افریقہ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ ٹوگو کے پندرھویں جلسہ سالانہ ۲۰۲۵ء کا بابرکت انعقاد

٭…’’آنحضورﷺانسانیت کے ليے کامل نمونہ‘‘کے مرکزی موضوع پر منعقدہ جلسہ سالانہ کے موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا ارسال کردہ خصوصی پیغام ٭…۱۱۲۷؍احباب کی شمولیت

اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے جماعت احمدیہ ٹوگو کو اپنا ۱۵واں جلسہ سالانہ ’’آنحضورﷺانسانیت کے ليے کامل نمونہ‘‘ کے مرکزی موضوع پر ۲۶تا ۲۸؍دسمبر ۲۰۲۵ء بمقام ’’مہدی آباد‘‘ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔

جلسہ سالانہ کی تیاری ماہ اکتوبر میں کمیٹی جلسہ سالانہ کی میٹنگ کے ساتھ شروع کی جاچکی تھی جبکہ تیاری جلسہ گاہ کے ليے ۱۵؍دسمبر کو نماز تہجد اور دعا کے ساتھ ڈیوٹیز کا باقاعدہ آغا زہوا۔ مختلف جماعتوں سے آئے خدام نے وقار عمل کے ذریعے نہایت محنت کے ساتھ زمین کی صفائی کی اور اسے ہموار کیا۔ مردانہ اور زنانہ جلسہ گاہ، رہائش گاہیں، نظامتوں کے ٹینٹ، راستوں اور جلسہ گاہ کی تزئین و آرائش کے ليے بینرز اور جھنڈیاں لگائی گئیں۔ اس کے ساتھ جلسہ گاہ کے داخلی راستہ کے دائیں جانب مینارۃ المسیح کا ماڈل بنا کر کر اس پر لائیٹنگ کی گئی۔ جلسہ گاہ نیشنل ہائی وے پر واقع ہے۔ چنانچہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے امن، پیار اور محبت سے متعلق پیغامات کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی تصاویر کے ساتھ مختلف بینرز کی صورت میں اس ہائی وے کے کنارے نصب کیے گئے تھے۔ ان بینرز کو گزرنے والے رک رک کر پڑھتے رہے اور اسلام احمدیت سے متعلق معلومات حاصل کرتے رہے۔

۲۵؍دسمبر بعد دوپہر قافلوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوا اوراگلے دن صبح تک جاری رہا۔

پہلا دن: ۲۶؍دسمبر بروز جمعۃ المبارک جلسہ کے پہلے دن کا آغاز باجماعت نماز تہجد سے ہوا جو مکرم نوید احمد نعیم صاحب نے پڑھائی۔ نماز فجر کے بعد مکرم آدم احمد صاحب نے ’’جلسہ سالانہ کی اہمیت‘‘ کے موضوع پر درس دیا۔

افتتاحی اجلاس: جلسہ سالانہ کا باقاعدہ آغاز صبح ساڑھے نو بجے حسب پروگرام پرچم کشائی کی تقریب سے ہوا۔ لوائے احمدیت حافظ منور احمد قمر صاحب نیشنل صدر و مبلغ انچارج ٹوگو اور ٹوگو کا جھنڈا مکرم آکاریم کریم صاحب نائب صدر نے لہرایا۔ بعدازاں مکرم صدر صاحب نےدعا کروائی۔ اس کے ساتھ ہی جلسہ کے پہلے اجلاس کا آغاز ہوا۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد حضرت مسیح موعودؑ کا منظوم کلام پیش کیا گیا۔ بعد ازاں مکرم نیشنل صدر صاحب نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا جلسہ سالانہ کے موقع پر ارسال فرمودہ خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا۔

اس کے بعد تشریف لانے والی ریجنل اور لوکل سیاسی و سماجی شخصیات کو اظہار خیال کی دعوت دی گئی جنہوں نے جلسہ سالانہ کے انعقاد کے مقاصد کو سراہا اور کہا کہ دنیا کو اسلام کے اس امن کے پیغام کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ بعدازاں صدراجلاس نے افتتاحی تقریر پیش کی اور دعا کروائی جس کے ساتھ پہلے اجلاس کا اختتام ہوا۔

دوپہر ساڑھے بارہ بجے نماز جمعہ و عصر کی ادائیگی کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ براہ راست سنا گیا۔

دوسرا اجلاس: دوسرےاجلاس کی کارروائی کا آغاز سہ پہر ساڑھے تین بجے مکرم آکاریم کریم صاحب نائب صدر جماعت ٹوگو کی زیر صدارت ہوا۔ تلاوت قرآن کریم اورمنظوم کلام حضرت مسیح موعودؑ کے بعد جلسہ سالانہ کے مرکزی موضوع کی مناسبت سے پہلی تقریر مکرم ماما بیلو صاحب معلم سلسلہ ٹوگو نے کی۔ اس کے بعد مکرم دوتی یوسف صاحب معلم سلسلہ نے ’’سچائی کامیابی کی کنجی ہے‘‘ کے موضوع پر تقریر پیش کی۔ اس کے ساتھ دوسرےاجلاس کی کارروائی مکمل ہوئی۔

بعد از نماز مغرب و عشاء مجلس سوال وجواب کا انعقاد ہوا۔ اس کے ساتھ ہی جلسہ کے پہلے دن کے پروگرامز کا اختتام ہوا۔

دوسرا دن:جلسہ کے دوسرے دن کا آغاز بھی با جماعت نماز تہجدسے ہوا۔ بعد از نماز فجر مکرم پاریکی اسماعیل صاحب نے ’’نماز تہجد کی اہمیت‘‘ پر درس دیا۔

تیسرا اجلاس: جلسہ کے تیسر ے اجلاس کی صدارت مکرم یاما سالک صاحب صدر مجلس انصار اللہ ٹوگو نے کی۔ تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد مکرم کریم عبدالامین صاحب معلم سلسلہ نے ’’اسلام کی نشاۃ ثانیہ‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ اس کے بعد اطفال نے حضرت مسیح موعودؑ کا آنحضورﷺ کی شان اقدس میں قصیدہ پیش کیا۔ بعد ازاں مکرم آلیمسو طاہر صاحب معلم سلسلہ نے ’’مالی قربانی کی اہمیت‘‘ اور مکرم سنسامو جمیل صاحب معلم سلسلہ نے ’’والدین کا عزت واحترام‘‘ کے موضوع پر تقاریر کیں۔ اس کے ساتھ ہی تیسرااجلاس برخاست ہوا۔

اجلاس مستورات: جلسہ کے دوسرے دن صبح کے وقت مستورات اپنا الگ اجلاس منعقد کرتی ہیں۔ چنانچہ اس اجلاس میں مستورات کی طرف سے درج ذیل عناوین پر چار تقاریر پیش کی گئیں: پردہ کیوں ضروری ہے، نماز کی اہمیت، والدین کا عزت واحترام اور مالی قربانی کی اہمیت۔

تقریب آمین: بعد از نماز ظہر و عصر نیشنل صدر صاحب کی زیر صدارت نیشنل تقریب آمین منعقد ہوئی۔ صدر صاحب نے ۸؍اطفال و خدام سے قرآن کریم کا کچھ حصہ سنا اور ان میں تحائف تقسیم کيے۔ دعا کے ساتھ اس تقریب کا اختتام ہوا۔

چوتھا اجلاس: کارروائی کاآغاز مکرم ماما بیلو صاحب معلم سلسلہ کی زیر صدارت ہوا۔ تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد ’’عفت و پاک دامنی‘‘ کے موضوع پر مکرم عامر احمد صاحب مبلغ سلسلہ نےتقریر کی جبکہ دوسری تقریرمکرم پالمانگ بخاری صاحب نیشنل سیکرٹری تعلیم نے ’’سوشل میڈیا کا درست استعمال‘‘ کے عنوان پر کی جس کے ساتھ یہ اجلاس برخاست ہوا۔

نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی کےبعد لوکل زبانوں میں جلسہ کی کارروائی کا خلاصہ پیش کیا گیا۔ امسال کوتوکولی، موبا، ایوے اور لامبا زبانوں میں جلسہ کی کارروائی کا خلاصہ پیش کیا گیا۔

تیسرا دن:جلسہ کے تیسرے دن کا آغاز باجماعت نماز تہجد سے ہوا۔ بعد نماز فجر’’سلام کی اہمیت‘‘ کے موضوع پر درس دیا گیا۔

اختتامی اجلاس: اختتامی اجلاس کی کارروائی زیر صدارت مکرم نیشنل صدر صاحب جماعت ٹوگو شروع ہوئی۔ تلاوت قرآن کریم و فرانسیسی ترجمہ کے بعد حضرت مسیح موعودؑ کا منظوم کلام پیش کیا گیا۔ بعدازاں مکرم لامبونی عبدالرزاق صاحب مبلغ سلسلہ نے ’’اطاعت خلافت‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ اس کے بعد صدر اجلاس نے اختتامی تقریر پیش کی اور دعا کروائی۔

جلسہ سالانہ قادیان میں براہ راست شمولیت: حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا جلسہ سالانہ قادیان سے اختتامی خطاب براہ راست سنا گیا۔ اس دوران جلسہ سالانہ ٹوگو کے مناظر بھی ایم ٹی اے کی سکرین پر دکھائے جاتے رہے۔

جلسہ سالانہ قادیان کے اس اجلاس کے ساتھ ہی جلسہ سالانہ ٹوگو کا بھی اختتام ہوا۔ نمازوں کی ادائیگی اوردوپہر کے کھانے کے بعد احباب جماعت جلسہ کی برکات اور حضرت مسیح موعودؑ کی دعاؤں کے وارث بننے کی امید ليے جلسہ گاہ سے رخصت ہوئے۔

میڈیا کوریج:امسال جلسہ سالانہ کی کوریج کے ليے میڈیا نمائندگان کی بڑی تعداد موجود تھی، ان میں نیشنل ٹی ویTVT، نیشنل اخبار ٹوگو پریس، چار آن لائن اخبارات اور ایک لوکل ٹی وی، ریڈیو آنی اے اور دیگر شامل تھے۔ اس کے علاوہ جلسہ سے قبل جماعت کے فیس بک پیج اور دیگر سوشل میڈ یاپلیٹ فارمز سے جلسہ کی تشہیر کی جاتی رہی اور جلسہ کے بعد بھی جاری ہے۔ اس طرح میڈیا کے ذریعے جماعت کا پیغام لاکھوں افراد تک پہنچا۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

حاضری:الحمدللہ، امسال جلسہ سالانہ ٹوگو میں جلسہ کی حاضری ۱۱۲۷؍رہی۔

اللہ تعالیٰ تمام شاملین جلسہ کا حامی و ناصر ہو، سب کو جلسہ سالانہ کی برکات سے مستفید ہونےاور حضرت مسیح موعودؑ کی دعاؤں کا وارث بننے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ:شکیل احمد:نائب صدر اول جماعت احمدیہ ٹوگو)

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکے جلسہ سالانہ ٹوگو ۲۰۲۵ء کے موقع پر بصیرت افروز پیغام کا اردو مفہوم

پیارے احباب جماعت احمدیہ ٹوگو

السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ

مجھے بہت خوشی ہے کہ آپ اپنا پندرھواں جلسہ سالانہ ۲۶، ۲۷ اور ۲۸؍دسمبر ۲۰۲۵ء کو منعقد کر رہے ہیں۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کے جلسہ کو عظیم کامیابی سے نوازے اور تمام شاملین بے شمار برکتیں حاصل کریں۔

جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ جلسہ سالانہ ایک ایسی بابرکت تقریب ہے جسے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے الٰہی راہنمائی کے نتیجے میں قائم فرمایا تھا۔ اس کا واحد مقصد احباب جماعت کا اتحاد اور بھائی چارے کے ساتھ اکٹھے ہونا اور اپنے دینی علم نیز ہمارے مذہب اسلام اور ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کی دی ہوئیں تعلیمات کے متعلق اپنے فہم کو بڑھانا ہے۔

پس جلسہ سالانہ کوئی مادی فوائد حاصل کرنے یا تفریح کی جگہ نہیں بلکہ اس کے روحانی ماحول سے فائدہ اٹھانے اور اپنی اخلاقی اصلاح کی کوشش کرنے کا ایک موقع ہے۔ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے ہمیں یوں یاددہانی فرمائی ہے:’’اس جلسہ کے اغراض میں سے بڑی غرض تو یہ ہے کہ تا ہر ایک مخلص کو بالمواجہ دینی فائدہ اٹھانے کا موقع ملے اور ان کے معلومات وسیع ہوں اور خدا تعالیٰ کے فضل و توفیق سے ان کی معرفت ترقی پذیر ہو۔ پھر اس کے ضمن میں یہ بھی فوائد ہیں کہ اس ملاقات سے تمام بھائیوں کا تعارف بڑھے گا اور اس جماعت کے تعلقات اخوت استحکام پذیر ہوں گے…‘‘(اشتہار ۷؍دسمبر ۱۸۹۲ء، مجموعہ اشتہارات جلد ۱ صفحہ ۳۶۰، ایڈیشن ۲۰۱۹ء)

