خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭… امریکی صدر ٹرمپ نے سیکرٹری جنرل نیٹو مارک روٹے سے ملاقات میں یورپی ممالک سے شدید ناراضی کا اظہار کیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ نیٹو نے ایران کے خلا ف جنگ میں مدد نہ کر کے مایوس کیا، ہمارا ساتھ نہیں دیا، برطانیہ، فرانس، جرمنی، سپین اور اٹلی سے مایوس ہوں۔نیٹو کے سیکرٹری جنرل مارک روٹے نے ٹرمپ کو منانے کی کوشش کی، ایران جنگ میں امریکہ کو فوجی اڈوں کے ذریعے مسلسل مدد کرنے کا کہا، صدر ٹرمپ کے کردار کی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف جنگ میں یورپی اتحادی امریکہ کے ساتھ تھے، آپریشن ایپک فیوری میں اٹلی سے ۵۰۰؍ امریکی جنگی جہازوں نے اڑان بھری، رومانیہ نے امریکی افواج کو ہوائی اڈے پر سہولتیں دیں۔انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگوں کی صفائی کے لیے بھی یورپی ممالک اپنے جنگی وسائل پہلے سے تعینات کر رہے ہیں۔
٭…وینزویلا میں آنے والے یکے بعد دیگرے دو طاقتور زلزلوں کے نتیجے میں ۱۶۷؍افراد ہلاک اور ۹۰۰؍ سے زائد زخمی ہو گئے۔دارالحکومت کاراکاس اور ساحلی شہر لا گوئیرا میں بڑے پیمانے پر تباہی کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جس کے بعد ملک میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔ریسکیو ٹیمیں دارالحکومت کاراکاس میں ملبے تلے دبے افراد کی تلاش میں مصروف ہیں اور متعدد مقامات سے امداد کے لیے پکارنے کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔ساحلی شہر لا گوئیرا میں بھی عمارتوں اور بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا ہے۔وینزویلا کی قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگز نے ملک میں زلزلے سے ۱۶۷؍ہلاکتوں کی تصدیق کر دی۔انہوں نے بتایا ہے کہ ۹۷۱؍سے زائد افراد زخمی ہیں۔زلزلے کے جھٹکے کولمبیا اور برازیل کے کچھ حصوں میں بھی محسوس کیے گئے۔ چند سیکنڈز کے فرق سے پہلے ۷.۱؍ اور پھر ۷.۵؍شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا، امریکی جیولوجیکل سروے نے دس ہزار سے زائد اموات کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔




