مرزا عطاءالرؤوف صاحب اس وقت سپین میں خدمت کی توفیق پا رہے ہیں۔ مربی سلسلہ ہیں۔ میدانِ عمل میں ہونے کی وجہ سے والدہ کے جنازے اور تدفین میں شامل نہیں ہو سکے۔ اسی طرح باقی بچے بھی سیرالیون میں نہ ہونے کی وجہ سے جنازے میں شامل نہیں ہو سکے۔ ذیشان محمود صاحب مربی سلسلہ سیرالیون کی ساس تھیں۔ ان کے پاس ہی تھیں اور حیدر علی ظفر صاحب کی چچا زاد بہن بھی تھیں۔ اللہ تعالیٰ سے ان کا خاص تعلق تھا اور بہت موقعوں پر اللہ تعالیٰ ان کو بعض چیزوں سے آگاہ بھی کر دیا کرتا تھا۔ جماعتی خدمت میں بھی یہ ہمیشہ پیش پیش رہیں۔ اللہ تعالیٰ ان سے مغفرت اور رحم کا سلوک فرمائے۔ درجات بلند فرمائے۔ ان کے بچوں کو بھی ان کی نیکیاں جاری رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: خطبہ جمعہ سیّدنا امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرمودہ 06؍نومبر 2026ء




