چولہ بابا نانک رحمۃ اللہ علیہ(قسط ۱۷)
۱۴۱۔گیا خانہ کعبہ کا کرنے طواف
مسلماں بنا پاک دل بے خلاف
طواف tawaaf: گھومنا، چکر لگانا۔ To move in a circle, to revolve
مکہ جانے کا مقصد خانہ کعبہ کا طواف کرنا تھا وہ سچے دل سے بغیر شک اور شبہ کے مسلمان ہو گیا۔
۱۴۲۔لیا اس کو فضل خدا نے اٹھا
ملی دونوں عالم میں عزت کی جا
فضل fazl: اللہ پاک کی اپنی مرضی سے عطا۔ Grace, bounty of God
اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل سے اس کو اعلیٰ درجات عطا فرمائے۔ دین اور دنیا میں عزت و احترام عطا فرمایا
۱۴۳۔اگر تُو بھی چھوڑے یہ ملک ہوا
تجھے بھی یہ رتبہ کرے وہ عطا
ملکِ ہوا mulk-e-hawaa: لالچ اور دنیاوی خواہشات کا علاقہ یعنی دُنیا Material place, world of avarice
اگر تم بھی دنیا اور اس کی لالچ کو چھوڑ کر اللہ پاک کے ہو جاؤ تو تمہیں بھی یہ رتبۂ بلند مل سکتا ہے۔
۱۴۴۔تو رکھتا نہیں ایک دم بھی روا
جو بیوی سے اور بچوں سے ہو جدا
مگر تمہیں تو ایک پل کے لیے بھی بیوی بچوں یعنی دنیاوی تعلقات سے الگ ہونا گوارا نہیں ہے۔
۱۴۵۔مگر وہ تو پھرتا تھا دیوانہ وار
نہ جی کو تھا چین اور نہ دل کو قرار
اس نےدنیا اور اس کی دلچسپیاں سب کچھ چھوڑ دیا تھا اور دیوانوں کی طرح بے چین ہو کرمعبود کی تلاش میں پھرتا تھا، اس کے دل کو کسی طرح سکون اور آرام نہیں ملتا تھا۔
۱۴۶۔ہر اک کہتا تھا دیکھ کر اک نظر
کہ ہے اس کی آنکھوں میں کچھ جلوہ گر
جلوہ گر jalwa gar: ظاہر ہونا، نمو دار ہونا Manifest
جس شخص کی بھی اس پر نظر پڑتی وہ کہتا تھا کہ اس شخص کی آنکھوں میں کوئی خاص بات نظر آتی ہے۔
۱۴۷۔محبت کی تھی سینہ میں اک خلش
لئے پھرتی تھی اس کو دل کی تپش
خلِش khalish: چبھن، کھٹک · رنج، فکر، الجھن، پریشانی Pricking, pain; care, solicitude, anxiety; apprehension
تپِش tapish: گرمی، حرارت، سوزش، تمازت · تڑپ، اضطراب، بیقراری،، بے چینی Heat, warmth, agitation
اس کے سینے میں محبت کی کسک تھی جو اسے چین نہیں لینے دیتی تھی۔ دل کا یہ اضطراب اسے سرگرداں رکھتا۔
۱۴۸۔کبھی شرق میں اور کبھی غرب میں
رہا گھومتا قلق اور کرب میں
شرق sharq: مشرق The East
غرب gharb: مغرب The west
قلق qalq: رنج، کرب، تکلیف، پچھتاواAnxiety, discomfort, sorrow
کرب Karb: غم، اندوہ، رنج، دم رکنے والی بے چینی Anguish
وہ کبھی مشرق کی طرف جاتا کبھی مغرب کی طرف جاتا۔ دل کی بے چینی اور پریشانی میں چین کہیں نہیں تھا۔ کسی کھوج میں دنیا میں ادھر ادھر گھومتا پھرتا
۱۴۹۔پرندے بھی آرام کرلیتے ہیں
مجانیں بھی یہ کام کر لیتے ہیں
مجانیں majaneeN: (مجنوں کی جمع) دیوانے Insane, mad people
پرندے بھی تھک کر آرام کرلیتے ہیں۔ مجنوں دیوانے بھی کسی پل لیٹ کر سو جاتے ہیں مگراسے کسی وقت آرام نہیں تھا۔ اس کا چین تو محبوب کی تلاش اور اسے پالینے میں تھا۔
۱۵۰۔مگر وہ تو اک دم نہ کرتا قرار
ادا کر دیا عشق کا کاروبار
قرارqaraar: چین، سکون Rast
کاروبارkaarobaar: کام، معاملہ Work, functions, responsibilities
اسے کسی وقت بھی سکون نہیں ملتا تھا۔ عشق میں ایسے ہی ہوتا ہے اس نے عشق کا حق ادا کردیا۔
۱۵۱۔کسی نے یہ پوچھی تھی عاشق سے بات
وہ نسخہ بتا جس سے جاگےتو رات
نسخہ nuskha: تجویز کردہ دوا، علاج Remedy, prescription, recipe
کسی نےعاشق سے پوچھا کہ تم کون سی دوا کھاتے ہو کیا ترکیب ہے جس سے ساری رات جاگ لیتے ہو۔
۱۵۲۔کہا نیند کی ہے دوا سوز و درد
کہاں نیند جب غم کرے چہرہ زرد
سوز soz: جلن، تپش، آگ Anguish, heart burning grief
اس نے جواب دیا کہ نیند کی دوا پوچھتے ہو ؟ جس کے دل میں محبت کی آگ لگی ہو۔ محبوب کی جدائی کے درد میں مبتلا رہتا ہو جب دل کا درد چہرے کو بھی زرد کردے تو اس کو نیند کہاں آئے گی۔
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: چولہ بابا نانک رحمۃ اللہ علیہ (قسط ۱۶)