یہ نہایت ضروری ہے کہ آپ جلسہ کی کارروائی سے بھرپور فائدہ اٹھائیں تاکہ اپنی روحانی اور اخلاقی حالتوں کو بہتر بنا سکیں، نیک اعمال میں ترقی کریں اور اس کے نتیجہ میں اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کرنے والے بنیں۔ یہ جلسہ آپ کے تقویٰ یعنی راستبازی کے معیار کو بڑھانے والا ہونا چاہیے اور آپ کے دلوں میں اللہ تعالیٰ کا حقیقی خوف پیدا کرنے والا ہونا چاہیے۔ درحقیقت آپ کا واحد مقصد اللہ تعالیٰ کی رضا کا حصول ہونا چاہیے۔

آپ صرف اس بات پر مطمئن نہ ہو جائیں کہ آپ نے حضرت مسیح موعود و مہدی موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کو مان لیا ہے بلکہ آپ کو بیعت کی تمام شرائط پر عمل کرنے کی بھرپور کوشش بھی کرنی چاہیے۔ یہ شرائط بیعت آپ کی زندگی کی راہنما ہونی چاہئیں اور اگر آپ اپنے آپ کو ان کے مطابق ڈھالیں اور مسلسل خود احتسابی کرتے ہوئے اپنے روزمرہ کے اعمال و افعال کا جائزہ لیتے رہیں تو ہی آپ بہتر احمدی مسلمان بن سکتے ہیں اور پھر اس کے نتیجہ میں دنیا میں ایک حقیقی روحانی انقلاب پیدا کرسکتے ہیں۔

آپ کو ہمیشہ خلافت احمدیہ کے الٰہی نظام سے وفادار رہنا چاہیے اور خلیفۃ المسیح کے ساتھ قریبی تعلق قائم کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ آپ کو ایم ٹی اے کثرت سے دیکھنا چاہیے اور اپنے اہل خانہ خصوصاً اپنے بچوں کو بھی اس کی تلقین کرتے رہیں۔ بالخصوص میرے خطبات جمعہ اور دیگر تقریبات و مواقع پر میرے خطابات باقاعدگی کے ساتھ سننے چاہئیں۔ اس سے آپ کا خلافت کے ساتھ مستقل تعلق قائم رہے گا اور آپ کے ایمان کو مزید مضبوطی حاصل ہوگی۔

میں نے اپنے خطبات اور خطابات میں افراد جماعت کو مسلسل تبلیغ کے حوالہ سے ہماری ذمہ داری کی طرف توجہ دلائی ہے۔ میں آپ کو دوبارہ یاددہانی کرواتا ہوں کہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے ہمیں اسلام کی سچائی اور اس کے پُرامن پیغام کو دنیا کے ہر کونے تک پہنچانے کی ذمہ داری سونپی ہے۔ پس لوگ قبول کریں یا نہ کریں، ہمیں اپنے اس عزم میں کبھی کمزوری نہیں دکھانی چاہیے کہ اسلام کا حقیقی پیغام دنیا کے ہر ملک میں ہر فرد تک پہنچ جائے۔ یہ وہ عظیم کام ہے جو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے ہمارے سپرد کیا ہے۔

اپنے حالیہ خطبہ جمعہ فرمودہ ۱۲؍دسمبر ۲۰۲۵ء میں مَیں نے تبلیغ کے آداب اور موجودہ دور میں تبلیغ کے صحیح طریق کے متعلق تفصیلی راہنمائی فراہم کی تھی۔ پس ان اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے آپ کو حکمت سے منصوبہ بندی کرنی چاہیے اور مؤثر تبلیغی پروگرام ترتیب دینے چاہئیں اور پھر ٹوگو کے تمام لوگوں تک اسلام احمدیت کا پُرامن پیغام پہنچانے کے لیے انتھک کوشش کرنی چاہیے۔ اس طرح آپ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے مشن کے مقصد کو پورا کرنے والے بن سکیں گے۔ اللہ تعالیٰ آپ کو اس عظیم کام میں ہر قسم کی کامیابی عطا فرمائے۔

آخر پر میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کے جلسہ سالانہ کو عظیم کامیابی سے نوازے اور آپ کو اس قابل بنائے کہ آپ اپنی زندگیوں میں مزید تقویٰ، نیک رویے، اچھے اعمال اور اسلام احمدیت و انسانیت کی خدمت کی جانب حقیقی تبدیلی پیدا کرنے والے ہوں۔ اللہ تعالیٰ آپ سب پر رحم فرمائے۔

مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ فن لینڈ کے وفد کی شہر Huittinen کے میئر سے ملاقات

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button