یورپ (رپورٹس)

مجلس انصاراللہ جرمنی کی ماہ فروری ۲۰۲۶ء میں بعض مساعی

مکرم فاروق احمد چیمہ صاحب قائد عمومی مجلس انصاراللہ جرمنی تحریر کرتے ہیں کہ دیگر ذیلی مجالس کی طرح مجلس انصاراللہ جرمنی بھی اللہ تعالیٰ کے فضل سے اپنی مساعی میں سرگرم ہے۔ ماہ فروری کی بعض مساعی کی جھلکی ہدیۂ قارئین ہے۔

احمدیہ لنگر: مجلس انصاراللہ جرمنی کو شعبہ ایثار کے تحت ماہ فروری ۲۰۲۶ء میں کُل ۷۸۱۱؍بے گھر افراد میں کھانا تقسیم کرنے کا موقع ملا۔ اس سلسلہ میں دوران ماہ ۱۵؍علاقہ جات کی ۷۶؍مجالس کے ۳۳۶؍انصار نے اپنی خدمات پیش کیں۔

ذہانت وصحت جسمانی :مجلس انصار اللہ جرمنی انصار بھائیوں کو جسمانی طور پر فعال رکھنے کے لیے دوران سال مختلف لیولز پر ورزشی مقابلہ جات کا انعقاد کرتی رہتی ہے۔ اس سلسلہ میں ماہ فروری میں جرمنی بھر کی ۶۲؍مجالس میں سپورٹس کے مختلف پروگرامز کا انعقاد ہوا جس میں صف اوّل کے ۱۹۵؍اور صف دوم کے ۳۴۳؍انصار شامل ہوئے۔

عشرہ تعلیم القرآن:رمضان المبارک کے پہلے عشرہ کے دوران مورخہ ۱۹تا۲۸؍فروری مجلس انصار اللہ جرمنی کے تحت ’عشرہ تعلیم القرآن‘ منایا گیا اور اس عشرہ کے دوران انصار بھائیوں میں تلاوت قرآن کریم کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے مختلف پروگرامز ترتیب ديے گئے اور ماہ رمضان کے دوران قرآن کریم کا کم از کم ایک دور ضرور مکمل کرنے کی تلقین کی گئی۔

ہفتہ تعلیم:مورخہ ۸تا۱۴؍فروری ’ہفتہ تعلیم‘ کا انعقاد کیا گیا جس کی تفصیل درج ذیل ہے۔

جرمنی بھر کی ۱۴۵؍مجالس نے دوران ہفتہ اجتماعی یوم مطالعہ کا انعقاد کیا۔ کُل ۱۲۴۴؍انصار نے مقررہ کتاب کے روزانہ کم از کم ۵؍صفحات کا مطالعہ کیا۔ ۷۲؍مجالس میں روزانہ کی بنیاد پر اجتماعی طور پر نماز باترجمہ کی دہرائی کروائی گئی۔ اجتماعی نماز باترجمہ کلاسز میں روزانہ شامل ہونے والے انصار کی اوسط تعداد ۶۳۲؍رہی۔ اس ہفتہ کے دوران انفرادی نماز باترجمہ سیکھنے والے انصار کی تعداد ۱۱۱۶؍رہی۔ اس ہفتہ کے دوران ۸۴۱؍انصار نے کم از کم ایک نئی دُعا یاد کی۔ الحمدللہ

سینئر انصار کے ساتھ پروگرام:مجلس انصار اللہ جرمنی کے علاقہ Hessen Süd کے زون Bensheimکو مورخہ ۱۵؍فروری بروز اتوار اپنے زون کے ۶۵؍سال سے زائد عمر کے انصار بھائیوں کے ليے ’انصار بیٹھک‘ کے نام سے پروگرام منعقد کرنے کی توفیق ملی، الحمدللہ۔ پروگرام کا مقصد بزرگ انصار کے ساتھ مل بیٹھنا اور ان کی احوال پُرسی کرنا تھا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے زون کے کل ۳۰؍انصار (۶۵؍سال سے زائد عمر کے) اس پروگرام میں شامل ہوئے جس میں ایک دوسرے کے تعارف کے ساتھ ساتھ اپنی زندگی کے یادگار واقعات اور اشعار وغیرہ سُنائے اور ایک فیملی کی طرح ۳؍گھنٹے کا وقت گزارا۔ مقامی مبلغ سلسلہ بھی اس پروگرام میں شامل ہوئے اور انہوں نے بھی اُردو اور پنجابی زبان میں چند دلچسپ/سبق آموز واقعات سُنائے۔ تمام شاملین اس پروگرام سے بہت خوش ہوئے اور آئندہ بھی ایسے پروگرام منعقد کرنے کی درخواست کی۔ پروگرام کے دوران شاملین انصار بھائیوں کی کھانے سے تواضع کی گئی۔

ریفریشر کورسز شعبہ جات:مجلس انصاراللہ جرمنی کی درج ذیل قیادتوں کو علاقائی سطح پر اپنے سالانہ ریفریشر کورسز کے انعقاد کی توفیق ملی: قیادت عمومی، قیادت تجنید، قیادت مال اور آڈیٹر۔

ان ریفریشر کورسز میں ناظمین اعلیٰ علاقہ و زونز، ناظمین شعبہ جات علاقہ و زونز، زعمائے مجالس اور منتظمین شعبہ جات مجالس شامل ہوئے۔

ان ریفریشر کورسز کا آغاز مورخہ ۱۷؍جنوری ۲۰۲۶ء کو کیا گیا اور ماہ فروری میں کل ۱۱؍علاقہ جات کے ریفریشر کورسز کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا۔ الحمدللہ

استقبالیہ پروگرامز صف دوم:ماہ فروری میں مجلس انصار اللہ جرمنی کو صف دوم کے تحت مجلس انصار اللہ میں خدام الاحمدیہ سے نئے شامل ہونے والے انصار بھائیوں کے لیے علاقہ جات کی سطح پر ۷؍استقبالیہ پروگراموں کے انعقاد کی توفیق ملی۔ ان پروگرامز کی کارروائی کچھ یوں رہی:

٭…حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات پر مبنی ویڈیو اقتباسات پیش کيے گئے، حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات کی روشنی میں اور حضرت مصلح موعودؓ کی ہدایات کے حوالہ سے انصار کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی گئی۔

٭… حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشاد کے مطابق خاص طور پرتوجہ دلائی گئی کہ انصار اللہ میں آکر اپنے آپ کو بوڑھا نہ سمجھ لیں بلکہ اللہ تعالیٰ نے عمر کے اس حصہ میں ان کے اندر جو طاقتیں جمع کردی ہیں ان کے ساتھ پورے جوش اور قوت کے ساتھ نصرت دین کے ليے پہلے سے بہت بڑھ کر سرگرم ہوجائیں۔ محنت اور مشقت کی عادت ڈالیں۔ نیز حقوق اللہ اور حقوق العباد کے اعلیٰ معیار قائم کرتے ہوئےاپنی اولاد کو خلافت کے ساتھ پختگی سے وابستہ کرنے کی اہم ذمہ داری کی طرف بھی توجہ دلائی گئی۔ انصار کو یاد دہانی کروائی گئی کہ نحن انصار اللّٰہ کے عہد کے کیا تقاضے ہیں۔

٭…مجلس انصار اللہ کا تعارف، تنظیمی ڈھانچہ، اہم پروگراموں اور صف دوم کے لائحہ عمل سے آگاہی دی گئی۔ اس کےليے انہیں خاص طور پر جسمانی طور پر بہت فعال ہونے، سائیکل باقاعدگی سے چلانے، ورزش اور سپورٹس کے پروگراموں کی طرف راہنمائی بھی کی گئی (مختلف اہداف طے کر کے ان کو حاصل کرنے اور اپنا جائزہ لیتے رہنے کےليے کچھ تجاویز، مشورہ جات اور ٹریننگ بھی دی گئی)۔

٭…پروگرام کا آغاز تقریباً ۱۲؍بجے تلاوت قرآن کریم کے ساتھ ہوا۔ عہد، نظم، پروگرام کا دیگر مواد پیش کرنے، سوالات اور تحائف کی تقسیم کے بعد سوا ایک بجے کھانے کا اہتمام کیا گیا اور دو بجے نماز کی ادائیگی کے ساتھ پروگرام کا اختتام ہوا۔ اس موقع پر نئے شامل ہونے والے بھائیوں کو تحفہ اور یادگار کے طور پر جائے نماز، انصار اللہ کا رومال، ڈائری، پین اور بیج دیے گئے۔

٭…استقبالیہ پروگرام سے قبل ان علاقوں کے زعماء مجالس کے ساتھ ان کی ذمہ داریوں کی یاد دہانی کے حوالہ سے میٹنگ بھی کی گئی۔

تبلیغی سرگرمیاں:ماہ فروری کے دوران کل ۴۴؍اوپن لائبریریوں میں کل ۱۹۳؍کتب رکھوائی گئیں۔ دوران ماہ کل ۶۶۹؍مفت لٹریچر اور ۶؍ہزار ۶۶؍فلائرز تقسیم کيے گئے اور انفرادی طور پر سٹال پر آنے والوں کو جماعت کا تعارف کروایا گیا۔ صف اول کے کل ۸۵؍انصار اور صف دوم کے کل ۱۰۹؍انصار نے اس موقع پر خدمت کی توفیق پائی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

(رپورٹ:عرفان خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ ٹوگو کے پندرھویں جلسہ سالانہ ۲۰۲۵ء کا بابرکت انعقاد

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button